FavoriteLoadingپسندیدہ کتابوں میں شامل کریں

 

عرفان ستار کے منتخب اشعار ۔۔۔انتخاب: افزا خالد

 

                انتخاب:  افزا خالد

 

 

 

’تکرارِ ساعت‘ سے انتخاب

 

بکھرا ہُوا ہوں شہرِ  طلب میں اِدھر اُدھر

اب تیری جستجو کو میّسر نہیں ہوں میں

 

گردش میں ہے زمین بھی، ہفت آسمان بھی

تُو مجھ پہ غور کر کہ مکرّر نہیں ہوں میں

 

تُو جب طلب کرے گا مجھے بہر ِ  التفات

اُس دن خبر ملے گی کہ در پر نہیں ہوں میں

 

دیکھتی ہے جونہی پسپائی پہ آمادہ مجھے

روح کہتی ہے بدن سے، بے ہنر، میں بھی تو ہوں

 

کوزہ گر بے صورتی سیراب ہونے کی نہیں

اب مجھے بھی شکل دے اِس چاک پر میں بھی تو ہوں

 

یوں صدا دیتا ہے اکثر کوئی مجھ میں سے مجھے

تجھ کو خوش رکھے خدا یونہی، مگر میں بھی تو ہوں

 

سب اپنے اپنے طریقے ہیں خود نمائی کے

قبائے عجز بھی کیا فخر کی کلاہ بھی کیا

 

کوئی ٹھہر کے نہ دیکھے میں وہ تماشا ہوں

بس اک نگاہ رکی تھی، سو وہ نگاہ بھی کیا

 

خود سے غافل بہت دیر ہم رہ چکے، اب ہمیں کچھ ہماری خبر چاہئیے

چشمِ  رمز آشنا، قلبِ  عقدہ کشا، اک ذرا سی توجّہ اِدھر چاہئیے

 

لفظ کافی نہیں ہیں سفر کے لیے، اس دیار ِ  سخن میں گزر کے لیے

آگہی چاہئیے، عاجزی چاہئیے، دردِ  دل چاہئیے، چشم ِ  تر چاہئیے

 

جنھیں روشنی کا لحاظ تھا، جنھیں اپنے خواب پہ ناز تھا

میں انہی کی صف میں جلا کیا، میں اُسی قطار میں بجھ گیا

 

ترے خیال کی صورت گری کا شوق لیے

میں خواب ہو تو گیا ہوں، اب اور کیا ہو جاؤں ؟

 

ایک منزل ہے جو امکان سے باہر ہے کہیں

کیا مسافت ہے کہ بس گردِ  سفر کھینچتی ہے

 

کھینچ رہی تھی کوئی شے، ہم کو ہر ایک سمت سے

گردشِ  بے مدار میں، عمر گزار دی گئی

 

یہ کیا کہ ہم رکاب رہے خاکِ  رہگزر

کس کام کا جنوں جو قدم دشت بھر نہ ہو

 

کار ِ  دنیا کے سِوا کچھ بھی مرے بس میں نہیں

میری ساری کامیابی بے بسی کا جبر ہے

 

کون بنتا ہے کسی کی خودستائی کا سبب

عکس تو بس آئینے پر روشنی کا جبر ہے

 

یہ بے سبب نہیں سودا خلا نوردی کا

مسافرانِ  عدم رہگزر کو دیکھتے ہیں

 

وہ جس طرف ہو نظر اُس طرف نہیں اٹھتی

وہ جا چکے تو مسلسل اُدھر کو دیکھتے ہیں

 

جو ہم پہ ایسا نہ کار ِ  دنیا کا جبر ہوتا

تو ہم بھی رہتے یہاں جنوں اختیار کر کے

 

یہ اب کھلا ہے کہ اُس میں موتی بھی ڈھونڈنے تھے

کہ ہم تو بس آ گئے ہیں دریا کو پار کر کے

 

بقدر ِ  خوابِ  طلب لہو ہے نہ زندگی ہے

ادا کرو گے کہاں سے اتنا اُدھار کر کے ؟

 

عرصۂ  خواب سے وقتِ  موجود کے راستے میں گنوا دی گئی گفتگو

ایک اصرار کی بے بسی رہ گئی ایک انکار کا بانکپن رہ گیا

 

میری غزل میں ہے کسی لہجے کی بازگشت

اک یار ِ  خوش کلام و طرح دار مجھ میں ہے

 

حدا ہے کہ تُو بھی میری اذیّت نہ پڑھ سکا

شاید کوئی بلا کا اداکار مجھ میں ہے

 

بہت بے اعتباری سے گزر کر دل ملے ہیں

بہت دن تک تکلّف درمیاں باقی رہے گا

 

ہمارے پاس جب تک درد کی دھڑکن رہے گی

ترے پہلو میں ہونے کا گماں باقی رہے گا

 

جب نہ تھا یہ بیابانِ  دیوار و در، جب نہ تھی یہ سیاہی بھری رہگزر

کیسے کرتے تھے ہم گفتگو رات بھر، کیسے سنتا تھا یہ آسماں یا اخی

 

ہاں کہا تھا یہ ہم نے بچھڑتے ہوئے، لوٹ آئیں گے ہم عمر ڈھلتے ہوئے

ہم نے سوچا بھی تھا واپسی کا مگر، پھر یہ سوچا کہ تُو اب کہاں یا اخی

 

تُو ہمیں دیکھ آ کر سر ِ  انجمن، یوں سمجھ لے کہ ہیں جانِ  بزم ِ  سخن

اک تو روداد دلچسپ ہے اس قدر، اور اُس پر ہمارا بیاں یا اخی

 

جو رات گزاری تھی مرے ہجر میں تُو نے

اُس رات بہت دیر ترے ساتھ رہا میں

 

نظر دھندلا رہی ہے یا مناظر بجھ رہے ہیں

اندھیرا بڑھ گیا یا روشنی کم ہو گئی ہے

 

خموشی کو جنوں سے دست برداری نہ سمجھو

تجسّس بڑھ گیا ہے سرکشی کم ہو گئی ہے

 

ترا ہونا تو ہے بس ایک صورت کا اضافہ

ترے ہونے سے کیا تیری کمی کم ہو گئی ہے ؟

 

میں جہاں پاؤں رکھوں واں سے بگولا اٹھے

ریگِ  صحرا مری وحشت کے برابر ہو جا

 

اے مرے حرفِ  سخن تُو مجھے حیراں کر دے

تُو کسی دن مری امّید سے بڑھ کر ہو جا

 

اتنے برسوں بعد بھی دونوں کیسے ٹوٹ کے ملتے ہیں

تُو ہے کتنا سادہ دل اور ہم کتنے پیچیدہ ہیں

 

اِس بستی میں ایک سڑک ہے جس سے ہم کو نفرت ہے

اُس کے نیچے پگڈنڈی ہے جس کے ہم گرویدہ ہیں

 

بہت آسودگی سے روز و شب کٹنے لگے ہیں

مجھے معلوم ہے مجھ کو گنوایا جا رہا ہے

 

بدن کس طور شامل تھا مرے کار ِ  جنوں میں

مرے دھوکے میں اِس کو کیوں مٹایا جا رہا ہے

 

خرد کی سادگی دیکھو کہ ظاہر حالتوں سے

مری وحشت کا اندازہ لگایا جا رہا ہے

 

ابھی اے بادِ  وحشت اِس طرف کا رخ نہ کرنا

یہاں مجھ کو بکھرنے سے بچایا جا رہا ہے

 

کہیں تو جا کے سمٹے گا ترا کار ِ  جہاں بانی

کبھی تُو بھی تو دیکھے گا کہ ویرانی کہاں تک ہے ؟

 

رفوگر، میں تو شہر ِ  عشق سے باہر نہیں جاتا

میں کیا جانوں کہ رسم ِ  چاک دامانی کہاں تک ہے ؟

 

چھلک رہی ہے جو دل میں وہ تشنگی ہی نہ ہو

وہ شے جو دل میں فراواں ہے بے دلی ہی نہ ہو

 

گزر رہا ہے تُو کس سے گریز کرتا ہُوا

ٹھہر کے دیکھ لے اے دل کہیں خوشی ہی نہ ہو

 

بے رونقی سے کوچہ و بازار بھر گئے

آوارگانِ  شہر کہاں جا کے مر گئے

 

جس دن سے روزگار کو سب کچھ سمجھ لیا

راتیں خراب ہو گئیں اور دن سنور گئے

 

ایک ملال تو ہونے کا ہے، ایک نہ ہونے کا دکھ ہے

شہرِ  وجود سے بابِ  عدم تک، ایک سا ہُو کا عالم ہے

 

تعلق کو نبھانے کے بہت دکھ سہہ چکے ہم

سو باقی عمر اپنے ساتھ رہنا چاہتے ہیں

 

تکمیل تو زوال کا پہلا پڑاؤ ہے

خود کو اسی سبب سے مکمل نہیں کیا

 

بے رنگ ترے در سے، کب خاک بسر اٹھے

یا پیرہنِ  گل میں، یا خون میں تر اٹھے

 

چلے آئے ہیں آنکھوں میں کسی کا عکس پا کر

یہ آنسو آج پھر کوئی تماشا چاہتے ہیں

 

ہمیں بھی سودا کہاں تھا ایسا جو اپنے دل میں ملال رکھتے

اگر تُو اپنا خیال رکھتا تو ہم بھی اپنا خیال رکھتے

 

اپنی ویرانی کا سارا رنج بھلا کر صحرا نے

میری دل جوئی کی خاطر خاک اڑا کر رقص کیا

 

رات گئے جب سنّاٹا سرگرم ہُوا تنہائی میں

دل کی ویرانی نے دل سے باہر آ کر رقص کیا

 

ملے گا کیا تجھے اے دل یہ تجربہ کر کے

ابھی تو زخم بھرے ہیں خدا خدا کر کے

 

ہمیں بھی روز جگاتی تھی آکے ایک مہک

چمن میں کوئی ہمارا بھی تھا، صبا کر کے

 

اداس تھے سو ترے در پہ آ کے بیٹھ گئے

فقیر ہیں سو چلے جائیں گے صدا کر کے

 

ابھی ہوئی ہے پلک سے پلک ذرا مانوس

ابھی نہ جا مجھے اس خواب سے رہا کر کے

 

کوئی نغمہ بُنو، چاندنی نے کہا، چاندنی کے لیے ایک تازہ غزل

کوئی تازہ غزل، پھر کسی نے کہا، پھر کسی کے لیے ایک تازہ غزل

 

اپنی تنہائی میں رات میں تھا مگن، ایک آہٹ ہوئی دھیان میں دفعتاً

مجھ سے باتیں کرو، خامشی نے کہا، خامشی کے لیے ایک تازہ غزل

 

وہ شہرِ  ہجر عجب شہرِ  پُر تحیّر تھا

بہت دنوں میں تو آیا ترا خیال مجھے

 

یہاں تو حبس بہت ہے سو گرد بادِ  جنوں

مدارِ  وقت سے باہر کہیں اچھال مجھے

 

پھر اُس کے بعد نہ تُو ہے، نہ یہ چراغ، نہ میں

سحر کی پہلی کرن تک ذرا سنبھال مجھے

 

ٹھیک ہے میرا ہونا تیرے ہونے سے مشروط نہیں

لیکن اتنا یاد رہے میں ایک ملال میں زندہ ہوں

 

کتنی جلدی سمٹا ہوں میں وسعت کی اُس ہیبت سے

کل تک عشق میں زندہ تھا میں آج وصال میں زندہ ہوں

 

کہیں سے نقش بجھ گئے کہیں سے رنگ اڑ گئے

یہ دل ترے خیال کو سنبھال کیوں نہیں رہا

 

بہارِ  جاں سے تجھے باریاب کر دیں گے

نظر اٹھائیں گے چہرہ گلاب کر دیں گے

 

جاگتے ہیں تری یاد میں رات بھر، ایک سنسان گھر، چاندنی، اور میں

بولتا کوئی کچھ بھی نہیں ہے مگر، ایک زنجیرِ  در، خامشی، اور میں

 

لمحہ لمحہ اُجڑتا ہُوا شہرِ  جاں، لحظہ لحظہ ہوئے جا رہے ہیں دھواں

پھول، پتّے، شجر، منتظر چشمِ تر، رات کا یہ پہر، روشنی، اور میں

 

کس مسافت میں ہوں دیکھ میرے خدا، ایسی حالت میں تُو میری ہمت بندھا

یہ کڑی رہگزر، رائیگانی کا ڈر، مضمحل بال و پر، بے بسی، اور میں

 

زنجیر کوئی لا مری وحشت کے برابر

اک تیرے کہے سے تو ٹھہرنے کا نہیں میں

 

اب چشم ِ  تماشا کو جھپکنے نہیں دینا

اس بار جو ڈوبا تو ابھرنے کا نہیں میں

 

کیوں مملکتِ  عشق سے بے دخل کیا تھا

اب مسندِ  غم سے تو اترنے کا نہیں میں

 

ہر شکل ہے مجھ میں مری صورت کے علاوہ

اب اس سے زیادہ تو نکھرنے کا نہیں میں

 

ایک مدت میں جا کے مجھ پہ کھلا

چاند حسرت زدہ نہیں، میں ہوں

 

میں ہی عجلت میں آ گیا ہوں اِدھر

یہ زمانہ نیا نہیں، میں ہوں

 

سرسری کیوں گزارتا ہے مجھے

یہ مرا ماجرا نہیں، میں ہوں

 

یہ کسے دیکھتا ہے مجھ سے اُدھر

تیرے آگے خلا نہیں، میں ہوں

 

گاہے گاہے سخن ضروری ہے

سامنے آئینہ نہیں، میں ہوں

 

تری تمام ریا کاریوں سے واقف ہوں

یقین کر کہ بڑا لطف اس نباہ میں ہے

 

سپردگی مری فطرت کے ہے خلاف مگر

یہ انکسار ترے غم کی بارگاہ میں ہے

 

ترے لیے بھی کوئی فیصلہ میں کر لوں گا

ابھی تو شوق تمنّا کی سیرگاہ میں ہے

 

مرے خوابوں سے اوجھل اُس کا چہرہ ہو گیا ہے

میں ایسا چاہتا کب تھا، پر ایسا ہو گیا ہے

 

تعلق اب یہاں کم ہے، ملاقاتیں زیادہ

ہجوم ِ  شہر میں ہر شخص تنہا ہو گیا ہے

 

تری تکمیل کی خواہش تو پوری ہو نہ پائی

مگر اک شخص مجھ میں بھی ادھورا ہو گیا ہے

 

میں سمجھا تھا سئیے گی آگہی چاکِ  جنوں کو

مگر یہ زخم تو پہلے سے گہرا ہو گیا ہے

 

میں تجھ سے ساتھ بھی تو عُمر بھر کا چاہتا تھا

سو اب تجھ سے گلہ بھی عمر بھر کا ہو گیا ہے

 

ترے آنے سے آیا کون سا ایسا تغیّر؟

فقط ترکِ  مراسم کا مداوا ہو گیا ہے

 

یہ بے چینی ہمیشہ سے مری فطرت ہے لیکن

بقدرِ  عُمر اس میں کچھ اضافہ ہو گیا ہے

 

مجھے ہر صبح یاد آتی ہے بچپن کی وہ آواز

چلو عرفان، اٹھ جاؤ، سویرا ہو گیا ہے

 

وہ اک روزن قفس کا جس میں کرنیں ناچتی تھیں

مری نظریں اُسی پر تھیں، رہا ہوتے ہوئے بھی

 

مجھے تُو نے بدن سمجھا ہُوا تھا، ورنہ میں تو

تری آغوش میں اکثر نہ تھا، ہوتے ہوئے بھی

 

اگر تیرے لیے دنیا بقا کا سلسلہ ہے

تو پھر تُو دیکھ لے مجھ کو فنا ہوتے ہوئے بھی

 

مسلسل قُرب نے کیسا بدل ڈالا ہے تجھ کو

وہی لہجہ، وہی ناز و ادا ہوتے ہوئے بھی

 

وہ غم جس سے کبھی میں اور تم یکجا ہوئے تھے

بس اُس جیسا ہی اک غم ہے جُدا ہوتے ہوئے بھی

 

ہمیں تمہاری طرف روز کھینچ لاتی تھی

وہ ایک بات جو تم نے کبھی کہی بھی نہیں

 

کرم کیا کہ رکے تم نگاہ بھر کے لیے

نظر کو اس سے زیادہ کی تاب تھی بھی نہیں

 

وہ ایک پل ہی سہی جس میں تم میّسر ہو

اُس ایک پل سے زیادہ تو زندگی بھی نہیں

 

یونہی بے یقیں یونہی بے نشاں، مری آدھی عُمر گزر گئی

کہیں ہو نہ جاؤں میں رائگاں، مری آدھی عُمر گزر گئی

 

کبھی مجھ کو فکرِ  معاش ہے، کبھی آپ اپنی تلاش ہے

کوئی گُر بتا مرے نکتہ داں، مری آدھی عُمر گزر گئی

 

کبھی ذکر ِ  حرمتِ  حرف میں، کبھی فکر ِ  آمد و صرف  میں

یونہی رزق و عشق کے درمیاں، مری آدھی عُمر گزر گئی

 

کہاں کائنات میں گھر کروں، میں یہ جان لوں تو سفر کروں

اِسی سوچ میں تھا کہ ناگہاں، مری آدھی عُمر گزر گئی

 

پوچھتا ہے یہ ہر اک خار سر ِ  دشتِ  جنوں

آنے والا بھی کوئی آبلہ پا ہے کہ نہیں

 

میں تو وارفتگیِ  شوق میں جاتا ہوں اُدھر

نہیں معلوم وہ آغوش بھی وا ہے کہ نہیں

 

جانے کیا رنگ چمن کا ہے دمِ  صبحِ  فراق

گُل کِھلے ہیں کہ نہیں، بادِ  صبا ہے کہ نہیں

 

رازِ  ہستی سے جو پردہ نہیں اٹھتا، نہ اٹھے

آپ کیوں اپنے تجسّس کا زیاں چاہتے ہیں

 

شام ہوتے ہی درِ  دل پہ لگاتے ہیں صدا

آبلہ پا ہیں، اکیلے ہیں، اماں چاہتے ہیں

 

دشت ِ  فرقت کی اِس تشنگی تک نہیں، آزمائش فقط ہجر ہی تک نہیں

اِ سے سے آگے تمنّا کے اظہار کا، ایک دشوار تر مرحلہ بھی تو ہے

 

حسن تیرا بہت جاں فزا ہی سہی، روح پرور سہی، خوش ادا ہی سہی

سن مگر دل رُبا، تیرا نغمہ سرا، دیکھتا ہی نہیں، سوچتا بھی تو ہے

 

کس قدر خوش نفس، کس قدر خوش ادا، یاد کے پھول کھلتے ہوئے جا بجا

عشق کی راہ میں رنج بھی ہیں تو کیا، عشق کے دم سے ایسی فضا بھی تو ہے

 

وہ نہیں تو سخن کی ضرورت نہیں، مجھ کو سب سے تکلّم کی عادت نہیں

ہجر سے کچھ سِوا ہے مرا واقعہ، حرف کی موت کا سانحہ بھی تو ہے

 

نجانے رشک سے، غصے سے، غم سے یا رقابت سے

یہ کس انداز میں تکتا ہے تیرا آئینہ مجھ کو

 

کھلے تو سب زمانوں کے خزانے ہاتھ آ جائیں

در ِ اقلیم صد عالم ہے وہ بندِ قبا مجھ کو

 

گماں میں بھی گماں لگتی ہے اب تو زندگی میری

نظر آتا ہے اب وہ خواب میں بھی خواب سا مجھ کو

 

کثافت بار پا سکتی نہیں ایسی لطافت میں

کرم اس کا کہ بخشا دل کے بدلے آئینہ مجھ کو

 

صبا میری قدم بوسی سے پہلے گل نہ دیکھے گی

اگر وحشت نے کچھ دن باغ میں رہنے دیا مجھ کو

 

بتاتا ہے مجھے آئینہ کیسی بے رخی سے

کہ میں محروم ہوتا جا رہا ہوں روشنی سے

 

تعلق کی یہی صورت رہے گی کیا ہمیشہ

میں اب اکتا چکا ہوں تیری اس وارفتگی سے

 

کوئی خوش فکر سا تازہ سخن بھی درمیاں رکھ

کہاں تک دل کو بہلاؤں میں تیری دل کشی سے

 

کرم تیرا کہ یہ مہلت مجھے کچھ دن کی بخشی

مگر میں تجھ سے رخصت چاہتا ہوں آج ہی سے

 

تخیّل اور ہے، نادیدہ بینی اور ہوتی ہے

یہ تنہائی ہے بس، خلوت نشینی اور ہوتی ہے

 

نہیں مشروط کار ِ  عاشقاں ترکِ سکونت سے

میاں، اہلِ  جنوں کی نامکینی اور ہوتی ہے

 

عجیب شرط ہے اس بے یقیں مزاج کی بھی

کہ تُو بھی پاس ہو، تیرا گماں بھی زندہ رہے

 

تجھے یہ ضد ہے مگر اس طرح نہیں ہوتا

کہ تُو بھی زندہ رہے داستاں بھی زندہ رہے

 

عدم میں جو بھی نہیں تھا وہ سب وجود میں تھا

یہ ہم ہی تھے جو کہیں درمیاں بھی زندہ رہے

 

ایک امکان میں روپوش تھا سارا عالم

میں بھی اُس گردِ  تحیّر میں نہاں تھا پہلے

 

اُس نے مجھ سا کبھی ہونے نہ دیا تھا مجھ کو

کیا تغّیر مری جانب نگراں تھا پہلے

 

کون مانے گا کہ مجھ ایسا سراپا تسلیم

سربرآوردۂ  آشفتہ سراں تھا پہلے

 

کون یہ لوگ ہیں ناواقفِ آداب و لحاظ

تیرا کوچہ تو رہِ  دل زدگاں تھا پہلے

 

اب کہیں جا کے یہ گیرائی ہوئی ہے پیدا

تجھ سے ملنا تو توجّہ کا زیاں تھا پہلے

 

میں نے جیسے تجھے پایا ہے وہ میں جانتا ہوں

اب جو تُو ہے یہ فقط میرا گماں تھا پہلے

 

دل ترا راز کسی سے نہیں کہنے دیتا

ورنہ خود سے یہ تعلق بھی کہاں تھا پہلے

 

میری کم مائیگی کو ترے ذوق نے، دولتِ  حرفِ  تازہ بیاں سونپ دی

میں کہ ٹھہرا گدائے دیار ِ  سخن، مجھ کو یہ ذمّہ داری کہاں سونپ دی

 

قاصدِ  شہر ِ  دل نے مرے خیمۂ خواب میں آ کے مجھ سے کہا جاگ جا

بادشاہِ  جنوں نے تجھے آج سے لشکر ِ  اہلِ  غم کی کماں سونپ دی

 

احتیاطِ  نظر اور وضعِ  خرد کے تقاضوں کی تفصیل رہنے ہی دے

یہ مجھے بھی خبر ہے کہ میں نے تجھے اپنی وارفتگی رائگاں سونپ دی

 

اپنے ذوقِ  نظر سے تری چشم ِ  حیراں کو تازہ بہ تازہ مناظر دئیے

تیرے پہلو میں دھڑکن جگانے کی خاطر ترے جسم کو اپنی جاں سونپ دی

 

راز داری کی مہلت زیادہ نہ ملنے پہ احباب سب مجھ سے ناراض ہیں

قصہ گو مجھ سے خوش ہیں کہ میں نے انھیں ایک پُر ماجرا داستاں سونپ دی

 

مجھ میں میرے سِوا کوئی تھا جو ہوس کے تقاضے نبھانے پہ مائل بھی تھا

میں نے بھی تنگ آ کر اُسی شخص کو ناز برداریِ  دلبراں سونپ دی

 

ایک امکان کیا گنگنایا مرے چند اشعار میں، حرفِ  اظہار میں

میں یہ سمجھا خدائے سخن نے مجھے مسندِ بزمِ  آئندگاں سونپ دی

 

یہاں تکرار ساعت کے سوا کیا رہ گیا ہے

مسلسل ایک حالت کے سوا کیا رہ گیا ہے

 

تمہیں فرصت ہو دنیا سے، تو ہم سے آ کے ملنا

ہمارے پاس فرصت کے سوا کیا رہ گیا ہے

 

ہمارا عشق بھی اب ماند ہے، جیسے کہ تم ہو

تو یہ سودا رعایت کے سوا کیا رہ گیا ہے

 

بہت ممکن ہے کچھ دن میں اسے ہم ترک کر دیں

تمہارا قرب عادت کے سوا کیا رہ گیا ہے

 

کسی آہٹ میں آہٹ کے سوا کچھ بھی نہیں اب

کسی صورت میں صورت کے سوا کیا رہ گیا ہے

 

ہمارے درمیاں ساری ہی باتیں ہو چکی ہیں

سو اب ان کی وضاحت کے سوا کیا رہ گیا ہے

 

بجا کہتے ہو تم، ہونی تو ہو کر ہی رہے گی

تو ہونے کو قیامت کے سوا کیا رہ گیا ہے

 

شمار و بے شماری کے تردد سے گزر کر

مآل عشق، وحدت کے سوا کیا رہ گیا ہے

 

تکرارِ  ساعت کے بعد کی غزلوں سے انتخاب

 

 

مجھے صحرا سے مت تشبیہ دینا

مری وحشت کی کوئی انتہا نئیں

 

محبت میں بدن شامل نہ ہوتا

یہ ہم بھی چاہتے تھے، پر ہوا نئیں

 

ہماری خواہشوں میں کوئ خواہش

رہینِ  بخششِ  بندِ  قبا نئیں

 

نہ ہو اداس، زمیں شق نہیں ہوئی ہے ابھی

خوشی سے جھوم، ابھی سر پہ آسماں ہے یہاں

 

نہ رنج کر، کہ یہاں رفتنی ہیں سارے ملال

نہ کر ملال، کہ ہر رنج رائیگاں ہے یہاں

 

ہم اور وصل کی ساعت کا انتظار کریں ؟

مگر وجود کی دیوار درمیاں ہے یہاں

 

وہ جس کے پیچ و خم میں داستاں لپٹی ہوئی تھی

کہانی میں کہیں وہ ماجرا گُم ہو گیا ہے

 

ذرا اہلِ  جُنوں آؤ، ہمیں رستہ سُجھاؤ

یہاں ہم عقل والوں کا خدا گُم ہو گیا ہے

 

مجھے دکھ ہے، کہ زخم و رنج کے اِس جمگھٹے میں

تمہارا اور میرا واقعہ گُم ہو گیا ہے

 

یہ شدّت درد کی اُس کے نہ ہونے سے نہ ہوتی

یقیناً اور کچھ اُس کے سِوا گُم ہو گیا ہے

 

وہ جس کو کھینچنے سے ذات کی پرتیں کھُلیں گی

ہماری زندگی کا وہ سِرا گُم ہو گیا ہے

 

ترے جمال سے ہم رُو نما نہیں ہوئے ہیں

چمک رہے ہیں، مگر آئینہ نہیں ہوئے ہیں

 

دھڑک رہا ہے تو اک اِسم کی ہے یہ برَ کت

وگرنہ واقعے اِس دل میں کیا نہیں ہوئے ہیں

 

ترا کمال، کہ آنکھوں میں کچھ، زبان پہ کچھ

ہمیں تو معجزے ایسے عطا نہیں ہوئے ہیں

 

یہ مت سمجھ، کہ کوئی تجھ سے منحرف ہی نہیں

ابھی ہم اہلِ  جُنوں لب کُشا نہیں ہوئے ہیں

 

بنامِ  ذوقِ  سخن خود نمائی آپ کریں

ہم اِس مرض میں ابھی مبتلا نہیں ہوئے ہیں

 

ہمی وہ، جن کا سفر ماورائے وقت و وجود

ہمی وہ، خود سے کبھی جو رہا نہیں ہوئے ہیں

 

خود آگہی بھی کھڑی مانگتی ہے اپنا حساب

جُنوں کے قرض بھی اب تک ادا نہیں ہوئے ہیں

 

کسی نے دل جو دکھایا کبھی، تو ہم عرفان

اُداس ہو گئے، لیکن خفا نہیں ہوئے ہیں

 

بادشاہوں کے قصوں میں یا راہبوں کے فقیروں کے احوال میں دیکھ لو، وقت سا بے غرض کوئی تھا، اور نہ ہے، اور نہ ہو گا کبھی

تم کہاں کس تگ و دو میں ہو وقت کو اِس سے کیا، یہ تو وہ ہے جہاں حکم آیا کہ اب ختم ہونا ہے، یہ بس وہاں ختم ہو جائے گا

 

کوئی ملا، تو کسی اور کی کمی ہوئی ہے

سو دل نے بے طلبی اختیار کی ہوئی ہے

 

جہاں سے دل کی طرف زندگی اُترتی تھی

نگاہ اب بھی اُسی بام پر جمی ہوئی ہے

 

تم آ گئے ہو، تو اب آئینہ بھی دیکھیں گے

ابھی ابھی تو نگاہوں میں روشنی ہوئی ہے

 

نہیں نہیں، میں بہت خوش رہا ہوں تیرے بغیر

یقین کر کہ یہ حالت ابھی ابھی ہوئی ہے

 

ہم اپنے ہجر میں تیرا وصال دیکھتے ہیں

یہی خوشی کی ہے ساعت، یہی ملال کی ہے

 

گزشتہ رات کئی بار دل نے ہم سے کہا

کہ ہو نہ ہو یہ گھٹن آخری ملال کی ہے

 

رگوں میں چیختا پھرتا ہے ایک سیلِ  جنوں

اگرچہ لہجے میں شائستگی ملال کی ہے

 

دعا کرو کہ رہے درمیاں یہ بے سخنی

کہ گفتگو میں تو بے پردگی ملال کی ہے

 

زندگی، ہم سے ہی روشن ہے یہ آئینہ ترا

ہم جو مشاطۂ وحشت کے سنوارے ہوئے ہیں

 

حوصلہ دینے جو آتے ہیں، بتائیں انھیں کیا؟

ہم تو ہمت ہی نہیں، خواب بھی ہارے ہوئے ہیں

 

بڑھ کے آغوش میں بھر لے ہمیں اے رُوحِ  وصال

آج ہم پیرہنِ  خاک اُتارے ہوئے ہیں

 

حرمتِ  حرف نہیں ہے سو یہ ارزانی ہے

ورنہ وہ دن بھی تھے جب خوابِ  گراں تھے ہم بھی

 

وقت کا جبر ہی ایسا ہے کہ خاموش ہیں اب

ورنہ تردیدِ  صفِ  کجکلہاں تھے ہم بھی

 

تُو بھی کس کس کے لیے گوش بر آواز رہا

ہم کو سنتا تو سہی، نغمۂ جاں تھے ہم بھی

 

ہم نہیں ہیں، تو یہاں کس نے یہ محسوس کیا؟

ہم یہاں تھے بھی تو ایسے، کہ یہاں تھے ہم بھی

 

یہ شہرِ  کم نظراں، یہ دیارِ  بے ہنراں

کسے یہ اپنے ہنر کا گواہ میں نے کیا

 

خرد نے دل سے کہا، تُو جنوں صفت ہی سہی

نہ پوچھ اُس کی کہ جس کو تباہ میں نے کیا

 

تیری صورت میں تجھے ڈھونڈ رہا ہوں میں بھی

غالباً تُو بھی مجھے ڈھونڈ رہا ہے مجھ میں

 

اپنی سانسوں کی کثافت سے گماں ہوتا ہے

کوئی امکان ابھی خاک ہُوا ہے مجھ میں

 

تیرے جانے سے یہاں کچھ نہیں بدلا، مثلاً

تیرا بخشا ہوا ہر زخم ہرا ہے مجھ میں

 

کتنی صدیوں سے اُسے ڈھونڈ رہے ہو بے سُود

آؤ اب میری طرف آؤ، خدا ہے مجھ میں

 

روشنی ایسے دھڑکتے تو نہ دیکھی تھی کبھی

یہ جو رہ رہ کے چمکتا ہے، یہ کیا ہے مجھ میں ؟

 

گلہ کریں بھی تو کس سے وہ نامرادِ  جنوں

جو خود زوال کی جانب بڑی خوشی سے گئے

 

سنا ہے اہلِ  خرد کا ہے دور ِ  آئندہ

یہ بات ہے تو سمجھ لو کہ ہم ابھی سے گئے

 

خدا کرے نہ کبھی مل سکے دوام ِ  وصال

جئیں گے خاک اگر تیرے خواب ہی سے گئے

 

مقام کس کا کہاں ہے، بلند کس سے ہے کون؟

میاں یہ فکر کرو گے تو شاعری سے گئے

 

ہر ایک در پہ جبیں ٹیکتے یہ سجدہ گزار

خدا کی کھوج میں نکلے تھے اور خودی سے گئے

 

نہ پوچھئے کہ وہ کس کرب سے گزرتے ہیں

جو آگہی کے سبب عیشِ  بندگی سے گئے

 

ہو کر وداع سب سے، سبک بار ہو کے رہ

جانا ہے کب خبر نہیں، تیّار ہو کے رہ

 

یہ لمحہ بھر بھی دھیان ہٹانے کی جا نہیں

دنیا ہے تیری تاک میں، ہشیار ہو کے رہ

 

خطرہ شبِ  وجود کو مہر ِ  عدم سے ہے

سب بے خبر ہیں، تُو ہی خبردار ہو کے رہ

 

کس انگ سے وہ لمس کُھلے گا، کسے خبر

تُو بس ہمہ وجود طلبگار ہو کے رہ

 

وہ زمزمے تھے بزم ِ  گماں کے، سو اب کہاں

یہ مجلسِ  یقیں ہے، عزا دار ہو کے رہ

 

اندر کی اونچ نیچ کو اخفا میں رکھ میاں

احوالِ  ظاہری میں تو ہموار ہو کے رہ

 

لوگوں پہ اپنا آپ سہولت سے وا نہ کر

عرفان، میری مان لے، دشوار ہو کے رہ

 

پوچھتے کیا ہو دل کی حالت کا؟

درد ہے، درد بھی قیامت کا

 

یار، نشتر تو سب کے ہاتھ میں ہے

کوئی ماہر بھی ہے جراحت کا؟

 

اک نظر کیا اٹھی، کہ اس دل پر

آج تک بوجھ ہے مروّت کا

 

آپ سے نبھ نہیں رہی اِس کی؟

قتل کر دیجئیے روایت کا

 

نہیں کُھلتا یہ رشتۂ  باہم

گفتگو کا ہے یا وضاحت کا؟

 

تیری ہر بات مان لیتا ہوں

یہ بھی انداز ہے شکایت کا

 

بے سخن ساتھ کیا نباہتے ہم؟

شکریہ ہجر کی سہولت کا

 

رات بھی دن کو سوچتے گزری

کیا بنا خواب کی رعایت کا؟

 

اُس کا دامن کہیں سے ہاتھ آئے

آنکھ پر بار ہے امانت کا

 

اک تماشا ہے دیکھنے والا

آئینے سے مری رقابت کا

 

کبھی کسی سے نہ ہم نے کوئی گلہ رکھا

ہزار زخم سہے، اور دل بڑا رکھا

 

خرد سے پوچھا، جنوں کا معاملہ کیا ہے ؟

جنوں کے آگے خرد کا معاملہ رکھا

 

سنا جو شور کہ وہ شیشہ گر کمال کا ہے

تو ہم لپک کے گئے اور قلب جا رکھا

 

خوشی سی کس نے ہمیشہ ملال میں رکھی؟

خوشی میں کس نے ہمیشہ ملال سا رکھا؟

 

نگاہ دار مرا تھا مرے سِوا نہ کوئی

سو اپنی ذات پہ پہرا بہت کڑا رکھا

 

ترا جمال تو تجھ پر کبھی کھلے گا نہیں

ہمارے بعد بتا آئینے میں کیا رکھا؟

 

دل مرا کب کا ہو چکا پتھر

موت تو کب کی ہو چکی میری

 

اب تو برباد کر چکے، یہ کہو

کیا اسی میں تھی بہتری میری؟

 

میرے خوش رنگ زخم دیکھتے ہو؟

یعنی پڑھتے ہو شاعری میری؟

 

دل میں اب کوئی آرزو ہی نہیں

یعنی تکمیل ہو گئی میری

 

زندگی کا مآل اتنا ہے

زندگی سے نہیں بنی میری

 

چاند حسرت زدہ سا لگتا ہے

کیا وہاں تک ہے روشنی میری؟

 

اب میں ہر بات بھول جاتا ہوں

ایسی عادت نہ تھی، کہ تھی میری؟

 

کیا عجب وقت ہے بچھڑنے کا

دیکھ، رکتی نہیں ہنسی میری

 

تیرے انکار نے کمال کیا

جان میں جان آ گئی میری

 

نشاں بتائیں تمہیں قاتلوں کے شہر کا ہم؟

فصیلِ  شہر پہ شہرِ  اماں لکھا ہُوا ہے

 

ملی ہے اہلِ  جنوں کو جہاں بشارتِ  اجر

وہیں تو اہلِ خرد کا زیاں لکھا ہوا ہے

 

تو کیا یہ ساری تباہی خدا کے حکم سے ہے ؟

ذرا ہمیں بھی دکھاؤ، کہاں لکھا ہوا ہے ؟

 

جو چاہتا تھا میں جس وقت، وہ کبھی نہ ہُوا

کتابِ  عمر میں سب ناگہاں لکھا ہُوا ہے

 

شعلۂ  جاں سے فنا ہوتا ہوں قطرہ قطرہ

اپنی آنکھوں سے لہو بن کے ٹپکتا ہُوا میں

 

آگہی نے مجھے بخشی ہے یہ نار ِ  خود سوز

اک جہنّم کی طرح خود میں بھڑکتا ہُوا میں

 

منتظر ہوں کہ کوئی آ کے مکمل کر دے

چاک پر گھومتا، بل کھاتا، درکتا ہُوا میں

 

مجمعِ  اہلِ  حرم نقش بدیوار اُدھر

اور اِدھر شور مچاتا ہُوا، بکتا ہُوا میں

 

میرے ہی دم سے ملی ساعتِ  امکان اِسے

وقت کے جسم میں دل بن کے دھڑکتا ہوا میں

 

بے نیازی سے مری آتے ہوئے تنگ یہ لوگ

اور لوگوں کی توجّہ سے بدکتا ہُوا میں

 

رات کی رات نکل جاتا ہوں خود سے باہر

اپنے خوابوں کے تعاقب میں ہمکتا ہُوا میں

 

ایسی یکجائی، کہ مٹ جائے تمیز ِ  من و تُو

مجھ میں کھِلتا ہُوا تُو، تجھ میں مہکتا ہُوا میں

 

اک تو وہ حسنِ  جنوں خیز ہے عالم میں شہود

اور اک حسن ِ  جنوں خیز کو تکتا ہُوا میں

 

ایک آواز پڑی تھی کہ کوئی سائل ِ  ہجر؟

آن کی آن میں پہنچا تھا لپکتا ہُوا میں

 

ہے کشیدِ  سخنِ  خاص ودیعت مجھ کو

گھومتا پھرتا ہوں یہ عطر چھڑکتا ہوا میں

 

راز ِ  حق فاش ہُوا مجھ پہ بھی ہوتے ہوتے

خود تک آ ہی گیا عرفان بھٹکتا ہُوا میں

 

ایک وحشت ہے کہ ہوتی ہے اچانک طاری

ایک غم ہے کہ یکایک ہی ابل پڑتا ہے

 

یاد کا پھول مہکتے ہی نواحِ  شب میں

کوئی خوشبو سے ملاقات کو چل پڑتا ہے

 

حجرہِٗ ذات میں سنّاٹا ہی ایسا ہے کہ دل

دھیان میں گونجتی آہٹ پہ اچھل پڑتا ہے

 

روک لیتا ہے ابد وقت کے اُس پار کی راہ

دوسری سمت سے جاؤں تو ازل پڑتا ہے

 

تابِ  یک لحظہ کہاں حسنِ  جنوں خیز کے پیش

سانس لینے سے توجّہ میں خلل پڑتا ہے

 

مجھ میں پھیلی ہوئی تاریکی سے گھبرا کے کوئی

روشنی دیکھ کے مجھ میں سے نکل پڑتا ہے

 

غم چھپائے نہیں چھپتا ہے کروں کیا عرفان

نام لوں اُس کا تو آواز میں بل پڑتا ہے

 

سب پہ ظاہر ہی کہاں حالِ  زبوں ہے میرا

کس قدر خستہ و خوں بستہ دروں ہے میرا

 

میرے اشعار کو تقریظ و وضاحت سمجھو

ورنہ دراصل سخن کن فیکوں ہے میرا

 

یہ جو ٹھہراؤ بظاہر ہے اذیّت ہے مری

جو تلاطم مرے اندر ہے سکوں ہے میرا

 

یہ جو صحراؤں میں اڑتی ہے یہ ہے خاک مری

اور دریاؤں میں بہتا ہے جو خوں ہے میرا

 

وہ جو اخفا میں ہے وہ اصل حقیقت ہے مری

یہ جو سب کو نظر آتا ہے، فسوں ہے میرا

 

بیچ میں کچھ بھی نہ ہو، یعنی بدن تک بھی نہیں

تجھ سے ملنے کا ارادہ ہے تو یوں ہے میرا

 

راز ِ  حق اس پہ بھی ظاہر ہے ازل سے عرفان

یعنی جبریل کا ہم عصر جنوں ہے میرا

 

اُداس بس عادتاً ہوں، کچھ بھی ہُوا نہیں ہے

یقین مانو، کسی سے کوئی گلہ نہیں ہے

 

ادھیڑ کر سی رہا ہوں برسوں سے اپنی پرتیں

نتیجتاً ڈھونڈنے کو اب کچھ بچا نہیں ہے

 

وہ راز سینے میں رکھ کے بھیجا گیا تھا مجھ کو

وہی جو اک راز مجھ پہ اب تک کھُلا نہیں ہے

 

چہار جانب یہ بے یقینی کا گھپ اندھیرا

یہ میری وحشت کا انخلا ہے، خلا نہیں ہے

 

پیارے جدا ہوئے ہیں، چھوٹا ہے گھر ہمارا

کیا حال کہہ سکے گی، یہ چشمِ  تر ہمارا

 

بس گاہ گاہ لے آ، خاکِ  وطن کی خوشبو

اے بادِ  صبح گاہی، یہ کام کر ہمارا

 

ہیں بزمِ  عاشقاں میں، بے وقعتی کے موجب

سینے میں دم ہمارے، شانوں پہ سر ہمارا

 

ہم اور ہی جہاں کے، یعنی کہ لامکاں کے

ہے صرف اتفاقاً، آنا اِدھر ہمارا

 

اتمام ِ  دل خراشی، اسلوبِ  سینہ چاکی

اظہار ِ  کرب ناکی، بس یہ ہنر ہمارا

 

اک سعیِ بے مسافت، بے رنگ و بے لطافت

مت پوچھئے کہ کیسے، گزرا سفر ہمارا

 

پہلے سے اور ابتر، گویا جنوں سراسر

بس یہ بتاؤ پوچھے، کوئی اگر ہمارا

 

دم سادھنے سے پہلے، چپ سادھ لی گئی ہے

اظہار ہو چکا ہے، امکان بھر ہمارا

٭٭٭

ماخذ: فیس بک، انحراف گروپ اور ’سمت‘ شمارہ ۲۷

تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید