بزم اردو
۔۔۔ اس نمائندہ تحریک کا عنوان ہے جس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ عصر حاضر کی جدید ترین ٹیکنالوجی کے موزوں استعمال کے ذریعے اردو ادب کی ترویج و اشاعت کی جائے۔
اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور گلوبلائزیشن کے اس دور میں  جدید نسل کا ناتا اردو سے جڑا رہنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ  وقت کے تقاضوں کے ساتھ متبادل وسائل کا بہترین انداز میں استعمال کیا جائے۔
موجودہ برق رفتار زمانہ میں نئی نسل کے پاس اپنے آبا و اجداد کے کتب خانے کھنگالنے کیلیے وقت کی کمی اور دیگر وجوہات کا امکان تو نظر آتا ہی ہے ۔۔۔
ع   تجھ سے بھی دلفریب ہیں غم روزگار کے

مگر ۔۔۔ آج جب سر کے بالوں سے لے کر جوتے کا تسمہ تک محض ایک کلک کی دوری پر دستیاب ہو تو ایسے دور میں اردو زبان و ادب کے وسیع ترین ذخیرہ کو انٹرنیٹ پر پیش کیا جانا ایک ناگزیر امر بن چکا ہے۔ اور وہ بھی انداز میں کہ اردو داں حضرات کی اس مواد تک بآسانی رسائی ممکن ہو اور دنیا کے کسی بھی کونے سے بلا روک ٹوک مستفید ہوا جا سکے۔

اسی  فکر کے زیر اثر حیدرآباد (دکن) کی ایک  مشہور  علمی و ادبی شخصیت  ” اعجاز عبید ” صاحب جنہیں بلا شبہ مجاہد اردو کہا جا سکتا ہے اور "اردو ویب” کے ان کے رفقاء نے کچھ سال قبل برقی کتابیں جمع کرنے اور جملہ حقوق سے آزاد کتابوں کو برقیانے کا کام شروع کیا تھا ۔

مختلف  ادوار سے گذرنے کے بعد برقی کتابوں کا یہ عظیم الشان ذخیرہ ” بزم اردو لائبریری ” کی شکل میں اب آپ کے سامنے حاضر ہے۔  فی الحال یہاں اعجاز عبید سرگرم عمل ہیں۔

امید قوی ہے کہ اس مخلصانہ کوشش کو سراہا جائے گا اور دوست احباب اس پروجیکٹ کو مزید آگے بڑھانے میں ہر ممکن تعاون سے نوازیں گے۔