FavoriteLoadingپسندیدہ کتابوں میں شامل کریں

فہرست مضامین

ترجمہ قرآن مجید

حصہ چہارم : حدید تا ناس

               مولانا محمود الحسن

سورۃ الحدید

شروع اللہ کے نام سے جو بیحد مہربان نہایت رحم والا ہے

۱.         اللہ کی پاکی بولتا ہے جو کچھ ہے آسمانوں میں اور زمین میں   اور وہی ہے زبردست حکمتوں والا

۲.        اسی کے لیے ہے راج آسمانوں کا اور زمین کا جلاتا ہے اور مارتا ہے اور وہ سب کچھ کر سکتا ہے

۳.        وہی ہے سب سے پہلا اور سب سے پچھلا  اور باہر اور اندر اور وہ سب کچھ جانتا ہے

۴.        وہی ہے جس نے بنائے آسمان اور زمین چھ دن میں پھر قائم ہوا تخت پر جانتا ہے جو اندر جاتا ہے زمین کے اور جو اُس سے نکلتا ہے  اور جو کچھ اترتا ہے آسمان سے اور جو کچھ اس میں چڑھتا ہے  اور وہ تمہارے ساتھ ہے جہاں کہیں تم ہو اور اللہ جو تم کرتے ہو اس کو دیکھتا ہے

۵.        اسی کے لیے ہے راج آسمانوں کا اور زمین کا اور اللہ ہی تک پہنچتے ہیں سب کام

۶.        داخل کرتا ہے رات کو دن میں اور داخل کرتا ہے دن کو رات میں   اور اس کو خبر ہے جیوں کی بات کی

۷.        یقین لاؤ اللہ پر اور اس کے رسول پر اور خرچ کرو اس میں سے جو تمہارے ہاتھ میں دیا ہے اپنا نائب کر کر  سو جو لوگ تم پر یقین لائے ہیں اور خرچ کرتے ہیں ان کو بڑا ثواب ہے

۸.        اور تم کو کیا ہوا کہ یقین نہیں لاتے اللہ پر اور رسول بلاتا ہے تم کو کہ یقین لاؤ اپنے رب پر اور لے چکا ہے تم سے عہد پکا اگر ہو تم ماننے والے

۹.         وہی ہے جو اتارتا ہے اپنے بندے پر آیتیں صاف کہ نکال لائے تم کو اندھیروں سے اجالے میں اور اللہ تم پر نرمی کرنے والا ہے مہربان

۱۰.       اور تم کو کیا ہوا ہے کہ خرچ نہیں کرتے اللہ کی راہ میں اور اللہ ہی کو بچ رہتی ہے ہر شے آسمانوں میں اور زمین میں  برابر نہیں تم میں جس نے کہ خرچ کیا فتح مکہ سے پہلے  اور لڑائی کی، ان لوگوں کا درجہ بڑا ہے ان سے جو کہ خرچ کریں اس کے بعد اور لڑائی کریں اور سب سے وعدہ کیا ہے اللہ نے خوبی کا اور اللہ کو خبر ہے جو کچھ تم کرتے ہو

۱۱.        کون ہے ایسا کہ قرض دے اللہ کو اچھی طرح، پھر وہ اس کو دونا کر دے اس کے واسطے اور اس کو ملے ثواب عزت کا

۱۲.       جس دن تو دیکھے ایمان والے مردوں کو اور ایمان والی عورتوں کو دوڑتی ہوئی چلتی ہے ان کی روشنی ان کے آگے اور ان کے داہنے  خوشخبری ہے تم کو آج کے دن باغ ہیں کہ نیچے بہتی ہیں جن کے نہریں سدا رہو ان میں یہ جو ہے یہی ہے بڑی مراد ملنی

۱۳.       جس دن کہیں گے دغا باز مرد اور عورتیں ایمان والوں کو راہ دیکھو ہماری ہم بھی روشنی لے لیں تمہارے نور سے کوئی کہے گا لوٹ جاؤ پیچھے پھر ڈھونڈ لو روشنی پھر کھڑی کر دی جائے ان کے بیچ میں ایک دیوار جس میں ہو گا دروازہ اس کے اندر رحمت ہو گی اور باہر کی طرف عذاب

۱۴.       یہ ان کو پکاریں گے کیا ہم نہ تھے تمہارے ساتھ  کہیں گے کیوں نہیں لیکن تم نے بچلا دیا اپنے آپ کو اور راہ دیکھتے رہے اور دھوکے میں پڑے اور بہک گئے اپنے خیالوں پر یہاں تک کہ آ پہنچا حکم اللہ کا اور تم کو بہکا دیا اللہ کے نام سے اس دغا باز نے

۱۵.       سو آج تم سے قبول نہ ہو گا فدیہ دینا اور نہ منکروں سے تم سب کا گھر دوزخ ہے وہی ہے رفیق تمہاری، اور بری جگہ جا پہنچے

۱۶.       کیا وقت نہیں آیا ایمان والوں کو کہ گڑگڑائیں ان کے دل اللہ کی یاد سے اور جو اترا ہے سچا دین  اور نہ ہوں ان جیسے جن کو کتاب ملی تھی اس سے پہلے پھر دراز گزری ان پر مدت پھر سخت ہو گئے ان کے دل اور بہت ان میں نافرمان ہیں

۱۷.      جان رکھو کہ اللہ زندہ کرتا ہے زمین کو اس کے مر جانے کے بعد ہم نے کھول کر سنا دئیے تم کو پتے اگر تم کو سمجھ ہے

۱۸.       تحقیق جو لوگ خیرات کرنے والے ہیں، مرد اور عورتیں اور قرض دیتے ہیں اللہ کو اچھی طرح ان کو ملتا ہے دونا اور ان کو ثواب ہے عزت کا

۱۹.       اور جو لوگ یقین لائے اللہ پر اور اس کے سب رسولوں پر وہی ہیں سچے ایمان والے اور لوگوں کا احوال بتلانے والے اپنے رب کے پاس ان کے واسطے ہے ان کا ثواب اور ان کی روشنی  اور جو لوگ منکر ہوئے اور جھٹلایا ہماری باتوں کو وہ ہیں دوزخ کے لوگ

۲۰.      جان رکھو کہ دنیا کہ زندگانی یہی ہے کھیل اور تماشا اور بناؤ اور بڑائیاں کرنی آپس میں اور بہتات ڈھونڈنی مال کی اور اولاد کی جیسے حالت ایک مینہ کی جو خوش لگا کسانوں کو اس کا سبزہ پھر زور پر آتا ہے پھر تو دیکھے زرد ہو گیا پھر ہو جاتا ہے روندا ہوا گھاس اور آخرت میں سخت عذاب ہے اور معافی بھی ہے اللہ سے اور رضامندی اور دنیا کی زندگانی تو یہی ہے مال دغا کا

۲۱.       دوڑو اپنے رب کی معافی کی طرف کو اور بہشت کو  جس کا پھیلاؤ ہے جیسے پھیلاؤ آسمان اور زمین کا  تیار رکھی ہے واسطے ان کے جو یقین لائے اللہ پر اور اس کے رسولوں پر، یہ فضل اللہ کا ہے دے اس کو جس کو چاہے اور اللہ کا فضل بڑا ہے

۲۲.      کوئی آفت نہیں پڑتی ملک میں اور نہ تمہاری جانوں میں جو لکھی نہ ہو ایک ایک کتاب میں پہلے اس سے کہ پیدا کریں ہم اس کو دنیا میں  بے شک یہ اللہ پر آسان ہے

۲۳.      تاکہ تم غم نہ کھایا کرو اس پر جو ہاتھ نہ آیا اور نہ شیخی کیا کرو اس پر جو تم کو اس نے دیا  اور اللہ کو خوش نہیں آتا کوئی اترانے والا بڑائی مارنے والا

۲۴.      وہ جو کہ آپ نہ دیں اور سکھلائیں لوگوں کو بھی نہ دینا  اور جو کوئی منہ موڑے اللہ آپ ہے بے پروا سب خوبیوں کے ساتھ موصوف ہے

۲۵.      ہم نے بھیجے ہیں اپنے رسول نشانیاں دے کر اور اتاری ان کے ساتھ کتاب اور ترازو تاکہ لوگ سیدھے رہیں انصاف پر  اور ہم نے اتارا لوہا  اس میں سخت لڑائی ہے اور لوگوں کے کام چلتے ہیں  اور تاکہ معلوم کرے اللہ کون مدد کرتا ہے اس کی اور اس کے رسولوں کی بن دیکھے  بے شک اللہ زور آور ہے زبردست

۲۶.      اور ہم نے بھیجا نوح کو اور ابراہیم کو اور ٹھہرا دی دونوں کی اولاد میں پیغمبری اور کتاب  پھر کوئی ان میں راہ پر ہے اور بہت ان میں نافرمان ہیں

۲۷.     پھر پیچھے بھیجے ان کے قدموں پر اپنے رسول  اور پیچھے بھیجا ہم نے عیسیٰ مریم کے بیٹے کو اور اس کو ہم نے دی انجیل  اور رکھ دی اس کے ساتھ چلنے والوں کے دل میں نرمی اور مہربانی  اور ایک ترک کرنا دنیا کا جو انہوں نے نئی بات نکالی تھی ہم نے نہیں لکھا تھا یہ مگر ان پر کیا چاہنے کو اللہ کی رضامندی پھر نہ نباہا اس کو جیسا چاہیے تھا نباہنا  پھر دیا ہم نے ان لوگوں کو جو ان میں ایماندار تھے ان کا بدلہ اور بہت ان میں نافرمان ہیں

۲۸.      اے ایمان والو ڈرتے رہو اللہ سے اور یقین لاؤ اس کے رسول پر دے گا تم کو دو حصے اپنی رحمت سے اور رکھ دے گا تم میں روشنی جس کو لیے پھر و اور تم کو معاف کرے گا اور اللہ معاف کرنے والا ہے مہربان

۲۹.      تاکہ نہ جانیں کتاب والے کہ پا نہیں سکتے کوئی چیز اللہ کے فضل میں سے اور یہ کہ بزرگی اللہ کے ہاتھ ہے دیتا ہے جس کو چاہے اور اللہ کا فضل بڑا ہے

سورۃ المجادلۃ

شروع اللہ کے نام سے جو بے حد مہربان نہایت رحم والا ہے

۱.         سن لی اللہ نے بات اس عورت کی جو جھگڑتی تھی تجھ سے اپنے خاوند کے حق میں اور جھینکتی تھی اللہ کے آگے  اور اللہ سنتا تھا سوال و جواب تم دونوں کا بے شک اللہ سنتا ہے دیکھتا ہے

۲.        جو لوگ ماں کہہ بیٹھیں تم میں سے اپنی عورتوں کو وہ نہیں ہو جاتیں ان کی مائیں، ان کی مائیں تو وہی ہیں جنہوں نے اُن کو جنا اور وہ بولتے ہیں ایک ناپسند بات اور جھوٹی  اور اللہ معاف کرنے والا بخشنے والا ہے

۳.        اور جو لوگ ماں کہہ بیٹھیں اپنی عورتوں کو پھر کرنا چاہیں وہی کام جس کو کہا ہے تو آزاد کرنا چاہیے ایک بردہ پہلے اس سے کہ آپس میں ہاتھ لگائیں  اس سے تم کو نصیحت ہو گی   اور اللہ خبر رکھتا ہے جو کچھ تم کرتے ہو

۴.        پھر جو کوئی نہ پائے تو روزے ہیں دو مہینے کے لگاتار  پہلے اس سے کہ آپس میں چھوئیں پھر جو کوئی یہ نہ کر سکے تو کھانا دینا ہے ساٹھ محتاجوں کا  یہ حکم اس واسطے کہ تابعدار ہو جاؤ اللہ کے اور اس کے رسول کے  اور یہ حدیں باندھی ہیں اللہ کی اور منکروں کے واسطے عذاب ہے دردناک

۵.        جو لوگ کہ مخالفت کرتے ہیں اللہ کی اور اس کے رسول کی وہ خوار ہوئے جیسے کہ خوار ہوئے ہیں وہ لوگ جو ان سے پہلے تھے اور ہم نے اتاری ہیں آیتیں بہت صاف اور منکروں کے واسطے عذاب ہے ذلت کا

۶.        جس دن کہ اٹھائے گا اللہ ان سب کو پھر جتلائے گا ان کو ان کے کیے کام  اللہ نے وہ سب گن رکھے ہیں اور وہ بھول گئے ، اور اللہ کے سامنے ہے ہر چیز

۷.        تو نے نہیں دیکھا کہ اللہ کو معلوم ہے جو کچھ ہے آسمانوں میں اور جو کچھ ہے زمین میں کہیں نہیں ہوتا مشورہ تین کا جہاں وہ نہیں ہوتا ان میں چوتھا اور نہ پانچ کا جہاں وہ نہیں ہوتا ان میں چھٹا اور نہ اس سے کم اور نہ زیادہ جہاں وہ نہیں ہوتا ان کے ساتھ جہاں کہیں ہوں  پھر جتلا دے گا ان کو جو کچھ انہوں نے کیا قیامت کے دن، بے شک اللہ کو معلوم ہے ہر چیز

۸.        تو نے نہ دیکھا اُن لوگوں کو جن کو منع ہوئی کانا پھوسی پھر بھی وہی کرتے ہیں جو منع ہو چکا ہے اور کان میں باتیں کرتے ہیں گناہ کی اور زیادتی کی اور رسول کی نافرمانی کی  اور جب آئیں تیرے پاس تجھ کو وہ دعا دیں جو دعا نہیں دی تجھ کو اللہ نے اور کہتے ہیں اپنے دل میں کیوں نہیں عذاب کرتا ہم کو اللہ اس پر جو ہم کہتے ہیں کافی ہے ان کو دوزخ داخل ہوں گے اس میں سو بری جگہ پہنچے

۹.         اے ایمان والوں جب تم کان میں بات کرو تو مت کرو بات گناہ کی اور زیادتی کی اور رسول کی نافرمانی کی اور بات کرو احسان کی اور پرہیز گاری کی  اور ڈرتے رہو اللہ سے جس کے پاس تم کو جمع ہونا ہے

۱۰.       یہ جو ہے کانا پھوسی سو شیطان کا کام ہے تاکہ دل گیر کرے ایمان والوں کو اور وہ ان کا کچھ نہ بگاڑے گا بدون اللہ کے حکم کے اور اللہ پر چاہیے کہ بھروسہ کریں ایمان والے

۱۱.        اے ایمان والو جب کوئی تم کو کہے کہ کھل کر بیٹھو  مجلسوں میں تو کھل جاؤ اللہ کشادگی دے تم کو  اور جب کوئی کہے کہ اٹھ کھڑے ہو تو اٹھ کھڑے ہو   اللہ بلند کرے گا ان کے لیے جو کہ ایمان رکھتے ہیں تم میں سے اور علم اُن کے درجے میں  اور اللہ کو خبر ہے جو کچھ تم کرتے ہو

۱۲.       اے ایمان والو تم کان میں بات کہنا چاہو رسول سے تو آگے بھیجو اپنی بات کہنے سے پہلے خیرات یہ بہتر ہے تمہارے حق میں اور بہت ستھرا پھر اگر نہ پاؤ تو اللہ بخشنے والا مہربان ہے

۱۳.       کیا تم ڈر گئے کہ آگے بھیجا کرو کان کی بات سے پہلے خیراتیں سو جب تم نے نہ کیا اور اللہ نے معاف کر دیا تم کو تو اب قائم رکھو نماز اور دیتے رہو زکوٰۃ اور حکم پر چلو اللہ کے اور اس کے رسول کے اور اللہ کو خبر ہے جو کچھ تم کرتے ہو

۱۴.       کیا تو نے نہ دیکھا ان لوگوں کو جو دوست ہوئے ہیں اس قوم کے جن پر غصہ ہوا ہے اللہ نہ وہ تم میں ہیں اور نہ ان میں ہیں  اور قسمیں کھاتے ہیں جھوٹ بات پر اور ان کو خبر ہے

۱۵.       تیار رکھا ہے اللہ نے ان کے لیے سخت عذاب  بے شک وہ برے کام ہیں جو وہ کرتے ہیں

۱۶.       بنا رکھا ہے اپنی قسموں کو ڈھال پھر روکتے ہیں اللہ کی راہ سے تو ان کو ذلت کا عذاب ہے

۱۷.      کام نہ آئیں گے ان کو ان کے مال اور نہ ان کی اولاد اللہ کے ہاتھ سے کچھ بھی وہ لوگ ہیں دوزخ کے وہ اسی میں پڑے رہیں گے

۱۸.       جس دن جمع کرے گا اللہ ان سب کو پھر قسمیں کھائیں گے اس کے آگے جیسے کھاتے ہیں تمہارے آگے اور خیال رکھتے ہیں کہ وہ کچھ بھلی راہ پر ہیں  سنتا ہے وہی ہیں اصل جھوٹے

۱۹.       قابو کر لیا ہے ان پر شیطان نے پھر بھلا دی ان کو اللہ کی یاد  وہ لوگ ہیں گروہ شیطان کا سنتا ہے جو گروہ ہے شیطان کا وہی خراب ہوتے ہیں

۲۰.      جو لوگ خلاف کرتے ہیں اللہ کا، اور اس کے رسول کا، وہ لوگ ہیں سب سے بے قدر لوگوں میں

۲۱.       اللہ لکھ چکا کہ میں غالب ہوں گا اور میرے رسول بے شک اللہ زور آور ہے زبردست

۲۲.      تو نہ پائے گا کسی قوم کو جو یقین رکھتے ہوں اللہ پر اور پچھلے دن پر کہ دوستی کریں ایسوں سے جو مخالف ہوئے اللہ کے اور اس کے رسول کے خواہ وہ اپنے باپ ہوں یا اپنے بیٹے یا اپنے بھائی یا اپنے گھرانے کے ان کے دلوں میں اللہ نے لکھ دیا ہے ایمان  اور ان کی مدد کی ہے اپنے غیب کے فیض سے  اور داخل کرے گا ان کو باغوں میں جن کے نیچے بہتی ہیں نہریں ہمیشہ رہیں ان میں اللہ ان سے راضی اور وہ اس سے راضی وہ لوگ ہیں گروہ اللہ کا سنتا ہے جو گروہ ہے اللہ کا وہی مراد کو پہنچے

سورۃ الحشر

۱.         اللہ کی پاکی بیان کرتا ہے جو کچھ ہے آسمانوں میں اور زمین میں اور وہی ہے زبردست حکمت والا

۲.        وہی ہے جس نے نکال دیا ان کو جو منکر ہیں کتاب والوں میں ان کے گھروں سے  پہلے ہی اجتماع پر لشکر کے  تم نہ اٹکل کرتے تھے کہ نکلیں گے اور وہ خیال رکھتے تھے کہ ان کو بچا لیں گے ان کے قلعے اللہ کے ہاتھ سے ، پھر پہنچا ان پر اللہ جہاں سے ان کو خیال نہ تھا اور ڈال دی ان کے دلوں میں دھاک  اجاڑنے لگے اپنے گھر اپنے ہاتھوں اور مسلمانوں کے ہاتھوں  سو عبرت پکڑو اے آنکھ والو

۳.        اور اگر نہ ہوتی یہ بات کہ لکھ دیا تھا اللہ نے ان پر جلا وطن ہونا تو ان کو عذاب دیتا دنیا میں اور آخرت میں ہے ان کے لیے آگ کا عذاب

۴.        یہ اس لیے کہ وہ مخالف ہوئے اللہ سے اور اس کے رسول سے اور جو کوئی مخالف ہو اللہ سے تو اللہ کا عذاب سخت ہے

۵.        جو کاٹ ڈالا تم نے کھجور کا درخت یا رہنے دیا کھڑا اپنی جڑ پر سو اللہ کے حکم سے   اور تاکہ رسوا کرے نافرمانیوں کو

۶.        اور جو مال کو لوٹا دیا اللہ نے اپنے رسول پر ان سے سو تم نے نہیں دوڑائے اس پر گھوڑے اور نہ اونٹ لیکن اللہ غلبہ دیتا ہے اپنے رسولوں کو جس پر چاہے اور اللہ سب کچھ کر سکتا ہے

۷.        جو مال لوٹایا اللہ نے اپنے رسول پر بستیوں والوں سے سو اللہ کے واسطے اور رسول کے  اور قرابت والے کو  اور یتیموں کے اور محتاجوں کے اور مسافر کے تاکہ نہ آئے لینے دینے میں دولت مندوں کے تم میں سے  اور جو دے تم کو رسول سو لے لو اور جس سے منع کرے سو چھوڑ دو  اور ڈرتے رہو اللہ سے بے شک اللہ کا عذاب سخت ہے

۸.        واسطے ان مفلسوں وطن چھوڑنے والوں کے جو نکالے ہوئے آئے ہیں اپنے گھروں سے اور اپنے مالوں سے ڈھونڈتے آئے ہیں اللہ کا فضل اور اس کی رضامندی اور مدد کرنے کو اللہ کی، اور اس کے رسول کی، وہ لوگ وہی ہیں سچے

۹.         اور جو لوگ جگہ پکڑ رہے ہیں اس گھر میں اور ایمان میں ان سے پہلے سے  وہ محبت کرتے ہیں اس سے جو وطن چھوڑ کر آئے ان کے پاس  اور نہیں پاتے اپنے دل میں تنگی اس چیز سے جو مہاجرین کو دی جائے ، اور مقدم رکھتے ہیں ان کو اپنی جان سے اور اگرچہ ہو اپنے اوپر فاقہ  اور جو بچایا گیا اپنے جی کے لالچ سے سو وہی لوگ ہیں مراد پانے والے

۱۰.       اور واسطے ان لوگوں کے جو آئے اُن کے بعد  کہتے ہوئے اے رب بخش ہم کو اور ہمارے بھائیوں کو جو ہم سے پہلے داخل ہوئے ایمان میں اور نہ رکھ ہمارے دلوں میں بیر ایمان والوں کا اے رب تو ہی ہے نرمی والا مہربان

۱۱.        کیا تو نے نہیں دیکھا ان لوگوں کو جو دغا باز ہیں کہتے ہیں اپنے بھائیوں کو جو کہ کافر ہیں اہل کتاب میں سے اگر تم کو کوئی نکال دے گا تو ہم بھی نکلیں گے تمہارے ساتھ اور کہا نہ مانیں گے کسی کا تمہارے معاملہ میں کبھی اور اگر تم سے لڑائی ہوئی تو ہم تمہاری مدد کریں گے  اور اللہ گواہی دیتا ہے کہ وہ جھوٹے ہیں

۱۲.       اگر وہ نکالے جائیں یہ نہ نکلیں گے ان کے ساتھ، اور اگر ان سے لڑائی ہوئی یہ نہ مدد کریں گے ان کی  اور اگر مدد کریں گے تو بھاگیں گے پیٹھ پھیر کر پھر کہیں مدد نہ پائیں گے

۱۳.       البتہ تمہارا ڈر زیادہ ہے اُن کے دلوں میں اللہ کے ڈر سے یہ اس لیے کہ وہ لوگ سمجھ نہیں رکھتے

۱۴.       لڑ نہ سکیں گے تم سے سب مل کر مگر بستیوں کے کوٹ میں یا دیواروں کی اوٹ میں  ان کی لڑائی آپس میں سخت ہے  تو سمجھے وہ اکٹھے ہیں اور ان کے دل جدا جدا ہو رہے ہیں یہ اس لیے کہ وہ لوگ عقل نہیں رکھتے

۱۵.       جیسے قصہ ان لوگوں کا جو ہو چکے ہیں ان سے پہلے قریب ہی چکھی انہوں نے سزا اپنے کام کی اور ان کے لیے عذاب دردناک ہے

۱۶.       جیسے قصہ شیطان کا جب کہے انسان کو تو منکر ہو پھر جب وہ منکر ہو گیا کہے میں الگ ہوں تجھ سے میں ڈرتا ہوں اللہ سے جو رب سارے جہان کا

۱۷.      پھر انجام دونوں کا یہی کہ وہ دونوں ہیں آگ میں ہمیشہ رہیں اسی میں اور یہی ہے سزا گناہ گاروں کی

۱۸.       اے ایمان والو ڈرتے رہو اللہ سے اور چاہیے کہ دیکھ لے ہر ایک جی کیا بھیجتا ہے کل کے واسطے  اور ڈرتے رہو اللہ سے بے شک اللہ کو خبر ہے جو تم کرتے ہو

۱۹.       اور مت ہو ان جیسے جنہوں نے بھلا دیا اللہ کو پھر اللہ نے بھلا دیئے ان کو ان کے جی وہ لوگ وہی ہیں نافرمان

۲۰.      برابر نہیں دوزخ والے اور بہشت والے ، بہشت والے جو ہیں وہی ہیں مراد پانے والے

۲۱.       اگر ہم اتارتے یہ قرآن ایک پہاڑ پر تو تو دیکھ لیتا کہ وہ دب جاتا پھٹ جاتا اللہ کے ڈر سے  اور یہ مثالیں ہم سناتے ہیں لوگوں کو تاکہ وہ غور کریں

۲۲.      وہ اللہ ہے جس کے سوا بندگی نہیں کسی کی جانتا ہے جو پوشیدہ ہے اور جو ظاہر ہے وہ ہے بڑا مہربان رحم والا

۲۳.      وہ اللہ ہے جس کے سوا بندگی نہیں کسی کی وہ بادشاہ ہے پاک ذات سب عیبوں سے سالم  امان دینے والا   پناہ میں لینے والا زبردست دباؤ والا صاحب عظمت، پاک ہے اللہ ان کے شریک بتلانے سے

۲۴.      وہ اللہ ہے بنانے والا نکال کھڑا کرنے والا  صورت کھینچنے والا اسی کے ہیں سب نام خاصے  پاکی بول رہا ہے اس کی جو کچھ ہے آسمانوں میں اور زمین میں  اور وہی ہے زبردست حکمتوں والا

سورۃ الممتحنۃ

۱.         اے ایمان والو نہ پکڑو میرے اور اپنے دشمنوں کو دوست تم ان کو پیغام بھیجتے ہو دوستی سے  اور وہ منکر ہوئے ہیں اس سے جو تمہارے پاس آیا سچا دین  نکالتے ہیں رسول کو اور تم کو اس بات پر کہ تم مانتے ہو اللہ کو جو رب ہے تمہارا  اگر تم نکلے ہو لڑنے کو میری راہ میں اور طلب کرنے کو میری رضامندی  تم ان کو چھپا کر بھیجتے ہو دوستی کے پیغام اور مجھ کو خوب معلوم ہے جو چھپایا تم نے اور جو ظاہر کیا تم نے  اور جو کوئی تم میں یہ کام کرے تو وہ بھول گیا سیدھی راہ

۲.        اگر تم ان کے ہاتھ آ جاؤ ہو جائیں تمہارے دشمن اور چلائیں تم پر اپنے ہاتھ اور اپنی زبانیں برائی کے ساتھ اور چاہیں کہ کسی طرح تم بھی منکر ہو جاؤ

۳.        ہرگز کام نہ آئیں گے تمہارے کنبے والے اور نہ تمہاری اولاد قیامت کے دن وہ فیصلہ کرے گا تم میں اور اللہ جو تم کرتے ہو دیکھتا ہے

۴.        تم کو چال چلنی چاہیے اچھی ابراہیم کی اور جو اس کے ساتھ تھے جب انہوں نے کہا اپنی قوم کو ہم الگ ہیں تم سے اور ان سے کہ جن کو تم پوجتے ہو اللہ کے سوا  ہم منکر ہوئے تم سے  اور کھل پڑی ہم میں اور تم میں دشمنی اور بیر ہمیشہ کو یہاں تک کہ تم یقین لاؤ اللہ اکیلے پر   مگر ایک کہنا ابراہیم کا اپنے باپ کو کہ میں مانگوں کا معافی تیرے لیے اور مالک نہیں میں تیرے نفع کا اللہ کے ہاتھ سے کسی چیز کا  اے رب ہمارے ہم نے تجھ پر بھروسہ کیا اور تیری طرف رجوع ہوئے اور تیری طرف ہے سب کو پھر آنا

۵.        اے رب ہمارے مت جانچ ہم پر کافروں کو  اور ہم کو معاف کر اے رب ہمارے  تو ہی ہے زبردست حکمت والا

۶.        البتہ تم کو بھلی چال چلنی چاہیے ان کی جو کوئی امید رکھتا ہو اللہ کی اور پچھلے دن کی اور جو کوئی منہ پھیرے تو اللہ وہی ہے بے پروا سب تعریفوں والا

۷.        امید ہے کہ کر دے اللہ تم میں اور جو دشمن ہیں تمہارے ان میں دوستی اور اللہ سب کچھ کر سکتا ہے اللہ بخشنے والا مہربان ہے

۸.        اللہ تم کو منع نہیں کرتا ان لوگوں سے جو لڑتے نہیں تم سے دین پر اور نکالا نہیں تم کو تمہارے گھروں سے کہ ان سے کرو بھلائی اور انصاف کا سلوک بے شک اللہ چاہتا ہے انصاف والوں کو

۹.         اللہ تو منع کرتا ہے تم کو ان سے جو لڑے تم سے دین پر اور نکالا تم کو تمہارے گھروں سے اور شریک ہوئے تمہارے نکالنے میں کہ ان سے کرو دوستی اور جو کوئی ان سے دوستی کرے ، سو وہ لوگ وہی ہیں گناہ گار

۱۰.       اے ایمان والو! جب آئیں تمہارے پاس ایمان والی عورتیں وطن چھوڑ کر ان کو جانچ لو اللہ خوب جانتا ہے اُن کے ایمان کو  پھر اگر جانو کہ وہ ایمان پر ہیں تو مت پھیرو ان کو کافروں کی طرف نہ یہ عورتیں حلال ہیں ان کافروں کو اور نہ وہ کافر حلال ہیں ان عورتوں کو اور دے دو ان کافروں کو جو ان کا خرچ ہوا ہو اور گناہ نہیں تم کو نکاح کر لو ان عورتوں سے جب ان کو دو ان کے مہر  اور نہ رکھو اپنے قبضہ میں ناموس کافر عورتوں کے اور تم مانگ لو جو تم نے خرچ کیا اور وہ کافر مانگ لیں جو انہوں نے خرچ کیا، یہ اللہ کا فیصلہ ہے تم میں فیصلہ کرتا ہے اور اللہ سب کچھ جاننے والا حکمت والا ہے

۱۱.        اور اگر جاتی رہیں تمہارے ہاتھ سے کچھ عورتیں کافروں کی طرف پھر تم ہاتھ مارو تو دے دو ان کو جن کی عورتیں جاتی رہی ہیں جتنا انہوں نے خرچ کیا تھا اور ڈرتے رہو اللہ سے جس پر تم کو یقین ہے

۱۲.       اے نبی جب آئیں تیرے پاس مسلمان عورتیں بیعت کرنے کو اس بات پر کہ شریک نہ ٹھہرائیں اللہ کا کسی کو اور چوری نہ کریں اور بدکاری نہ کریں اور اپنی اولاد کو نہ مار ڈالیں  اور طوفان نہ لائیں باندھ کر اپنے ہاتھوں اور پاؤں میں   اور تیری نافرمانی نہ کریں کسے بھلے کام میں تو ان کو بیعت کر لے  اور معافی مانگ ان کے واسطے اللہ سے ، بے شک اللہ بخشنے والا مہربان ہے

۱۳.       اے ایمان والو مت دوستی کرو ان لوگوں سے کہ غصہ ہوا ہے اللہ ان پر  وہ آس توڑ چکے ہیں پچھلے گھر سے جیسے آس توڑی منکروں نے قبر والوں سے

سورۃ الصف

۱.         اللہ کی پاکی بولتا ہے جو کچھ ہے آسمانوں میں اور جو کچھ ہے زمین میں اور وہی ہے زبردست حکمت والا،

۲.        اے ایمان والو کیوں کہتے ہو منہ سے جو نہیں کرتے

۳.        بڑی بیزاری کی بات ہے اللہ کے یہاں کہ کہو وہ چیز جو نہ کرو

۴.        اللہ چاہتا ہے ان لوگوں کو جو لڑتے ہیں اس کی راہ میں قطار باندھ کر گویا وہ دیوار ہیں سیسہ پلائی ہوئی

۵.        اور جب کہا موسیٰ نے اپنی قوم کو اے قوم میری کیوں ستاتے ہو مجھ کو اور تم کو معلوم ہے کہ میں اللہ کا بھیجا آیا ہوں تمہارے پاس   پھر جب وہ پھر گئے تو پھیر دیے اللہ نے ان کے دل اور اللہ راہ نہیں دیتا نافرمان لوگوں کو

۶.        اور جب کہا عیسیٰ مریم کے بیٹے نے اے بنی اسرائیل میں بھیجا ہوا آیا ہوں اللہ کا تمہارے پاس یقین کرنے والا اس پر جو مجھ سے آگے ہے تورات  اور خوشخبری سنانے والا ایک رسول کی جو آئے گا میرے بعد اس کا نام ہے احمد  پھر جب آیا ان کے پاس کھلی نشانیاں لے کر کہنے لگے یہ جادو ہے صریح

۷.        اور اس سے زیادہ بے انصاف کون جو باندھے اللہ پر جھوٹ اور اس کو بلاتے ہیں مسلمان ہونے کو  اور اللہ راہ نہیں دیتا بے انصاف لوگوں کو

۸.        چاہتے ہیں کہ بجھا دیں اللہ کی روشنی اپنے منہ سے اور اللہ کو پوری کرنی ہے اپنی روشنی اور پڑے برا مانیں منکر

۹.         وہی ہے جس نے بھیجا اپنا رسول راہ کی سوجھ دے کر اور سچا دین کہ اس کو اوپر کرے سب دینوں سے اور پڑے برا مانیں شرک کرنے والے

۱۰.       اے ایمان والو میں بتلاؤں تم کو ایسی سوداگری جو بچائے تم کو ایک عذاب دردناک سے

۱۱.        ایمان لاؤ اللہ پر اور اس کے رسول پر اور لڑو اللہ کی راہ میں اپنے مال سے اور اپنی جان سے یہ بہتر ہے تمہارے حق میں اگر تم سمجھ رکھتے ہو

۱۲.       بخشے گا وہ تمہارے گناہ اور داخل کرے گا تم کو باغوں میں جن کے نیچے بہتی ہیں نہریں  اور ستھرے گھروں میں بسنے کے باغوں کے اندر  یہ ہے بڑی مراد ملنی

۱۳.       اور ایک اور چیز دے جس کو تم چاہتے ہو مدد اللہ کی طرف سے اور فتح جلدی  اور خوشی سنا دے ایمان والوں کو

۱۴.       اے ایمان والو تم ہو جاؤ مددگار اللہ کے  جیسے کہا عیسیٰ مریم کے بیٹے نے اپنے یاروں کو کون ہے کہ مدد کرے میری اللہ کی راہ میں بولے یار ہم ہیں مددگار اللہ کے  پھر ایمان لایا ایک فرقہ بنی اسرائیل سے اور منکر ہوا ایک فرقہ پھر قوت دی ہم نے ان کو جو ایمان لائے تھے ان کے دشمنوں پر پھر ہو رہے غالب

سورۃ الجمعۃ

  1. اللہ کی پاکی بولتا ہے جو کچھ کہ ہے آسمانوں میں اور جو کچھ ہے زمین میں بادشاہ پاک ذات زبردست حکمتوں والا
  2. وہی ہے جس نے اٹھایا ان پڑھوں میں ایک رسول انہی میں کا پڑھ کر سنایا ہے ان کو اس کی آیتیں اور ان کو سنوارتا ہے اور سکھلاتا ہے ان کو کتاب اور عقل مندی اور اس سے پہلے وہ پڑے ہوئے تھے صریح بھول میں
  3. اور اٹھایا اس رسول کو ایک دوسرے لوگوں کے واسطے بھی انہی میں سے جو ابھی نہیں ملی اور ان میں  وہی ہے زبردست حکمت والا
  4. یہ بڑائی اللہ کی ہے دیتا ہے جس کو چاہے اور اللہ کا فضل بڑا ہے
  5. مثال ان لوگوں کی جن پر لادی تورات پھر نہ اٹھائی انہوں نے جیسے مثال گدھے کی کہ پیٹھ پر لے چلتا ہے کتابیں  بری مثال ہے ان لوگوں کی  جنہوں نے جھٹلایا اللہ کی باتوں کو  اور اللہ راہ نہیں دیتا بے انصاف لوگوں کو
  6. تو کہہ اے یہودی ہونے والو اگر تم کو دعویٰ ہے کہ تم دوست ہو اللہ کے سب لوگوں کے سوا تو مٹاؤ اپنے مرنے کو اگر تم سچے ہو
  7. اور وہ کبھی نہ منائیں گے اپنا مرنا ان کاموں کی وجہ سے جن کو آگے بھیج چکے ہیں ان کے ہاتھ اور اللہ کو خوب معلوم ہیں سب گناہ گار
  8. تو کہہ موت وہ جس سے تم بھاگتے ہو سو وہ تم سے ضرور ملنے والی ہے پھر تم پھیرے جاؤ گے اس چھپے اور کھلے جاننے والے کے پاس پھر جتلا دے گا تم کو جو تم کرتے تھے
  9. اے ایمان والو جب اذان ہو نماز کی جمعہ کے دن تو دوڑو اللہ کی یاد کو اور چھوڑ دو خرید و فروخت  یہ بہتر ہے تمہارے حق میں اگر تم کو سمجھ ہے
  10. پھر جب تمام ہو چکے نماز تو پھیل پڑو زمین میں اور ڈھونڈو فضل اللہ کا اور یاد کرو اللہ کو بہت سا تاکہ تمہارا بھلا ہو
  11. اور جب دیکھیں سودا بکتا کچھ تماشہ متفرق ہو جائیں اس کی طرف اور تجھ کو چھوڑ جائیں کھڑا تو کہہ جو اللہ کے پاس ہے سو بہتر ہے تماشہ سے اور سوداگری سے اور اللہ بہتر ہے روزی دینے والا

سورۃ المنافقون

۱.         جب آئیں تیرے پاس منافق کہیں ہم قائل ہیں تو رسول ہے اللہ کا  اور اللہ جانتا ہے کہ تو اس کا رسول ہے اور اللہ گواہی دیتا ہے کہ یہ منافق جھوٹے ہیں

۲.        انہوں نے رکھا ہے اپنی قسموں کو ڈھال بنا کر  پھر روکتے ہیں اللہ کی راہ سے یہ لوگ برے کام ہیں جو کر رہے ہیں

۳.        یہ اس لیے کہ وہ ایمان لائے پھر منکر ہو گئے ، پھر مہر لگ گئی ان کے دل پر سو وہ اب کچھ نہیں سمجھتے

۴.        اور جب تو دیکھے ان کو تو اچھے لگیں تجھ کو ان کے ڈیل اور اگر بات کہیں سنے تو ان کی بات  کیسے ہیں جیسے کہ لکڑی لگا دی دیوار سے  جو کوئی چیخے جانیں ہم ہی پر بلا آئی  وہی ہیں دشمن ان سے بچتا رہ  گردن مارنے ان کی اللہ کہاں سے پھرے جاتے ہیں

۵.        اور جب کہیے ان کو آؤ معاف کرا دے تم کو رسول اللہ کا مٹکاتے ہیں اپنے سر اور تو دیکھے کہ وہ رکتے ہیں اور وہ غرور کرتے ہیں

۶.        برابر ہے ان پر تو معافی چاہے ان کی یا نہ معافی چاہے ہرگز نہ معاف کرے گا ان کو اللہ بے شک راہ نہیں دیتا نافرمان لوگوں کو

۷.        وہی ہیں جو کہتے ہیں مت خرچ کرو ان پر جو پاس رہتے ہیں رسول اللہ کے یہاں تک کہ متفرق ہو جائیں  اور اللہ کے ہیں خزانے آسمانوں کے اور زمین کے لیکن منافق نہیں سمجھتے

۸.        کہتے ہیں البتہ اگر ہم پھر گئے مدینہ کو تو نکال دے گا جس کا زور ہے وہاں سے کمزور لوگوں کو اور زور تو اللہ کا ہے اور اس کے رسول کا اور ایمان والوں کا لیکن منافق نہیں جانتے

۹.         اے ایمان والو غافل نہ کر دیں تم کو تمہارے مال اور تمہاری اولاد اللہ کی یاد سے اور جو کوئی یہ کام کرے تو وہی لوگ ہیں ٹوٹے میں

۱۰.       اور خرچ کرو کچھ ہمارا دیا ہوا اس سے پہلے کہ آ پہنچے تم میں کسی کو موت تب کہے اے رب کیوں نہ ڈھیل دی تو نے مجھ کو ایک تھوڑی سی مدت کہ میں خیرات کرتا اور ہو جاتا نیک لوگوں میں

۱۱.        اور ہرگز نہ ڈھیل دے گا اللہ کسی جی کو جب آ پہنچا اس کا وعدہ  اور اللہ کو خبر ہے جو تم کرتے ہو

سورۃ التغابن

۱.         پاکی بول رہا ہے اللہ کی جو کچھ ہے آسمانوں میں اور جو کچھ ہے زمین میں اسی کا راج ہے اور اسی کو تعریف ہے اور وہی ہر چیز کر سکتا ہے

۲.        وہی ہے جس نے تم کو بنایا پھر کوئی تم میں منکر ہے اور کوئی تم میں ایمان دار  اور اللہ جو تم کرتے ہو دیکھتا ہے

۳.        بنایا آسمانوں کو اور زمین کو تدبیر سے اور صورت کھینچی تمہاری پھر اچھی بنائی تمہاری صورت  اور اس کی طرف سب کو پھر جانا ہے

۴.        جانتا ہے جو کچھ ہے آسمانوں میں اور زمین میں اور جانتا ہے جو تم چھپاتے ہو اور جو کھول کر کرتے ہو اور اللہ کو معلوم ہے جیوں کی بات

۵.        کیا پہنچی نہیں تم کو خبر ان لوگوں کی جو منکر ہو چکے ہیں پہلے ، پھر انہوں نے چکھی سزا اپنے کام کی اور ان کو عذاب دردناک ہے

۶.        یہ اس لیے کہ لاتے تھے ان کے پاس ان کے رسول نشانیاں پھر کہتے کیا آدمی کو راہ سمجھائیں گے پھر منکر ہوئے اور منہ موڑ لیا  اور اللہ نے بے پروائی کی اور اللہ بے پروا ہے سب تعریفوں والا

۷.        دعویٰ کرتے ہیں منکر کہ ہرگز ان کو کوئی نہ اٹھائے گا  تو کہہ کیوں نہیں قسم ہے میرے رب کی تم کو بے شک اٹھانا ہے پھر تم کو جتلانا ہے جو کچھ تم نے کیا اور یہ اللہ پر آسان ہے

۸.        سو ایمان لاؤ اللہ پر اور اس کے رسول پر اور اس نور پر جو ہم نے اتارا اور اللہ کو تمہارے سب کام کی خبر ہے

۹.         جس دن تم کو اکٹھا کرے گا جمع ہونے کے دن وہ دن ہے ہار جیت کا  اور جو کوئی یقین لائے اللہ پر اور کرے کام بھلا اتار دے گا اس پر اس کی برائیاں  اور داخل کرے گا اس کو باغوں میں جن کے نیچے بہتی ہیں ندیاں رہا کریں ان میں ہمیشہ یہی ہے بڑی مراد ملنی

۱۰.       اور جو لوگ منکر ہوئے اور جھٹلائیں انہوں نے ہماری آیتیں وہ لوگ ہیں دوزخ والے رہا کریں اسی میں اور بری جگہ جا پہنچے

۱۱.        نہیں پہنچتی کوئی تکلیف بدون حکم اللہ کے اور جو کوئی یقین لائے اللہ پر وہ راہ بتلائے اس کے دل کو  اور اللہ کو ہر چیز معلوم ہے

۱۲.       اور حکم مانو اللہ کا اور حکم مانو رسول کا پھر اگر تم منہ موڑو تو ہمارے رسول کا تو یہی کام ہے پہنچا دینا کھول کر

۱۳.       اللہ اس کے سوا کسی کی بندگی نہیں اور اللہ پر چاہیے بھروسہ کریں ایمان والے

۱۴.       اے ایمان والو تمہاری بعض جوروئیں اور اولاد دشمن ہیں تمہارے  سو ان سے بچتے رہو اور اگر معاف کرو اور درگزرو اور بخشو تو اللہ ہے بخشنے والا مہربان  تمہارے مال اور تمہاری اولاد یہی ہیں جانچنے کو اور اللہ جو ہے اس کے پاس ہے ثواب بڑا

۱۵.       تمہارے مال اور تمہاری اولاد یہی ہیں جانچنے کو اور اللہ جو ہے اس کے پاس ہے ثواب بڑا

۱۶.       سو ڈرو اللہ سے جہاں تک ہو سکے اور سنو اور مانو  اور خرچ کرو اپنے بھلے کو  اور جس کو بچا دیا اپنے جی کے لالچ سے سو وہ لوگ وہی مراد کو پہنچے

۱۷.      اگر قرض دو اللہ کو اچھی طرح پر قرض دینا وہ دونا کر دے تم کو اور تم کو بخشے  اور اللہ قدردان ہے تحمل والا

۱۸.       جاننے والا پوشیدہ اور ظاہر کا زبردست حکمت والا

سورۃ الطلاق

۱.         اے نبی جب تم طلاق دو عورتوں کو تو ان کو طلاق دو ان کی عدت پر  اور گنتے رہو عدت کو  اور ڈرو اللہ سے جو رب ہے تمہارا مت نکالو ان کو ان کے گھروں سے  اور وہ بھی نہ نکلیں مگر جو کریں صریح بے حیائی  اور یہ حدیں ہیں باندھی ہوئی اللہ کی اور جو کوئی بڑھے اللہ کی حدوں سے تو اس نے برا کیا اپنا  اس کو خبر نہیں  شاید اللہ پیدا کر دے اس طلاق کے بعد نئی صورت

۲.        پھر جب پہنچیں اپنے وعدہ کو تو رکھ لو ان کو دستور کے موافق یا چھوڑ دو ان کو دستور کے موافق  اور گواہ کر لو دو معتبر اپنے میں کے  اور سیدھی ادا کرو گواہی اللہ کے واسطے   یہ بات جو ہے اس سے سمجھ جائے گا جو کوئی یقین رکھتا ہو گا اللہ پر اور پچھلے دن پر اور جو کوئی ڈرتا ہے اللہ سے وہ کر دے اس کا گزارہ

۳.        اور روزی دے اس کو جہاں سے اس کو خیال بھی نہ ہو اور جو کوئی بھروسہ رکھے اللہ پر تو وہ اس کو کافی ہے تحقیق اللہ پورا کر لیتا ہے اپنا کام اللہ نے رکھا ہے ہر چیز کا اندازہ

۴.        اور جو عورتیں نا امید ہو گئیں حیض سے تمہاری عورتوں میں اگر تم کو شبہ رہ گیا تو ان کی عدت ہے تین مہینے اور ایسے ہی جن کو حیض نہیں آیا  اور جن کے پیٹ میں بچہ ہے ان کی عدت یہ ہے کہ جن لیں پیٹ کا بچہ  اور جو کوئی ڈرتا ہے اللہ سے کر دے وہ اس کے کام میں آسانی

۵.        یہ حکم ہے اللہ کا جو اتارا تمہاری طرف اور جو کوئی ڈرتا رہے اللہ سے اتار دے اس پر سے اس کی برائیاں اور بڑھا دے اس کو ثواب

۶.        ان کو گھر دور رہنے کے واسطے جہاں تم آپ رہو اپنے مقدور کے موافق  اور ایذا دینا نہ چاہو اُن کو تاکہ تنگ پکڑو ان کو  اور اگر رکھتی ہوں پیٹ میں بچہ تو ان پر خرچ کرو جب تک جنیں پیٹ کا بچہ  پھر اگر وہ دودھ پلائیں تمہاری خاطر، تو دو ان کو ان کا بدلہ اور سکھاؤ آپس میں نیکی  اور اگر ضد کرو آپس میں تو دودھ پلائے گی اس کی خاطر اور کوئی عورت

۷.        چاہیے خرچ کرے وسعت والا اپنی وسعت کے موافق اور جس کو نپی تلی ملتی ہے اس کی روزی تو خرچ کرے جیسا کہ دیا ہے اس کو اللہ نے اللہ کسی پر تکلیف نہیں رکھتا، مگر اسی قدر جو اس کو دیا اب کر دے گا اللہ سختی کے پیچھے کچھ آسانی

۸.        اور کتنی بستیاں کہ نکل چکیں حکم سے اپنے رب کے اور اس کے رسولوں کے پھر ہم نے حساب میں پکڑا ان کو سخت حساب میں اور آفت ڈالی ان پر بن دیکھی آفت

۹.         پھر چکھی انہوں نے سزا اپنے کام کی اور آخرت کو ان کے کام میں ٹوٹا گیا

۱۰.       تیار رکھا ہے اللہ نے واسطے ان کے سخت عذاب  سو ڈرتے رہو اللہ سے اے عقل والو جن کو یقین ہے  بے شک اللہ نے اتاری ہے تم پر نصیحت

۱۱.        رسول ہے جو پڑھ کر سناتا ہے تم کو اللہ کی آیتیں کھول کر سنانے والی  تاکہ نکالے ان لوگوں کو جو کہ یقین لائے اور کیے بھلے کام اندھیروں سے اجالے میں  اور جو کوئی یقین لائے اللہ پر اور کرے کچھ بھلائی اس کو داخل کرے باغوں میں نیچے بہتی ہیں جن کے نہریں سدا رہیں ان میں ہمیشہ البتہ خوب دی اللہ نے اس کو روزی

۱۲.       اللہ وہ ہے جس نے بنائے سات آسمان اور زمین بھی اتنی ہی  اترتا ہے اس کا حکم ان کے اندر  تاکہ تم جانو کہ اللہ ہر چیز کر سکتا ہے اور اللہ کے علم میں سمائی ہے ہر چیز کی

سورۃ التحریم

۱.         اے نبی تو کیوں حرام کرتا ہے جو حلال کیا اللہ نے تجھ پر چاہتا ہے تو رضامندی اپنی عورتوں کی اور اللہ بخشنے والا ہے مہربان

۲.        مقرر کر دیا اللہ نے تمہارے لیے کھول ڈالنا تمہاری قسموں کا اور اللہ مالک ہے تمہارا اور وہی ہے سب کچھ جانتا حکمت والا

۳.        اور جب چھپا کر کہی نبی نے اپنی کسی عورت سے ایک بات پھر جب اس نے خبر کر دی اس کی اور اللہ نے جتلا دی نبی کو وہ بات تو جتلائی نبی نے اس میں سے کچھ اور ٹلا دی کچھ پھر جب وہ جتلائی عورت کو بولی تجھ کو کس نے بتلا دی یہ کہا مجھ کو بتایا اس خبر والے واقف نے

۴.        اگر تم دونوں توبہ کرتی ہو تو جھک پڑے ہیں دل تمہارے  اور اگر تم دونوں چڑھائی کرو گی اس پر تو اللہ ہے اس کا رفیق اور جبرائیل اور نیک بخت ایمان والے اور فرشتے اس کے پیچھے مددگار ہیں

۵.        اور اگر نبی چھوڑ دے تم سب کو ابھی اس کا رب بدلے میں دے دے اس کو عورتیں تم سے بہتر حکم بردار یقین رکھنے والیاں نماز میں کھڑی ہونے والیاں توبہ کرنے والیاں بندگی بجا لانے والیاں روزہ رکھنے والیاں بیاہیاں اور کنواریاں

۶.        اے ایمان والو بچاؤ اپنی جان کو اور اپنے گھر والوں کو اس آگ سے جس کی چھپٹیاں ہیں آدمی اور پتھر  اس پر مقرر ہیں فرشتے تند خود زبردست   نافرمانی نہیں کرتے اللہ کی جو بات فرمائے ان کو اور وہی کام کرتے ہیں جو ان کو حکم ہو

۷.        اے منکر ہونے والو مت بہانے بتلاؤ آج کے دن وہی بدلہ پاؤ گے جو تم کرتے تھے

۸.        اے ایمان والو توبہ کرو اللہ کی طرف صاف دل کی توبہ  امید ہے تمہارا رب اتار دے تم پر سے تمہاری برائیاں اور داخل کرے تم کو باغوں میں جن کے نیچے بہتی ہیں نہریں جس دن کہ اللہ ذلیل نہ کرے گا نبی کو اور ان لوگوں کو جو یقین لائے ہیں اس کے ساتھ  ان کی روشنی دوڑتی ہے اُن کے آگے اور ان کے داہنے   کہتے ہیں اے رب ہمارے پوری کر دی ہم کو ہماری روشنی اور معاف کر ہم کو بے شک تو سب کچھ کر سکتا ہے

۹.         اے نبی لڑائی کر منکروں سے دغا بازوں سے اور سختی کر ان پر  اور ان کا گھر دوزخ ہے اور بری جگہ جا پہنچے

۱۰.       اللہ نے بتلائی ایک مثل منکروں کے واسطے عورت نوح کی اور عورت لوط کی گھر میں تھیں دونوں دو نیک بندوں کے ہمارے نیک بندوں میں سے پھر انہوں نے ان سے چوری کی پھر وہ کام نہ آئے ان کے اللہ کے ہاتھ سے کچھ بھی اور حکم ہوا کہ چلی جاؤ دوزخ میں جانے والوں کے ساتھ

۱۱.        اور اللہ نے بتلائی ایک مثل ایمان والوں کے لیے عورت فرعون کی   جب بولی اے رب بنا میرے واسطے اپنے پاس ایک گھر بہشت میں  اور بچا نکال مجھ کو فرعون سے اور اس کے کام سے اور بچا نکال مجھ کو ظالم لوگوں سے

۱۲.       اور مریم بیٹی عمران کی جس نے روکے رکھا اپنی شہوت کی جگہ کو  پھر ہم نے پھونک دی اس میں ایک اپنی طرف سے جان  اور سچا جانا اپنے رب کی باتوں کو اور اس کی کتابوں کو  اور وہ تھی بندگی کرنے والوں میں

سورۃ الملک

۱.         بڑی برکت ہے اس کی جس کے ہاتھ میں ہے راج اور وہ سب کچھ کر سکتا ہے

۲.        جس نے بنایا مرنا اور جینا تاکہ تم کو جانچے کون تم میں اچھا کرتا ہے کام  اور وہ زبردست ہے بخشنے والا

۳.        جس نے بنائے سات آسمان تہ پر تہ  کیا دیکھتا ہے تو رحمان کے بنانے میں کچھ فرق  پھر دوبارہ نگاہ کر کہیں نظر آتی ہے تجھ کو دڑاڑ

۴.        پھر لوٹا کر نگاہ کر دوبارہ لوٹ آئے گی تیرے پاس تیری نگاہ رد ہو کر تھک کر

۵.        اور ہم نے رونق دی سب سے ورلے آسمان کو چراغوں سے  اور ان سے کر رکھی ہے ہم نے پھینک مار شیطانوں کے واسطے  اور رکھا ہے ان کے واسطے عذاب دہکتی آگ کا

۶.        اور جو لوگ منکر ہوئے اپنے رب سے ان کے واسطے ہے عذاب دوزخ کا اور بری جگہ جا پہنچے

۷.        جب اس میں ڈالے جائیں گے سنیں گے اس کا دھاڑنا اور وہ اچھل رہی ہو گی، ایسا لگتا ہے کہ پھٹ پڑے گی جوش سے

۸.        جس وقت پڑے اس میں ایک گروہ پوچھیں ان سے دوزخ کے داروغہ کیا نہ پہنچا تھا تمہارے پاس کوئی ڈر سنانے والا

۹.         اور وہ بولیں کیوں نہیں ہمارے پاس پہنچا تھا ڈر سنانے والا پھر ہم نے جھٹلایا اور کہا نہیں اتاری اللہ نے کوئی چیز تم تو پڑے ہوئے ہو بڑے بہکاوے میں

۱۰.       اور کہیں گے اگر ہم ہوتے سنتے یا سمجھتے تو نہ ہوتے دوزخ والوں میں

۱۱.        سو قائل ہو گئے اپنے گناہ کے اب دفع ہو جائیں دوزخ والے

۱۲.       جو لوگ ڈرتے ہیں اپنے رب سے بن دیکھے  ان کے لیے معافی ہے اور ثواب بڑا

۱۳.       اور تم چھپا کر کہو اپنی بات یا کھول کر وہ خوب جانتا ہے جیوں کے بھید

۱۴.       بھلا وہ نہ جانے جس نے بنایا اور وہی ہے بھید جاننے والا خبردار

۱۵.       وہی ہے جس نے کیا تمہارے آگے زمین کو پست اب چلو پھرو اس کے کندھوں پر اور کھاؤ کچھ اس کی دی ہوئی روزی اور اسی کی طرف جی اٹھنا ہے

۱۶.       کیا تم نڈر ہو گئے اس سے جو آسمان میں ہے اس سے کہ دھنسا دے تم کو زمین میں پھر تب ہی وہ لرزنے لگے

۱۷.      یا نڈر ہو گئے ہو اس سے جو آسمان میں ہے اس بات سے کہ برسا دے تم پر مینہ پتھروں کا  سو جان لو گے کیسا ہے میرا ڈرانا

۱۸.       اور جھٹلا چکے ہیں جو ان سے پہلے تھے پھر کیسا ہوا میرا انکار

۱۹.       اور کیا نہیں دیکھتے ہو اڑتے جانوروں کو اپنے اوپر پر کھولے ہوئے اور پر جھپکتے ہوئے ان کو کوئی نہیں تھام رہا رحمان کے سوا اس کی نگاہ میں ہے ہر چیز

۲۰.      بھلا وہ کون ہے جو فوج ہے تمہاری مدد کرے تمہاری رحمان کے سوا منکر پڑے ہیں برے بہکائے ہیں

۲۱.       بھلا وہ کون ہے جو روزی دے تم کو اگر وہ رکھ چھوڑے اپنی روزی  کوئی نہیں پر اڑ رہے ہیں شرارت اور بدکنے پر

۲۲.      بھلا ایک جو چلے اوندھا اپنے منہ کے بل وہ سیدھی راہ پائے یا وہ شخص جو چلے سیدھا ایک سیدھی راہ پر

۲۳.      تو کہہ وہی ہے جس نے تم کو بنا کھڑا کیا اور بنا دیے تمہارے واسطے کان اور آنکھیں اور دل تم بہت تھوڑا حق مانتے ہو

۲۴.      تو کہہ وہی ہے جس نے کھنڈا دیا تم کو زمین میں اور اسی کی طرف اکٹھے کیے جاؤ گے

۲۵.      اور کہتے ہیں کب ہو گا یہ وعدہ اگر تم سچے ہو

۲۶.      تو کہہ خبر تو ہے اللہ ہی کے پاس اور میرا کام تو یہی ڈر سنا دینا ہے کھول کر

۲۷.     پھر جب دیکھیں گے کہ وہ پاس آ لگا تو بگڑ جائیں گے منہ منکروں کے اور کہے گا یہی ہے جس کو تم مانگتے تھے

۲۸.      تو کہہ بھلا دیکھو تو اگر ہلاک کر دے مجھ کو اللہ اور میرے ساتھ والوں کو یا ہم پر رحم کرے پھر وہ کون ہے جو بچائے منکروں کو عذاب دردناک سے

۲۹.      تو کہہ وہی رحمان ہے ہم نے اس کو مانا اور اُسی پر بھروسہ کیا  سو اب تم جان لو گے کون پڑا ہے صریح بہکائے میں

۳۰.      تو کہہ بھلا دیکھو تو اگر ہو جائے صبح کو پانی تمہارا خشک پھر کون ہے جو لائے تمہارے پاس پانی نِتھرا

 سورۃ القلم

۱.         قسم ہے قلم کی اور جو کچھ لکھتے ہیں

۲.        تو نہیں اپنے رب کے فضل سے دیوانہ

۳.        اور تیرے واسطے بدلہ ہے بے انتہا

۴.        اور تو پیدا ہوا ہے بڑے خلق پر

۵.        سو اب تو بھی دیکھ لے گا اور وہ بھی دیکھ لے گا

۶.        کہ کون ہے تم میں جو بچل رہا ہے

۷.        بے شک تیرا رب وہی خوب جانے اس کو جو بہکا اس کی راہ سے اور وہی خوب جانتا ہے راہ پانے والوں کو

۸.        سو تو کہنا مت مان جھٹلانے والوں کا

۹.         وہ چاہتے ہیں کسی طرح تو ڈھیلا ہو تو وہ بھی ڈھیلے ہوں

۱۰.       اور تو کہا مت مان کسی قسمیں کھانے والے بے قدر کا

۱۱.        طعنے دے چغلی کھاتا پھرے ،

۱۲.       بھلے کام سے روکے حد سے بڑھے بڑا گنہگار

۱۳.       اُجڈ ان سب کے پیچھے بدنام

۱۴.       اس واسطے کہ رکھتا ہے مال اور بیٹے

۱۵.       جب سنائے اس کو ہماری باتیں کہے یہ نقلیں ہیں پہلوں کی

۱۶.       اب داغ دیں گے ہم اس کو سونڈ پر

۱۷.      ہم نے ان کو جانچا ہے جیسے جانچا تھا باغ والوں کو  جب ان سب نے قسم کھائی کہ اس کا میوہ توڑیں گے صبح ہوتے

۱۸.       اور انشاءاللہ نہ کہا

۱۹.       پھر پھیرا کر گیا اس پر کوئی پھر جانے والا تیرے رب کی طرف سے اور وہ سوتے ہی رہے

۲۰.      پھر صبح تک ہو رہا جیسے ٹوٹ چکا

۲۱.       پھر آپس میں بولے صبح ہوتے

۲۲.      کہ سویرے چلو اپنے کھیت پر اگر تم کو توڑنا ہے

۲۳.      پھر چلے اور آپس میں کہتے تھے چپکے چپکے

۲۴.      کہ اندر نہ آنے پائے اس میں آج تمہارے پاس کوئی محتاج

۲۵.      اور سویرے چلے لپکتے ہوئے زور کے ساتھ

۲۶.      پھر جب اس کو دیکھا بولے ہم تو راہ بھول آئے

۲۷.     نہیں ہماری تو قسمت پھوٹ گئی

۲۸.      بولا بچلا ان کا میں نے تم کو نہ کہا تھا کہ کیوں نہیں پاکی بولتے اللہ کی

۲۹.      بولے پاک ذات ہے ہمارے رب کی ہم ہی تقصیر وار تھے

۳۰.      پھر منہ کر کر ایک دوسرے کی طرف لگے اُلاہنا (الزام) دینے

۳۱.       بولے ہائے خرابی ہماری ہم ہی تھے حد سے بڑھنے والے

۳۲.      شاید ہمارا رب بدل دے ہم کو اس سے بہتر ہم اپنے رب سے آرزو رکھتے ہیں

۳۳.     یوں آتی ہے آفت اور آخرت کی آفت تو سب سے بڑی ہے اگر ان کو سمجھ ہوتی

۳۴.     البتہ ڈرنے والوں کو ان کے رب کے پاس باغ ہیں نعمت کے

۳۵.     کیا ہم کر دیں گے حکم برداروں کو برابر گناہ گاروں کے

۳۶.      کیا ہو گیا تم کو کیسے ٹھہراتے ہو بات

۳۷.     کیا تمہارے پاس کوئی کتاب ہے جس میں پڑھ لیتے ہو

۳۸.     اس میں ملتا ہے تم کو جو تم پسند کر لو

۳۹.      کیا تم نے ہم سے قسمیں لے لی ہیں ٹھیک پہنچنے والی قیامت کے دن تک کہ تم کو ملے گا جو کچھ تم ٹھہراؤ گے

۴۰.      پوچھ ان سے کون سا ان میں اس کا ذمہ لیتا ہے

۴۱.       کیا ان کے واسطے کوئی شریک ہیں پھر تو چاہیے لے آئیں اپنے اپنے شریکوں کو اگر وہ سچے ہیں

۴۲.      جس دن کہ کھولی جائے پنڈلی اور وہ بلائے جائیں سجدہ کرنے کو، پھر نہ کر سکیں

۴۳.     جھکی پڑتی ہوں گی ان کی آنکھیں  چڑھی آتی ہو گی ان پر ذلت اور پہلے ان کو بلاتے رہے سجدہ کرنے کو اور وہ تھے اچھے خاصے

۴۴.     اب چھوڑ دے مجھ کو اور اُن کو جو کہ جھٹلائیں اس بات کو اب ہم سیڑھی سیڑھی اتاریں گے ان کو جہاں سے ان کو پتہ بھی نہیں

۴۵.     اور ان کو ڈھیل دیے جاتا ہوں بے شک میرا داؤ پکا ہے

۴۶.      کیا تو مانگتا ہے ان سے کچھ حق سو ان پر تاوان کا بوجھ پڑ رہا ہے

۴۷.     کیا ان کے پاس خبر ہے غیب کی، سو وہ لکھ لاتے ہیں

۴۸.     اب تو استقلال سے راہ دیکھتا رہ اپنے رب کے حکم کی اور مت ہو جیسا وہ مچھلی والا  جب پکارا اس نے اور وہ غصہ میں بھرا تھا

۴۹.      اگر نہ سنبھالتا اس کو احسان تیرے رب کا تو پھینکا گیا ہی تھا چٹیل میدان میں الزام کھا کر

۵۰.      پھر نوازا اس کے رب نے پھر کر دیا اس کو نیکوں میں

۵۱.       اور منکر تو لگے ہی ہیں کہ پھسلا دیں تجھ کو اپنی نگاہوں سے جب سنتے ہیں قرآن اور کہتے ہیں وہ تو باؤلا ہے

۵۲.      اور یہ قرآن تو یہی نصیحت ہے سارے جہان والوں کو

سورۃ الحاقۃ

۱.         وہ ثابت ہو چکنے والی،

۲.        کیا ہے وہ ثابت ہو چکنی والی،

۳.        اور تو نے کیا سوچا کیا ہے وہ ثابت ہو چکنے والی

۴.        جھٹلایا ثمود اور عاد نے اس کوٹ ڈالنے والی کو

۵.        سو وہ جو ثمود تھے سو غارت کر دیئے گئے اچھال کر

۶.        اور وہ جو عاد تھی سو برباد ہوئے ٹھنڈی سناٹے کی ہوا سے نکلی جائے ہاتھوں سے

۷.        مقرر کر دیا اس کو ان پر سات رات اور آٹھ دن تک لگاتار پھر تو دیکھے کہ وہ لوگ اس میں بچھڑ گئے گویا وہ ڈھنڈ ہیں کھجور کے کھوکھلے

۸.        پھر تو دیکھتا ہے کوئی ان میں کا بچا

۹.         اور آیا فرعون اور جو اس سے پہلے تھی اور الٹ جانے والی بستیاں خطائیں کرتے ہوئے

۱۰.       پھر حکم نہ مانا اپنے رب کے رسول کا پھر پکڑا ان کو پکڑنا سخت

۱۱.        ہم نے جس وقت پانی اُبلا لاد لیا تم کو چلتی کشتی میں

۱۲.       تاکہ رکھیں اس کو تمہاری یادگاری کے واسطے اور سینت کر رکھے اس کو کان سینت کر رکھنے والا

۱۳.       پھر جب پھونکا جائے صور میں ایک بار پھونکنا

۱۴.       اور اٹھائی جائے زمین اور پہاڑ پھر کوٹ دیئے جائیں ایک بار

۱۵.       پھر اس دن ہو پڑے وہ ہو پڑنے والی

۱۶.       اور پھٹ جائے آسمان پھر وہ اس دن بکھر رہا ہے

۱۷.      اور فرشتے ہوں گے اس کے کناروں پر  اور اٹھائیں گے تخت تیرے رب کا اپنے اوپر اس دن آٹھ شخص

۱۸.       اس دن سامنے کیے جاؤ گے چھپی نہ رہے گی تمہاری کوئی چھپی بات

۱۹.       سو جس کو ملا اس کا لکھا داہنے ہاتھ میں وہ کہتا ہے لیجیؤ پڑھیو میرا لکھا

۲۰.      میں نے خیال رکھا اس بات کا کہ مجھ کو ملے گا میرا حساب

۲۱.       سو وہ ہیں من مانتے گزران میں

۲۲.      اونچے باغ میں

۲۳.      جس کے میوے جھکے پڑے ہیں

۲۴.      کھاؤ اور پیو رچ کر بدلہ اس کا جو آگے بھیج چکے ہو تم پہلے دنوں میں

۲۵.      اور جس کو ملا اس کا لکھا بائیں ہاتھ میں وہ کہتا ہے کیا اچھا ہوتا جو مجھ کو نہ ملتا میرا لکھا

۲۶.      اور مجھ کو خبر نہ ہوتی کہ کیا ہے حساب میرا

۲۷.     کسی طرح وہی موت ختم کر جاتی

۲۸.      کچھ کام نہ آیا مجھ کو میرا مال

۲۹.      برباد ہوئی مجھ سے حکومت میری

۳۰.      اس کو پکڑو پھر طوق ڈالو

۳۱.       پھر آگ کے ڈھیر میں اس کو ڈالو

۳۲.      پھر ایک زنجیر میں جس کا طول ستر گز ہے اس کو جکڑ دو

۳۳.     وہ تھا کہ یقین نہ لاتا تھا اللہ پر جو سب سے بڑا

۳۴.     اور تاکید نہ کرتا تھا فقیر کے کھانے پر

۳۵.     سو کوئی نہیں آج اس کا یہاں دوستدار

۳۶.      اور نہ کچھ ملے کھانا مگر زخموں کا دھوون

۳۷.     کوئی نہ کھائے اس کو مگر وہی گناہ گار

۳۸.     سو قسم کھاتا ہوں ان چیزوں کی جو دیکھتے ہو

۳۹.      اور جو چیزیں کہ تم نہیں دیکھتے

۴۰.      یہ کہا ہے ایک پیغام لانے والے سردار کا

۴۱.       اور نہیں ہے یہ کہا کسی شاعر کا تم تھوڑا یقین کرتے ہو

۴۲.      اور نہیں ہے کہا پریوں والے کا تم بہت کم دھیان کرتے ہو

۴۳.     یہ اتارا ہوا ہے جہان کے رب کا

۴۴.     اور اگر یہ بنا لاتا ہم پر کوئی بات

۴۵.     تو ہم پکڑ لیتے اس کا داہنا ہاتھ

۴۶.      پھر کاٹ ڈالتے اس کی گردن

۴۷.     پھر تم میں کوئی ایسا نہیں جو اس سے بچا لے

۴۸.     اور یہ نصیحت ہے ڈرنے والوں کو

۴۹.      اور ہم کو معلوم ہے کہ تم میں بعضے جھٹلاتے ہیں

۵۰.      اور وہ جو ہے پچھتاوا ہے منکروں پر

۵۱.       اور وہ جو ہے یقین کرنے کے قابل ہے

۵۲.      اب بول پاکی اپنے رب کے نام کی جو ہے سب سے بڑا

سورۃ المعارج

۱.         مانگا ایک مانگنے والے نے عذاب پڑنے والا

۲.        منکروں کے واسطے کوئی نہیں اس کو ہٹانے والا

۳.        آئی اللہ کی طرف سے جو چڑھتے درجوں والا ہے

۴.        چڑھیں گے اس کی طرف فرشتے اور روح  اس دن میں جس کا لنباؤ پچاس ہزار برس ہے

۵.        سو تو صبر کر بھلی طرح کا صبر کرنا

۶.        وہ دیکھتے ہیں اس کو دور

۷.        اور ہم دیکھتے ہیں اس کو نزدیک

۸.        جس دن ہو گا آسمان جیسے تانبا پگھلا ہوا

۹.         اور ہوں گے پہاڑ جیسے اون رنگی ہوئی

۱۰.       اور نہ پوچھے گا دوست دار دوست دار کو

۱۱.        سب نظر آ جائیں گی ان کو چاہے گا گناہگار کسی طرح چھڑوائی میں دے کر اس دن کے عذاب سے اپنے بیٹے کو

۱۲.       اور اپنی ساتھ والی کو اور اپنے بھائی کو

۱۳.       اور اپنے گھرانے کو جس میں رہتا تھا

۱۴.       اور جتنے زمین پر ہیں سب کو پھر اپنے آپ کو بچا لے

۱۵.       ہرگز نہیں  وہ تپتی ہوئی آگ ہے

۱۶.       کھینچ لینے والی کلیجہ

۱۷.      پکارتی ہے اس کو جس نے پیٹھ پھیر لی اور پھر کر چلا گیا

۱۸.       اور جوڑا اور سینت کر رکھا

۱۹.       بے شک آدمی بنا ہے جی کا کچا

۲۰.      جب پہنچے اس کو برائی تو بے صبرا

۲۱.       اور جب پہنچے اس کو بھلائی تو بے توفیقا

۲۲.      مگر وہ نمازی

۲۳.      جو اپنی نماز پر قائم ہیں

۲۴.      اور جن کے مال میں حصہ مقرر ہے

۲۵.      مانگنے والے اور ہارے ہوئے کا

۲۶.      اور جو یقین کرتے ہیں انصاف کے دن پر

۲۷.     اور جو لوگ کہ اپنے رب کے عذاب سے ڈرتے ہیں

۲۸.      بے شک ان کے رب کے عذاب سے کسی کو نڈر نہ ہونا چاہیے

۲۹.      اور جو اپنی شہوت کی جگہ کو تھامتے ہیں

۳۰.      مگر اپنی جوروؤں سے یا اپنے ہاتھ کے مال سے سو ان پر نہیں کچھ اُلاہنا

۳۱.       پھر جو کوئی ڈھونڈے اس کے سوا سو وہی ہیں حد سے بڑھنے والے

۳۲.      اور جو لوگ کہ اپنی امانتوں اور اپنے قول کو نباہتے ہیں

۳۳.     اور جو اپنی گواہیوں پر سیدھے ہیں

۳۴.     اور جو اپنی نماز سے خبردار ہیں

۳۵.     وہی لوگ ہیں باغوں میں عزت سے

۳۶.      پھر کیا ہوا ہے منکروں کو تیری طرف دوڑتے ہوئے آتے ہیں

۳۷.     داہنے سے اور بائیں سے غول کے غول

۳۸.     کیا طمع رکھتا ہے ہر ایک شخص ان میں کہ داخل ہو جائے نعمت کے باغ میں

۳۹.      ہرگز نہیں  ہم نے ان کو بنایا ہے جس سے وہ بھی جانتے ہیں

۴۰.      سو میں قسم کھاتا ہوں مشرقوں اور مغربوں کے مالک کی  تحقیق ہم کر سکتے ہیں

۴۱.       کہ بدل کر لے آئیں ان سے بہتر اور ہمارے قابو سے نکل نہ جائیں گے

۴۲.      سو چھوڑ دے ان کو کہ باتیں بنائیں اور کھیلا کریں یہاں تک کہ مل جائیں اپنے اس دن سے جس کا ان سے وعدہ ہے

۴۳.     جس دن نکل پڑیں گے قبروں سے دوڑتے ہوئے جیسے کسی نشانی پر دوڑتے جاتے ہیں

۴۴.     جھکی ہوں گی ان کی آنکھیں چڑھی آتی ہو گی ان پر ذلت، یہ ہے وہ دن جس کا ان سے وعدہ تھا

سورۃ نوح

۱.         ہم نے بھیجا نوح کو اس کی قوم کی طرف کہ ڈرا اپنی قوم کو اس سے پہلے کہ پہنچے ان پر عذاب دردناک

۲.        بولا اے قوم میری تم کو ڈر سناتا ہوں کھول کر

۳.        کہ بندگی کرو اللہ کی اور اس سے ڈرو اور میرا کہنا مانو

۴.        تاکہ بخشے وہ تم کو کچھ گناہ تمہارے اور ڈھیل دے تم کو ایک مقرر وعدہ تک  وہ جو وعدہ کیا ہے اللہ نے جب آ پہنچے گا اس کو ڈھیل نہ ہو گی اگر تم کو سمجھ ہے

۵.        بولا اے رب میں بلاتا رہا اپنی قوم کو رات اور دن

۶.        پھر میرے بلانے سے اور زیادہ بھاگنے لگے

۷.        اور میں نے جب کبھی ان کو بلایا تاکہ تو ان کو بخشے ڈالنے لگے انگلیاں اپنے کانوں میں  اور لپیٹنے لگے اپنے اوپر کپڑا  اور ضد کی اور غرور کیا بڑا غرور

۸.        پھر میں نے ان کو بلایا برملا

۹.         پھر میں نے اُن کو کھول کر کہا اور چھپ کر کہا چپکے سے

۱۰.       تو میں نے کہا گناہ بخشواؤ اپنے رب سے بے شک وہ ہے بخشنے والا

۱۱.        چھوڑ دے گا آسمان کی تم پر دھاریں

۱۲.       اور بڑھا دے گا تم کو مال اور بیٹوں سے اور بنا دے گا تمہارے واسطے باغ اور بنا دے گا تمہارے لیے نہریں

۱۳.       کیا ہوا ہے تم کو کیوں نہیں امید رکھتے اللہ سے بڑائی کی

۱۴.       اور اس نے بنایا تم کو طرح طرح سے

۱۵.       کیا تم نے نہیں دیکھا کیسے بنائے اللہ نے سات آسمان تہ پر تہ

۱۶.       اور رکھا چاند کو ان میں اُجالا اور رکھا سورج کو چراغ جلتا ہوا

۱۷.      اور اللہ نے اگایا تم کو زمین سے جما کر

۱۸.       پھر مکرر ڈالے گا تم کو اس میں اور نکالے گا تم کو باہر

۱۹.       اور اللہ نے بنا دیا تمہارے لیے زمین کو بچھونا

۲۰.      تاکہ چلو اس میں کشادہ راستے

۲۱.       کہا نوح نے اے رب میرے انہوں نے میرا کہا نہ مانا اور مانا ایسے کا جس کو اس کے مال اور اولاد سے اور زیادہ ہو ٹوٹا

۲۲.      اور داؤ کیا ہے بڑا داؤ

۲۳.      اور بولے ہرگز نہ چھوڑیو اپنے معبودوں کو  اور نہ چھوڑیو ودّ کو اور نہ سواع کو اور نہ یغوث کو اور یعوق اور نسر کو

۲۴.      اور بہکا دیا بہتوں کو اور تو نہ زیادہ کرنا بے انصافوں کو مگر بھٹکنا

۲۵.      کچھ وہ اپنے گناہوں سے دبائے گئے پھر ڈالے گئے آگ میں  پھر نہ پائے اپنے واسطے انہوں نے اللہ کے سوا کوئی مددگار

۲۶.      اور کہا نوح نے اے رب نہ چھوڑیو زمین پر منکروں کا ایک گھر بسنے والا مقرر

۲۷.     اگر تو چھوڑ دے گا ان کو بہکائیں گے تیرے بندوں کو اور جو جنیں گے سو ڈھیٹھ حق کا منکر

۲۸.      اے رب معاف کر مجھ کو اور میرے ماں باپ کو اور جو آئے میرے گھر میں ایماندار اور سب ایمان والے مردوں کو اور عورتوں کو  اور گناہ گاروں پر بڑھتا رکھ یہی برباد ہونا

سورۃ الجن

۱.         تو کہہ مجھ کو حکم آیا کہ سن گئے کتنے لوگ جنوں کے  پھر کہنے لگے ہم نے سنا ہے ایک قرآن عجیب

۲.        کہ سجھاتا ہے نیک راہ سو ہم اس پر یقین لائے اور ہرگز نہ شریک بتلائیں گے ہم اپنے رب کا کسی کو

۳.        اور یہ کہ اونچی ہے شان ہمارے رب کی نہیں رکھی اس نے جورو نہ بیٹا

۴.        اور یہ کہ ہم میں کا بیوقوف اللہ پر بڑھا کر باتیں کہا کرتا تھا

۵.        اور یہ کہ ہم کو خیال تھا کہ ہرگز نہ بولیں گے آدمی اور جن اللہ پر جھوٹ

۶.        اور یہ کہ تھے کتنے مرد آدمیوں میں کے پناہ پکڑتے تھے کتنے مردوں کی جنوں میں کے پھر تو وہ اور زیادہ سر چڑھنے لگے

۷.        اور یہ کہ ان کو بھی خیال تھا جیسا تم کو خیال تھا کہ ہرگز نہ اٹھائے گا اللہ کسی کو

۸.        اور یہ کہ ہم نے ٹٹول دیکھا آسمان کو پھر پایا اس کو بھر رہے ہیں اس میں چوکیدار سخت اور انگارے

۹.         اور یہ کہ ہم بیٹھا کرتے تھے ٹھکانوں میں سننے کے واسطے پھر جو کوئی اب سننا چاہے وہ پائے اپنے واسطے ایک انگارا گھات میں

۱۰.       اور یہ کہ ہم نہیں جانتے کہ برا ارادہ ٹھہرا ہے زمین کے رہنے والوں پر یا چاہا ان کے حق میں ان کے رب نے راہ پر لانا

۱۱.        اور یہ کہ کوئی ہم میں نیک ہیں اور کوئی اس کے سوا ہم تھے کئی راہ پر پھٹے ہوئے

۱۲.       اور یہ کہ ہمارے خیال میں آگیا کہ ہم چھپ نہ جائیں گے اللہ سے زمین میں اور نہ تھکا دیں گے اس کو بھاگ کر

۱۳.       اور یہ کہ جب ہم نے سن لی راہ کی بات تو ہم نے اس کو مان لیا  پھر جو کوئی یقین لائے گا اپنے رب پر سو وہ نہ ڈرے گا نقصان سے اور نہ زبردستی سے

۱۴.       اور یہ کہ کچھ ہم میں حکم بردار ہیں اور کچھ ہیں بے انصاف سو جو لوگ حکم میں آ گئے سو انہوں نے اٹکل کر لیا نیک راہ کو

۱۵.       اور جو بے انصاف ہیں وہ ہوئے دوزخ کے ایندھن

۱۶.       اور یہ حکم آیا کہ اگر لوگ سیدھے رہتے راہ پر تو ہم پلاتے ان کو پانی بھر کر

۱۷.      تاکہ ان کو جانچیں اس میں  اور جو کوئی منہ موڑے اپنے رب کی یاد سے وہ ڈال دے گا اس کو چڑھتے عذاب میں

۱۸.       اور یہ کہ مسجدیں اللہ کی یاد کے واسطے ہیں سو مت پکارو اللہ کے ساتھ کسی کو

۱۹.       اور یہ کہ جب کھڑا ہوا اللہ کا بندہ  کہ اس کو پکارے لوگوں کا بندھنے لگتا ہے اس پر ٹھٹھ

۲۰.      تو کہہ میں تو پکارتا ہوں بس اپنے رب کو اور شریک نہیں کرتا اس کا کسی کو

۲۱.       تو کہہ میرے اختیار میں نہیں تمہارا برا اور نہ راہ پر لانا

۲۲.      تو کہہ مجھ کو نہ بچائے گا اللہ کے ہاتھ سے کوئی اور نہ پاؤں گا اس کے سوا کہیں سرک رہنے کو جگہ

۲۳.      مگر پہنچانا ہے اللہ کی طرف سے اور اس کے پیغام لانے  اور جو کوئی حکم نہ مانے اللہ کا اور اس کے رسول کا سو اس کے لیے آگ ہے دوزخ کی رہا کریں اس میں ہمیشہ

۲۴.      یہاں تک کہ جب دیکھیں گے جو کچھ ان سے وعدہ ہوا تب جان لیں گے کس کے مددگار کمزور ہیں اور گنتی میں تھوڑے

۲۵.      تو کہہ میں نہیں جانتا کہ نزدیک ہے جس چیز کا تم سے وعدہ ہوا ہے یا کر دے اس کو میرا رب ایک مدت کے بعد

۲۶.      جاننے والا بھید کا سو نہیں خبر دیتا اپنے بھید کی کسی کو

۲۷.     مگر جو پسند کر لیا کسی رسول کو تو وہ چلاتا ہے اس کے آگے اور پیچھے چوکیدار

۲۸.      تاکہ جانے کہ انہوں نے پہنچائے پیغام اپنے رب کے  اور قابو میں رکھا ہے جو ان کے پاس ہے اور گن لی ہے ہر چیز کی گنتی

سورۃ المزمل

۱.         اے کپڑے میں لپٹنے والے

۲.        کھڑا رہ رات کو مگر کسی رات

۳.        آدھی رات یا اس میں سے کم کر دے

۴.        تھوڑا سا یا زیادہ کر اس پر  اور کھول کھول کر پڑھ قرآن کو صاف

۵.        ہم ڈالنے والے ہیں تجھ پر ایک بات وزن دار

۶.        البتہ اٹھنا رات کو سخت روندتا ہے اور سیدھی نکلتی ہے بات

۷.        البتہ تجھ کو دن میں شغل رہتا ہے لمبا

۸.        اور پڑھے جا نام اپنے رب کا اور چھوٹ کر چلا آ اس کی طرف سب سے الگ ہو کر

۹.         مالک مشرق و مغرب کا  اس کے سوا کسی کی بندگی نہیں سو پکڑ لے اس کو کام بنانے والا

۱۰.       اور سہتا رہ جو کچھ کہتے رہیں  اور چھوڑ دے ان کو بھلی طرح کا چھوڑنا

۱۱.        اور چھوڑ دے مجھ کو اور جھٹلانے والوں کو جو آرام میں رہے ہیں اور ڈھیل دے ان کو تھوڑی سی

۱۲.       البتہ ہمارے پاس بیڑیاں ہیں اور آگ کا ڈھیر

۱۳.       اور کھانا گلے میں اٹکنے والا اور عذاب دردناک

۱۴.       جس دن کہ کانپے گی زمین اور پہاڑ اور ہو جائیں گے پہاڑ ریت کے تودے پھسلتے

۱۵.       ہم نے بھیجا تمہاری طرف رسول بتلانے والا تمہاری باتوں کا  جیسے بھیجا فرعون کے پاس رسول

۱۶.       پھر کہا نہ مانا فرعون نے رسول کا پھر پکڑی ہم نے اس کو وبال کی پکڑ

۱۷.      پھر کیونکر بچو گے اگر منکر ہو گئے اس دن سے جو کر ڈالے لڑکوں کو بوڑھا

۱۸.       آسمان پھٹ جائے گا اس دن میں اس کا وعدہ ہونے والا ہے

۱۹.       یہ تو نصیحت ہے پھر جو کوئی چاہے بنا لے اپنے رب کی طرف راہ

۲۰.      بے شک تیرا رب جانتا ہے کہ تو اٹھتا ہے نزدیک دو تہائی رات کے اور آدھی رات کے اور تہائی رات کے اور کتنے لوگ تیرے ساتھ کے  اور اللہ ماپتا ہے رات کو اور دن کو اس نے جانا کہ تم اس کو پورا نہ کر سکو گے سو تم پر معافی بھیج دی اب پڑھو جتنا تم کو آسان ہو قرآن سے جانا کہ کتنے ہو تم میں سے بیمار اور کتنے لوگ پھریں گے ملک میں ڈھونڈتے اللہ کے فضل کو اور کتنے لوگ لڑتے ہوں گے اللہ کی راہ میں سو پڑھ لیا کرو جتنا آسان ہو اس میں سے اور قائم رکھو نماز اور دیتے رہو زکوٰۃ اور قرض دو اللہ کو اچھی طرح قرض دینا اور جو کچھ آگے بھیجو گے اپنے واسطے کوئی نیکی اس کو پاؤ گے اللہ کے پاس بہتر اور ثواب میں زیادہ  اور معافی مانگو اللہ سے بے شک اللہ بخشنے والا مہربان ہے

سورۃ المدثر

۱.         اے لحاف میں لپٹنے والے

۲.        کھڑا ہو پھر ڈر سنا دے

۳.        اور اپنے رب کی بڑائی بول

۴.        اور اپنے کپڑے پاک رکھ

۵.        اور گندگی سے دور رہ

۶.        اور ایسا نہ کر کہ احسان کرے اور بدلہ بہت چاہے

۷.        اور اپنے رب سے اُمید رکھ

۸.        پھر جب بچنے لگے وہ کھوکھری چیز

۹.         پھر وہ اس دن مشکل دن ہے

۱۰.       منکروں پر نہیں آسان

۱۱.        چھوڑ دے مجھ کو اور اس کو جس کو میں نے بنایا اکیلا

۱۲.       اور دیا میں نے اس کو مال پھیلا کر

۱۳.       اور بیٹے مجلس میں بیٹھنے والے

۱۴.       اور تیاری کر دی اس کے لیے خوب تیاری

۱۵.       پھر لالچ رکھتا ہے کہ اور بھی دوں

۱۶.       ہرگز نہیں وہ ہے ہماری آیتوں کا مخالف

۱۷.      اب اس سے چڑھواؤں گا بڑی چڑھائی

۱۸.       اس نے فکر کیا اور دل میں ٹھہرا لیا

۱۹.       سو مارا جائیو کیسا ٹھہرایا

۲۰.      پھر مارا جائیو کیسا ٹھہرایا

۲۱.       پھر نگاہ کی

۲۲.      پھر تیوری چڑھائی اور منہ تھتھایا

۲۳.      پھر پیٹھ پھیری اور غرور کیا

۲۴.      پھر بولا اور کچھ نہیں یہ جادو ہے چلا آتا

۲۵.      اور کچھ نہیں یہ کہا ہوا ہے آدمی کا

۲۶.      اب اس کو ڈالوں گا آگ میں

۲۷.     اور تو کیا سمجھا کیسی ہے آگ

۲۸.      نہ باقی رکھے اور نہ چھوڑے

۲۹.      جلا دینے والی ہے آدمیوں کو

۳۰.      اس پر مقرر ہیں انیس فرشتے

۳۱.       اور ہم نے جو رکھے ہیں دوزخ پر دروغہ وہ فرشتے ہی ہیں  اور ان کو جو گنتی رکھی ہے سو جانچنے کو منکروں کے  تاکہ یقین کر لیں وہ لوگ جن کو ملی ہے کتاب اور بڑھے ایمانداروں کا ایمان اور دھوکا نہ کھائیں جن کو ملی ہے کتاب اور مسلمان  اور تاکہ کہیں وہ لوگ جن کے دل میں روگ ہے اور منکر کیا غرض تھی اللہ کو اس مثل سے یوں بچلاتا ہے جس کو چاہتا ہے اور راہ دیتا ہے جس کو چاہتا ہے اور کوئی نہیں جانتا تیرے رب کے لشکر کو مگر خود ہی  وہ تو سمجھاتا ہے لوگوں کے واسطے

۳۲.      سچ کہتا ہوں اور قسم ہے چاند کی،

۳۳.     اور رات کی جب پیٹھ پھیرے ،

۳۴.     اور صبح کی جب روشن ہو وے

۳۵.     وہ ایک ہے بڑی چیزوں میں کی

۳۶.      ڈرانے والی ہے لوگوں کو

۳۷.     جو کوئی چاہے تم میں سے کہ آگے بڑھے یا پیچھے رہے

۳۸.     ہر ایک جی اپنے کیے کاموں میں پھنسا ہوا ہے

۳۹.      مگر داہنی طرف والے

۴۰.      باغوں میں ہیں مل کر پوچھتے ہیں

۴۱.       گناہ گاروں کا حال

۴۲.      تم کا ہے سے جا پڑے دوزخ میں

۴۳.     وہ بولے ہم نہ تھے نماز پڑھتے

۴۴.     اور نہ تھے کھانا کھلاتے محتاج کو

۴۵.     اور ہم تھے باتوں میں دھنستے دھسنے والوں کے ساتھ

۴۶.      اور ہم تھے جھٹلاتے انصاف کے دن کو

۴۷.     یہاں تک کہ آ پہنچی ہم پر وہ یقینی بات

۴۸.     پھر کام نہ آئے گی ان کی سفارش،  سفارش کرنے والوں کی

۴۹.      پھر کیا ہوا ہے ان کو کہ نصیحت سے منہ موڑتے ہیں

۵۰.      گویا کہ وہ گدھے ہیں بدکنے والے

۵۱.       بھاگے ہیں غل مچانے سے

۵۲.      بلکہ چاہتا ہے ہر ایک مرد ان میں کا کہ ملیں اس کو ورق کھلے ہوئے

۵۳.     ہرگز نہیں  پر وہ دوڑتے نہیں آخرت سے

۵۴.     کوئی نہیں یہ تو نصیحت ہے

۵۵.     پھر جو کوئی چاہے اس کو یاد کرے

۵۶.      اور وہ یاد جبھی کریں کہ چاہے اللہ  وہی ہے جس سے ڈرنا چاہیے اور وہی ہے بخشنے کے لائق

سورۃ القیامۃ

۱.         قسم کھاتا ہوں قیامت کے دن کی

۲.        اور قسم کھاتا ہوں جی کی کہ جو ملامت کرے برائی پر

۳.        کیا خیال رکھتا ہے آدمی کہ جمع نہ کریں گے ہم اس کی ہڈیاں

۴.        کیوں نہیں ہم ٹھیک کر سکتے ہیں اس کی پوریاں

۵.        بلکہ چاہتا ہے آدمی کہ ڈھٹائی کرے اس کے سامنے

۶.        پوچھتا ہے کب ہو گا دن قیامت کا

۷.        پھر جب چندھیانے لگے آنکھ

۸.        اور گہ جائے چاند

۹.         اور اکٹھے ہوں سورج اور چاند

۱۰.       کہے گا آدمی اس دن کہاں چلا جاؤں بھاگ کر،

۱۱.        کوئی نہیں کہیں نہیں ہے بچاؤ،

۱۲.       تیرے رب تک ہے اس دن جا ٹھہرنا

۱۳.       جتلا دیں گے انسان کو اس دن جو اس نے آگے بھیجا اور پیچھے چھوڑا

۱۴.       بلکہ آدمی اپنے واسطے آپ دلیل ہے

۱۵.       اور پڑا لا ڈالے اپنے بہانے

۱۶.       نہ چلا تُو اس کے پڑھنے پر اپنی زبان تاکہ جلدی اس کو سیکھ لے ،

۱۷.      وہ تو ہمارا ذمہ ہے اس کو جمع رکھنا تیرے سینہ میں اور پڑھنا تیری زبان سے

۱۸.       پھر جب ہم پڑھنے لگیں فرشتہ کی زبانی تو ساتھ رہ اس کے پڑھنے کے ،

۱۹.       پھر مقرر ہمارا ذمہ ہے اس کو کھول کر بتلانا

۲۰.      کوئی نہیں پر تم چاہتے ہو جو جلد

۲۱.       اور چھوڑتے ہو جو دیر میں آئے

۲۲.      کتنے منہ اس دن تازہ ہیں

۲۳.      اپنے رب کی طرف دیکھنے والے

۲۴.      اور کتنے منہ اس دن اداس ہیں

۲۵.      خیال کرتے ہیں کہ ان پر وہ آئے جس سے ٹوٹے کمر

۲۶.      ہرگز نہیں جس وقت جان پہنچے بانس تک

۲۷.     اور لوگ کہیں کون ہے جھاڑنے والا

۲۸.      اور وہ سمجھا کہ اب آیا وقت جدائی کا

۲۹.      اور لپٹ گئی پنڈلی پر پنڈلی

۳۰.      تیرے رب کی طرف ہے اس دن کھینچ کر چلا جانا

۳۱.       پھر نہ یقین لایا اور نہ نماز پڑھی

۳۲.      پھر جھٹلایا اور منہ موڑا

۳۳.     پھر گیا اپنے گھر کو اکڑتا ہوا

۳۴.     خرابی تیری خرابی پر خرابی تیری

۳۵.     پھر خرابی تیری خرابی پر خرابی تیری

۳۶.      کیا خیال رکھتا ہے آدمی کہ چھوٹا رہے گا بے قید

۳۷.     بھلا نہ تھا وہ ایک بوند منی کی جو ٹپکی

۳۸.     پھر تھا لہو جما ہوا پھر اس نے بنایا اور ٹھیک کر اٹھایا،

۳۹.      پھر کیا اس میں جوڑا نر اور مادہ

۴۰.      کیا یہ خدا زندہ نہیں کر سکتا مردوں کو

سورۃ الإنسان

۱.         کبھی گزرا ہے انسان پر ایک وقت زمانے میں کہ نہ تھا وہ کوئی چیز جو زبان پر آتی

۲.        ہم نے بنایا آدمی کو ایک دو رنگی بوند سے  ہم پلٹتے رہے اس کو پھر کر دیا اس کو ہم نے سننے والا دیکھنے والا

۳.        ہم نے اس کو سجھائی راہ یا حق مانتا ہے اور یا ناشکری کرتا ہے

۴.        ہم نے تیار کر رکھی ہیں منکروں کے واسطے زنجیریں اور طوق اور آگ دہکتی

۵.        البتہ نیک لوگ پیتے ہیں پیالہ جس کی ملونی ہے کافور

۶.        ایک چشمہ ہے جس سے پیتے ہیں بندے اللہ کے   چلاتے ہیں وہ اس کی نالیاں

۷.        پورا کرتے ہیں منت کو  اور ڈرتے ہیں اس دن سے کہ اس کی برائی پھیل پڑے گی

۸.        اور کھلاتے ہیں کھانا اس کی محبت پر محتاج کو اور یتیم کو اور قیدی کو

۹.         ہم جو تم کو کھلاتے ہیں سو خالص اللہ کی خوشی چاہنے کو نہ تم سے ہم چاہیں بدلہ اور نہ چاہیں شکر گزاری

۱۰.       ہم ڈرتے ہیں اپنے رب سے ایک دن اداسی والے کی سختی سے

۱۱.        پھر بچا لیا ان کو اللہ نے برائی سے اس دن کی اور ملا دی ان کو تازگی اور خوش وقتی

۱۲.       اور بدلہ دیا ان کو ان کے صبر پر باغ اور پوشاک ریشمی

۱۳.       تکیہ لگائے بیٹھیں اس میں تختوں کے اوپر  نہیں دیکھتے وہاں دھوپ اور نہ ٹِھر

۱۴.       اور جھٹک رہیں ان پر اس کی چھائیں اور پست کر رکھے ہیں اس کے گچھے لٹکا کر

۱۵.       اور لوگ لیے پھرتے ہیں ان کے پاس برتن چاندی کے اور آب خورے جو ہو رہے ہیں شیشے کے

۱۶.       شیشے ہیں چاندی کے   ناپ رکھا ہے ان کا ناپ

۱۷.      اور اُن کو وہاں پلاتے ہیں پیالے جس کی ملونی ہے سونٹھ

۱۸.       ایک چشمہ ہے اس میں اس کا نام کہتے ہیں سلسبیل

۱۹.       اور پھرتے ہیں ان کے پاس لڑکے سدا رہنے والے  جب تو ان کو دیکھے خیال کرے کہ موتی ہیں بکھرے ہوئے

۲۰.      اور جب تو دیکھے وہاں تو دیکھے نعمت اور سلطنت بڑی

۲۱.       اوپر کی پوشاک ان کی کپڑے ہیں باریک ریشم کے سبز اور گاڑھے  اور ان کو پہنائے جائیں گے کنگن چاندی کے  اور پلائے ان کو ان کا رب شراب جو پاک کرے دل کو

۲۲.      یہ ہے تمہارا بدلہ اور کمائی تمہاری ٹھکانے لگی

۲۳.      ہم نے اتارا تجھ پر قرآن سہج سہج اتارنا

۲۴.      سو تو انتظار کر اپنے رب کے حکم کا  اور کہنا مت مان ان میں سے کسی گناہ گار کا یا ناشکر کا

۲۵.      اور لیتا رہ نام اپنے رب کا صبح اور شام

۲۶.      اور کسی وقت رات کو سجدہ کر اس کو  اور پاکی بول اس کی بڑی رات تک

۲۷.     یہ لوگ چاہتے ہیں جلدی ملنے والے کو اور چھوڑ رکھا ہے اپنے پیچھے ایک بھاری دن کو

۲۸.      ہم نے ان کو بنایا اور مضبوط کیا ان کو جوڑ بندی کو اور جب ہم چاہیں بدل لائیں ان جیسے لوگ بدل کر

۲۹.      یہ تو نصیحت ہے پھر جو کوئی چاہے کر رکھے اپنے رب تک راہ

۳۰.      اور تم نہیں چاہو گے مگر جو چاہے اللہ بے شک اللہ ہے سب کچھ جاننے والا حکمتوں والا

۳۱.       داخل کر لے جس کو چاہے اپنی رحمت میں  اور جو گناہ گار ہیں تیار ہے ان کے واسطے عذاب دردناک

سورۃ المرسلات

۱.         قسم ہے چلتی ہواؤں کی دل کو خوش آتی

۲.        پھر جھونکا دینے والیوں کی زور سے

۳.        پھر ابھارنے والیوں کی اٹھا کر

۴.        پھر پھاڑنے والیوں کی بانٹ کر

۵.        پھر فرشتوں کی جو اتار کر لائیں وحی

۶.        الزام اتارنے کو یا ڈر سنانے کو

۷.        مقرر جو تم سے وعدہ ہوا وہ ضرور ہونا ہے

۸.        پھر جب تارے مٹائے جائیں

۹.         اور آسمان میں جھروکے پڑ جائیں

۱۰.       اور جب پہاڑ اڑا دیے جائیں

۱۱.        اور جب رسولوں کا وقت مقرر ہو جائے

۱۲.       کس دن کے واسطے ان چیزوں میں دیر ہے

۱۳.       اس فیصلے کے دن کے واسطے

۱۴.       تو نے کیا بوجھا کیا ہے فیصلے کا دن

۱۵.       خرابی ہے اس دن جھٹلانے والوں کی

۱۶.       کیا ہم نے نہیں مار کھپایا پہلوں کو

۱۷.      پھر ان کے پیچھے بھیجتے ہیں پچھلوں کو

۱۸.       ہم ایسا ہی کرتے ہیں گناہ گاروں کے ساتھ

۱۹.       خرابی ہے اس دن جھٹلانے والوں کی

۲۰.      کیا ہم نے نہیں بنایا تم کو ایک بے قدر پانی سے

۲۱.       پھر رکھا اس کو ایک جمے ہوئے ٹھکانے میں

۲۲.      ایک وعدہ مقرر تک

۲۳.      پھر ہم اس کو پورا کر سکے سو ہم کیا خوب سکت والے ہیں

۲۴.      خرابی ہے اس دن جھٹلانے والوں کی

۲۵.      کیا ہم نے نہیں بنائی زمین سمیٹنے والی

۲۶.      زندوں کو اور مردوں کو

۲۷.     اور رکھے ہم نے زمین میں بوجھ کے لیے پہاڑ اونچے اور پلایا ہم نے تم کو پانی میٹھا پیاس بجھانے والا

۲۸.      خرابی ہے اس دن جھٹلانے والوں کی

۲۹.      چل کر دیکھو جس چیز کو تم جھٹلاتے تھے

۳۰.      چلو ایک چھاؤں میں جس کی تین پھانکیں ہیں

۳۱.       نہ گہری چھاؤں اور نہ کچھ کام آئے طیش میں

۳۲.      وہ آگ پھینکتی ہے چنگاریاں جیسے محل

۳۳.     گویا وہ اونٹ ہیں زرد

۳۴.     خرابی ہے اس دن جھٹلانے والوں کی

۳۵.     یہ وہ دن ہے کہ نہ بولیں گے

۳۶.      اور نہ ان کو حکم ہو کہ توبہ کریں

۳۷.     خرابی ہے اس دن جھٹلانے والوں کی

۳۸.     یہ ہے دن فیصلے کا جمع کیا ہم نے تم کو اور اگلوں کو

۳۹.      پھر اگر کچھ داؤ ہے تمہارا تو چلا لو مجھ پر

۴۰.      خرابی ہے اس دن جھٹلانے والوں کی

۴۱.       البتہ جو ڈرنے والے ہیں وہ سایہ میں ہیں  اور نہروں میں

۴۲.      اور میوے جس قسم کے وہ چاہیں

۴۳.     کھاؤ اور پیو مزے سے بدلہ ان کاموں کا جو تم نے کیے تھے

۴۴.     ہم یونہی دیتے ہیں بدلہ نیکی والوں کو

۴۵.     خرابی ہے اس دن جھٹلانے والوں کی

۴۶.      کھا لو اور برت لو تھوڑے دنوں بے شک تم گناہ گار ہو

۴۷.     خرابی ہے اس دن جھٹلانے والوں کی

۴۸.     اور جب کہیے ان کو کہ جھک جاؤ نہیں جھکتے

۴۹.      خرابی ہے اس دن جھٹلانے والوں کی

۵۰.      اب کس بات پر اس کے بعد یقین لائیں گے

سورۃ النبأ

۱.         کیا بات پوچھتے ہیں لوگ آپس میں

۲.        پوچھتے ہیں اس بڑی خبر سے

۳.        جس میں وہ مختلف ہیں

۴.        ہرگز نہیں اب جان لیں گے

۵.        پھر بھی ہرگز نہیں اب جان لیں گے

۶.        کیا ہم نے نہیں بنایا زمین کو بچھونا

۷.        اور پہاڑوں کو میخیں

۸.        اور تم کو بنایا ہم نے جوڑے جوڑے

۹.         اور بنایا نیند کو تمہاری تھکان دفع کرنے کے لیے

۱۰.       اور بنایا رات کو اوڑھنا

۱۱.        اور بنایا دن کمائی کرنے کو

۱۲.       اور چنی ہم نے تم سے اوپر سات چنائی مضبوط

۱۳.       اور بنایا ایک چراغ چمکتا ہوا

۱۴.       اور اتارا نچڑنے والی بدلیوں سے پانی کا ریلا

۱۵.       تاکہ ہم نکالیں اس سے اناج اور سبزہ

۱۶.       اور باغ پتوں میں لپٹے ہوئے

۱۷.      بے شک دن فیصلے کا ہے ایک وقت ٹھہرا ہوا

۱۸.       جس دن پھونکی جائے صور پھر تم چلے آؤ جُٹ کے جُٹ

۱۹.       اور کھولا جائے آسمان تو ہو جائیں اس میں دروازے

۲۰.      اور چلائے جائیں گے پہاڑ تو ہو جائیں گے چمکتا ریتا

۲۱.       بے شک دوزخ ہے تاک میں

۲۲.      شریروں کا ٹھکانا

۲۳.      رہا کریں اس میں قرنوں

۲۴.      نہ چکھیں وہاں کچھ مزہ ٹھنڈک کا اور نہ پینا ملے کچھ

۲۵.      مگر گرم پانی اور بہتی پیپ

۲۶.      بدلہ ہے پورا

۲۷.     ان کو توقع نہ تھی حساب کی

۲۸.      اور جھٹلاتے تھے ہماری آیتوں کو مکرا کر

۲۹.      اور ہر چیز ہم نے گن رکھی ہے لکھ کر

۳۰.      اب چکھو کہ ہم نہ بڑھاتے جائیں گے تم پر مگر عذاب

۳۱.       بے شک ڈر والوں کو ان کی مراد ملنی ہے

۳۲.      باغ ہیں اور انگور

۳۳.     اور نوجوان عورتیں ایک عمر کی سب

۳۴.     اور پیالے چھلکتے ہوئے

۳۵.     نہ سنیں گے وہاں بک بک اور نہ مکرانا

۳۶.      بدلہ ہے تیرے رب کا دیا ہوا حساب سے

۳۷.     جو رب ہے آسمانوں کا اور زمین کا اور جو کچھ ان کے بیچ میں ہے بڑی رحمت والا  قدرت نہیں کہ کوئی اس سے بات کرے

۳۸.     جس دن کھڑی ہو روح اور فرشتے قطار باندھ کر  کوئی نہیں بولتا مگر جس کو حکم دیا رحمان نے اور بولا بات ٹھیک

۳۹.      وہ دن ہے برحق پھر جو کوئی چاہے بنا رکھے اپنے رب کے پاس ٹھکانا

۴۰.      ہم نے خبر سنا دی تم کو ایک آفت نزدیک آنے والی کی جس دن دیکھ لے گا آدمی جو آگے بھیجا اس کے ہاتھوں نے  اور کہے گا کافر کسی طرح میں مٹی ہوتا

سورۃ النازعات

۱.         قسم ہے گھسیٹ لانے والوں کی غوطہ لگا کر

۲.        اور بند چھڑا دینے والوں کی کھول کر

۳.        اور تیرنے والوں کی تیزی سے

۴.        پھر آگے بڑھنے والوں کی دوڑ کر

۵.        پھر کام بنانے والوں کی حکم سے

۶.        جس دن کانپے کانپنے والی

۷.        اس کے پیچھے آئے دوسری

۸.        کتنے دل اس دن دھڑکتے ہیں

۹.         ان کی آنکھیں جھک رہی ہیں

۱۰.       لوگ کہتے ہیں کیا ہم پھر آئیں گے الٹے پاؤں

۱۱.        کیا جب ہم ہو چکیں ہڈیاں کھوکھری

۱۲.       بولے تو یہ پھر آنا ہے ٹوٹے کا

۱۳.       سو وہ تو صرف ایک جھڑکی ہے

۱۴.       پھر تب ہی وہ آ رہیں میدان میں

۱۵.       کیا پہنچی ہے تجھ کو بات موسیٰ کی

۱۶.       جب پکارا اس کو اس کے رب نے پاک میدان میں جس کا نام طویٰ ہے

۱۷.      جا فرعون کے پاس اس نے سر اٹھایا

۱۸.       پھر کہہ تیرا جی چاہتا ہے کہ تو سنور جائے

۱۹.       اور راہ بتلاؤں تجھ کو تیرے رب کی طرف پھر تجھ کو ڈر ہو

۲۰.      پھر دکھلائی اس کو وہ بڑی نشانی

۲۱.       پھر جھٹلایا اس نے اور نہ مانا

۲۲.      پھر چلا پیٹھ پھیر کر تلاش کرتا ہوا

۲۳.      پھر سب کو جمع کیا، پھر پکارا

۲۴.      تو کہا میں ہوں رب تمہارا سب سے اوپر

۲۵.      پھر پکڑا اس کو اللہ نے سزا میں آخرت کی اور دنیا کی

۲۶.      بے شک اس میں سوچنے کی جگہ ہے جس کے دل میں ڈر ہے

۲۷.     کیا تمہارا بنانا مشکل ہے یا آسمان کا  اس نے اس کو بنا لیا

۲۸.      اونچا کیا اس کا ابھار پھر اس کو برابر کیا

۲۹.      اور اندھیری کی رات اس کی اور کھول نکالی اس کی دھوپ

۳۰.      اور زمین کو اس کے پیچھے صاف بچھا دیا

۳۱.       باہر نکالا زمین سے اس کا پانی اور چارا

۳۲.      اور پہاڑوں کو قائم کر دیا

۳۳.     کام چلانے کو تمہارے اور تمہارے چوپایوں کو

۳۴.     پھر جب آئے وہ بڑا ہنگامہ

۳۵.     جس دن کے یاد کرے گا آدمی جو اس نے کمایا

۳۶.      اور نکال ظاہر کر دیں دوزخ کو جو چاہے دیکھے

۳۷.     سو جس نے کی ہو شرارت

۳۸.     اور بہتر سمجھا ہو دنیا کا جینا

۳۹.      سو دوزخ ہی ہے اس کا ٹھکانا

۴۰.      اور جو کوئی ڈرا ہو اپنے رب کے سامنے کھڑے ہونے سے اور روکا ہو اس نے اپنے جی کو خواہش سے

۴۱.       سو بہشت ہی ہے اس کا ٹھکانا

۴۲.      تجھ سے پوچھتے ہیں وہ گھڑی کب ہو گا قیام اس کا

۴۳.     تجھ کو کیا کام اس کے ذکر سے

۴۴.     تیرے رب کی طرف ہے پہنچ اس کی

۴۵.     تو تو ڈر سنانے کے واسطے ہے اس کو جو اس سے ڈرتا ہے

۴۶.      ایسا لگے گا جس دن دیکھیں گے اس کو کہ نہیں ٹھہرے تھے دنیا میں مگر ایک شام یا صبح اس کی

سورۃ عبس

۱.         تیوری چڑھائی اور منہ موڑ ا

۲.        اس بات سے کہ آیا اس کے پاس اندھا

۳.        اور تجھ کو کیا خبر ہے شاید کہ وہ سنورتا

۴.        یا سوچتا تو کام آتا اس کے سمجھانا

۵.        وہ جو پروا نہیں کرتا

۶.        سو تو اس کی فکر میں ہے

۷.        اور تجھ پر کچھ الزام نہیں کہ وہ نہیں درست ہوتا

۸.        اور وہ جو آیا تیرے پاس دوڑتا

۹.         اور وہ ڈرتا ہے

۱۰.       سو تو اس سے تغافل کرتا ہے

۱۱.        یوں نہیں یہ تو نصیحت ہے

۱۲.       پھر جو کوئی چاہے اس کو پڑھے

۱۳.       لکھا ہے عزت کے ورقوں میں

۱۴.       اونچے رکھے ہوئے

۱۵.       نہایت ستھرے  ہاتھوں میں لکھنے والوں کے

۱۶.       جو بڑے درجہ والے نیک کار ہیں

۱۷.      مارا جائیو آدمی کیسا ناشکرا ہے

۱۸.       کس چیز سے بنایا اس کو

۱۹.       ایک بوند سے  بنایا اس کو پھر اندازہ پر رکھا اس کو

۲۰.      پھر راہ آسان کر دی اس کی

۲۱.       پھر اس کو مردہ کیا پھر قبر میں رکھوا دیا اس کو

۲۲.      پھر جب چاہا اٹھا نکالا اس کو

۲۳.      ہرگز نہیں پورا نہ کیا جو اس کو فرمایا

۲۴.      اب دیکھ لے آدمی اپنے کھانے کو

۲۵.      کہ ہم نے ڈالا پانی اوپر سے گرتا ہوا

۲۶.      پھر چیرا زمین کو پھاڑ کر

۲۷.     پھر اگایا اس میں اناج

۲۸.      اور انگور اور ترکاری

۲۹.      اور زیتون اور کھجوریں

۳۰.      اور گھن کے باغ

۳۱.       اور میوہ اور گھاس

۳۲.      کام چلانے کو تمہارے اور تمہارے چوپایوں کے

۳۳.     پھر جب آئے وہ کان پھوڑنے والی

۳۴.     جس دن کہ بھاگے مرد اپنے بھائی سے

۳۵.     اور اپنی ماں اور اپنے باپ

۳۶.      اور اپنی ساتھ والی سے اور اپنے بیٹوں سے

۳۷.     ہر مرد کو ان میں سے اس دن ایک فکر لگا ہوا ہے جو اس کے لیے کافی ہے

۳۸.     کتنے منہ اس دن روشن ہیں

۳۹.      ہنستے خوشیاں کرتے

۴۰.      اور کتنے منہ اس دن ان پر گرد پڑی ہے

۴۱.       چڑھی آتی ہے ان پر سیاہی

۴۲.      یہ لوگ وہی ہیں جو منکر ہیں ڈھیٹھ

سورۃ التکویر

۱.         جب سورج کی دھوپ تیز ہو جائے

۲.        اور جب تارے میلے ہو جائیں

۳.        اور جب پہاڑ چلائے جائیں

۴.        اور جب بیاتی اونٹنیاں چھٹی پھریں

۵.        اور جب جنگل کے جانوروں میں رول پڑ جائے

۶.        اور جب دریا جھونکے جائیں

۷.        اور جب جیون کے جوڑے باندھے جائیں

۸.        اور جب بیٹی جیتی گاڑ دی گئی کو پوچھیں

۹.         کہ کس گناہ پر وہ ماری گئی

۱۰.       اور جب اعمال نامے کھولے جائیں

۱۱.        اور جب آسمان کا پوست اتار لیں

۱۲.       اور جب دوزخ دہکائی جائے

۱۳.       اور جب بہشت پاس لائی جائے

۱۴.       جان لے گا ہر ایک جی جو لے کر آیا

۱۵.       سو قسم کھاتا ہوں پیچھے ہٹ جانے والوں

۱۶.       سیدھے چلنے والوں دبک جانے والوں کی

۱۷.      اور رات کی جب پھیل جائے

۱۸.       اور صبح کی جب دم بھرے

۱۹.       مقرر یہ کہا ہے ایک بھیجے ہوئے عزت والے کا

۲۰.      قوت والا عرش کے مالک کے پاس درجہ پانے والا

۲۱.       سب کا مانا ہوا وہاں کا معتبر ہے

۲۲.      اور یہ تمہارا رفیق کچھ دیوانہ نہیں

۲۳.      اور اس نے دیکھا ہے اس فرشتہ کو آسمان کے کھلے کنارہ کے پاس

۲۴.      اور یہ غیب کی بات بتانے میں بخیل نہیں

۲۵.      اور یہ کہا ہوا نہیں کسی شیطان مردود کا

۲۶.      پھر تم کدھر چلے جا رہے ہو

۲۷.     یہ تو ایک نصیحت ہے جہان بھر کے واسطے

۲۸.      جو کوئی چاہے تم میں سے کہ سیدھا چلے

۲۹.      اور تم جبھی چاہو کہ چاہے اللہ سارے جہان کا مالک

سورۃ الإنفطار

۱.         جب آسمان چر جائے

۲.        اور جب تارے جھڑ پڑیں

۳.        اور جب دریا ابل نکلیں

۴.        اور جب قبریں زیرو زبر کر دی جائیں

۵.        جان لے کر ہر ایک جی جو کچھ کہ آگے بھیجا اور پیچھے چھوڑا

۶.        اے آدمی کس چیز سے بہکا تو اپنے رب کریم پر

۷.        جس نے تجھ کو بنایا پھر تجھ کو ٹھیک کیا پھر تجھ کو برابر کیا

۸.        جس صورت میں چاہا تجھ کو جوڑ دیا

۹.         ہرگز نہیں پر تم جھوٹ جانتے ہو انصاف کا ہونا

۱۰.       اور تم پر نگہبان مقرر ہیں

۱۱.        عزت والے عمل لکھنے والے

۱۲.       جانتے ہیں جو کچھ تم کرتے ہو

۱۳.       بے شک نیک لوگ بہشت میں ہیں

۱۴.       اور بے شک گناہ گار دوزخ میں ہیں

۱۵.       ڈالے جائیں گے اس میں انصاف کے دن

۱۶.       اور نہ ہوں گے اس سے جدا ہونے والے

۱۷.      اور تجھ کو کیا خبر ہے کیسا ہے دن انصاف کا

۱۸.       پھر بھی تجھ کو کیا خبر ہے کیسا ہے دن انصاف کا

۱۹.       جس دن کہ بھلا نہ کر سکے کوئی جی کسی جی کا کچھ بھی  اور حکم اس دن اللہ ہی کا ہے

سورۃ المطففین

۱.         خرابی ہے گھٹانے والوں کی

۲.        وہ لوگ کہ جب ناپ کر لیں لوگوں سے تو پورا بھر لیں

۳.        اور جب ناپ کر دیں ان کو یا تول کر تو گھٹا کر دیں

۴.        کیا خیال نہیں رکھتے وہ لوگ کہ ان کو اٹھنا ہے

۵.        اس بڑے دن کے واسطے

۶.        جس دن کھڑے رہیں لوگ راہ دیکھتے جہان کے مالک کی

۷.        ہرگز نہیں  بے شک اعمال نامہ گناہ گاروں کا سجین میں ہے

۸.        اور تجھ کو کیا خبر ہے کیا ہے سجین

۹.         ایک دفتر ہے لکھا ہوا

۱۰.       خرابی ہے اس دن جھٹلانے والوں کی

۱۱.        جو جھوٹ جانتے ہیں انصاف کے دن کو

۱۲.       اور اس کو جھٹلاتا ہے وہی جو بڑھ نکلنے والا گناہ گار ہے

۱۳.       جب سنائے اس کو ہماری آیتیں کہے نقلیں ہیں پہلوں کی

۱۴.       کوئی نہیں پر زنگ پکڑ گیا ہے ان کے دلوں پر جو وہ کماتے تھے

۱۵.       کوئی نہیں وہ اپنے رب سے اس دن روک دیے جائیں گے

۱۶.       پھر مقرر وہ گرنے والے ہیں دوزخ میں

۱۷.      پھر کہا جائے گا یہ وہی ہے جس کو تم جھوٹ جانتے تھے

۱۸.       ہرگز نہیں  بے شک اعمال نامہ نیکوں کا علیین میں ہے

۱۹.       اور تجھ کو کیا خبر ہے کیا ہے علیین

۲۰.      ایک دفتر ہے لکھا ہوا

۲۱.       اس کو دیکھتے ہیں نزدیک والے یعنی فرشتے

۲۲.      بے شک نیک لوگ ہیں آرام میں

۲۳.      تختوں پر بیٹھے دیکھتے ہوں گے

۲۴.      پہچان لے تو ان کے منہ پر تازگی آرام کی

۲۵.      ان کو پلائی جاتی ہے شراب خالص مہر لگی ہوئی

۲۶.      جس کی مہر جمتی ہے مشک پر  اور اس پر چاہیے کہ ڈھکیں ڈھکنے والے

۲۷.     اور اس کی ملونی ہے تسنیم سے

۲۸.      وہ ایک چشمہ ہے جس سے پیتے ہیں نزدیک والے

۲۹.      وہ لوگ جو گناہ گار تھے ایمان والوں سے ہنسا کرتے

۳۰.      اور جب ہو کر نکلتے ان کے پاس کو تو آپس میں آنکھ مارتے

۳۱.       اور جب پھر کر جاتے اپنے گھر پھر جاتے باتیں بناتے

۳۲.      اور جب ان کو دیکھتے کہتے بے شک یہ لوگ بہک رہے ہیں

۳۳.     اور ان کو بھیجا نہیں ان پر نگہبان بنا کر

۳۴.     سو آج ایمان والے منکروں سے ہنستے ہیں

۳۵.     تختوں پر بیٹھے دیکھتے ہیں

۳۶.      اب بدلہ پایا ہے منکروں نے جیسا کچھ یہ کرتے تھے

سورۃ الانشقاق

۱.         جب آسمان پھٹ جائے

۲.        اور سن لے حکم اپنے رب کا، اور وہ آسمان اسی لائق ہے

۳.        اور جب زمین پھیلا دی جائے

۴.        اور نکال ڈالے جو کچھ اس میں ہے اور خالی ہو جائے

۵.        اور سن لے حکم اپنے رب کا اور وہ زمین اسی لائق ہے

۶.        اے آدمی تجھ کو تکلیف اٹھانی ہے اپنے رب تک پہنچنے میں سہ سہ کر، پھر اس سے ملنا ہے

۷.        سو جس کو ملا اعمال نامہ اس کا داہنے ہاتھ میں

۸.        تو اس سے حساب لیں گے آسان حساب

۹.         اور پھر کر آئے گا اپنے لوگوں کے پاس خوش ہو کر

۱۰.       اور جس کو ملا اس کا اعمال نامہ پیٹھ کے پیچھے سے

۱۱.        سو وہ پکارے گا موت موت

۱۲.       اور پڑے گا آگ میں

۱۳.       وہ رہا تھا اپنے گھر میں بے غم

۱۴.       اس نے خیال کیا تھا کہ پھر کر نہ جائے گا

۱۵.       کیوں نہیں اس کا رب اس کو دیکھتا تھا

۱۶.       سو قسم کھاتا ہوں شام کی سرخی کی

۱۷.      اور رات کی اور جو چیزیں اس میں سمٹ آتی ہیں

۱۸.       اور چاند کی جب پورا بھر جائے

۱۹.       کہ تم کو چڑھنا ہے سیڑھی پر سیڑھی

۲۰.      پھر کیا ہوا ہے ان کو جو یقین نہیں لاتے

۲۱.       اور جب پڑھیے ان کے پاس قرآن وہ سجدہ نہیں کرتے

۲۲.      اوپر سے اور یہ کہ منکر جھٹلاتے ہیں

۲۳.      اور اللہ خوب جانتا ہے جو اندر بھر رکھتے ہیں

۲۴.      سو خوشی سنا دے ان کو عذاب دردناک کی

۲۵.      مگر جو لوگ کہ یقین لائے اور کام کئے بھلے ان کے لیے ثواب ہے بے انتہا

سورۃ البروج

۱.         قسم ہے آسمان کی جس میں برج ہیں

۲.        اور اس دن کی جس کا وعدہ ہے

۳.        اور اس دن کی جو حاضر ہوتا ہے اور اس کی کہ جس کے پاس حاضر ہوتے ہیں

۴.        مارے گئے کھائیاں کھودنے والے

۵.        آگ ہے بہت ایندھن والی

۶.        جب وہ اس پر بیٹھنے

۷.        اور جو کچھ وہ کرتے مسلمانوں کے ساتھ اپنی آنکھوں سے دیکھتے

۸.        اور ان سے بدلہ نہ لیتے تھے مگر اسی بات کا کہ وہ یقین لائے اللہ پر جو زبردست ہے تعریفوں والا

۹.         جس کا راج ہے آسمانوں میں اور زمین میں اور اللہ کے سامنے ہے ہر چیز

۱۰.       تحقیق جو دین سے بچلائے ایمان والے مردوں کو اور عورتوں کو پھر توبہ نہ کی تو ان کے لیے عذاب ہے دوزخ کا اور ان کے لیے عذاب ہے آگ لگے کا

۱۱.        بے شک جو لوگ یقین لائے اور کیں انہوں نے بھلائیاں ان کے لیے باغ ہیں جن کے نیچے بہتی ہیں نہریں یہ ہے بڑی مراد ملنی

۱۲.       بے شک تیرے رب کی پکڑ سخت ہے

۱۳.       بے شک وہی کرتا ہے پہلی مرتبہ اور دوسری

۱۴.       اور وہی ہے بخشنے والا محبت کرنے والا

۱۵.       مالک عرش کا بڑی شان والا

۱۶.       کر ڈالنے والا جو چاہے

۱۷.      کیا پہنچی تجھ کو بات ان لشکروں کی

۱۸.       فرعون اور ثمود کے

۱۹.       کوئی نہیں بلکہ منکر جھٹلاتے ہیں

۲۰.      اور اللہ نے ان کو ہر طرف سے گھیر رکھا ہے

۲۱.       کوئی نہیں یہ قرآن ہے بڑی شان کا

۲۲.      لکھا ہوا لوح محفوظ میں

سورۃ الطارق

۱.         قسم ہے آسمان کی اور اندھیرے میں آنے والے کی

۲.        اور تو نے کیا سمجھا کیا ہے اندھیرے میں آنے والا

۳.        وہ تارا چمکتا ہوا

۴.        کوئی جی نہیں جس پر نہیں ایک نگہبان

۵.        اب دیکھ لے آدمی کہ کاہے سے بنا ہے

۶.        بنا ہے ایک اچھلتے ہوئے پانی سے

۷.        جو نکلتا ہے پیٹھ کے بیچ سے اور چھاتی کے بیچ سے

۸.        بے شک وہ اس کو پھیر لا سکتا ہے

۹.         جس دن جانچے جائیں بھید

۱۰.       تو کچھ نہ ہو گا اس کو زور اور نہ کوئی مدد کرنے والا

۱۱.        قسم ہے آسمان چکر مارنے والے کی

۱۲.       اور زمین پھوٹ نکلنے والی کی

۱۳.       بے شک یہ بات ہے دو ٹوک

۱۴.       اور نہیں یہ بات ہنسی کی

۱۵.       البتہ وہ لگے ہوئے ہیں ایک داؤ کرنے میں

۱۶.       اور میں لگا ہوا ہوں ایک داؤ کرنے میں

۱۷.      سو ڈھیل دے منکروں کو ڈھیل دے ان کو تھوڑے دنوں

سورۃ الأعلیٰ

۱.         پاکی بیان کر اپنے رب کے نام کی جو سب سے اوپر

۲.        جس نے بنایا پھر ٹھیک کیا

۳.        اور جس نے ٹھہرا دیا، پھر راہ بتلائی

۴.        اور جس نے نکالا چارا

۵.        پھر کر ڈالا اس کو کوڑا سیاہ

۶.        البتہ ہم پڑھائیں گے تجھ کو، پھر تو نہ بھولے گا

۷.        مگر جو چاہے اللہ  وہ جانتا ہے پکارنے کو اور جو چھپا ہوا ہے

۸.        اور سہج سہج پہنچائیں گے ہم تجھ کو آسانی تک

۹.         سو تو سمجھاوے اگر فائدہ کرے سمجھانا

۱۰.       سمجھ جائے گا جس کو ڈر ہو گا

۱۱.        اور یکسو رہے گا اس سے بڑا بد قسمت

۱۲.       وہ جو داخل ہو گا بڑی آگ میں

۱۳.       پھر نہ مرے گا اس میں اور نہ جیے گا

۱۴.       بے شک بھلا ہوا اس کا جو سنورا

۱۵.       اور لیا اس نے نام اپنے رب کا پھر نماز پڑھی

۱۶.       کوئی نہیں تم بڑھاتے ہو دنیا کے جینے کو

۱۷.      اور پچھلا گھر بہتر ہے اور باقی رہنے والا

۱۸.       یہ لکھا ہوا ہے پہلے ورقوں میں

۱۹.       صحیفوں میں ابراہیم علیہ السلام کے اور موسیٰ علیہ السلام کے

سورۃ الغاشیۃ

۱.         کچھ پہنچی تجھ کو بات اس چھپا لینے والی کی

۲.        کتنے منہ اس دن ذلیل ہونے والے ہیں

۳.        محنت کرنے والے تھکے ہوئے

۴.        گریں گے دہکتی ہوئی آگ میں

۵.        پانی ملے گا ایک چشمے کھولتے ہوئے کا

۶.        نہیں ان کے پاس کھانا مگر جھاڑ کانٹوں والا

۷.        نہ موٹا کرے اور نہ کام آئے بھوک میں

۸.        کتنے منہ اس دن تر و تازہ ہیں

۹.         اپنی کمائی سے راضی

۱۰.       اونچے باغ میں

۱۱.        نہیں سنتے اس میں بکواس

۱۲.       اس میں ایک چشمہ ہے بہتا

۱۳.       اس میں تخت ہیں اونچے بچھے ہوئے

۱۴.       اور آب خورے سامنے چنے ہوئے

۱۵.       اور غالیچے برابر بچھے ہوئے

۱۶.       اور مخمل کے نہالچے جگہ جگہ پھیلے ہوئے

۱۷.      بھلا کیا نظر نہیں کرتے اونٹوں پر کہ کیسے بنائے ہیں

۱۸.       اور آسمان پر کہ کیسا اس کو بلند کیا ہے

۱۹.       اور پہاڑوں پر کہ کیسے کھڑے کر دیے ہیں

۲۰.      اور زمین پر کہ کیسی صاف بچھائی ہے

۲۱.       سو تو سمجھائے جا تیرا کام تو یہی سمجھانا ہے

۲۲.      تو نہیں ان پر داروغہ

۲۳.      مگر جس نے منہ موڑا اور منکر ہو گیا

۲۴.      تو عذاب کرے گا اس پر اللہ وہ بڑا عذاب

۲۵.      بے شک ہمارے پاس ہے ان کو پھر آنا

۲۶.      پھر بے شک ہمارا ذمہ ہے ان سے حساب لینا

سورۃ الفجر

۱.         قسم ہے فجر کی

۲.        اور دس راتوں کی

۳.        اور جفت اور طاق کی

۴.        اور اس رات کی جب رات کو چلے

۵.        ہے ان چیزوں کی قسم پوری عقل مندوں کے واسطے

۶.        تو نے نہ دیکھا کیسا کیا تیرے رب نے عاد کے ساتھ

۷.        وہ جو ارم میں تھے  بڑے ستونوں والے

۸.        کہ بنی نہیں ویسی سارے شہروں میں

۹.         اور ثمود کے ساتھ جنہوں نے تراشا پتھروں کو وادی میں

۱۰.       اور فرعون کے ساتھ وہ میخوں والا

۱۱.        یہ سب تھے جنہوں نے سر اٹھایا ملکوں میں

۱۲.       پھر بہت ڈالی ان میں خرابی

۱۳.       پھر پھینکا ان پر تیرے رب نے کوڑا عذاب کا

۱۴.       بے شک تیرا رب لگا ہے گھات میں

۱۵.       سو آدمی جو ہے جب جانچے اس کو رب اس کا پھر اس کو عزت دے اور اس کو نعمت دے تو کہے میرے رب نے مجھ کو عزت دی

۱۶.       اور وہ جس وقت اس کو جانچے پھر کھینچ کرے اس پر روزی کی تو کہے میرے رب نے مجھے ذلیل کیا

۱۷.      کوئی نہیں پر تم عزت سے نہیں رکھتے یتیم کو

۱۸.       اور تاکید نہیں کرتے آپس میں محتاج کے کھلانے کی

۱۹.       اور کھا جاتے ہو مردے کا مال سمیٹ کر سارا

۲۰.      اور پیار کرتے ہو مال کو جی بھر کر

۲۱.       کوئی نہیں جب پست کر دی جائے زمین کوٹ کوٹ کر

۲۲.      اور آئے تیرا رب  اور فرشتے آئیں قطار قطار

۲۳.      اور لائی جائے اس دن دوزخ  اس دن سوچے گا آدمی اور کہاں ملے اس کو سوچنا

۲۴.      کہے کیا اچھا ہوتا جو میں کچھ آگے بھیج دیتا اپنی زندگی میں

۲۵.      پھر اس دن عذاب نہ دے اس کا سا کوئی اور

۲۶.      نہ باندھ کر رکھے اس کا سا باندھنا کوئی

۲۷.     اے وہ جی جس نے چین پکڑ لیا

۲۸.      پھر چل اپنے رب کی طرف تو اس سے راضی وہ تجھ سے راضی

۲۹.      پھر شامل ہو میرے بندوں میں

۳۰.      اور داخل ہو میری بہشت میں

سورۃ البلد

۱.         قسم کھاتا ہوں میں اس شہر کی

۲.        اور تجھ پر قید نہیں رہے گا اس شہر میں

۳.        اور قسم ہے جنتے کی اور جو اس نے جنا

۴.        تحقیق ہم نے بنایا آدمی کو محنت میں

۵.        کیا خیال رکھتا ہے وہ کہ اس پر بس نہ چلے گا کسی کا

۶.        کہتا ہے میں نے خرچ کر ڈالا مال ڈھیروں

۷.        کیا خیال رکھتا ہے کہ دیکھا نہیں اس کو کسی نے

۸.        بھلا ہم نے نہیں دیں اس کو دو آنکھیں

۹.         اور زبان اور دو ہونٹ

۱۰.       اور دکھلا دیں اس کو دو گھاٹیاں

۱۱.        سو نہ دھمک سکا گھاٹی پر

۱۲.       اور تو کیا سمجھا کیا ہے وہ گھاٹی

۱۳.       چھڑانا گردن کا

۱۴.       یا کھلانا بھوک کے دن میں

۱۵.       یتیم کو جو قرابت والا ہے

۱۶.       یا محتاج کو جو خاک میں رل رہا ہے

۱۷.      پھر ہووے ایمان والوں میں  جو تاکید کرتے ہیں آپس میں تحمل کی اور تاکید کرتے ہیں رحم کھانے کی

۱۸.       وہ لوگ ہیں بڑے نصیب والے

۱۹.       اور جو منکر ہوئے ہماری آیتوں سے وہ ہیں کم بختی والے

۲۰.      انہی کو آگ میں موند دیا ہے

سورۃ الشمس

۱.         قسم سورج کی اور اس کے دھوپ چڑھنے کی،

۲.        اور چاند کی جب آئے سورج کے پیچھے

۳.        اور دن کی جب اس کو روشن کر لے

۴.        اور رات کی جب اس کو ڈھانک لیوے

۵.        اور آسمان کی اور جیسا کہ اس کو بنایا

۶.        اور زمین کی اور جیسا کہ اس کو پھیلایا

۷.        اور جی کی اور جیسا کہ اس کو ٹھیک بنایا

۸.        پھر سمجھ دی اس کو ڈھٹائی کی اور بچ کر چلنے کی

۹.         تحقیق مراد کو پہنچا جس نے اس کو سنوار لیا

۱۰.       اور نامراد ہوا جس نے اس کو خاک میں ملا چھوڑا

۱۱.        جھٹلایا ثمود نے اپنی شرارت سے

۱۲.       جب اٹھ کھڑا ہوا ان میں کا بڑا بدبخت

۱۳.       پھر کہا ان کو اللہ کے رسول نے خبردار رہو اللہ کی اونٹنی سے اور اس کی پانی پینے کی باری سے

۱۴.       پھر انہوں نے جھٹلایا اس کو پھر پاؤں کاٹ ڈالے اس کے پھر الٹ مار ان پر ان کے رب نے بسبب ان کے گناہوں کے پھر برابر کر دیا سب کو

۱۵.       اور وہ نہیں ڈرتا پیچھا کرنے سے

سورۃ اللیل

۱.         قسم رات کی جب چھا جائے

۲.        اور دن کی جب روشن ہو

۳.        اور اس کی جو اس نے پیدا کئے نر اور مادہ

۴.        تمہاری کمائی طرح طرح پر ہے

۵.        سو جس نے دیا اور ڈرتا رہا

۶.        اور سچ جانا بھلی بات کو

۷.        تو اس کو ہم سہج سہج پہنچا دیں گے آسانی میں

۸.        اور جس نے نہ دیا اور بے پروا رہا

۹.         اور جھوٹ جانا بھلی بات کو

۱۰.       سو اس کو ہم سہج سہج پہنچا دیں گے سختی میں

۱۱.        اور کام نہ آئے گا اس کے مال اس کا جب گڑھے میں گرے گا

۱۲.       ہمارا ذمہ ہے راہ سجھا دینا

۱۳.       اور ہمارے ہاتھ میں ہے آخرت اور دنیا

۱۴.       سو میں نے سنا دی تم کو خبر ایک بھڑکتی ہوئی آگ کی

۱۵.       اس میں وہی گرے گا جو بڑا بد بخت ہے

۱۶.       جس نے جھٹلایا اور منہ پھیرا

۱۷.      اور بچا دیں گے اس سے بڑے ڈرنے والے کو

۱۸.       جو دیتا ہے اپنا مال دل پاک کرنے کو

۱۹.       اور نہیں کسی کا اس پر احسان جس کا بدلہ دے

۲۰.      مگر واسطے چاہنے مرضی اپنے رب کی جو سب سے برتر ہے

۲۱.       اور آگے وہ راضی ہو گا

سورۃ الضحیٰ

۱.         قسم دھوپ چڑھتے وقت کی

۲.        اور رات کی جب چھا جائے

۳.        نہ رخصت کر دیا تجھ کو تیرے رب نے اور نہ بیزار ہوا

۴.        اور البتہ پچھلی بہتر ہے تجھ کو پہلی سے

۵.        اور آگے دے گا تجھ کو تیرا رب پھر تو راضی ہو گا

۶.        بھلا نہیں پایا تجھ کو یتیم پھر جگہ دی

۷.        اور پایا تجھ کو بھٹکتا پھر راہ سجھائی

۸.        اور پایا تجھ کو مفلس پھر بے پروا کر دیا

۹.         سو جو یتیم ہو اس کو مت دبا

۱۰.       اور جو مانگتا ہو اس کو مت جھڑک

۱۱.        اور جو احسان ہے تیرے رب کا سو بیان کر

سورۃ الشرح

۱.         کیا ہم نے نہیں کھول دیا تیرا سینہ

۲.        اور اتار رکھا ہم نے تجھ پر سے بوجھ تیرا

۳.        جس نے جھکا دی تھی پیٹھ تیری

۴.        اور بلند کیا ہم نے مذکور تیرا

۵.        سو البتہ مشکل کے ساتھ آسانی ہے

۶.        البتہ مشکل کے ساتھ آسانی ہے

۷.        پھر جب تو فارغ ہو تو محنت کر

۸.        اور اپنے رب کی طرف دل لگا

سورۃ التین

۱.         قسم انجیر کی اور زیتون کی

۲.        اور طور سینین کی

۳.        اور اس شہر امن والے کی

۴.        ہم نے بنایا آدمی خوب سے اندازے پر

۵.        پھر پھینک دیا اس کو نیچوں سے نیچے

۶.        مگر جو یقین لائے اور عمل کیے اچھے سو ان کے لیے ثواب ہے بے انتہا

۷.        پھر تو اس کے پیچھے کیوں جھٹلائے بدلہ ملنے کو

۸.        کیا نہیں ہے اللہ سب حاکموں سے بڑا حاکم

سورۃ العلق

۱.         پڑھ اپنے رب کے نام سے  جو سب کا بنانے والا

۲.        بنایا آدمی کو جمے ہوئے لہو سے

۳.        پڑھ اور تیرا رب بڑا کریم ہے

۴.        جس نے علم سکھایا قلم سے

۵.        سکھلایا آدمی کو جو وہ نہ جانتا تھا

۶.        کوئی نہیں آدمی سر چڑھتا ہے اس سے

۷.        کہ دیکھے اپنے آپ کو بے پروا

۸.        بے شک تیرے رب کی طرف پھر جانا ہے

۹.         تو نے دیکھا اس کو جو منع کرتا ہے

۱۰.       ایک بندہ کو جب وہ نماز پڑھے

۱۱.        بھلا دیکھ تو اگر ہوتا نیک راہ پر

۱۲.       یا سکھلاتا ڈر کے کام

۱۳.       بھلا دیکھ تو اگر جھٹلایا اور منہ موڑا

۱۴.       یہ نہ جانا کہ اللہ دیکھتا ہے

۱۵.       کوئی نہیں اگر باز نہ آئے گا ہم گھسیٹیں گے چوٹی پکڑ کر

۱۶.       کیسی چوٹی جھوٹی گناہ گار

۱۷.      اب بلا لیوے اپنی مجلس والوں کو

۱۸.       ہم بھی بلاتے ہیں پیادے سیاست کرنے کو

۱۹.       کوئی نہیں مت مان اس کا کہا اور سجدہ کر اور نزدیک ہو

سورۃ القدر

۱.         ہم نے اس کو اتارا شب قدر میں

۲.        اور تو نے کیا سمجھا کہ کیا ہے شب قدر

۳.        شب قدر بہتر ہے ہزار مہینے سے

۴.        اترتے ہیں فرشتے اور روح اس میں اپنے رب کے حکم سے  ہر کام پر

۵.        امان ہے  وہ رات صبح کے نکلنے تک

سورۃ البینۃ

۱.         نہ تھے وہ لوگ جو منکر ہیں اہل کتاب اور مشرک  باز آنے والے یہاں تک کہ پہنچے ان کے پاس کھلی بات

۲.        ایک رسول اللہ کا پڑھتا ہوا ورق پاک

۳.        اس میں لکھی ہیں کتابیں مضبوط

۴.        اور وہ جو پھوٹ پڑی اہل کتاب میں سو جب کہ آ چکی ان کے پاس کھلی بات

۵.        اور ان کو حکم یہی ہوا کہ بندگی کریں اللہ کی خالص کر کے اس کے واسطے بندگی ابراہیم علیہ السلام کی راہ پر  اور قائم رکھیں نماز اور دیں زکوٰۃ اور یہ ہے راہ مضبوط لوگوں کی

۶.        اور جو منکر ہوئے اہل کتاب اور مشرک ہوں گے دوزخ کی آگ میں سدا رہیں اس میں  وہ لوگ ہیں سب خلق سے بدتر

۷.        وہ لوگ جو یقین لائے اور کیے بھلے کام وہ لوگ ہیں سب خلق سے بہتر

۸.        بدلہ ان کا ان کے رب کے یہاں باغ ہیں ہمیشہ رہنے کو نیچے بہتی ہیں ان کے نہریں سدا رہیں ان میں ہمیشہ اللہ ان سے راضی اور وہ اس سے راضی  یہ ملتا ہے اس کو جو ڈرا اپنے رب سے

سورۃ الزلزلۃ

۱.         جب ہلا ڈالے زمین کو اس کے بھونچال سے

۲.        اور نکال باہر کرے زمین اپنے اندر سے بوجھ

۳.        اور کہے آدمی اس کو کیا ہو گیا

۴.        اس دن کہہ ڈالے گی وہ اپنی باتیں

۵.        اس واسطے کہ تیرے رب نے حکم بھیجا اس کو

۶.        اس دن ہو پڑیں گے لوگ طرح طرح پر  کہ ان کو دکھا دیے جائیں ان کے عمل

۷.        سو جس نے کی ذرہ بھر بھلائی وہ دیکھ لے گا

۸.        اسے اور جس نے کی ذرہ بھر برائی وہ دیکھ لے گا اسے

سورۃ العادیات

۱.         قسم ہے دوڑنے والے گھوڑوں کی ہانپ کر

۲.        پھر آگ سلگانے والے جھاڑ کر

۳.        پھر غارت ڈالنے والے صبح کو

۴.        پھر اٹھانے والے اس میں گرد

۵.        پھر گھس جانے والے اس وقت فوج میں

۶.        بے شک آدمی اپنے رب کا ناشکرا ہے

۷.        اور وہ آدمی اس کام کو سامنے دیکھتا ہے

۸.        اور آدمی محبت پر مال کی بہت پکا ہے

۹.         کیا نہیں جانتا وہ وقت کہ کریدا جائے جو کچھ قبروں میں ہے

۱۰.       اور تحقیق ہووے جو کچھ کہ جیوں میں ہے

۱۱.        بے شک ان کے رب کو ان کی اس دن سب خبر ہے

سورۃ القارعۃ

۱.         وہ کھڑ کھڑا ڈالنے والی

۲.        کیا ہے وہ کھڑ کھڑا ڈالنے والی

۳.        اور تو کیا سمجھا کیا ہے وہ کھڑ کھڑ ڈالنے والی

۴.        جس دن ہویں لوگ جیسے پتنگے بکھرے ہوئے

۵.        اور ہوویں پہاڑ جیسے رنگی ہوئی اون دھنی ہوئی

۶.        سو جس کی بھاری ہوئیں تولیں

۷.        تو وہ رہے گا من مانتے گزران میں

۸.        اور جس کی ہلکی ہوئیں تولیں

۹.         تو اس کا ٹھکانا گڑھا ہے

۱۰.       اور تو کیا سمجھا وہ کیا ہے

۱۱.        آگ ہے دہکتی ہوئی

سورۃ التکاثر

۱.         غفلت میں رکھا تم کو بہتات کی حرص نے

۲.        یہاں تک کہ جا دیکھیں قبریں

۳.        کوئی نہیں آگے جان لو گے

۴.        پھر بھی کوئی نہیں آگے جان لو گے

۵.        کوئی نہیں اگر جانو تم یقین کر کے

۶.        بے شک تم کو دیکھنا ہے دوزخ

۷.        پھر دیکھنا ہے اس کو یقین کی آنکھ سے

۸.        پھر پوچھیں گے تم سے اس دن آرام کی حقیقت

سورۃ العصر

۱.         قسم ہے عصر کی

۲.        مقرر انسان ٹوٹے میں ہے

۳.        مگر جو لوگ کہ یقین لائے اور کیے بھلے کام اور آپس میں تاکید کرتے رہے سچے دین کی اور آپس میں تاکید کرتے رہے تحمل کی

سورۃ الہمزۃ

۱.         خرابی ہے ہر طعنہ دینے والے عیب چننے والے کی

۲.        جس نے سمیٹا مال اور گن گن کر رکھا

۳.        خیال کرتا ہے کہ اس کا مال سدا کو رہے گا اس کے ساتھ

۴.        کوئی نہیں وہ پھینکا جائے اس روندنے والی میں

۵.        اور تو کیا سمجھا کون ہے وہ روندنے والی ایک آگ ہے

۶.        اللہ کی سلگائی ہوئی

۷.        وہ جھانک لیتی ہے دل کو

۸.        ان کو اس میں موند دیا

۹.         لنبے لنبے ستونوں میں

سورۃ الفیل

۱.         کیا تو نے نہ دیکھا کیسا کیا تیرے رب نے ہاتھی والوں کے ساتھ

۲.        کیا نہیں کر دیا ان کا داؤ غلط

۳.        اور بھیجے ان پر اڑتے جانور ٹکڑیاں ٹکڑیاں

۴.        پھینکتے تھے ان پر پتھریاں کنکر کی

۵.        پھر کر ڈالا ان کو جیسے بھس کھایا ہوا

سورۃ قریش

۱.         اس واسطے کہ مانوس رکھا قریش کو

۲.        مانوس رکھنا ان کو سفر سے جاڑے کے اور گرمی کے

۳.        تو چاہیے کہ بندگی کریں اس گھر کے رب کی

۴.        جس نے ان کو کھانا دیا بھوک میں اور امن دیا ڈر میں

سورۃ الماعون

۱.         تو نے دیکھا اس کو جو جھٹلاتا ہے انصاف ہونے کو

۲.        سو یہ وہی ہے جو دھکے دیتا ہے یتیم کو

۳.        اور نہیں تاکید کرتا محتاج کے کھانے پر

۴.        پھر خرابی ہے ان نمازیوں کی

۵.        جو اپنی نماز سے بے خبر ہیں

۶.        وہ جو دکھلاوا کرتے ہیں

۷.        اور مانگی نہ دیویں برتنے کی چیز

سورۃ الکوثر

۱.         بے شک ہم نے دی تجھ کو کوثر

۲.        سو نماز پڑھ اپنے رب کے آگے اور قربانی کر

۳.        بے شک جو دشمن ہے تیرا وہی رہ گیا پیچھا کٹا

سورۃ الکافرون

۱.         تو کہہ اے منکرو

۲.        میں نہیں پوجتا جس کو تم پوجتے ہو

۳.        اور نہ تم پوجو جسکو میں پوجوں

۴.        اور نہ مجھ کو پوجنا ہے اس کا جس کو تم نے پوجا

۵.        اور نہ تم کو پوجنا ہے اس کا جس کو میں پوجوں

۶.        تم کو تمہاری راہ اور مجھ کو میری راہ

سورۃ النصر

۱.         جب پہنچ چکے مدد اللہ کی اور فیصلہ

۲.        اور تو دیکھے لوگوں کو داخل ہوتے دین میں غول کے غول

۳.        تو پاکی بول اپنے رب کی خوبیاں   اور گناہ بخشوا اس سے بے شک وہ معاف کرنے والا ہے

سورۃ المسد

۱.         ٹوٹ گئے ہاتھ ابی لہب کے اور ٹوٹ گیا وہ آپ

۲.        کام نہ آیا اس کو مال اس کا اور نہ جو اس نے کمایا

۳.        اب پڑے گا ڈیگ مارتی آگ میں

۴.        اور اس کی جورو جو سر پر لیے پھرتی ہے ایندھن

۵.        اس کی گردن میں رسی ہے مونجھ کی

سورۃ الإخلاص

۱.         تو کہہ وہ اللہ ایک ہے

۲.        اللہ بے نیاز ہے

۳.        نہ کسی کو جنا نہ کسی سے جنا

۴.        اور نہیں اس کے جوڑ کا کوئی

سورۃ الفلق

۱.         تو کہہ میں پناہ میں آیا صبح کے رب کی

۲.        ہر چیز کی بدی سے جو اس نے بنائی

۳.        اور بدی سے اندھیرے کی جب سمٹ آئے

۴.        اور بدی سے عورتوں کی جو گرہوں میں پھونک ماریں

۵.        اور بدی سے برا چاہنے والے کی جب لگے ٹوک لگانے

سورۃ الناس

۱.   تو کہہ میں پناہ میں آیا لوگوں کے رب کی

۲.  لوگوں کے بادشاہ کی

۳. لوگوں کے معبود کی

۴.  بدی سے اس کی جو پھسلائے اور چھپ جائے

۵.  وہ جو خیال ڈالتا ہے لوگوں کے دل میں

۶.  جنوں میں اور آدمیوں میں

٭٭٭

ماخذ:

http://www.esnips.com/doc/ad931d54-3fe7-4cab-aed2-32499a23dc87/TarjumaMahmoodUlHasan

پروف ریڈنگ اور ای بک: اعجاز عبید