فہرست مضامین
- ماں باپ کے لیے تربیت کے رہنما اصول
- ترتیب و پیشکش : ابو محمد حمزہ
- تربیتِ اولاد کی اہمیت
- بچے کو ماں کا تحفہ
- بچے پر دودھ کے اثرات
- پیدائش کے بعد تہنیک
- تہنیک کے بعد اذان و اقامت
- بچے کا اچھا نام رکھنا :
- بچے کا عقیقہ کرنا :
- بچے کو گود میں لے کر ذکر و اذکار کا معمول:
- بچے کو سکون کی نیند دلانے کے لیے دعا:
- بچوں کو سب سے پہلے ’’اللہ‘‘ کا لفظ سکھائیں :
- خالق حقیقی کا تعارف دینا:
- بچپن ہی سے تر بیت کرنا:
- اولاد کا حق ماں باپ پر :
- ماں کی بچے کو بد دُعا نہ دینا :
- ماں کی بد دُعا کا اثر:
- بچے پر باپ کی توجہ کی اہمیت :
- بچے کورے کاغذ کے مانند :
- با وضو کھانا پکانا :
- با وضو بنائے ہوئے کھانے کے اثرات:
- بچوں میں صفائی کی عادت :
- بچوں کو بولنے کا ادب سکھائیں :
- خود نماز کی پابندی :
- بچوں کے ساتھ جھوٹ مت بولو:
- بچوں کو تر بیت کرنے کا انداز :
- بچوں سے محبت کی حد:
- بچے اور اس کے برے دوست:
- بچوں میں سلام اور شکریہ کی عادت :
- دل آزاری سے بچئے:
- بچے کو غلطی پر معافی مانگنے کا احساس دلانا:
- بچے میں اچھی عادت پیدا کرنا:
- بچوں کی محبت پر جنت کی بشارت
- بچے کو توحید کی تعلیم:
- Related
- ترتیب و پیشکش : ابو محمد حمزہ
ماں باپ کے لیے تربیت کے رہنما اصول
ترتیب و پیشکش : ابو محمد حمزہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
بنی نوع انسان کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے اس دنیا میں بے شمار انعامات اور نعمتوں سے نوازا ہے ان میں سے ایک عظیم نعمت اولاد ہے، نکاح کے بعد ہر شخص کو اولاد کی خواہش ہوتی ہے، اس کے لئے دعائیں مانگی جاتی ہیں ،اور اللہ تبارک و تعالیٰ جسے چاہتا ہے، اُسے اس عظیم نعمت سے نواز دیتا ہے۔کسی کو بیٹا، کسی کو بیٹی اور کسی کو دونوں ایک ساتھ‘ جبکہ بعض کو اپنی کسی حکمت کی بنا پر اولاد ہی نہیں دیتا۔
اولاد کے تعلق سے شریعت اسلامیہ نے ماں باپ پر کئی ذمہ داریاں عائد کی ہیں ،ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’ اے ایمان والو تم اپنے آپ کو اور اپنے گھر والوں کو جہنم کی آگ سے بچاؤ۔‘‘ (سورہ تحریم)
’’اپنی اولاد اور اپنے گھر والوں کو خیر و بھلائی کی باتیں سکھاؤ اور ان کو ادب سکھاؤ۔‘‘ (حدیث)
تربیتِ اولاد کی اہمیت
مذکورہ بالا آیت کریمہ اور حدیث شریف سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے اولاد کی تر بیت کو والدین کی اہم ذمہ داری قرار دیا ہے۔ جب اللہ تعالیٰ انسان کو اولا د کی صورت میں نعمت دے تو اس پر لازم ہے کہ ان کی صحیح تر بیت کریں ، والدین بچے کے مربی ہوتے ہیں جسمانی طور پر بھی اور روحانی طور پر بھی۔اس لئے جہاں والدین بچہ کی جسمانی ضروریات پوری کر نے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ ہمارا بچہ جسمانی طور پر تندرست و توانا بنے وہیں علم و ادب سکھانے کی بھی کوشش کرنا ان کی ذمہ داری بنتی ہے۔ جب ماں باپ بچوں کی تر بیت اچھی طرح کرتے ہیں تو پھر بچوں کے جسم ہی نشو و نما نہیں پاتے بلکہ ان کے دل و دماغ کی صلاحیتیں بھی کھلتی ہیں۔کسی دانشوروں کا مقولہ ہے:
’’جو شخص اپنے بچوں کو ادب سکھاتا ہے وہ دشمن کو ذلیل و خوار کرتا ہے۔‘‘
ایک مقولہ یہ بھی ہے کہ ’’جو شخص بچہ کو بچپن میں ادب سکھاتا ہے وہی بچہ بڑا ہو کر اس کی آنکھیں ٹھنڈی کرتا ہے۔‘‘ اس لئے والدین کو بچوں کی تر بیت سے ذرا بھی غفلت نہیں برتنی چاہئے۔یہ ایسا ہی ہے کہ جیسے وہ کسان جو اپنے کھیت پر محنت نہیں کرتا، اس کے کھیت میں بہت سی ایسی خود رو گھاس اُگ آتی ہیں جو اس کی اصل فصل کو خراب کر دیتی ہیں اسی طرح والدین جب بچے کی تربیت کا خیال نہیں کرتے تو بچے کے اندر بہت سے برے اخلاق پیدا ہو جاتے ہیں جو اس کی اصل شخصیت کو بگاڑ کر رکھ دیتے ہیں۔حدیث پاک کا مفہوم ہے کہ نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا :
’’ہر بچہ فطرت اسلام پر پیدا ہوتا ہے پھر اس کے والدین اسے یہودی یا نصرانی یا مجوسی بناتے ہیں۔‘‘
بنیادی طور پر بچے کی شخصیت پر تین چیزوں کے اثرات پڑتے ہیں۔سب سے پہلے اس کے والدین اور گھر یا خاندان کا اثر، پھراس کی گلی کوچے کا اثر اور پھر جس مدرسے یا اسکول میں وہ پڑھنے جاتا ہے اس کا اثر پڑتا ہے۔ لیکن والدین کی بنیادی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بچوں کے لیے صحیح تربیت کے ساتھ ساتھ صحیح راستہ متعین کرنے میں ان کی رہنمائی اور معاونت کریں۔
بچے کی پہلی درسگاہ ماں کی گود:بچے کی زندگی کا پہلا مسکن ماں کی ٹھنڈی، میٹھی اور شفقت بھری گود ہوتی ہے۔آغوشِ مادر کے ان برسوں میں ماں بچوں کے لیے مرشد کا کام کرتی ہے۔ ماں اگر بچے پر محنت کرے تو یہ ماں کی گود سے مادر زاد ولی ثابت ہو سکتے ہیں اس لئے ماں کی تربیت کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ماں کو اپنے بچے کی تربیت کا خیال اسی دن سے رکھنا چاہئے جس دن بچہ پیدا ہو،بلکہ یہ خیال ان کو حاملہ ہونے کے وقت سے ہی ہونا چاہئے۔بچے کی پیدائش کے بعد ماں کے ذمہ مندرجہ ذیل ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں :
بچے کو ماں کا تحفہ
جب اللہ تعالیٰ کے اذن سے بچے کی ولادت ہوتی ہے تو ماں باپ کیلئے یہ انتہائی خوشی کا موقع ہوتا ہے، اس خوشی کے بدلے بچے کے واسطے ماں کا پہلا تحفہ اس کا اپنا دودھ ہوتا ہے۔ ماں کو چاہئے کہ وہ بچے کو اپنا ہی دودھ ضرور پلائے۔ ہاں اگر دودھ کم ہو یا طبی طور پر ٹھیک نہیں ، نقصان دہ ہو تو یہ اور بات ہے لیکن اگر ماں کا دودھ بچے کیلئے ٹھیک ہے تو اس سے بہتر غذا بچے کو اور کوئی نہیں مل سکتی۔ ہر ماں کو چاہئے کہ وہ بچے کو ضرور اپنا دودھ پلائے تاکہ بچے کے اندر ماں کی محبت و عظمت آ جائے، اگر ماں دودھ ہی نہیں پلائے گی تو ماں کی محبت و شفقت کا اثر بچے کے اندر کیسے پیدا ہو گا…؟ عام طور پر بہت سی مائیں اپنی رعنائی (Smartens)کو مد نظر رکھتے ہوئے بچے کو دودھ پلانے سے گھبراتی ہیں اور شروع ہی سے بچے کا انحصار ڈبہ بند دودھ پر رکھتی ہیں لہٰذا جب ڈبے کا دودھ پی کر بچے بڑے ہوتے ہیں تو ماں کی ممتا ان میں اثر پذیر نہیں ہوتی، بلکہ وہ ماں کو ایک دائی کے طور پر تصور کرتے ہیں۔کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے ؎
طفل سے بو آئے کیا ماں باپ کے اطوار کی دودھ ڈبے کا پیا تعلیم ہے سر کا رکی
جب بچے نے نہ تو دین کی تعلیم پائی اور نہ ہی ماں کا دودھ پیا، تو پھر اس میں اچھے اخلاق کہاں سے آئیں گے، یہ بات ذرا غور طلب ہے۔
بچے پر دودھ کے اثرات
ایک لطیفہ مجھے یاد آتا ہے کہ’’ ایک ماں اپنے بیٹے سے ناراض ہوئی کہنے لگی بیٹے! تم نے میری بات نہ مانی تو میں کبھی بھی تمہیں اپنا دودھ معاف نہیں کروں گی۔ اس نے مسکرا کر کہا، امی ! میں تو ڈبے کا دودھ پی کر بڑا ہوا ہوں آپ نے تو مجھے اپنا دودھ پلایا ہی نہیں مجھے معاف کیا کریں گی…؟‘‘
ہنسنے کی بات نہیں ہے واقعی ایسا ہی دیکھا جا رہا ہے کہ، ڈبوں کے دودھ کے اثرات اور ہوتے ہیں اور ماں کے دودھ کے اثرات کچھ اور ہی ہوتے ہیں۔
ماں کو چاہئے کہ بچے کو خود دودھ پلائے،خود بسم اللہ پڑھ لے اور جتنی دیر بچہ دودھ پیتا رہے،ماں اللہ کے ذکر میں مشغول رہے، اللہ رب العزت کی یاد میں مشغول رہے، دعائیں کرتی رہے کہ اللہ ! میرے دودھ کے ایک ایک قطرے میں میرے بیٹے کو علم و عمل کا سمندر عطا فر ما۔ تو ماں کی اس وقت کی دعائیں اللہ کے یہاں قبول ہوتی ہیں۔ ہمارے اسلاف جو گزرے ہیں ان کی ماؤں نے تو انہیں ایسی تربیت کی کہ با وضو اپنے بچوں کو دودھ پلاتی تھیں۔اگر آج کوئی با وضو دودھ پلائے تو وہ بڑی خوش نصیب ہے اور اگر وضو نہیں کر سکتی تو کم از کم دودھ پلاتے وقت اللہ کا ذکر تو کر سکتی ہے۔یہ نہ کرے کہ ادھر دودھ پلا رہی ہیں ادھر بیٹھی ٹی وی پر فحاشیات کا نظارہ کر رہی ہیں ، اکثر تجربہ کیا گیا ہے کہ اگر ماں اپنے بچہ کو گناہ کی حالت میں دودھ پلائے گی تو یہ بچہ نا فر مان بن جاتا ہے اپنے خالق و مالک باری تعالیٰ کا بھی اور ماں باپ کا بھی۔لہٰذا ماں کی پہلی اہم ذمہ داری یہی بنتی ہے کہ وہ بچے کو اخلاقی نقطہ نظر سامنے رکھ کر صحیح طریقے سے دودھ پلائے۔
پیدائش کے بعد تہنیک
جب بچے کی پیدائش ہو تو بچے کی تہنیک کروانا سنت ہے۔ تہنیک یہ ہے کہ کسی نیک بندے کے منہ میں کوئی چپائی ہوئی کھجور یا شہد ہو تو ایسی کوئی چیز بچے کے منہ میں ڈالنا۔ چنانچہ یہ تہنیک کسی نیک بندے سے کر وانی چاہئے۔ اس کی بہت ساری بر کات دیکھی گئی ہیں۔
تہنیک کے بعد اذان و اقامت
تہنیک کروانے کے بعد بچے کے دائیں کان میں اذان اور بائیں کان کے اندر اقامت کہی جاتی ہے یہ اللہ رب العزت کا نام ہے جو بچے کے دونوں کانوں میں کہا جاتا ہے۔ سبحان اللہ ! چھوٹی عمر میں بچہ ابھی سوجھ بوجھ نہیں رکھتا مگر اس کے کانوں میں اللہ تعالیٰ نے اپنی بلندی اور عظمتوں کے تذکرے کروا دیئے گویا اللہ کی عظمت سکھا دی گئی اور یہ ایک (پیغام) پہنچا دیا گیا کہ جس طرح دنیا کے اندر اذان ہوتی ہے پھر اقامت ہوتی ہے اور اقامت کے بعد نماز پڑھنے میں تھوڑی دیر ہوتی ہے بالکل اسی طرح اے بندے تیری زندگی کی اذان بھی کہی جا چکی ہے تیری زندگی کی اقامت بھی کہی جا چکی ہے۔تیری زندگی نماز کے مانند ہے اور نماز تو ہمیشہ امام کے پیچھے پڑھی جاتی ہے ایک شرعی طریقے سے پڑھی جاتی ہے تو یہ ایک پیغام ہے کہ اگر تو اپنی زندگی کو بھی صحیح گزارنا چاہتا ہے تو شریعت کے طریقہ کو اپنا لینا اور نبی ﷺ کو زندگی کی نماز کا امام بنا لینا پھر تیری نماز قبول ہو جائے گی اور بالآخر تجھے قبر میں جانا ہی ہے۔ تو یہ ابتدا میں اللہ رب العزت کا پیغام اس طرح اس بچے کے ذہن میں پہنچا دیا جاتا ہے، کہ تو مسلم ہے اور تیری زندگی کا ہر لمحہ اسلام کے تابع ہونا چاہیے۔
بچے کا اچھا نام رکھنا :
پیدائش کے بعد جلد از جلد بچے کا اچھا سا نام رکھا جائے جیسے اللہ رب العزت کو ’’عبد‘‘ سے شروع ہونے والے نام پسند ہیں۔ عبد اللہ اور عبد الرحمن نام سب سے زیادہ پسند ہیں ، اسی طرح عبد الرحیم نام پسند ہے، تو ایسے نام رکھیں کہ قیامت کے دن جب پکارے جائیں تو اللہ رب العزت کو اس بندے کو جہنم میں ڈالتے ہوئے حیا محسوس ہو۔ اللہ تعالیٰ محسوس فر مائیں یہ میرا بندہ میرے رحمت والے نام کے ساتھ پکارا جاتا رہا اب اس کو جہنم میں کیسے ڈالوں۔آج کل ماں باپ نئے ناموں کی خوشی میں ایسے اُلٹے سیدھے نام رکھتے ہیں جو بے معنیٰ ہو جن کے معانی کا نہ ان کو پتا نہ کسی اور کو پتا، مہمل قسم کے نام رکھ دیتے ہیں یہ بچے کے ساتھ زیادتی ہے۔ بچے کے حقوق میں سے ہے ایک حق یہ ہے کہ اس کا ایک اچھا سا نام رکھا جائے۔ ماں باپ کو چاہئے کہ بچے کا ایسام نام رکھیں کہ جب بچہ بڑا ہو اور اس کا نام پکارا جائے تو اسے خوشی ہو۔ یہ بچے کا حق ہے ماں باپ بچے کو انبیاء کرام کے ناموں میں سے یا صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ناموں میں سے کوئی نام دیں۔ محمد کا نام احمد کا نام بہت پیارا ہے، ہمارے اسلاف تو کئی کئی نسلوں تک محمد سے شروع رکھتے تھے۔ اس لحاظ سے ماں باپ کی یہ بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کا نام سوچ سمجھ کر رکھیں ، بچہ خدا کی نعمت ہے اور اس کا نام ایسا رکھا جائے کہ اس پر اس کے اثرات مرتب ہوں۔
بچے کا عقیقہ کرنا :
بچے کی ولادت کے بعد جلد ہی عقیقہ کرنا بھی سنت ہے بیٹے کیلئے دو اور بیٹی کے لئے ایک بھیڑ۔یہ خوشی کا اظہار ہے پھر خود بھی کھائیں ، رشتے داروں کو بھی کھلائیں اور غریبوں کو بھی اس میں ضرور یاد رکھیں۔
بچوں کے سامنے بے شرمی والی باتوں سے اجتناب :بچے کا دماغ کیمرے کی طرح ہوتا ہے وہ ہر چیز کا عکس محفوظ کر لیتا ہے۔حکماء نے لکھا ہے کہ چھوٹے بچے کے سامنے بھی کوئی بے شرمی والی حرکت نہ کریں۔ میاں بیوی کوئی ایسا معاملہ نہ کریں کہ یہ چھوٹا ہے اسے کیا پتہ اگر چہ وہ چھوٹا ہے لیکن اس کے ذہن میں سابقہ ادوار کے مناظر نقش ہو جاتے ہیں اس لئے اس کا خاص خیال رکھیں۔
بچے کو گود میں لے کر ذکر و اذکار کا معمول:
جب بھی ماں باپ عبادت یا تلاوت کیلئے بیٹھیں تو اپنے بچے کو بھی گود میں لے کر بیٹھیں ،اللہ رب العزت کا کلام اس حال میں پڑھیں کہ بچہ ان کی گود میں ہو پھر قرآن پڑھنے کی برکتوں کو دیکھ لیں کہ اس کا اثر خود بخود بچے کے اندر جائے گا۔اسی طرح جب بھی عبادت کرنے،تلاوت کرنے دعا کرنے بیٹھیں تو بچے کو اپنی گود میں لے کر بیٹھنے کی کوشش کریں ،جب بچے کو کھلانا ہو،سلانا ہو تو بچے کو لوری بھی اچھی سنائیں اور’’ اللہ ‘‘ کا نام اس کے سامنے زیادہ سے زیادہ کہنے کی کوشش کریں۔کیونکہ بچہ پیدائشی مسلم ہے اور اللہ کا فرمانبردار رہنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے کانوں میں زیادہ سے زیادہ اس کا ذکر ہو، اس کی تسبیح ہو، اس کی حمد و ثنا ہو۔ ان شاء اللہ بچے پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
بچے کو سکون کی نیند دلانے کے لیے دعا:
کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ بچے رات کو جلد نہیں سوتے بلکہ روتے رہتے ہیں اس لیے کہ ان کو نیند نہیں آتی، دراصل بات یہ ہے کہ وہ بیچارے بول بھی نہیں سکتے اپنے جسم کی تکلیف بھی بتا نہیں سکتے،اس لیے ضرورت ہے کہ ماں خود اندازہ لگا لے کہ فلاں وجہ سے رو رہا ہے اور اگر ماں کسی وجہ سے یہ نہ سمجھے تو ماں کو خود بخود اس بچہ پر غصہ آ جاتا ہے کہ یہ روتا ہے اورسونے کا نام ہی نہیں نہیں لیتا۔ایسے موقعے پر ماں کو چاہئے کہ وہ صبر وہ تحمل سے کام لے اور اللہ کی بارگاہ میں اس بچے کے حق میں دعا کرے۔ اللہ رب العزت بچے کو سکون کی نیند عطا فرمائے گا۔
بچوں کو سب سے پہلے ’’اللہ‘‘ کا لفظ سکھائیں :
جس ماں نے یا باپ نے بچے کی تربیت ایسی کی کہ اس نے بولنا شروع کیا اور اس نے سب سے پہلے اللہ کا نام زبان سے ادا کیا تو اللہ تعالیٰ اس کے ماں باپ کے سب پچھلے گناہوں کو معاف فر ما دیتے ہیں۔ اب یہ کتنا آسان کام ہے لیکن اس کے برعکس آج کل کی مائیں اس طرف کوئی توجہ نہیں دیتیں ،کئی عورتوں کو تو پتہ ہی نہیں ہوتابس اِدھر اُدھر کے گپ شپ میں مشغول رہتی ہیں اور بچے کو اللہ کے نام کے تعارف کے بجائے فلمی دنیا کی باتیں سکھاتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ صحیح سوچ عطا فرمائے۔
بچوں سے پہلے امی ابو نہ کہلوائیں ان کے سامنے پہلے اللہ کا لفظ کہیں اور بار بار کہیں جب بار بار اللہ کہیں گی تو بچہ بھی اللہ ہی بولے گا اور یہ لفظ اس کے لیے ادا کرنا آسان ہے، اگر لوری بھی سنائیں تو ایسی سنائیں جو پیار والی،نیکی والی ہو پہلے مائیں اپنے بچوں کو اوّل کلمہ لوری سناتی تھیں ’’لَاْاِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ‘‘ لا الٰہ کی ضربیں لگتی تھیں تو بچہ کے دل پر اس کے اثرات مرتب ہوتے تھے۔جس سے ایک تو ماں کا وقت اللہ کے ذکر میں گزر جاتا تھا دوسرے بچے کو اللہ کا نام بار بار سننے کا موقع ملا کرتا تھا۔ ایک بزرگ فرماتے ہیں :
’’ ماں کہتی تھی اللہ اللہ، لوری دودھ بھری کٹوری، زلفی دودھ پئے گا نیک بن کر جئے گا۔‘‘ فر ماتے ہیں کہ شاید یہ ماں کی وہ دعائیں ہیں کہ اللہ نے نیک لوگوں کے قدموں میں یعنی صحبت میں بیٹھنے کی جگہ عطا فر مادی۔ آج پچاس سال یعنی نصف صدی گز ر گئی مگر وہ نیک بن کر جئے گا کے الفاظ آج بھی ذہن کے اندر اپنے اثرات رکھتے ہیں تو اس لئے ماں کو چاہئے کہ لوری بھی سنائیں تو ایسی ہو کہ جس میں نیکی کا پیغام بچے کو پہنچ رہا ہو۔
خالق حقیقی کا تعارف دینا:
بچے کا ایمان مضبوط کر نے کیلئے ماں کو چاہئے کہ وہ کو شش کرتی رہے کہ بچہ بڑ ا ہو گیا اب اس کو کوئی ڈرانے کی بات آئی تو کبھی بھی کتے بلی سے نہ ڈرائیں ، کبھی بھی جن بھوت سے نہ ڈرائیں ، جب بھی کوئی بات ہو تو بچے کے ذہن میں اللہ کا تصور بٹھائیں کہ اگر تم ایسے کرو گے تو اللہ میاں ناراض ہو جائیں گے۔ جب آپ پیار سے سمجھائیں گی کہ اللہ میاں ناراض ہو جائیں گے تو بچہ پو چھے گا کہ اللہ میاں کون ہیں ؟اس طرح آپ ایک ماں کو اللہ رب العزت کا تعارف کرانے کا موقع مل جائے گا، وہ تعارف کروائیں کہ اللہ وہ ہے جس نے آپ کو دودھ عطا کیا، اللہ وہ ہے جس نے آپ کو سننے کی طاقت دی، دیکھنے کو آنکھیں دی،جس نے آپ کو عقل عطا کی، جس نے مجھے بھی پیدا کیا اور آپ کو بھی پیدا کیا، ہم سب اللہ کے بندے ہیں۔جب ماں اللہ تعالیٰ کی ایسی تعریفیں کریں گی اور اس کے انعامات کا تذکرہ کریں گی تو بچپن ہی سے بچے کے اندر اللہ تعالیٰ کی محبت اور جنت میں جانے کا شوق پیدا ہو جائے گا۔ اس طرح اس کے دل میں ایمان مضبوط ہو گا۔
بچپن ہی سے تر بیت کرنا:
ماں باپ کو چاہئے کہ وہ اولاد کو دین سکھائیں تاکہ بچے بڑے ہو کر ماں باپ کی فر ماں برداری کے ساتھ ساتھ اللہ تعالی کے بھی فرماں بردار بنیں۔ شروع سے بچے کو نیکی سکھانا ماں باپ کی ذمہ داری ہے۔ ماں بننا آسان ہے مگر ماں بن کر تر بیت کرنا مشکل کام ہے، آج کل کی سب سے بڑی خرابی یہی ہے کہ بچیاں جوان ہو جاتی ہیں ، شادی کے بعد مائیں بن جاتی ہیں مگر دین کا علم نہ ہونے کی وجہ سے ان کو سمجھ نہیں آتا کہ بچوں کی تر بیت کیسے کرنی ہے ؟اس لئے جوان لڑکیوں اور ماؤں کا ایسی محفلوں میں جانا ضروری ہے جہاں ان کو معلوم ہو جائے کہ دینی نقطۂ نظر سے اپنی اولاد کی تر بیت کیسے کرنی ہے؟
اولاد کا حق ماں باپ پر :
حدیث پاک میں آتا ہے کہ ایک مرتبہ سیدنا عمرؓ کے سامنے ایک باپ اپنے بیٹے کو لے کر آیا۔ بیٹا جوانی کی عمر میں تھا مگر وہ ماں باپ کا نا فر مان تھا۔اس نے آ کر حضرت عمرؓ کے سامنے اپنا مقدمہ پیش کیا کہ یہ میرا بیٹا ہے مگر میری کوئی بات نہیں مانتا نا فر مان ہو گیا ہے،آپ اسے سزا دیں یا سمجھائیں۔ حضرت عمرؓ نے جب باپ کی بات سنی تو بیٹے کو بلا کر پوچھا کہ بتاؤ تم اپنے باپ کی نافر مانی کیوں کرتے ہو؟ بیٹے نے جواباً پوچھا کہ امیر المؤمنینؓ! کیا والدین کے ہی اولاد پر حقوق ہوتے ہیں یا اولاد کا بھی ماں باپ پر کوئی حق ہوتا ہے ؟ امیر المومنین نے فرمایا:بیٹے کا بھی حق ہوتا ہے، تو اس نے کہا کہ میرے باپ نے میرا کوئی حق ادا نہیں کیا۔ سب سے پہلے اس نے جو ماں چنی وہ ایک باندی تھی جس کے پاس کوئی علم نہیں تھا، نہ اس کے اخلاق صحیح، نہ علم،اس نے اس کو اپنا یا اور اس کے ذریعہ سے میری ولادت ہو گئی۔ دوسرے میرے باپ نے میرا نام ’’جعل ‘‘رکھا۔جعل کا لفظی مطلب ’’گندگی کا کیڑا ‘‘ہوتا ہے۔ یہ بھی کوئی رکھنے والا نام تھا جو میرے باپ نے رکھا؟ پھر ماں کے پاس دینی علم نہیں تھا اس نے مجھے کوئی دین کی بات نہیں سکھائی اور میں بڑا ہو کر جوان ہو گیا۔ اب میں نا فر مانی نہیں کروں گا تو اور کیا کروں گا؟ حضرت عمرؓ نے جب یہ سنا تو فر مایا کہ بیٹے سے زیادہ تو ماں باپ نے اس کے حقوق کو پامال کیا، اس لئے اب یہ بیٹے سے کوئی مطالبہ نہیں کر سکتے اور آپ نے مقدمے کو خارج کر دیا۔
ماں کی بچے کو بد دُعا نہ دینا :
بعض مرتبہ بچے غلطی کر بیٹھتے ہیں۔ اگر بچہ غلطی کرے،آپ کو تکلیف پہنچائے اور جتنا بھی ستائے مگر کسی حال میں بھی بچے کو بد دُعا نہ دیجئے۔شیطان دھوکہ دے کر ماں کے دل میں یہ بات ڈالتا ہے کہ میں دل سے بد دعا نہیں کر رہی ہوں اوپری دل سے ہی کہہ رہی ہوں اور اس دھوکہ میں کئی مر تبہ مائیں آ جاتی ہیں اور زبان سے برے الفاظ کہہ جاتی ہیں۔ یاد رکھئے یہ اولاد اللہ تعالی کی دی ہوئی ایک نعمت ہے، اس کو بد دعا دینا نعمت کی ناقدری ہے۔اپنی زبان سے بد دعا نہ دے بلکہ بچوں کیلئے خوب خوب دعائیں کیا کریں ، رات کو تنہائی میں بھی اللہ سے لو لگا کر بیٹھیں۔آج بچیوں کو تربیت کا پتہ نہیں ہوتا، کئی تو بیچاری ایسی ہوتی ہیں کہ چھوٹے سے بچے سے اگر غلطی ہو ئی یا بچے نے بولنا شروع کر دیا تو غصہ میں آ کر اب اس کو پتہ ہی نہیں چلتا کہ کیا کہہ رہی ہیں۔ کبھی اپنے آپ کو کوسنا شروع کر دیتی ہیں۔زندگی میں کوئی ایسا وقت نہ آئے کہ غصہ میں آ کر آپ بد دعائیں دینے لگ جائیں ، ایسا کبھی نہ کیجئے۔اللہ کے یہاں ماں کا جو مقام ہے۔ماں کے دل اور زبان سے جو دعا نکلتی ہے وہ سیدھی قبول کی جاتی ہے، عرش کے دروازے کھل جاتے ہیں تو اللہ کے یہاں پیش کر دی جاتی ہے اور قبول کر لی جاتی ہے۔مگر شیطان بڑا مردود ہے وہ ماں کے ذہن میں یہ ڈالتا ہے کہ میں گالی تو دیتی ہوں مگر میرے دل میں نہیں ہوتی۔ یہ شیطان کا بڑا پھندا ہے حقیقت میں تو بد دعا کے الفاظ کہلواتا ہے اور ماں کو تسلی دیتا ہے کہ تو نے تو کہا تھا کہ تم مر جاؤ مگر اصل میں یہ تمہارے دل میں نہیں تھا۔ کبھی بھی شیطان کے دھوکہ میں نہ آنا چاہئے۔
ماں کی بد دُعا کا اثر:
ایک عورت کو اللہ نے بیٹا دیا مگر وہ غصے میں خود پر قابو نہیں پا سکتی تھی۔ چھوٹی چھوٹی باتوں پر خود کو کو سنے لگ جاتی ایک مرتبہ بچے نے کوئی بات ایسی کر دی کہ ماں کو غصہ آیا اور کہنے لگی کہ تو مر جاتا تو اچھا تھا،اب ماں نے جو الفاظ کہدیئے اللہ نے اس کی دعا کو قبول کر لیا مگر بچے کو اس وقت موت نہ دی،بلکہ اس بچے کو اللہ نے نیک بنا یا اچھا اور لائق بنایا۔ جب وہ جوان ہوا،نیک بن گیا،لوگوں میں عزت ہوئی، لوگ نام لیتے کہ بیٹا ہو تو ایسا ہو جیسا کہ یہ بیٹا ہے اور اللہ نے اس کو کاروبار بھی اچھا دیا،لوگوں میں اس کی عزت تھی، خوب تذکرے اور چرچے تھے، اب ماں نے اس کی شادی کا پروگرام بنایا۔ خوبصورت لڑکی تلاش کی، شادی کی تیاریاں ہوئیں جب شادی میں صرف چند ہی دن باقی رہ گئے اس وقت اللہ نے اس بیٹے کو موت عطا کر دی۔ اب ماں رونے بیٹھ گئی کہ میرا تو جوان بیٹا رخصت ہو گیا۔ رو رو کر اس کا برا حال ہو گیا۔ کسی اللہ والے کو اللہ نے خواب میں بتا یا کہ ہم نے اس کی دعا ہی کو قبول کیا تھا۔جب اس نے بچپن میں کہا تھا کہ تو مر جاتا تو اچھا تھا، ہم نے یہ نعمت اس وقت واپس نہیں لی ہم نے اس نعمت کو بھر پور بننے دیا۔جب عین شباب کے عالم میں جوانی کے عالم میں پہنچا یہ نعمت پک کر تیار ہو گئی تو ہم نے اس وقت پھل کو توڑا تا کہ ماں کو سمجھ آ جائے کہ اس نے کس نعمت کی ناقدری کی۔ اب سوچئے اپنی بد دعائیں اپنے سامنے آتی ہیں یہ قصور کس کا ہوا؟ اولاد کا ہوا یا ماں باپ کا ہوا؟ اس لئے یہ بہت ضروری ہے کہ بچے کو کبھی بد دعا نہ دیں ہر حال میں نیک دُعا ہی دیں۔
بچے پر باپ کی توجہ کی اہمیت :
جس طرح ماں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچے کی تربیت کا خیال رکھے۔ اسی طرح باپ کی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ اپنی اولاد کی تربیت کی فکر کرے۔ جو باپ گھر کے ماحول کی طرف توجہ نہیں کرتا اور اولاد کی تربیت کی فکر نہیں کرتا اس کی اولاد بگڑ جاتی ہے جیسے بعض لوگوں کو اپنے کاروبار سے فرصت نہیں ملتی ان کے بچوں کی تربیت صحیح نہیں ہوتی۔اس لئے کسی نے کہا ہے۔
لَیْسَ الْیَتِیْمُ قَدْ مَاتَ وَالِدُہٗ
بَلِ الْیَتِیْمُ یَتِیْمُ الْعِلْمِ وَالْعَمَلِ
’’یتیم وہ نہیں ہوتا جس کے ماں باپ مر جاتے ہیں ، یتیم تو وہ ہوتا ہے جو علم اور عمل سے محروم کر دیا جاتا ہے۔‘‘
یہ بات ذہن میں رکھئے کہ جس باپ کے پاس گھر میں وقت دینے کی فرصت نہیں اس کے بچے زندہ ہوتے ہیں مگر کسی یتیم سے کم بدنصیب نہیں ہوتے ہیں اس لیے کہ ان بیچاروں کی تربیت کبھی نہیں ہو پاتی۔ لہٰذا باپ کو چاہئے کہ اپنے نظام الاوقات میں جہاں اور کاموں کے لیے وقت مقرر کرتا ہے وہیں اپنے بچوں کے لیے بھی وقت ضرور متعین رکھے۔
بچے کورے کاغذ کے مانند :
یا د رکھئے کہ بچے کورے کاغذ کے مانند ہوتے ہیں ان پر خوبصورت پھول بوٹے بنا نا یا الٹی سیدھی لکیریں لگانا یہ سب والدین کا کام ہوتا ہے اگر ماں باپ نے اچھی پرورش کی تو سب پھول بوٹے بن گئے اور اگر اس کی تربیت کا پتہ ہی نہیں تو پھر اس نے الٹی سیدھی لکیریں لگادیں اور گویا ان بچوں کو بگاڑنے میں معاون بن گئے۔ پرورش سے مراد یہ نہیں کہ بچے کا جسم بڑا کرنا ہوتا ہے بلکہ پرورش سے مراد یہ ہے کہ جس طرح جسم بڑھے، ساتھ ہی دل کی صفات بھی بڑھیں ، دماغی صلاحیتیں بھی کھل کر سامنے آئیں تو جو اچھے ماں باپ ہوتے ہیں وہ بچے کو صرف بڑا نہیں کرتے، اس کے دل کو بھی بڑا کرتے ہیں اور ان کے اندر ایسی سوچ پیدا کرتے ہیں کہ چھوٹی عمر ہی میں دماغی صلاحیتیں کھل کر سامنے آ جاتی ہیں۔ یہ دل و دماغ کی صلاحیتوں کو کھولنا ماں باپ کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
با وضو کھانا پکانا :
تربیت کے سلسلے میں یہ بات بھی ذہن میں رکھیں اور کو شش کریں کہ جب بھی کھانا پکائیں تو با وضو کھانا پکائیں اگر با وضو رہنا مشکل ہو تو کم از کم ذکر کرتی رہا کریں۔ زبان سے سبحان اللہ،الحمد للہ اور اللہ اکبر پڑھ لیا کریں ، لا الٰہ الا اللہ کا ورد کیا کریں ،ان الفاظ کا ورد تو عورت ہر حال میں کر سکتی ہے، جسم پاک ہویا نہ ہو پھر بھی کر سکتی ہے،نا پاکی کی حالت میں فقط قرآن مجید اور نماز پڑھنے سے منع کیا گیا ہے باقی اس قسم کے اذکار زبان سے ادا کئے جا سکتے ہیں۔ تو کھانا پکاتے ہوئے اگر آپ اللہ کا ذکر کریں گی،سبحان اللہ! اس کی برکتیں ہوں گی اور اگر پاکی کے ایام ہیں اور آپ کو کچھ سورتیں یاد ہیں تو ان کو پڑھئے تا کہ قرآن پڑھنے کی برکتیں آپ کے کھانے میں آ جائیں۔یاد رکھئے با وضو کھانا پکانا صحابیاتؓ کا طرز عمل تھا۔ تاریخ میں مذکور ہے کہ ایک صحابیہؓ نے تنور پر روٹیاں لگوائیں ، جب پک کر تیار ہو گئیں تو دوسری خاتون سے فر مانے لگیں بہن میرا تو کھانا بھی تیار ہو گیا اور تین پارے کی تلاوت بھی مکمل ہو گئی۔ معلوم ہوا کہ جتنی دیر روٹیاں لگاتی تھیں یہ زبان سے اللہ کا قرآن پڑھتی رہی۔ غرض یہ صحابیات رضی اللہ عنھن کی سنت ہے آپ بھی اس کو ادا کریں۔ایک بزرگ فر ماتے ہیں کہ متعلقین میں سے ایک شخص کے یہاں جانا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت یہ آپ کا کھانا گھر میں بنا تو اس کو پکانے کے لیے میری اہلیہ نے ۱۲ مرتبہ سورہ یاسین مکمل پڑھی۔ اس پر خوشی ہوئی کہ آج بھی نیک عورتیں ایسی ہیں کہ کھانا پکانے کے دوران اللہ کا قرآن ان کی زبان پر ہوتا ہے۔ چھوٹی چھوٹی سورتیں یاد ہوں تو پڑھتی رہیں۔ سورہ اخلاص تو ہر مسلمان بندے کو کم از کم یاد ہوتی ہے فقط یہی پڑھتی رہیں تو یہ بھی کافی ہے۔ اگر سورتیں نہیں پڑھ سکتیں تو چلو ذکر ہی کر لیں۔سبحان اللہ،الحمد للہ،اللہ اکبر یہ کلمات پڑھنے میں تو آسان ہیں اللہ رب العزت کو بھی بڑے محبوب ہیں۔
با وضو بنائے ہوئے کھانے کے اثرات:
آپ جب اس طرح قرآن پڑھ کر ذکر کر کے کھانا پکائیں گی تو یہ کھانا آپ کے میاں کھائیں گے تو ان کے دل میں نیکی کے اثرات آئیں گے، نیکی کا شوق آئے گا۔ بچے کھائیں گے تو ان کے دل میں نیکی کا شوق آئے گا۔ جو کچھ ہم کھاتے ہیں وہی تو ہمارے جسم کا گوشت بنتا ہے اگر ذکر سے پکا ہوا ہے تو پھر اس سے جسم کے جو ٹشوز بنیں گے یقیناً ان میں اللہ رب العزت کی محبت سموئی ہوئی ہو گی اور اگر حرام کھائیں گے،ناپاکی اور غفلت کی حالت میں پکی ہوئی غذا کھائیں گے،تو جو ٹشو جسم میں جا کر بنیں گے انسان کو وہ گناہ پر اُکسائیں گے۔ جس ماں نے اپنے بچوں کو غذا اچھی دیدی وہ سمجھ لے کہ میں نے بچوں کی آدھی سے زیادہ تر بیت کر دی۔اس لیے اس کا اتنا اثر بچوں کے اخلاق و عادات پر ضرور پڑ جائے گا کہ ان میں نیک بننے کا ذریعہ پیدا ہو جائے گا۔ لہٰذا ان کو ذکر کرتے ہوئے پکایا جانے والا کھانا کھلایئے،با وضو تیار کیا ہوا کھانا کھلایئے تاکہ اللہ رب العزت اس کے اثرات ان میں پیدا کرے۔
بچوں میں صفائی کی عادت :
ایک کام یہ کریں کہ بچے کو بچپن سے ہی صفائی ستھرائی سے رہنا سکھائیں۔ یہ ماں باپ کی ذمہ داری ہے کہ ان کو بات سمجھائیں کہ اللہ رب العزت پاکیزہ رہنے والوں سے محبت فر ماتے ہیں۔ اللہ تبارک و تعالیٰ کا ارشاد ہے واللہ یحب المتطھرین۔(اور اللہ تعالیٰ پاک رہنے والوں سے محبت فر ماتے ہیں )کہیں فر مایا ’’الطھور شطر الایمان‘‘ (پاکیزگی آدھا ایمان ہے ) اگر آپ بچے کو اچھی طرح سمجھائیں گے تو پھر بچہ صاف رہنا پسند کرے گا۔ چنانچہ اچھے لوگ پیدا نہیں ہوتے بلکہ اچھے لوگ تیار کیے جاتے ہیں ، ماں اپنی گود میں لوگوں کو اچھا بنا دیا کرتی ہے۔گر می کے موسم میں بچے کو روزانہ غسل کروائیں ، کپڑا گندہ دیکھیں تو فوراً بدل دیں ، بستر ناپاک ہر گز نہ رہنے دیں ،فوراً اسے پاک و صاف کریں ،بہر حال بچے کی یہ ڈیوٹی تو ادا کرنی پڑتی ہے اور اسی پر ماں کو اس کا اجر و ثواب ملتا ہے لہٰذا بچوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔
بچوں کو بولنے کا ادب سکھائیں :
بعض بچے ’’تو‘‘، ’’تم‘‘ وغیرہ کہہ کر بات کرتے ہیں ان کو نرمی اور پیار و محبت سے سمجھائیں کہ بیٹا ’’آپ ‘‘کہنے سے محبت بڑھتی ہے۔ لہٰذا چھوٹوں کو بھی آپ کہو بڑوں کو بھی آپ کہو۔ بچہ ’’ہاں ‘‘ کہے تو اس کو سمجھائیں کہ بیٹا جی ہاں کہنے میں زیادہ محبت ہے۔ اس طرح چھوٹی چھوٹی باتیں بچہ گود میں سیکھتا ہے اور پھر وہ اسے یاد رہتی ہیں۔ یاد رکھئے کہ بچپن کی سیکھی ہوئی باتیں انسان کو بڑی عمر میں بھی نہیں بھولا کرتیں بلکہ ساری زندگی یاد رہتی ہیں۔ اس لئے بچوں کی تربیت اچھی طرح کریں۔
خود نماز کی پابندی :
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے وَأْمُرْاَھْلَکَ بِالصَّلٰوۃِ وَاصْطَبِرْ عَلَیْھَا (سورہ طٰہ) ’’اور اپنے گھر والوں کو نماز کا حکم دو اور خود بھی اس کی پابندی کرو۔‘‘اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے عجیب ترتیب رکھی ہے۔ بظاہر یہ ہونا چاہئے تھا کہ پہلے خود نماز قائم کرو اور پھر اپنے گھر والوں کو نماز کا حکم دو۔ لیکن یہاں ترتیب الٹ دی ہے کہ پہلے اپنے گھر والوں کو نماز کا حکم کرو اور پھر خود بھی اس کی پا بندی کرو اس ترتیب میں اس بات کی طرف اشارہ فرما دیا کہ تمہارا اپنے گھر والوں کو یا اولاد کو نماز کا حکم دینا اس وقت تک مؤثر اور فائدہ مند نہیں ہو سکتا جب تک کہ تم ان سے زیادہ نماز کی پابندی نہیں کرو گے۔ اب زبان سے تو تم نے ان کو کہہ دیا کہ نماز پڑھو لیکن اگر خود اپنے اندر نماز کا اہتمام نہیں ہے تو ایسی صورت میں ان کو نماز کیلئے کہنا بالکل بیکار مانا جائے گا۔ لہٰذا اپنے گھر والوں اور اپنی اولاد کو نماز کا حکم دینے کا ایک لازمی حصہ یہ ہے کہ ان سے زیادہ پابندی خود کرو اور ان کیلئے ایک مثال اور نمونہ بنو۔اللہ کے نبی نے فر مایا :کہ بچہ جب سات بر س کا ہو جائے تو اس کو نماز کا حکم کرو اور جب دس برس کا ہو جائے تو نماز نہ پڑھنے پر اس کو مارو۔ سات سال کے بچے پر نماز فرض نہیں ہے لیکن ابھی سے نماز کا حکم اس لئے دیا جا رہا ہے کہ اس کو نماز کی عادت پڑ جائے۔ جب اس عمر میں نماز کی عادت پڑ جائے گی تو بالغ ہو نے تک اس کی عادت برقرار رہے گی اور پھر زندگی میں کبھی نماز نہیں چھوڑے گا۔چونکہ نماز بڑی اہم عبادت اور اسلام کا اہم فریضہ ہے۔آج بچے بالغ اور بڑے ہو کر بھی نماز نہیں پڑھتے اس لئے کہ بچپن سے نہ تو نماز کی عادت ڈالی گئی نہ ہی اس کی اہمیت بتائی گئی۔ بچوں کو تو کیا بتاتے بڑے ہی نماز نہیں پڑھتے۔
بچوں کے ساتھ جھوٹ مت بولو:
حدیث شریف میں ہے کہ حضور ﷺ کے سامنے ایک خاتون نے اپنے بچے کو گود میں لینے کیلئے بلایا بچہ آنے میں تردد کر رہا تھا، تو اس خاتون نے کہا کہ ہمارے پاس آؤ، ہم تمہیں کوئی چیز دیں گے،اب وہ بچہ آ گیا۔ آنحضرت ﷺ نے اس خاتون سے پو چھا کہ تم نے بچے کو یہ جو کہا کہ تم ہمارے پاس آؤ ہم تمہیں کچھ دیں گے تو کیا تمہاری واقعی کچھ دینے کی نیت تھی ؟ اس خاتون نے جواب دیا کہ یا رسول اللہ ﷺ میرے پاس ایک کھجور تھی اور یہ کھجور اس کو دینے کی نیت تھی۔ آپ نے فر مایا اگر دینے کی نیت نہ ہوتی تو یہ تمہاری طرف سے بڑا جھوٹ ہوتا اور گناہ ہوتا۔اس لئے کہ تم بچے سے جھوٹا وعدہ کر رہی ہوتی گویا اس کے دل میں بچپن سے یہ بات ڈال رہی ہوتی کہ جھوٹ بولنا، وعدہ خلافی کرنا کوئی ایسی بری بات نہیں ہوتی جس سے گناہ ہو جائے۔
بچوں کو تر بیت کرنے کا انداز :
حضرت ابو ہریرہؓ فر ماتے ہیں کہ آپ ﷺ کے نواسے حضرت حسنؓ نے ایک مرتبہ آپؐ جبکہ ابھی آپؓ بچے ہی تھے صدقہ کی کھجور اُٹھا کر منہ میں رکھ لی، حضور ﷺ نے دیکھا تو فوراً فرمایا ’’کخٍ کخٍ ‘‘عربی میں یہ لفظ ایسا ہے جیسے ہماری زبان میں ’’تھو تھو‘‘ ہے،یعنی اگر بچہ کو ئی چیز منہ میں ڈال لے تو اس کی برائی اور شناعت کے اظہار کے ساتھ وہ چیز اس کے منہ سے نکلوانا مقصود ہو تو یہ لفظ استعمال کیا جا تا ہے۔ بہر حال حضور ﷺ نے فر ما یا ’’کخ کخ‘‘ یعنی اس کو منہ سے نکال کر پھینک دو کیا تمہیں معلوم نہیں ہم بنی ہاشم صدقے کا مال نہیں کھا سکتے۔ ایک طرح حضور ﷺ کو اپنے نواسے حضرت حسنؓ سے اتنی محبت ہے دوسری طرف جب انہوں نے نادانی میں ایک کھجور منہ میں رکھ لی تو آپ ﷺ کو یہ گوارہ نہ ہوا کہ وہ اس کھجور کو کھائیں۔ چونکہ ان کو پہلے سے اس کی تربیت کرنی تھی اس لئے فوراً وہ کھجور منہ سے نکلوائی اور فر مایا کہ یہ ہماری چیز نہیں۔
بچوں سے محبت کی حد:
مذکورہ بالا حدیث میں اس بات کی طرف بھی اشارہ فر مادیا گیا ہے کہ بچے کی تربیت چھوٹی چھوٹی چیزوں سے شروع ہوتی ہے، اس سے اس کا ذہن بنتا ہے، اسی سے اس کی زندگی بنتی ہے اور یہ آپ ﷺ کی سنت ہے۔ آج کل یہ عجیب منظر دیکھنے میں آتا ہے کہ ماں باپ کے اندر بچوں کو غلط باتوں پر ٹوکنے کا رواج ہی ختم ہو گیا ہے۔ آج سے پہلے بھی ماں باپ بچوں سے محبت کرتے تھے، لیکن وہ عقل اور تدبیر کے ساتھ محبت کرتے تھے۔ لیکن آج کل یہ محبت اور لاڈ اس درجے تک پہنچ چکا ہے کہ بچے کتنے ہی غلط کام کرتے ر ہیں ، غلط حرکتیں کرتے رہیں ، لیکن ماں باپ ان غلطیوں پر ٹوکتے ہی نہیں ، ماں باپ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ نادان بچے ہیں ان کو ہر قسم کی چھوٹ ہے، ان کو روک ٹوک کی ضرورت نہیں۔ سوچنا تو یہ چاہیے تھا کہ اگر بچے نادان ہیں مگر والدین تو نادان نہیں ہیں لہٰذا ان کا فرض ہے کہ ان کو تربیت کریں ، اگر کوئی بچہ ادب کے خلاف یا شریعت کے خلاف کوئی غلط کام کر رہا ہے تو اس کو بتانا ماں باپ کے ذمے فرض ہے۔اس لئے کہ وہ بچہ اگراسی طرح بد تہذیب بن کر بڑا ہو گیا تو اس کا وبال والدین کے سر ہے کہ انہوں نے اس کو ابتدا سے ہی اس کی عادت نہیں ڈالی۔ بہرحال اس حدیث سے معلوم ہوا کہ بچوں کی چھوٹی چھوٹی حرکتوں پر بھی نظر رکھ لی جائے۔
بچے اور اس کے برے دوست:
ایک بات اور ذہن میں رکھیں کہ بچوں کو برے دوستوں سے بچانے کا اہتمام کریں۔یاد رکھنا چاہیے کہ بچے اپنے دوستوں سے اتنا کچھ سیکھتے ہیں کہ جن باتوں کا ماں باپ تصور بھی نہیں کر سکتے۔بچے کے دوست اگر اچھے ہوں گے تو بچے کی کشتی کنارے لگ جائے گی اور اگر دوست برے ہوں تو بچے کی کشتی کو ڈبو کر رکھ دیں گے۔ایک انسان کودوست ہی بناتے اور بگاڑ دیتے ہیں۔ نبی اکرمﷺ نے فر مایا: ’’المرء علیٰ دین خلیلہ‘‘(انسان تو اپنے دوستوں کے دین پر ہوتا ہے) اس لئے اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔
بچوں میں سلام اور شکریہ کی عادت :
چھوٹے بچوں میں سلام کر نے کی عادت ڈالیں ، ان کو بتائیں کہ بڑوں کو دیکھ کر سلام کرنی چاہیے۔ سلام کے الفاظ بچوں کو سکھائیں۔ آپ ﷺ کا ارشاد ہے کہ تم سلام کو عام کرو اور اس کا ایک دوسرے کے درمیان رواج دو۔ لہٰذا ماں باپ کو چاہئے کہ بچے کو سلام کرنے کا عادی بنائیں۔اس سے بچے کے دل میں جھجک دور ہو جاتی ہے اور بچہ ڈپریشن سے بھی محفوظ رہتا ہے، دوسروں کو دیکھ کر خوفزدہ نہیں ہوتا بلکہ اس کو سلام کر نے کی عادت پڑنے سے اس میں اخلاق حسنہ، خود اعتمادی اور عزم و ہمت کی صفات پیدا ہوتی ہیں۔ اس لیے ماں باپ کو چاہئے کہ بچے کو سلام کرنے کا طریقہ سکھائیں تاکہ بچے کے دل سے مخلوق کا ڈر دور ہو جائے اور بچے کے اندر جرأت آ جائے اور بزدلی سے بچ جائے۔
اسی طرح بچے میں شکریہ کی عادت بھی بچپن سے ہی پیدا کریں۔ چھوٹی عمر کا ہو تو کیا ہوا اس کو آہستہ آہستہ یہ بات سمجھائیں کہ جب تم سے کوئی نیکی کرے، بھلائی کرے، تمہارے کام میں تعاون کرے، تو بیٹے اس کا شکریہ ادا کرو۔ اس طرح جب وہ انسانوں کا شکریہ ادا کرے گا تو پھر اس کو اللہ کا شکر ادا کرنے کا سبق بھی مل جائے گا۔آپ ﷺ کا ارشاد ہے من لم یشکر الناس ولم یشکر اللّٰہ۔ ’’جو انسانوں کا شکریہ ادا نہیں کرتا وہ اللہ کا بھی شکریہ ادا نہیں کر تا۔‘‘ تو یہ شکریہ کی عادت اپنے بچوں میں ڈالنی چاہئے۔ عجب بات ہے ہمیں اس بات کا اتنا زیادہ حکم دیا گیا مگر آج شائد ہی کوئی ماں ہو جو اپنے بیٹے کو شکریہ کے الفاظ سکھائے۔ جزاکم اللّٰہ، جزاک اللّٰہ خیراً یہ الفاظ اپنے بچوں کو سکھائیں تاکہ بچوں کو صحیح سنت کے مطابق شکریہ ادا کرنے کے الفاظ آ جائیں۔
دل آزاری سے بچئے:
بچے کو یہ سکھائیں کہ نیکیوں میں سے ایک بڑی نیکی یہ بھی ہے کہ کسی کو دکھ نہیں دینا، کسی کو تکلیف نہیں دینا،بچے چھوٹے ہوتے ہیں اور ایک دوسرے سے جلد جھگڑ پڑتے ہیں۔ لیکن جب آپ بچے کو سکھائیں گے کہ کسی کو تکلیف نہ دینا،کسی کا دل نہیں دکھانا، تو ایسا کرنے سے بچے کے دل میں اس کی اہمیت آئے گی کہ دوسروں کا دل دکھانا اللہ کو بہت نا پسند ہے۔ یاد رکھئے کہ بیماریوں میں سے سب سے بڑی بیماری دل کی بیماری ہے اور روحانیت میں سب سے بڑی بیماری دل آزاری ہے اور دوسرے کے دل کو دُکھانا آج سب سے آسان کام بن گیا ہے۔ حالانکہ اللہ کے ہاں سب سے بڑا گناہ یہی ہے کہ کسی بندے کے دل کو دُکھا دیا جائے۔
بچے کو غلطی پر معافی مانگنے کا احساس دلانا:
اگر بچہ کبھی کسی سے لڑ پڑے تو آپ دیکھیں غلطی کس کی ہے اس کو پیار سے سمجھائیں کہ غلطی کی معافی مانگ لو تاکہ قیامت کے دن اللہ رب العزت کے سامنے تمہاری یہ غلطی پیش نہ ہو، بچے کو معافی مانگنے کی فضیلت سنائیں ، معافی مانگنے کا طریقہ بتائیں تاکہ وہ بلا جھجک ہو کر معافی مانگنے کا عادی ہو جائے۔ غلطیاں چھوٹوں سے بھی ہوتی ہیں اور بڑوں سے بھی،بچے کو سمجھائیں کہ جب بھی غلطی ہو جائے تو اسی وقت معافی مانگ لینی چاہئے، اپنے بہن بھائیوں سے اگر بد تمیزی کرے یا ان کو تکلیف دے یا جھگڑا کریں تو ان سے بھی معافی مانگے۔اس کے بعد اس سے کہیں اللہ سے بھی معافی مانگ لو تا کہ اللہ تعالیٰ آپ سے ناراض نہ ہوں۔ہر وقت اللہ کی ناراضگی کے بارے میں یہ بات ڈالنا کہ نیک کام کرنے سے اللہ خوش ہو تا ہے اور لڑائی جھگڑے اور برے کاموں سے اللہ ناراض ہوتا ہے، حتی کہ بچے کے دل میں یہ حقیقت اُتر جائے کہ اللہ کی ناراضگی سب سے بری چیز ہے۔یہ بچے کی تر بیت کیلئے سب سے زیادہ ضروری ہے۔ اس کے برعکس آج یہ ہوتا ہے کہ اگر اپنا بچہ کسی دوسرے بچے سے جھگڑ پڑے تو اپنے بچے کی غلطی کے با وجود دوسرے کے بچے کو ڈانٹا جاتا ہے اور نا حق اپنے بچے کی غلطی سے چشم پو شی کی جا تی ہے، جس سے یہ لڑائی چھوٹوں سے شروع ہو کر بڑوں تک پہنچ جاتی ہے۔
بچے میں اچھی عادت پیدا کرنا:
جب بچہ کئی گھنٹے با ہر گزار کر گھر واپس آئے تو اس بچے کو اس موقع پر ایسی محبت دینی ہے کہ بچے کے اندر اچھی عادتیں جم جائیں اور بری عادتیں اس سے دور ہو جائیں۔ اس لئے جب بچے اسکول سے آتے ہیں اُس وقت یہ چند منٹ کی ڈیوٹی جس عورت نے بھی ادا کر دی اس کے بچے ساری زندگی نیک بنیں گے، مؤدب بنیں گے اور ماں کے ساتھ محبت کرنے والے بنیں گے۔ بچے کبھی نہیں بھول سکتے کہ جب ہم اسکول سے آتے تھے امی ہمیں کتنا پیار کرتی تھیں۔ جب آپ بوڑھی ہو جائینگی، بچے جوان ہو جائیں گے تو پھر بچے ان کی خوشی کا خیال رکھیں گے، جتنا آپ نے ان کا خیال رکھا، لہٰذا یو ں سمجھ لیجئے کہ میں نے آپ کو ایک تحفہ دیدیا آپ اس پر عمل کر لیجئے اور پھر اس کے اثرات بچوں میں خود دیکھیں گی۔
حضور ﷺ کی سنت مطہرہ:حضور ﷺ تشریف فر ما ہیں ، امام حسنؓ تشریف لائے جو آپ ؐ کے بڑے نواسے حضرت فاطمہ زہراؓ کے فرزند دلبند ہیں ، بچے ہی تھے،آپ ﷺ نے ان کا بوسہ لیا،پیار کیا، اس وقت ایک صحابیؓ بیٹھے تھے ان کا نام ’’اقرع ابن حابس‘‘ تمیمی بنو تمیم کے آدمی تھے۔ وہ یہ سب کچھ دیکھ کر حیران ہو گئے کہنے لگے !اے اللہ کے نبی ﷺ میرے تو دس بچے ہیں اور میں نے کبھی کسی کو اس طرح پیار نہیں کیا۔ آپﷺ نے فر مایا ( مَنْ لَایَرْحَمْ لَاْیُرْحَمْ)’’جو آدمی رحم نہیں کرتا اللہ اس پر رحم نہیں فر ماتے‘‘ ایک اور مرتبہ ایسا ہوا کہ ایک اعرابی نے دیکھا کہ آپ ﷺ بچوں کو پیار کر رہے ہیں تو کہنے لگا !اے اللہ کے بنی ﷺ میں تو بچوں کو ایسا پیار نہیں کرتا جیسے آپ کرتے ہیں۔ نبیﷺ نے فرمایا، اگر تیرے دل سے اللہ نے رحمت کو نکال لیا اور تجھے اس سے محروم کر دیا تو کوئی کیا کرے؟ تو معلوم ہوا کہ بچوں سے پیار کرنا انسانی فطرت ہے لہٰذا بچوں کو پیار دینا چاہیے۔
بچوں کی محبت پر جنت کی بشارت
:سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس ایک عورت آئی۔ اس کے ساتھ دو بچے تھے، جن کو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے تین کھجوریں کھانے کو دیں۔ ان بچوں کی ماں نے ایک کھجور ایک بچے کو دی اور دوسراکھجور دوسرے بچے کو دی اور تیسرا خود رکھ لیا مگر خود کھانے کے بجائے ہاتھ میں پکڑ لی۔ جب دونوں بچوں نے اپنی اپنی کھجوریں کھالیں تو پھر تیسری کھجور کو للچائی ہوئی نظروں سے دیکھنے لگے تو اس ماں نے کھجور کے دو ٹکڑے کئے اور آدھا ایک بچے کو اور آدھا دوسرے بچے کو دے دیا۔بچوں نے اس کو بھی کھا لیا اور خوش ہو گئے۔یہ دیکھ کر حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بڑی حیران ہوئیں جب نبی کریم ﷺ تشریف لائے تو عائشہ صدیقہؓ نے یہ پورا واقعہ حضور ﷺ کو سنایا کہ ماں کی محبت دیکھئے کہ اس نے خود نہیں کھایا بلکہ اپنا حصہ بھی بچوں میں ہی تقسیم فر ما دیا۔ نبی کریم ﷺ نے فر مایا کہ اللہ نے اس عورت پر جنت کو واجب کر دیا۔ سبحان اللہ تو ماں جب بچوں کو اس طرح محبت کرتی ہے اس کے بدلے اللہ اس ماں کو جنت عطا فرما دیتے ہیں یا د رکھئے حدیث پاک میں آیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نر می پر وہ رحمتیں نازل فر ما دیتا ہے جو سختی پر نازل نہیں فر ماتا۔ اس لئے بچے کی تر بیت کرتے ہوئے ان باتوں کا خاص خیال رکھا جائے۔
بچے کو توحید کی تعلیم:
ایک اور بڑا اہم نقطہ یہ ہے کہ بچے کے دل میں بچپن سے ہی ایمان کو مضبوط کیجئے، تو حید کا تصور مضبوط کیجئے، بچے کے دل میں اللہ پرتو کل پیدا کرنے کی کوشش کیجئے۔ یہ ماں کے اختیار میں ہوتا ہے کہ وہ ایسی تر بیت کرے کہ بچے کے دل میں ڈر بھی اللہ رب العزت کا ہو،امیدیں ہوں تو اللہ سے ہوں ، محبت ہو تو اللہ کی ہو، توحید اس کے ذہن میں رچ بس جائے اور وہ انسان، وہ بچہ اللہ سے والہانہ محبت کرنے والا بن جائے۔ہمارے پہلے وقت کی اچھی مائیں ان باتوں کا خاص خیال رکھا کرتی تھیں۔لیکن اس معاملے میں موجودہ دور کے ماں باپ کوئی توجہ ہی نہیں دے رہے ہیں۔
اگر آج کے والدین خصوصاً بچے کی ماں اس طرح تر بیت کا اہتمام کرے تو اس کی آغوش میں پلنے والے بچے بھی اللہ کے ولی اور نیک بنیں گے اور ایک ہی وقت پران کے لیے دارین یعنی اس دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی راحت کا ذریعہ بنیں گے بلکہ ان سے اس دنیا میں اللہ کی مخلوق کو بھی فائدہ نصیب ہو گا۔
یاد رکھئیے! والدین کی اہم ترین ذمہ داری یہی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے تئیں امانت دادی کا معاملہ اختیار کریں ، امانت دادی یہی ہے کہ وہ (صحیح تربیت) کو اپنے بچوں میں جذب کرنے کی حتی المقدور کوشش کریں تاکہ خدا کے دربار میں ان کی طرف سے حق کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہ لکھی جائے۔
یاد رکھئیے! والدین کو یہ ذمہ داری نبھانی ہے یعنی بچوں کی صحیح تربیت کرنی ہے باقی ہدایت سے سرفراز کرنا اللہ رب العزت کا کام ہے۔ اس لیے صحیح تربیت کے ساتھ ساتھ اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور میں صالح اولاد کی بھی دعا کرتے رہنا چاہیے۔
اللہ رب العزت ہم سب کو اپنی مرضیات پر چلنے کی توفیق عطا فر مائے۔ اور ہمیں ہماری اولاد کی تربیت صحیح طریقے سے کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اور ان کو ہماری آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے۔(آمین)
٭٭٭
تشکر: مصنف جنہوں نے اس کی فائل فراہم کی
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید