FavoriteLoadingپسندیدہ کتابوں میں شامل کریں

 

 

۔ ۔ ۔ ۔ وہ شیطان ہے !!!

 

 

                أبو عبد الرحمان محمد رفیق الطاہر

 

 

 

۱۔     نمازی کے آگے سے گزرنے والا

 

ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ جب تم میں سے کوئی شخص سترہ کی جانب نماز پڑھ رہا ہو اور کوئی بندہ تمھارے اور سترہ کے درمیان سے گزرنا چاہے تو تم اس کو روکو، اگر وہ نہ رکے تو اس سے لڑائی کرو کیونکہ "وہ شیطان ہے ”

[بخاری، کتاب الصلاۃ، باب یردالمصلی من مر بین یدیہ، حدیث: ۵۰۹]

 

 

 

 

۲۔    کالا کتا

 

رسول اللہﷺ نے فرمایا: کالا کتا "شیطان ” ہے۔

[صحیح مسلم، کتاب الصلاۃ، باب قدر ما یستر المصلی، حدیث: ۵۱۰]

 

 

 

 

۳۔    غیر محرموں کے سامنے زیب و زینت کا اظہار کرنے والی عورت

 

رسول اللہﷺ نے فرمایا: عورت شیطان کی صورت میں آتی جاتی ہے، جب تم میں سے کوئی ایک کسی عورت کو دیکھے تو وہ اپنے اہل کو آئے۔ یہ عمل اس کے دل میں داخل شدہ خیالات کو ختم کر دے گا۔

[صحیح مسلم، کتاب النکاح، باب ندب من رأی امراۃ فوقعت فی نفسہ أن یأتی أھلہ، حدیث: ۱۴۰۳]

 

 

 

 

۴۔          عشقیہ اشعار پڑھنے والا

 

ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ہم رسول اللہﷺ کے ساتھ "عرج” نامی جگہ سے گزر رہے تھے کہ اچانک ایک شاعر سامنے آیا۔ وہ شعر گوئی کر رہا تھا، تو رسول اللہﷺ نے فرمایا: شیطان کو پکڑ یا اس شیطان کو روکو، تم میں سے اگر کوئی شخص اپنے پیٹ کو پیپ کے ساتھ بھر لے جو اس کی آنتوں کو کاٹ کے رکھ دے، یہ اس کے لیے اشعار یاد کرنے سے بہتر ہے۔

[مسلم، کتاب الشعر، بابٌ، حدیث: ۲۲۵۹]

 

 

 

۵۔    تنہا سفر کرنے والا

 

رسول اللہﷺ نے فرمایا: "ایک سوار شیطان ہے، دوسوار شیطان ہیں اور تین افراد ہوں تو قافلہ ہے۔ ”

[جامع الترمذی، ابواب الجہاد عن رسول اللہﷺ، باب ماجاء فی کراھیۃ أن یسافر الرجل وحدہ، حدیث: ۱۶۷۴]

 

 

 

 

۶۔    کبوتر اور اس کے پیچھے بھاگنے والا

 

ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے ایک آدمی کبوتری کے پیچھے بھاگتے ہوئے دیکھا تو فرمایا: "شیطان، شیطانہ کے پیچھے بھاگ رہا ہے۔

[ابوداؤد، کتاب الأدب، باب فی اللعب بالحمام، حدیث: ۴۹۴۰]

 

 

 

۷۔    گانا سننے اور گنگنانے والا

۸۔    رقص کرنے اور دیکھنے والا

 

ایک حبشی عورت رقص کر رہی تھی اور گانا گا رہی تھی۔ اچانک عمر رضی اللہ عنہ کا وہاں سے گزر ہوا تو تمام لوگ وہاں سے بھاگ گئے۔ یہ منظر دیکھ کر رسول اللہﷺ نے فرمایا: ” میں جنوں اور انسانوں کے شیطانوں کو عمر رضی اللہ عنہ کی ہیبت کی وجہ سے بھاگتا دیکھ رہا ہوں۔

[جامع الترمذی، کتاب المناقب، باب فی مناقب عمر بن الخطاب، حدیث: ۳۶۹۱]

 

 

 

۹۔    خلوت کے راز افشاء کرنے والے مرد و عورت

 

رسول اللہﷺ نے فرمایا: "شاید کہ تم میں سے کوئی ایک اس کو لوگوں کے سامنے بیان کرتا ہو جو اس نے اپنی بیوی کے ساتھ کیا ہوتا ہے اور شایدکہ تم (عورتوں )میں سے کوئی ایک بھی ایسا کرتی ہے۔ تو ایک سیاہ رنگ کی عورت کھڑی ہوئی اور کہنے لگی: "اے اللہ کے رسولﷺ ! مرد بھی اور عورتیں بھی ایسا کرتی ہیں۔ ” تو رسول اللہﷺ نے فرمایا: "ان کی مثال اس شیطان کی طرح ہے جو شیطانہ سے راستہ میں اپنی حاجت کو پورا کرے اور لوگ دیکھ رہے ہوں۔

[مصنف ابن ابی شیبہ ۳۹/۴، مسند احمد، حدیث: ۲۷۰۳۶]

٭٭٭

تشکر: مرثد ہاشمی، جبرئیل لائبریری

تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید