فہرست مضامین
اداسی کی کچھ نظمیں
حارث خلیق
کراچی، میرا شہر
ایسی شدّت ہے اب کے موسم میں
بچ کے جائیں تو کس طرف جائیں
آگ سے موت ڈھالتا سورج
آخری سائباں میں اُترا ہے
خوف اِس شہرِ بے نہایت کی
ہر گلی، ہر مکاں میں اُترا ہے
کیا مگر کیجیے کہ وحشت میں
خونِ ناحق کے رنگ لانے کا
وہ پرانا خیالِ دل افروز
پھر مرے جسم و جاں میں اُترا ہے
جیسے حرفِ خدائے ذوالاجلال
قلبِ پیغمبراں میں اُترا ہے
O
اُداسی کی ایک نظم
اُسے یاد بھی نہ رکھا
اُسے بھول بھی نہ پائے
کسی راہِ بے ثمر میں
جو ہُنر تھے آزمائے
کسی جادۂ جنوں میں
شب و روز سب گنوائے
اُسے یاد بھی نہ رکھا
اُسے بھول بھی نہ پائے
وہ جو غم تھا بیش قیمت
اسے سینت سینت رکھا
نہ تو پوری نیند سوئے
نہ ہم آنسوؤں سے روئے
تھے خوشی کے چند لمحے
سو غمِ جہاں میں کھوئے
اُسے یاد بھی نہ رکھا
اُسے بھول بھی نہ پائے
یہ ہوا کہ موسمِ گل
کسی شاخ پر نہ اترا
کہ سکوں بھی رائیگاں ہے
یہ جنوں بھی رائیگاں ہے
جو یقین ہے بظاہر
وہ بھی عالمِ گماں ہے
اُسے یاد بھی نہ رکھا
اُسے بھول بھی نہ پائے
O
خوف
رات کا خوف نہیں
رات تو کٹ جائے گی
اَن گنت ہجر کی راتوں میں سے
اک رات ہے یہ
جو کہ ہر رات کی مانند
حریم جاں میں
شام ڈھلتے ہی اُتر آئی ہے
آنکھوں آنکھوں میں بَسر ہو
کہ حسیں خوابوں میں
جاگتے سوتے ہوئے رات گزر جائے گی
رات کا خوف نہیں
رات تو کٹ جائے گی
ڈر کوئی مجھ کو اگر ہے
تو وہ دن کا ڈر ہے
O
ستاروں کی پتنگ
اَے ستاروں کی پتنگ
آسماں پر تیرا اپنا ایک رنگ
تیرے اندر بھی خلا ہے
تیرے باہر بھی خلا
وہ خلا جس کی نہیں ہے انتہا
کون جانے بھید اس کا
عشق کے گُم کردہ راہی کے سوا
تیری وسعت دیکھ کر
ہوتی ہے میری عقل دنگ
اے ستاروں کی پتنگ
ڈھونڈتا ہوں میں تری اُس ڈور کو
جو ہے لا محدود
اور آکاش کے سایوں میں گُم
بس سرا مل جائے مجھ کو ڈور کا
یا وہ چرخی جس پہ لپٹی ہے وہ ڈور
ڈور اگر ہاتھوں میں آئے
میں تجھے قبضے میں کر لوں
خوب اُڑاؤں رات بھر
ہجر کی بے خواب راتوں میں
تو مجھ سے دور
مجھ سے بے خبر
اے ستاروں کی پتنگ
O
نوحہ
شہرِ بلا کشاں نے
اپنی تمام وحشت
بوجھل فضا سے لے کر
دل میں اُتار دی ہے
وحشت کے تیز جھکڑ
جن میں لہو کی بو ہے
خوابوں کے سب گھروندے
مسمار کر رہے ہیں
شَہ رگ کے چار جانب
درماندگی کے سائے
حلقہ سا اک بنائے
بدمَست رقص میں ہیں
یہ ساعتیں ہیں بھاری
لمحے یہ جاں گُسل ہیں
بدلے یہ حال کیسے
ہم لوگ بے عمل ہیں
O
کچھ مال منال کا ذکر کرو
کچھ مال مَنال کا ذکر کرو
کوئی پیار کی میٹھی بات کرو
یاں ظلم تو ہوتا رہتا ہے
اور لوگ بھی مرتے رہتے ہیں
دن بھر یہ ننگے پَیر پِھریں
اور رات کو بُھوکے سوتے ہیں
یہ بات کسے معلوم نہیں
تم پھر یہ قصّہ لے بیٹھے
کچھ مال منال کا ذکر کرو
کوئی پیار کی میٹھی بات کرو
کچھ باتیں پیرس، لندن کی
کچھ امریکہ، واشنگٹن کی
کیوں افریقہ کا ذکر کرو
ہر دم اِفلاس کی بات کرو
یہ بات کسے معلوم نہیں
تم پھر یہ قصّہ لے بیٹھے
کچھ مال منال کا ذکر کرو
کوئی پیار کی میٹھی بات کرو
سرمائے کے بُھوکے شیروں نے
محنت کے ریوڑ پالے ہیں
جب چاہیں ان کو کھا جائیں
آخر کو قوت والے ہیں
یہ بات کسے معلوم نہیں
تم پھر یہ قصہ لے بیٹھے
کچھ مال منال کا ذکر کرو
کوئی پیار کی میٹھی بات کرو
ہر روز ستم کے شعلوں میں
عزت کی چتا اک جلتی ہے
اور جاہ و حَشم کی ناگن یہ
انساں کے خون پہ پلتی ہے
یہ بات کسے معلوم نہیں
تم پھر یہ قصہ لے بیٹھے
کچھ مال منال کا ذکر کرو
کوئی پیار کی میٹھی بات کرو
دیوانوں کا کیا ذکر کرو!
منصور کی تم کیوں بات کرو
یہ بات پرانی بات ہوئی
جانی پہچانی بات ہوئی
یہ بات کسے معلوم نہیں
تم پھر یہ قصہ لے بیٹھے
کچھ مال منال کا ذکر کرو
کوئی پیار کی میٹھی بات کرو
O
جھوٹے جہنم رسید ہوں گے
ہمارا دودھ والا شیرو جھوٹا تھا
بڑا ہی جھوٹا
اس کے جھوٹ بھی دودھ کی طرح سفید ہوتے تھے
”دودھ کبھی خالص نہیں ہوتا، تم پانی ملاتے ہو”
میری امی ہر صبح اس سے کہتیں
اسی مصالحت آمیز غصے کے ساتھ جو اُن کی عادت ہے
”پانی؟ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا”
شیرو اُن کی بات یکسرمُسترد کر دیتا
اس کی توند اس کے باپ کی توند سے بھی بڑی تھی
دودھ کی سب سے بڑی بالٹی سے زیادہ بھاری
جب وہ چلتا تو لگتا کہ ایک چھتری ہے
ٹٰھنسی ہوئی
اور اس کی ناف بجائے آسمان کے آپ کی طرف ہے
O
چُھٹی کے دن
ہماری گلی کے بچے
اُس کے گرد جمع ہو کر پوچھتے
”تمہارے پیٹ میں کیا ہے شیرو؟ یہ اتنا بڑا ہے؟!
”دودھ، اس میں دودھ بھرا ہے”
وہ ایک قہقہہ مارتا جس سے گائے کے گوبر کی بو آتی
بچے اس کی بات پر یقین کر لیتے مگر شک کے ساتھ
وہ چھوٹے ضرور تھے بے وقوف نہیں
کچھ سال بعد
بچے بڑے ہو گئے اور انھیں یقین ہو گیا کہ شیرو جھوٹا ہے
اور سونے پر سہاگا
وہ ایک دوسرے لہجے میں جھوٹ بولتا ہے
چنانچہ ایک دن انھوں نے اس کا پیٹ پنکچر کر دیا
جس میں سے صرف خون نکلا
دودھ تو کہیں بھی نہیں تھا
سچ ہے، جھوٹے جہنم رسید ہوں گے
O
ہمارے شجرے بکھر گئے ہیں
گماں کی بے رنگ ساعتوں میں
نواحِ کرب و بلا سے دربارِ شام تک ہم
لہو کی اک ایک بُوند کا سب خراج دے کر
تمام قرضے چُکاتے آئے
شکستہ دہلیز
لہو کی محراب
سناں کا منبر
ہماری عزّت بڑھاتے آئے
وہ ہم ہی تھے جو قیام کرتے
رکوع میں جھکتے
زکواۃ دے کر
خود اپنے حصے کا طعام دے کر
درُود و صلوات پڑھتے آئے
وہ ہم تھے جو گھرو ں سے نکلے
تو پھر ابد تک …
پلٹ کے گھر کی طرف نہ دیکھا
ستارہء سحری گواہ ہے
کہ ہم نے انساں کو
٭٭٭
ماخذ:
http://nlpd.gov.pk/uakhbareurdu/marchapril2013/M,%20A_iv.html