FavoriteLoadingپسندیدہ کتابوں میں شامل کریں

جو جاگنے کو ملا دیوے خواب میں

محمد عاطف علیم

 

—- ۱ —–

بن ڈر کے ڈرے رہنا اور بے بات کے مرے رہنا۔ بس یہی تھا جو جانے کب سے چل رہا تھا۔

رات کے آخر آخر میں   جب آسمان کی بھید بھری ا تھاہ میں   ڈولتا چاند زمین کی اور تکتے تکتے بوریت کے مارے بے دم ہو جاتا تو تماشا شروع ہو جاتا۔

وہ بہت سے تھے اور میں   اکیلا۔ جانے کون کو ن دیسوں   یہ چنڈال چوکڑی اکٹھی ہو کر اس اینٹوں ، ریت، بجری اور سیمنٹ سے اٹھائے گئے جیومیٹریکل ملغوبے میں  آن بسی تھی جس کے باہری دروازے پر ہوم سویٹ ہوم کی چٹاخ اڑی تختی آڑھی ترچھی لٹکا کرتی ہے۔ قصور تو خیر میرا ہی تھا کہ میں   نے ہی ان سب پاگل خانوں   کو تلاشا تھا۔ ورنہ وہ بیچارے تو اپنے اپنے وجود سے کٹے ہوئے، نا ہونے جیسا ہونے پر اکتفا کیے اپنی اپنی قید میں   شانت پڑے تھے۔

ادھر میں   تھا، نیند اور تنہائی کا مارا، اپنے ہونے سے کٹا ہوا، پری شیزو فرینک ٹائپ چیز۔ جب دیکھو ہولایا پھروں ۔ ناخنوں   سے ماس نوچتا کمرے میں   چکر لگایا کروں ۔ بس ایک ہی اچمنی کہ کوئی تو دوسرا ہو، اینی ادر سیلف جس سے کوئی بات شات کی صورت بنے۔ بھلے ہم سخن نہ ہو اور کوئی مضائقہ نہیں   کہ ہم زبان بھی نہ ہو لیکن کوئی تو ہو جو میرے بدن کے چھید چھید سے رت جگوں   کی لہو رنگ کرچیاں   چن سکے۔ کوئی تو ہو جو میری دوسراتھ میں   ستاروں   کی اعصاب شکن خاموشی اور پورنما کی بے انت شورش کا تماشا دیکھ سکے۔ لوگ مجھے پاگل خانہ کہتے ہیں   تو کچھ غلط نہیں   کہتے کہ میں   عذابوں   کا جویا یونہی خود کو بے حال رکھتا ہوں ۔

سو اسی اچمنی کے مارے یا ایک موہوم امید کے سہارے میں   نے انہیں   اینٹ اینٹ سے تلاشا کہ میرے سنگی ساتھی بنیں   گے اور کیا عجب کہ ان سے مجھے کچھ اپنی اور چھور مل جائے۔ شاید میں   کبھی خود کو ان سے ایسوسی ایٹ نہ کر پاؤں   لیکن اب تو یہی میری بے خواب راتوں   کے گواہ ہیں ۔

ہر روز رات کی آخری ساعتوں   میں   جب میری جاگتی آنکھوں   سے لہو رسنے لگتا ہے یہ خواتین و حضرات دیواروں   سے نکل نکل کمرے میں   مجلس جمانے کو آ موجود ہوتے ہیں ۔ ان میں   جو نہیں   ہوتی تو بس وہی نہیں   ہوتی جس سے کٹ کر بھی میں   آج دم تک گویا اس کے آنول سے بندھا ہوا ہوں  ۔ مجھے ارمان ہے تو بس اسی کا اور تلاش ہے تو بس اسی کی کہ وہ میری پہچان کا حرف اول ہے۔ وہ ہو تو کچھ میرا اتا پتا، کچھ میرا اور چھور ملے۔ خیر،اس کا ذکر بعد میں   پہلے میں   گجر دم تک بپا ہونے والے اس طوفان بد تمیزی کا احوال بیان کر دوں   جس کا چارو ناچار مجھے حصہ بننا پڑتا ہے۔

منظر یوں   ہے کہ یہ سورما اور مسخرے، کوی اور گائیک، صوفی اور سنت اور وہ تمام جو دن بھر جھڑتے اکھڑتے پلستر کی دیواروں

اپنے اپنے وقت سے بچھڑی ہوئی اس طریوں   طریوں   کی مخلوق کے لئے جگہ تنگ پڑتی ہے تو دیواریں   سرک کر پرے ہو جاتی ہیں   اور ہوتے ہوتے کمرہ شور شرابے سے دھڑدھڑاتے پاتال کا سامنظر پیش کرنے لگتا ہے۔ جب سب لوگ منڈلی جما بیٹھتے ہیں   تو پنڈورا نام کی بی بی بھی اپنے منہ سر سے ریت سیمنٹ جھاڑتے بغل میں   اپنا بدنام زمانہ بکسا دبائے نمودار ہو جاتی ہے۔ مجھے اوروں   کا تو پتا نہیں   لیکن اسے دیکھتے ہی میری سانسیں   تہہ و بالا ہونے لگتی ہیں ۔ میرے دماغ میں   جھماکا ساہوتا ہے۔ کوئی انوکھا خیال، کوئی عجیب سی بات۔ میں   مارے ہڑبڑاہٹ کے سگریٹ بجھاتا اور لیٹے لیٹے سیدھا ہو بیٹھتا ہوں ۔

’’کیا پتا یہ وہی ہو۔ ‘‘میں   کاسمیٹک سرجری کی معجز نمائی کا اعتراف کرتے ہوئے سوچتا ہوں ۔

خدا لگتی بات ہے کہ یہ صاف میرا پاگل پن تھا۔ وہ دکھنے میں   ہی کوئی اور تھی۔ یونانی ناک نقشے والی گوری چٹی بی بی جبکہ مجھے ایک پھولے ہوئے نتھنوں   والی قدرے پچکی ہوئی ناک اور کشادہ پیشانی والے گندم رنگ چہرے کی تلاش تھی۔

’’ایکسکیوز می۔ ‘‘امکان کی لامحدودیت اس کے باوجود مجھے اکساتی اور میں   ایک اضطراب بھری شائستگی سے اسے مخاطب کرتا۔ وہ پلٹ کر خفگی سے میری جانب نگاہ کرتی۔

’’کیا مجھے ہر روز بتانا پڑے گا کہ میں   وہ نہیں   ہوں   جس کی تمہیں   تلاش ہے؟ ‘‘

وہ تیز لہجے میں   کہتی ہے اور پھر اگلے لمحے میرے چہرے پر پھیلتی اندوہناک مایوسی کو بھانپ کر وہ مامتا کی ماری مجھے تسلی دیتی ہے۔

’’ٹھیک ہے، ٹھیک ہے دل برا نہ کرو۔ اگلی مرتبہ میں   ہائیڈرا سے پوچھتی آؤں   گی۔ اکثر مسنگ پرسنز اسی کے ہاں   سے برآمد ہوتے ہیں ۔ ‘‘

حاضرین مجلس میرے دخل در نا معقولات پر چیں   بجبیں   ہوتے ہیں   اور میں   چپکا ہو رہتا ہوں ۔ اپنے بھانویں   وہ نا مطلوب خاتون مجھ سے فراغت پا کر کمر لچکاتی منڈلی کے عین درمیان میں   آلتی پالتی مار بیٹھتی ہے۔ سد ا کی نروس اور ہڑبڑائی ہوئی یہ بی بی بحث کے شوق یا کوئی بڑا انکشاف کرنے کے جوش میں   اپنے بکسے کو دھم سے زمین پر دے مارتی ہے۔ اس امکانی طور پر دانستہ بے احتیاطی پر کسی کام چور ترکھان کے بنائے ہوئے اس ناقص بکسے کا ڈھکن ایک جھٹکے سے کھل جاتا ہے اور ماحول اچانک شور اور تکدر سے لبریز ہو جاتا ہے۔ روز روز کی مہلک غلطی دہرانے کے بعد وہ پکا سا منہ بنا کر آئی ایم سوری کہتی ہے اور جھینپ مٹانے کو کوئی ٹھس لیکن اپنے تئیں   اہم بات چھیڑ دیتی ہے۔

رسیلے پن کی رسیا اس مجلس میں   اس رسیلی بی بی کی آمد سب کو بھاتی لیکن وائے کہ وہ منحوس بکسا۔

’’ بی بی! کم از کم اس نحوست کو تو پہلے بند کر لو۔ ہر طرف پولیوشن پھیلا دی ہے تم نے آن کی آن میں  ‘‘یہ نفاست اور خمار کے متلاشی اندر جی مہاراج تھے۔ رسیلی گوپیوں   کے رنگیلے پیا۔ انہیں   ڈر رہتا کہ ماحول کا تکدر سوما کے خمار کو بھنگ نہ کر دے۔ اندر مہاراج یوں   بھی جب سے سورگ لوک میں   وشنو جی کے ساتھ اقتدار کی ایک طویل اور پیچیدہ جنگ میں   آخری حزیمت اٹھانے کے بعد اپنے عہدہ جلیلہ سے تیاگ پتر دے کر آئے تھے،کچھ چڑچڑے سے ہو رہے تھے۔

پنڈورا بی بی کھسیانی سی ہو کر بکسے کو بند کرنے کی کوشش میں   جت جاتی لیکن تب تک ساری بلائیں   مجلس میں   جہاں   جہاں   سما سکتیں   سماچکی ہوتیں ۔

’’رہنے دو بکسے میں   اب اس نامعقول امید کے سوا کچھ بھی نہیں   بچا۔ ‘‘کوئی سابق ڈگ وجے بہادر ناک چڑھا کر گویا ہوتے۔

’’امید؟‘‘ شنکر مہاراج کا ایک بالکا چونک اٹھتا۔ ’’ ایک اور دھوکا،مایا جال کی ایک اور گرہ،مرتیہ لوک کی ایک اور کپٹ۔ تمہاری بڑی مہربانی بی بی! اسے وہیں   پڑا رہنے دو‘‘۔

’’یوں   بھی امیدہو ہی کیوں   کہ اس نے سوائے دکھ کے انسان کو دیا ہی کیا ہے؟ ‘‘ ایک دانشور نے پھننگ پر چشمہ درست کرتے ہوئے ارشاد کیا۔ ’’دکھ ہی ستیہ ہے‘‘۔ ایک کوی نے آہ بھرتے ہوئے مصرعہ موزوں   کیا۔

’’اتم دکھم۔ یہ شاکیہ منی نے کہا تھا۔ ‘‘ ایک بھکشو نے کندھے پر نارنجی لبادے کو سیدھا کرتے ہوئے یاد دلانا ضروری سمجھا اور تھوڑی ہی دیر میں   وہاں   نظریات کا کروکشیتر شروع ہو گیا۔ میں   بے بسی سے ایک ایک کو دیکھے گیا۔

’’بھائیو! میری بھی تو سنو۔ میں   بے پتا ہوں   اگر کسی کو میرا ایڈریس معلوم ہو تو مطلع فرما کر ثواب دارین حاصل کرے‘‘۔ نظریات کی آپا دھاپی میں   کون کسی کی سنے۔ میں   وہاں   سے اٹھ آیا۔ ایک اور منڈلی میں  یونہی سے کسی موضوع پر برین سٹارمنگ سیشن چل رہا تھا۔

’’ہاں   تو بھائی پرو میتھیس!‘‘ہیڈزکا کوئی من موجی یونہی بات چلانے کو چٹکی بھرتا۔ ’’ تم نہیں   جانتے تھے کہ تم جس انسان کو دیوتاؤں   کا ہم سر بنانے چلے تھے اس کے لچھن کیا ہیں  ؟

’’ثنا ہو دیوتاؤں   کے دیوتا کی۔ تحقیق کہ برباد ہوا وہ جس نے سرکشی اختیار کی اور اپنی الگ راہ تراشی۔ ‘‘پرومیتھیس کی جانب ملامت کے یہ شبد ارسال کرنے والا کوئی اور نہیں   اس کا اپنا بھائی ایپی میتھیس تھا۔ اس ہڑبڑائی ہوئی بی بی پنڈورا کا شوہر نامدار۔

’’یار! تم لوگوں   کے پاس کوئی اور بات نہیں   کرنے کی؟‘‘ پرومیتھیس ہزار بار کی دہرائی ہوئی بات پر چڑ جاتا۔ ’’میں   نے کوئی فال نکلوا کر تو نہیں   دیکھی تھی۔ کوئی ایکسرے تو نہیں   کیا تھا حضرت کے دماغ کا۔ میں   نے تو ان گڈ فیتھ آگ کا تحفہ دیا کہ میاں   جی چولہا جلائیں   گے۔ برفیلی راتوں   میں   ٹھٹھر کر مرنے سے بچ رہیں   گے۔ مجھے کیا پتا تھا کہ حضرت کس کینڈے کے نکلیں   گے؟ ‘‘

’’تمہاری چرائی ہوئی آگ اب بستیوں   کو جلانے کے شبھ کام میں   استعمال ہو رہی ہے بھولے بادشاہ!‘‘ ایک دل جلے نے اپنے پنکھ گود میں   درست کرتے ہوئے کومنٹ کیا۔

’’میں   نے تو پہلے ہی کہا تھا شری ہے، شر پھیلائے گا لیکن کوئی تھا جو میری سنتا۔ الٹا مجھے مردود  ٹھہرا دیا گیا۔ ‘‘ ایک تاریک کونے سے آواز آئی۔

’’تم چپ رہو۔ تمہارا مسئلہ صرف پرسنیلٹی کلیش کا ہے۔ اور پھر تم کہاں   کے معصوم ہو؟۔ گند پھیلانے میں   تم نے بھی تو کوئی کسر نہیں   چھوڑی۔ ‘‘تقدس مآب کے گڈ ول ایمبیسڈر کم ایلچی نے اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی کوشش کی۔

’’میرا منہ نہ کھلواؤ چمچے!اگر تم جا کر ایک کی چار چار نہ لگاتے تو شاید کمپرومائز کی کوئی صورت نکل ہی آتی۔ ‘‘

’’بھائی لوگو! تم اپنی ہی کہے جاؤ گے یا میری بھی سنو گے؟‘‘میں   بوریت کے مارے کراہ اٹھتا ہوں ۔

’’سوری مسٹر!یہاں   نجی مسائل ڈسکس نہیں   کیے جا سکتے۔ ‘‘ ’’میری آنکھوں   سے رستا لہو اور میرا عمروں   لمبا جگراتا محض نجی معاملہ ہے؟۔ ‘‘

’’تمہارا مسئلہ یہ ہے کہ تم اپنی میں   سے کٹ چکے ہو۔ رہی نیند تو وہ کیوں   کر تمہارے پاس آئے الا یہ کہ تم اپنی میں   سے جڑ نہ جاؤ۔ کیوں   بھائی تھاناٹوز ! کیا کہتے ہو بیچ اس مسئلے کے؟‘‘ متکبر و کم گوتھانا ٹوز کے ایک چاپلوس نے ٹانگ اڑانا ضروری سمجھی۔

تھاناٹوز،ہمیشہ کا عدیم الفرصت۔ اس نے لحظہ بھر کے لئے اپنی سیاہ پلکیں   اٹھا کر میرے بھیتر میں   کٹیلی، سیاہ نگاہیں   گاڑیں   اور سر کی پر خیال جنبش سے تائید ظاہر کی۔ تب اس نے سیاہ کاغذ پر لکھی فہرست پر ایک نظر دوڑائی،کچھ ناموں   پر ٹک مارک لگایا اور ایکسکیوز می کہتے ہوئے ترنت اپنے دھندے پر روانہ ہو گیا۔

فرائیڈ کا ایک شاگرد رشید میری جانب متوجہ ہوا اور دلی فکر مندی سے بولا۔ ’’بھائی جی! تمہارا کیس بھی اوڈی پس سے زیادہ مختلف نہیں   ہے۔ تمہارا کرونک گلٹ ہی تمہارے دماغ کی تباہی کا موجب ہے‘‘۔

’’بکتا ہے سالا فرائیڈین۔ ‘‘ ایک مارکسی دانشور نے نفرت سے ہونٹ سکیڑے۔ ’’دیکھو میاں  ! تم مارکیٹ اکانومی کی تباہ کاریوں   کے زندہ۔ ۔ ۔ اگر تمہیں   زندہ کہا جا سکے۔ ثبوت ہو۔ دراصل سارا مسئلہ سسٹم کا ہے۔ یہ سسٹم جو ہے۔

اس کے بعد یدھ تو پڑنا تھا سو وہ دانتا کل کل ہوئی کہ توبہ بھلی۔ میں   چپکے سے سٹک لیا۔

قریب ہی شجر و حجر اور چرند و پرند کی منڈلی جمع تھی۔ اس کے بیچوں   بیچ دھونی رمائے شری شنکر مہاراج بزبان خاموشی ابدی چپ کا درس دے رہے تھے۔ میں   نے از راہ احترام ان کے چرن چھوئے اور تھوڑا آگے سادھوؤں   سنتوں   کی ایک سبھا کا رخ کیا۔ وہاں   میاں   کبیر بھی بیٹھے مل گئے۔ مجھے جگہ دینے کو وہ تھوڑا سرک لیے۔ منڈلی کے درمیان میں   ایک سادھو اکتارہ بجاتے ہوئے گا رہا تھا۔

’’ماتم ان حسرتوں   پر جو بھیتر میں   دم توڑ گئیں ۔

ماتم ان چیخوں   پر جو سینے کے پنجرے میں   پھڑ پھڑاتی رہ گئیں ۔ ماتم ان مسرتوں   پر جو کرب کی گپھا میں   حبس دم مر گئیں ۔ ‘‘ ’’ اور ماتم ان روحوں   پر جو بدن کی دیوار تلے دب کر رہ گئیں  ‘‘۔ کسی نے اپنے تئیں   نظم مکمل کی۔

’’وا حسرتا! کہ پہلے میں   سے تو اور پھر میں   سے میں   تک جدا کر دی گئی۔ ‘‘میں   نے توجہ طلب انداز میں   ایک آہ سرد کھینچی۔

وہیں   کوئی بھگت بیٹھے تھے۔ میری طرف دیکھ کر شفقت سے مسکرائے۔ ’’ دکھی جان پڑتے ہو۔ کون ہو بالک؟۔ ‘‘

’’کی جاناں   میں   کون‘‘ ایک پرندے نے ونک کیا اور بلندیوں   کی جانب پرواز کر گیا۔

’’میں   کون؟۔ ۔ ۔ میں   کون؟۔ ‘‘ہیڈز کے عفریتوں   اور پنڈورا کے بکسے سے نکلی بلاؤں   نے لہک لہک کر کورس گانا شروع کر دیا۔

میں   نے تلملا کر دیکھا تو کھسیانی سی ہو کر چپ ہو رہیں ۔ تب میں   اس نرم خو بھگت سے مخاطب ہوا۔

’’کوئی بتلاؤ کہ ہم بتلائیں   کیا۔ ۔ ۔ آئی مین اگر آپ جان پائے ہوں   تو ارشاد فرمائیے۔ ‘‘

’’ آئیڈنٹٹی کرائسس؟‘‘ بھگت نے رسان سے پوچھا۔

’’شاید ہاں ، شاید نہیں ۔ وہ ملے تو کچھ جان پاؤں ۔ ‘‘

’’تیسری آنکھ کھول کر دیکھو کیا پتا وہ یہیں   کہیں   ہو۔ ‘‘بھگت نے اپنے بھانویں   نویکلی بات کی۔

’’اسی آنکھ میں   تو کم بختوں   نے تاک کر تیر مارا تھا۔ ‘‘ میں   نے جل کر جواب دیا۔

’’اتم دکھم۔ ‘‘ایک مہایانی نے اپنے گنج پر ہاتھ پھیر تے ہوئے آہ بھری۔

تب میاں   کبیر ہماری جانب متوجہ ہوئے۔ کچھ کہنے کو منہ کھولا لیکن پھر رنجور سے ہو، سر جھکا کر آڑھی ترچھی لکیریں   کھینچنے لگے۔ تب انہوں   نے ایک سرد آہ کھینچی۔

چلتی چکی دیکھ بھگت کبیرا روئے

دو پاٹن کے بیچ ثابت بچا نہ کوئے

وہ بھگتوں   کا بھگت، ذات کا جولاہا دکھ کی ایک لہر میں   اٹھا اور چادر درست کرتے ہوئے کسی اور جانب روانہ ہو گیا۔

’’بائی دا وے!یہ کن پاٹن کا ذکر خیر ہو رہا تھا؟‘‘ کسی نے کسی سے پوچھا۔

’’اللہ جانے شاید علامتی پیرائے میں   بین الاقوامی سیاست کی کوئی بات چھیڑی تھی میاں   جی نے۔ ‘‘

’’ثابت بچا نہ کوئے۔ ۔ ۔ ثابت بچا نہ کوئے۔ ‘‘ایک اندھے یوگی نے اکتارے پر دھن چھیڑ دی۔

وہ سب میرے لیے اجنبی تھے کہ میں   خود اپنے لیے اجنبی تھا۔ وہاں   سے نکلا تو شوریدگی کے مارے یونہی کبھی اس جا کبھی اس جا گھومنے لگا۔

وہیں   کہیں   شعر خوانی کی مجلس جمی تھی۔ شاعر تحت اللفظ میں   پڑھ رہا تھا۔

’’عرض کیا ہے۔ ایک ہم ہیں   کہ لیا اپنی ہی صورت کو بگاڑ۔ ‘‘

’’واہ نوشہ میاں   واہ! اللہ قسم دل کھینچ کے رکھ دیا ہے‘‘ کوئی سن کر پھڑک اٹھا۔

’’کیا مصرع کہا ہے۔ وا ہ جی واہ!۔ ‘‘ یہ کوئی اور تھا جو مصرع اٹھاتے ہوئے لوٹ پوٹ ہوا۔ ’’ ایک ہم ہیں   کہ۔ ۔ ۔ ماشاء اللہ،سبحان اللہ۔ ‘‘

’’بندگی۔ شکریہ۔ نوازش۔ ۔ ۔ ‘‘احساس تفاخر سے سرشارشاعر کو کئی بار ماتھے پر ہاتھ لے جانا پڑا۔

’’ایک وہ ہیں   جنہیں   تصویر بنا آتی ہے۔ ‘‘

’’بیکار،سب بیکار۔ لفظوں   کا سلسلہ ہے۔ لفظوں   کا سلسلہ ہے۔ ‘‘ ’’میں   کہاں   تلاش کروں   اسے؟۔ ۔ ۔ اور اگر وہ نہ ملی تو میرا پتا کون بتلائے گا؟؟‘‘ تب گجر دم کی نوبت بجتی ہے اور لا وقت کا مقدس طلسم ریزہ ریزہ بکھر جاتا ہے۔ بوڑھا وقت بغل میں   جھاڑو دبائے سامنے کھڑا تھا۔ اس کا کھنگھورا سنتے ہی سب تصویریں   ایک ایک کر کے رخصت ہو دیوار پر جاسجتی ہیں ۔

مجھے تیار ہو کر دفتر جانا ہوتا ہے سو میں   بیڈ پر ایک پر کیف نیند میں   ڈوبی پڑی اپنی نصف بہتر کو جگائے بغیر باتھ روم میں   گھس جاتا ہوں ۔

 

—- ۲ —–

میں   جانتا ہوں   کہ سب مجھ سے نفرت کرتے ہیں ۔ خیر، نفرت تو شاید ٹھیک لفظ نہ ہو البتہ خوف کہا جا سکتا ہے۔ لیکن شاید خوف بھی نہیں   کراہت سمجھئے۔ ظاہر ہے ایک ستے ہوئے ڈل ایکسپریشن والا شخص جس کی آنکھوں   سے لہو رستا ہو اور جس کے مو مو سے وحشت ٹپکتی ہوکسی کا للو پپو تو نہیں   ہوسکتا۔ اور پھر میری یہ عادت جتنی بری ہے اس سے زیادہ خطرناک ہے کہ میں   راہ چلتے کسی بھی عورت پر نظریں   گاڑ دیتا ہوں   اور تب تک نظریں   واپس نہیں   پھیرتا جب تک مجھے کوئی اور ٹارگٹ نہ مل جائے۔ خاص طور پر اگر خاتون نقاب پوش ہو تو میری نگاہیں   اس کا نقاب نوچنے کے درپے ہو جاتی ہیں ۔ یہ سب اس امر کے باوجود ہے کہ جنسی تلذذ کے اعتبار سے میں   خدا کی اس غبی مخلوق سے ذرا برابر رغبت نہیں   رکھتا۔ مجھے عورتوں   کو گھورتا پا کران کے ساتھ کے لوگ کھا جانے والی نظروں   سے میری طرف دیکھتے رہ جاتے ہیں  ۔ ڈائریکٹ ایکشن کی نوبت اس لیے نہیں   آتی کہ دیوانوں   کا سا حلیہ میری ڈھال بن جاتا ہے اور لوگ پہلی نظر میں   ہی جان لیتے ہیں   کہ مجھ سے الجھنا بیکار ہے۔

طویل راستوں   چلتا،عورتوں   کو لتاڑنے کی حد تک تاڑتا میں   دفتر پہنچ جاتا ہوں   تو وہاں   لوگ مجھے دور سے آتا دیکھ کر سراسیمگی کے مارے ادھر ادھر ہونے کی کوشش کرتے ہیں ۔ یوں   جیسے میں   کوئی خطرناک پاگل ہوں ۔ کبھی کبھی بے خبری میں   کچھ ہو جائے تو اس کی قسم نہیں   لیکن خطرناک میں   بہرحال نہیں   ہوں ۔ یہاں   بے خبری کا لفظ میں   نے اپنی اس کیفیت کے متبادل کے طور پر لکھا ہے جسے یہ لوگ دورہ پڑنا کہتے ہیں ۔

بہت مزہ آتا ہے جب کوئی نیا بھرتی ہونے والا یا والی اچانک میرے سامنے آ جائے تو مجھ سے نظریں   چار ہوتے ہی اس کا رنگ فق ہو جاتا ہے اور وہ جلدی سے سلام مار کر کھسکنے کی کرتا ہے۔ اس کی وجہ بھی ظاہر ہے کہ میری رت جگے کی ماری لال بوٹی آنکھوں   سے رستا لہو اور میرا نہایت ٹی پیکل حلیہ ہی ہے۔ اس کا فائدہ بہر طور یہ ہے کہ مجھے تنہائی وافر مقدار میں   دستیاب رہتی ہے اور میں   بیکار کی سوشلائزیشن سے بچا رہتا ہوں ۔ اگر کرنے کو کوئی کام ہو تو وا بھلا، نہ ہو تو میرا سارا وقت کمپیوٹر پر نظریں   جمائے دنیا کی سیر کرنے میں   کٹ جاتا ہے۔

ہر دوسرے تیسرے روز یہ ہوتا ہے کہ دفتر میں   میرے پہنچتے ہی مسٹر بل شٹ کا بلاوا میرا منتظر ہوتا ہے اور مجھے جلدی جلدی کاغذ قلم تلاش کر کے اس کے کمرے کی طرف دوڑ لگانا پڑتی ہے۔ مسٹر بل شٹ میرا باس ہے، کمپنی کا مالک۔ وہ مجھ جیسے بد لحاظ اور بد تمیز ملازم کو اپنے سامنے تو کجا دفتر میں   بھی ایک لحظہ برداشت نہ کرے لیکن میں   اس کی مجبوری ہوں   کہ جو کام میں   کرسکتا ہوں   وہ میں   ہی کرسکتا ہوں ۔

سین یوں   بنتا ہے کہ میں   اس سب ہیومین کے سامنے ہوں   اور مارے خوشامد کے اس کی باچھیں   کھلی جا رہی ہیں ۔ وہی بات جس سے مجھے چڑ ہے۔ اگر وہ منافقت کے شیرے سے لتھڑی مسکراہٹ سے باز رہ سکے جس سے اس کے چہرے کے تمام عضلات اذیت ناک حد تک کھنچ کر اس کی بد شکلی کو بے مثال بنا دیتے ہیں   تو شاید اس پر گھٹا ٹوپ برستی بے ہودگی قابل برداشت حدوں   سے باہر نہ نکلے۔ بہر طور وہ بھی کیا کرے کہ کارپوریٹ سیکٹر میں   تو کچھ اس جیسے مانس ہی چلتے ہیں ۔ خیر، وہ مجھے کمرے میں   داخل ہوتا دیکھتے ہی اچھلتا ہے اور دروازے کی جانب دوڑ لگا دیتا ہے۔ چٹخنی چڑھانے سے پہلے وہ احتیاط کے رواج سے باہر جھانکتا ہے اور پھر سیدھے فریج کی جانب لپکتا ہے۔ یہ علامتیں   اور اس کی اس وقت کی باڈی لینگوئج بتاتی ہے کہ کوئی لاکھوں   کروڑوں   کی کیمپین آئی ہے جس کا بار تنہا میں   ہی اٹھا سکتا ہوں ۔ تب میں   خود پر اہمیت کا احساس اوڑھے ٹائی کی ناٹ ڈھیلی کرتے ہوئے پھیل کر بیٹھ جاتا ہوں ۔ وہ فریج میں   سے کوئی امپورٹیڈ بوتل نکالتا ہے۔

’’ کل ہی تحفہ ملا ہے،ایمبیسی سے۔ میں   نے خاص تمہارے لیے بچا رکھی تھی۔ ‘‘

وہ ایک مستعد بیرے کی طرح ٹاکی مار کر میز صاف کرتا ہے اور پھر بہت کمال عقیدت کے ساتھ بوتل کھول کر بمع بلوریں   گلاس کے میرے سامنے رکھ دیتا ہے۔

’’ساری کی ساری ڈکار جاؤ۔ ‘‘

’’آپ بھی لیجئے ناں  !۔ ‘‘ میں   اوپری دل سے اسے دعوت دیتا ہوں ۔

’’لاحول و لا قوت!یہ ماء الخنریر اور اس مقدس ماہ میں ۔ ؟‘‘ وہ برہمی کے اچانک حملے کو پسپا کرتے ہوئے کہ تقاضائے وقت ہے اپنے لہجے کو نرم کرتا ہے اور ہونٹوں   پر زبان پھیرتے ہوئے کہتا ہے۔ ’’میرا مطلب افطار سے پہلے کیسے؟ ‘‘

میں   مسٹر بل شٹ کی تاریخی مجبوری کو سمجھتے ہوئے سر ہلاتا ہوں   اور ماء الخنزیر جرعہ جرعہ حلق میں   اتارنے لگتا ہوں  ۔ وہ جب دیکھتا ہے کہ میری آنکھیں   سرخ سے سرخ تر ہو چکی ہیں   تو کاغذوں   کا پلندہ میز پر بکھیر دیتا ہے۔

’’تمہیں   یاد ہے یو ایس ایڈ والی کمپین جو ہم نے ڈنڈا دے کر جیتی تھی؟ارے بھائی!وہی دیہاتی بچوں   کو صابن سے ہاتھ دھونے کی تمیز سکھانے والی؟ بس سمجھو کچھ ویسا ہی کام آیا ہے۔ پورے پچیس کروڑ کی کمپین ہے۔ ۔ ۔ آہ! پچیس کروڑ۔ ‘‘وہ آنکھیں   بند کر کے چٹخارہ سالیتا ہے۔ ’’ اور کمپی ٹیشن بھی بہت بھاری ہے۔ بہت یدھ پڑے گا۔ میں   ابھی سے بتا ریا ہوں ۔ گو کہ میں   نے منسٹر کو رام بلکہ زیر دام کر لیا ہے لیکن گاٹیاں   مارنے والے بھی کم کایاں   نہیں ۔ ‘‘ وہ فائل میری جانب سرکاتے ہوئے اپنے لہجے میں   خوشامد کی شیرینی کو دو چند کر دیتا ہے۔ ’’تمہیں   ہی کوئی شعبدہ دکھانا پڑے گا۔ تم جینئس ہو کچھ بھی کرسکتے ہو۔ ہاں ،اگر یہ بوتل کم پڑے تو اور بھی ہے۔ بس تم نے آج ساری کری ایٹوٹی نچوڑ دینی ہے کاغذ پر۔ ایسے ایسے آئیڈیاز سوچنے ہیں   کہ سالے تھاں   مر جائیں ۔ ‘‘

’’کسی لوز  کریکٹر خنزیر کا نطفہ حرام۔ ‘‘تیز غصے کی گرم لہر میرے دماغ کو گرما دیتی ہے۔ ’’دو ٹکے کی بوتل دے کر مجھ سے میری لاکھوں   کی متخیلہ کا طلب گار ہے۔ وہ بھی اس تنخواہ کے بدلے جو کبھی ملتی ہے کبھی نہیں ۔ ‘‘

’’تم فکر نہ کرو،میں   اکاؤنٹنٹ سے کہہ دوں   گا کہ تمہاری پچھلی تنخواہوں   کا کلہم چیک بنا دے۔ آن ارجنٹ بیسز۔‘‘

میں   متوقع چیک میں   درج مفروضہ رقم اور گھر کے التوا شدہ خرچے کو آپس میں   جوڑ جوڑ سے بٹھانے کی کوشش کرتا ہوں   اور پھر مجبوری کے بوجھ تلے دبی ایک ٹھنڈی سانس بھر تے ہوئے ایک بغل میں   بوتل اور دوسری میں   فائل اٹھا کر اٹھ کھڑا ہوتا ہوں ۔

’’ارے، ارے ! کیا غضب کرتے ہو؟ کیوں   گنہگار کرتے ہو۔ ماہ مقدس ہے،سمجھا کرو۔ یہیں   چڑھا لو ورنہ آرڈی نینس تو ہے ای۔ ‘‘

میں   دھپ سے صوفے پر بیٹھ جاتا ہوں ۔ وہ انٹر کام پر بات کرنے کے بعد ہاتھ کی پشت سے دہن سے چھوٹتی شیریں   جھاگ پونچھتا ہے اور مجھے آنکھ ٹکاتا ہے۔

’’مس ڈول تمہیں   بریف کر دے گی۔ ‘‘

’’نئی جوائننگ ہے۔ ملو گے تو ایمان تازہ ہو جائے گا۔ بہتر ہے کالا چشمہ لگا لو کچھ پرسنیلٹی بن جائے گی۔ خیر، تو بھیا جی! میں   بتاتا چلوں   کہ اس بار تمہیں   ٹور ازم کے فروغ کے لئے ملک کا سافٹ امیج بلڈ کرنا ہے۔ ابھی سے ذہن کو تیار شیار کر لو۔ ‘‘

’’ٹورازم، اس ملک میں  ؟۔ ۔ ۔ اور سافٹ امیج؟؟۔ ۔ ۔ ٹورازم اینڈ کلچر منسٹری کے اس شیخ الشیوخ قسم کے منسٹر اور اس کے ہم خیال اگیا بیتالوں   کے ہوتے ہوئے؟۔ ۔ ۔ اٹ از جسٹ امپوسبل۔ ‘‘

’’ہاں   وہ شیخ الشیوخ۔ ‘‘وہ ہنستا ہے۔ ’’ مس ڈول بھی صبح سے اس کے تھل تھلے پیٹ کے لمس کو یاد کر کر کے ابکائیاں   لے رہی ہے۔ کیا کریں   پچیس کروڑ کا سوال ہے۔ اتنی بڑی رقم کے لئے مس ڈول کی جگہ میں   بھی۔ آخ !وہ تھل تھلا پیٹ۔ ‘‘

وہ ہنستا ہے اور اس کے چہرے پر حیا کی سرخی سی دوڑ جاتی ہے پھر وہ لجایا لجایا سا اٹھتا ہے اور میرے لیے باہر کا دروازہ کھول دیتا ہے۔

میں   اپنے کمرے میں   الہامی موڈ میں   بیٹھا تھا کہ دفعتاً ایک نیلی آنکھوں   والی3424×36 x سائز کی قیامت ہائی ہیل کھٹ کھٹاتی اندر داخل ہوئی۔ مس ڈول کے انگ انگ سے پھوٹتی شہوانی لذت اور شیخ الشیوخ کے تھل تھلے گنبد کا لمس؟۔ آہ!جسٹ امپوسبل۔ انہیں   ایک ساتھ بریکٹ کرنا کس قدر اذیت ناک بد ذوقی اور کس قدر جھرجھرا دینے والا خیال تھا۔ لیکن پچیس کروڑ کے لئے تو خودمسٹر بل شٹ بھی۔ ۔ ۔

اس نے اپنا تعارف کراتے سمے ایک نظر مجھے دیکھا تو اس کے گل رخ چہرے پر کرب انگیز کراہت میں   گھلے قابل رحم تاثرات نمودار ہوئے۔ وہ تہذیب الاخلاق کی ماری میرے سامنے بیٹھی تو چھت پر نظریں   گاڑ کر ترنت پروفیشنل لُک اوڑھ لی اور چٹاخ پٹاخ انگریزی جھاڑنی شروع کر دی۔ وہ مجھے پراجیکٹ کے بارے میں   بریف کر رہی تھی اور میں   اس کی تا حد امکان لو نیک لائن سے پھٹے پڑتے جوبنے کوپر خیال نظروں   سے گھور رہا تھا۔ اس نے میری نظروں   کا محور بھانپ کر در فٹے منہ قسم کی نظروں   سے مجھے دیکھا اور پھر لاپرواہی سے سو واٹ سٹائل میں   بال پیچھے جھٹکے۔

اچانک ایک بینگ ہوا اور میں   قرنوں   کے سفر پر روانہ ہوا۔

میں   دیکھ رہا تھا کہ اس کے چہرے پر تمازت کھائی موم کی سی نرمی آ رہی ہے اور نقوش آہستہ آہستہ اپنی ساخت بدل رہے ہیں ۔ چہرہ جہاں   پہلے گلاب رنگ تمازت تھی وہاں   شام اتر آئی تھی۔ اس کی رومن ناک کا بانسا ذرا ساپچکا اور پھننگ کی طرف اٹھتے سمارٹ، کسے ہوئے نتھنوں   میں   ڈھیلا پن اور پھیلاؤ آ گیا۔ جب آنکھوں   کی نیلی جھیل میں   اماوس کی رات ستارے اوڑھ کر اتر ی تو اس کا جنم بدل چکا تھا۔ اب وہ اولمپس کی نیلگوں   آنکھوں   والی افرودیتی نہیں   موہنجوداڑو کی سیاہ چشم نرتکی بن چکی تھی۔ اس دوران آسمانوں   سے سبز کناری والی چادر کا اتر آنا اور اس کے بلونڈ لک دیتے بالوں   پر جم جانا البتہ محض میرے بے لگام تخیل کا کرشمہ تھا۔ میں   اس پر نظریں   گاڑے بے خود تھا اور ایک جھماکے کی زد میں   تھا۔

’’تمہیں   یاد ہیں   وہ دن جب میں   تمہاری گود میں   ہمکتا تھا۔ ننھا سا گل گوتھنا سا۔ جب،جب میں   بھوک سے بیاکل ہو کر تمہیں   ٹٹولتا تھا؟‘‘کہیں   دور سے میری آواز بازگشت کی صورت میری سماعت سے ٹکرائی۔

’’واٹ؟۔ ۔ ۔ مین ! آر یو میڈ؟‘‘اس نے کراہت کے مارے آنکھیں   سکیڑیں   اور اپنی نگاہوں   کا نیلا ب میری سیاہی مائل سرخی میں   انڈیل دیا۔

نہیں   شاید یوں   نہیں   تھا بلکہ یوں   تھا کہ اس کی سیاہ آنکھوں   میں   ممتا کی چمک کوندی اور اس نے لپک کر میرے تھکے ہوئے، جگراتوں   کے مارے وجود کو اپنی آغوش میں   سمیٹ لیا۔

’’تم کہاں   تھے میرے لال؟۔ ۔ ۔ کون ظالم تمہیں   مجھ سے چھین لے گیا؟۔ ۔ ۔ ‘‘وہ چٹاخ پٹاخ مجھے چوم رہی تھی اور مجھے پانے کی خوشی میں   حال سے بے حال ہوئے جا رہی تھی۔

میرے دماغ میں   پھر سے میری آواز گونجی۔

’’جب تم پر چھاجوں   ساون برستا اور تمہیں   دور تک نرما دیتا۔ تب میں   تمہاری چھاتیوں   میں   ہولے سے اپنے ہل کی انی اتار دیتا اور تمہاری سوندھی مہکار کو من میں   بسائے تم میں   نئی فصل کا بیج ڈالتا۔ پھر میں   دن بھر کی مشقت سے تھک کر دم لینے کو آم کے بور تلے جا بیٹھتا اور تم لاڈ میں   میری جھولی کو پھولوں   سے بھر دیتی۔ اور پھر بسنت رت آتی۔ میں   بسنتی صافہ باندھتا، تم بسنتی چولا پہنتیں   اور سارا سنسار نیلے پیلے پرندوں   کی چہکار سے بھر جاتا۔ تمہیں   یاد ہیں   نا وہ بیتے سمے؟۔ ۔ ۔ وہ راشن کی قطاروں   سے پہلے کے دن؟۔ ۔ ۔ ہم ماں   بیٹا تب کتنے شانت تھے۔ کتنے خوش خوش جیا کرتے تھے۔ ‘‘میں   اپنی رو میں   کہے گیا۔ تب میں   دریافت کے جنون میں   تھا،ایک طریوں   کی آبدیدگی کے عالم میں   اور میری زبان پراس کے دودھ کا گم گشتہ ذائقہ میری تشنہ کامی کو تڑپائے دے رہا تھا۔ اس کے گداز، شہوت میں   گندھے سینے پر کائنات کا مقدس نور ٹوٹ کر برس رہا تھا۔ وہ سینہ کہ سمجھو ایک جانگلی گلاب بھری چنگیر تھی جس سے اٹھتی باس مجھے بیاکل کیے دے رہی تھی۔ میرے ہونٹوں   پر تشنج اتر آیا تھا اور میں   حریص سا اس کی چھاتیوں   کو بھینچ لینے کی پر اذیت چاہ میں   بولایا جا رہا تھا۔

یہ ٹھیک وہی وقت تھا جب رات کی سیاہی اپنے سیال بھیدوں   سے تہی ہوتی فجر کے دودھیا تقدس میں   ڈھلنے کو ہوتی ہے اور جب رگ وید کے نیک نہاد پجاری چندر بھاگ کے جھلملاتے پانیوں   کے کنار کھڑے صبح کی دیوی اوشاس کے سامنے سر جھکا دیا کرتے تھے۔

تب میں   یاد کر رہا تھا ابتدائے آفرینش سے پہلے کے وہ دن کہ جب تھکن کے مارے میری پلکیں   بوجھل ہوتیں   تو وہ مجھے خود سے لپٹا کر لوری سنایا کرتی تھی اور میں   نیند کے مدھر ساگر میں   تحلیل ہو جاتا۔ یہ وہی لوری تھی جو ایک روز بھائی اور فیوس نے مجھے ری کری ایٹ کر کے سنائی تو کئی دن تک میں   کھلی آنکھوں   بے سدھ پڑا رہا۔

میں   بے خبری کے عالم میں   تھا اور نہیں   جانتا تھا کہ معاملات کی کیا صورت ہے لیکن میرے دماغ کے عقبی حصے میں   اس کے تیزی سے بھاگتے ہائی ہیل قدموں   کی ڈری ہوئی کھٹ کھٹ ابھی تک محفوظ پڑی ہے۔

بیکار تھا، سب بیکار۔

وہ کوئی اور تھی، کسی اور جنم میں   تھی۔ میں   کوئی اور تھا، کسی اور جنم میں   تھا۔

 

—- ۳ —-

ارشمیدس کو بھی کیا خوشی ملی ہو گی جب اس پر انکشاف کا در وا ہوا اور وہ شور مچاتا برہنہ تن باتھ روم سے نکلا تھا۔ خوشی تو میں   نے پائی تھی جب میں   اتفاق سے کسی چیز کی تلاش میں   اپنے گھر کے بھولے بسرے کمرے میں   کہ جسے کاٹھ کباڑ کا عجائبستان کہا جا سکتا ہے داخل ہوا تھا۔ جونہی میں   نے دیمک کھائی لکڑی کے پٹ کھولے تو قدیم کی سڑاند سے میں   چکرا گیا۔ میں   نے سڑاند سے بچنے کے لئے ناک منہ لپیٹا اور چیزوں   کو ٹٹولنے اور انہیں   اٹھا نے پٹخانے میں   لگ گیا۔ مجھے ٹھیک سے معلوم نہیں   تھا کہ مجھے دراصل کس چیز کی تلاش ہے لیکن ضرور کوئی بھاری بپتا آن پڑی تھی کہ میں   اس ہولناک سڑاند کو برداشت کیے جا رہا تھا۔ اس کمرے کا ایک عقبی دروازہ بھی تھا جس پر قدیم طرز کا ایک زنگ آلود تالا جھولا کرتا تھا۔ میں   نے سن رکھا تھا کہ یہ دروازہ پاتال کی تاریک گھٹن میں   کھلتا ہے۔ جب میری نظریں   تاریکی سے مانوس ہوئیں   تو کیا دیکھا کہ تالا ٹوٹا ہوا اور دروازے کے دونوں   پٹ اکھڑے پڑے تھے۔ قدیم سڑاند کے بھبکے وہیں   سے آ رہے تھے۔ مجھ سے پہلے کوئی وہاں   آیا تھا لیکن کون؟ میری غبی نصف بہتر تو یہاں   آنے سے رہی۔

پاتال والوں   کی جانب سے اپنے قیمتی کاٹھ کباڑ کی چوری کی کسی ممکنہ واردات کے بارے میں   سوچتے ہوئے میں   نامعلوم مطلوبہ شے کی تلاش میں   کاٹھ کباڑ کو پھرول رہا تھا کہ اچانک ایک ٹوٹا ہوا تصویری فریم میرے ہاتھ لگا۔ یونہی بے خیالی میں   میں   نے اسے اٹھایا تو لکڑی کا فریم جھڑ گیا۔ بوسیدہ فریم میں   شیشہ بھی جڑا تھا جو گرنے سے کرچی کرچی ہو گیا۔ اس کے ساتھ ہی میں   نے دیکھا کہ فریم کی اندرونی تہہ میں   چھپائی گئی ایک تصویر بھی پھسل کر نیچے آ رہی تھی۔ اچانک کمرے کی دیواروں   میں   کسی نامعلوم چھید سے سورج کی ایک کرن لپکی اور تصویر پر پھیل گئی۔ میں   نے تعجب سے دیکھا کہ وہ کسی عورت کی تصویر تھی۔ دھندلی ہونے کے باوجود میں   دیکھ سکتا تھا کہ اس عورت کے چہرے پر شام کا تقدس پھیلا ہوا تھا اور اس نے سر پر سبز کناری والی چادر اوڑھ رکھی تھی۔ میں   اس عورت کا ناک نقشہ نہیں   دیکھ سکتا تھا کہ سب نقش غیر واضح تھے۔ غیر واضح بھی کیا یوں   سمجھو جیسے کسی نے چہرے پر رندا پھیر دیا ہو۔ کیا خبر کہ وقت اپنی بے دھیان شتابی میں   گذرتے ہوئے اس کے چہرے پر اپنے خار دار پنکھ پھیر گیا ہو۔ آخر اس نے صدیوں   کی گذران کے پہرے دار ابوالہول کے ساتھ بھی تو یہی کیا تھا کہ اس معصوم کو یونہی اپنی ازلی شتابی میں   ناک نقشے سے محروم کر دیا تھا۔

میں   سحر زدہ سا دیکھ رہا تھا کہ اس رندا پھرے چہرے پر دو زندہ آنکھیں   تھیں   جو مجھ پر گڑی تھیں ۔ میں   مسمرائزڈ سا ان آنکھوں   کی راہ اس عورت کے بھیتر میں   اتر گیا۔

وہاں   راستے ہی راستے تھے،گہرائی ہی گہرائی تھی اور سیڑھیاں   ہی سیڑھیاں   تھیں ۔ کچھ یوں   تھا کہ میرے قدم بے اختیار ہو چکے تھے اور میں   ان اجنبی راستوں   اور سیڑھیوں   میں   گویا پھسلتا جا رہا تھا۔ تب میں   ونڈر لینڈ والی ایلس کی طرح گہرائی میں   اترتا چلا گیا۔ تبھی وہیں   قدیم ویرانوں   میں   کہیں   مجھے پاپائیرس سے بنے کاغذ کا ایک پرزہ چکراتا دکھلائی پڑا۔ میں   نے اٹھا کر دیکھا تو اس پر کسی تصویری زبان میں   کچھ تحریر تھا۔ سمجھو کہ موہنجوداڑو اور ہڑپہ کی تصویری زبان سے کچھ ملتی جلتی لکھت تھی۔ میں   نے کاغذ اٹھایا تو اچانک ایک خیال میرے دماغ میں   کوندا کہ اس بھورے خستہ کاغذ پر ضرور میرے نام کوئی سندیس درج ہو گا۔

’’میں   واپس جا کر اس تحریر کو ڈیسی فر کروں   گا۔ کیا پتا اس سے مجھے اپنا سراغ مل جائے۔ ‘‘ یہ سوچ کر میں   نے ادھر ادھر دیکھ جلدی سے کاغذ کے پرزے کو جیب میں   ٹھونس لیا اور واپسی کے لئے دوڑ لگا دی۔ میں   ہانپتا ہوا ان گہرائیوں   سے باہر آیا تو ارشمیدس جیسی فتح مندسرشاری سے نڈھال ہو رہا تھا۔

میں   نے چاہا کہ زندہ آنکھوں   والی اس عورت کی تصویر کو کہ جس سے امکانی طور پر میرا کبھی کوئی رشتہ رہا ہو گا بغل میں   دبا کر باہر سٹک لوں   کہ اچانک ایک عظیم الجثہ ویمپائر کہ جس کے ایک بازو پر سرخ اور سفید دھاریوں   اور دوسرے پر نیلے پیچ کے ساتھ ستاروں   کے ٹوٹم کھدے تھے کہیں   سے نمودار ہو کر مجھ پر حملہ آور ہوئی۔ بڑی ویمپائر کے جلو میں   چند چھوٹی ویمپائرز بھی تھیں ۔ وہ بھی سب کی سب میرے سر کی پچھلی جانب جھپٹ رہی تھیں ۔ لگ یہ رہا تھا کہ وہ میر ی کھوپڑی توڑ کر میرے دماغ کا گودا کھانے کی فکر میں   ہیں ۔ یہ وہی مقام ہے جہاں   میں   نے ان گنت آرٹی فیکٹ اور صدیوں   کا علم سٹور کر رکھا تھا۔ تبھی سرخ اور سفیددھاریوں   والی بڑی ویمپائر نے دوسری کو ونک کیا۔ جواب میں   اس نے فضا میں   ایک چکر کاٹا اور غوطہ لگاتے ہوئے مجھ پر جھپٹی۔ اس نے سمر سالٹ کرتے ہوئے سیدھے میری قمیض کی خفیہ جیب کو پھاڑا اور کاغذ کا پرزہ نکال اسی جھونک میں   پاتال کو واپس ہوئی۔

میں   تنہا تھا اور نہتا تھا اور پاتال کی راہ آنے والی ویمپائرز غول در غول تھیں ۔

میں   پسپا ہوتی سپاہ کا آخری سپاہی تھا اور جان بچانے کی فکر میں   تھا۔

میں   نے اپنے پیچھے دھڑ سے دروازہ بھیڑ چٹخنی چڑھائی تو دوسری جانب ویمپائرز کی فاتحانہ چیخوں   کو صاف سن سکتا تھا۔

 

—- ۴ —-

میں   بے نشانا، بے سراغا واپس آیا تو مجلس گرم تھی۔ وہی روز کی جھک جھک۔ خوش فکر گپ باز ٹولیوں   کے درمیان وہی لفظوں   کا نا ختم ہونے والا سلسلہ۔

میں   نے سرسری نگاہ سے دیکھا تو ایک ٹولی میں   نرتکی بھرت ناٹیم کے بھید بھاؤ بتا رہی تھی اور نٹ راج اپنے چہرے پر تخلیق کا پر مسرت جوش جگائے تال دینے میں   منہمک تھے۔ نرتکی نے لحظہ بھر اپنی سیاہ آنکھوں   سے میری جانب دیکھا اور پھر ایک چک پھیری لیتے ہوئے مہندی لگے کومل ہاتھوں   کی سجل جنبش سے کوئی کتھا کہنے میں   منہمک ہوئی۔

میں   اپنے نراش بستر پر دھپ سے گرا تو کسی نے میرا کندھا دبایا۔ پلٹ کر دیکھا تو کوئی اور نہیں   بھائی اور فیوس تھا،میری طرح ایک اداس روح۔ وہاں   شاید وہی تھا جس کے ساتھ میرے دکھ کی سانجھ بنتی تھی۔ اس نے میری آنکھوں   سے رستے لہو کو پونچھا اور پھر اپنے بربط کی ٹوٹی تاریں   جوڑنے میں   جت گیا۔ تب اس نے وہ دھن چھیڑی جو خاص اس نے یوری ڈائس کی موت پر کمپوز کی تھی اور جسے سترھویں   صدی کے اوائل میں   اطالوی کمپوزر کلاڈیو مونتے وردی نے سر کی تلاش کے دوران ایک مبارک لمحے میں   محض اتفاق سے پا لیا تھا۔

بھائی اور فیوس نے بربط کی تاروں   پر ایک سہل سے انگلیاں   پھیریں   اور آسمان کی جانب منہ کر کے آنکھیں   موندھ لیں ۔ وہ دکھ کے گہرے ساگر میں   تھا اور گا رہا تھا۔

Tu Se Morta

Hey Morta

Tu Se Morta, mia vita…

تم مر چکی ہو

مر چکی ہو

تم مر چکی ہو میری زندگی۔ ۔ ۔

میں   موت کی رفاقت میں   ہمیشہ تمہارے ساتھ رہوں   گا

الوداع زمین و آسماں   الوداع

الوداع اے شاہ خ اور الوداع

Addio terra, addio cielo,

e sole, addio

وہ گا رہا تھا اور اس کی کپکپاتی آواز اولمپس کی بلندیوں   پر اداسی کی چادر بچھاتے ہوئے پاتال میں   ڈوب رہی

تھی۔ ایک گہرے دردناک اور تھرتھراتے ہوئے کومل کے بعد تیور لگا تو آواز پاتال سے ابھری اور کہکشاؤں   پر تیرتی اس پار گم ہو گئی جہاں   سورگ اور نرک ہوا کرتے ہیں ۔

وہ گا رہا تھا اور میں   کروٹ بدلے بن لوری سوجانے کے جتن میں   تھا۔

٭٭٭

ماخذ:

اخبارِ اردو جنوری 2012

تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید