ڈاؤن لوڈ کریں
کتاب کا اقتباس پڑھیں…..
منٹو کے کچھ ڈرامے
سعادت حسن منٹو
مرتب: اعجاز عبید
مامتا کی چوری
افراد:
مسٹر بھاٹیہ
مسز بھاٹیہ
گوپال(گوپو) مسٹر اور مسز بھاٹیہ کا کم سن لڑکا
چپلا گوپال کی استانی
ڈاکٹر
(پانی میں ہاتھ دھونے کی آواز)
ڈاکٹر: بچے کو زبردست انفکشن ہو گئی ہے اگر اس کی اچھی طرح تیمار داری اور خبرگیری نہ کی گئی تو مجھے اندیشہ ہے۔۔۔
چپلا: نہیں نہیں۔۔۔ کسی بات کا اندیشہ نہیں ہے۔ آپ مطمئن رہیں ڈاکٹر صاحب اس کی اچھی طرح تیمار داری کی جائے گی۔۔۔ یہ لیجئے تولیہ!
(بچہ بخار میں ’’ہوں ہوں‘‘ کرتا ہے)
چپلا: گوپو۔ گوپو۔۔۔ میں تیری استانی ہوں بیٹا۔۔۔ کیا تو آج سبق نہیں پڑھے گا مجھ سے۔۔۔ اور سیر کے لئے بھی تو جانا ہے ہمیں۔ نہیں، نہیں، کل چلیں گے۔ کل تو بالکل ٹھیک ہو جائے گا۔
ڈاکٹر: باتیں کرنے سے بچے کو تکلیف ہو گی۔
چپلا: بہت اچھا ڈاکٹر صاحب میں باتیں نہیں کروں گی۔ پر میں اس کے پاس بیٹھ تو سکتی ہوں۔ یہ خود چاہتا ہے کہ میں اس کے بیٹھی رہوں۔
ڈاکٹر: تو بھاٹیہ صاحب جو ہدایات میں دے چکا ہوں ان پر ضرور عمل کیا جائے۔
بھاٹیہ: بہت بہتر ڈاکٹر صاحب!
(چلنے کی آواز۔۔۔ پھر دروازہ کھلتا ہے۔)
مسز بھاٹیہ: ڈاکٹر صاحب بتائیے۔ میرے بچے کا کیا حال ہے۔۔۔ بچ جائے گا خطرے کی کوئی بات نہیں؟۔۔۔ اور۔۔۔ اور۔۔۔ اوہ۔۔۔ لیکن یہ کیا ظلم ہے کہ مجھے اس کے پاس جانے سے منع کیا جاتا ہے۔ (جذبات کی رو میں بہہ کر) کیا میں اس کی ماں نہیں۔ کیا وہ میرا بیٹا نہیں۔۔۔ وہ عورت کیا وہ عورت قاعدے کے چند حروف پڑھا کر اس کی ماں بن گئی ہے۔۔۔ چند روز باغ میں لے جا کر کیا اس عورت کے دل میں مامتا پیدا ہو گئی ہے؟۔۔۔ میری اولاد پر اسے کیا حق ہے۔ کب تک وہ میرے ہی گھر میں میری چیزوں پہ قابض رہے گی۔۔۔ میں کب تک یہ اذیت برداشت کرتی رہوں گی۔
ڈاکٹر: (سنجیدگی کے ساتھ) بچے کی حالت نازک نہیں ہے لیکن وہ خطرے سے باہر بھی نہیں۔ بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔۔۔ ہاں تو بھاٹیہ صاحب میں اب اجازت چاہتا ہوں۔
مسز بھاٹیہ: اور۔۔۔ اور یہ سب احتیاط صرف وہی عورت کر سکتی ہے۔۔۔ میں بالکل ناکارہ ہوں۔ محض اتفاق ہے کہ میں اس کی ماں ہوں۔ ورنہ وہی عورت اس کی سب کچھ ہے (سسکیاں) ۔۔۔ میں۔۔۔ میں کتنی رکھی ہوں۔
بھاٹیہ: ڈاکٹر صاحب آپ کا بہت بہت شکریہ۔ امید ہے شام کو آپ ضرور تشریف لائیں گے۔
ڈاکٹر: ایک ایک گھنٹے کے بعد دوا دینا نہ بھولئے گا اور وہ بھاپ بھی۔۔۔
بھاٹیہ: آپ مطمئن رہیں گوپال کی استانی ہوشیار ہے اسے سب کچھ یاد رہے گا۔
(دروازہ کھولنے اور بند کرنے کی آواز۔۔۔ ڈاکٹر چلا جاتا ہے۔)
مسز بھاٹیہ: تم یہ جھگڑا ہی ختم کیوں نہیں کر دیتے۔ یہ نئی بلا جو تم نے پالی ہے اسی کے ہو رہو اور مجھے زہر دے کر ہلاک کر دو۔ یہ روز روز کی دانتا کلکل تو ختم ہو۔ میرا تو اس گھر میں ہونا نہ ہونا برابر ہے۔ یہ چپلا جب سے آئی ہے ایسا جادو اس نے تم پر کیا ہے کہ میں کیا کہوں۔ اب تو گھر میں اسی کا راج ہے۔ میں کون، تین میں تیرہ میں ستلی کی گرہ میں۔۔۔ تم تو خیر اس کے ہو ہی گئے تھے۔ پراس موئی نے تو میرے بچے پربھی قبضہ جما لیا ہے۔ اب بتاؤ میں کہاں جاؤں؟
بھاٹیہ: (بڑی متانت اور ٹھنڈے دل سے) میں تم سے بار بار کہہ چکا ہوں اور اب پھر کہتا ہوں کہ تم بہت بڑی غلط فہمی میں مبتلا ہو۔ یہ گھربار سب تمہارا ہے بچہ بھی تمہارا ہے جس عورت کا تم بار بار ذکر کرتی ہو وہ تمہاری نوکر ہے۔۔۔ تمہارے بچے کو اس نے دنوں میں سدھار دیا۔۔۔ اب بیماری میں وہ اس کی خبرگیری کر رہی ہے اس کے لئے۔
مسز بھاٹیہ: تم اس کی وکالت کیوں کرتے ہو؟۔۔۔ تم کیوں اس کی اصلی خواہشوں پر پردہ ڈالتے ہو۔۔۔ کیا یہ جھوٹ نہیں کہ جب سے وہ اس گھر میں داخل ہوئی ہے تم مجھ سے بالکل بے پرواہ ہو گئے ہو۔ تم اب مجھ سے بات کرنے کے بھی روادار نہیں اور کیا یہ جھوٹ ہے کہ بچے کولے کر کئی کئی گھنٹے تم اس حرافہ کے ساتھ باغ میں ٹہلتے رہتے ہو؟ جب وہ بچے کو سبق پڑھاتی ہے تو گھنٹوں تم اس کے پاس بیٹھے رہتے ہو کیا یہ غلط ہے کیا یہ سب اس چڑیل کی کارستانی نہیں۔۔۔ اس ذلیل عورت کو جو فاحشہ سے بھی بدتر ہے۔۔۔
مسٹر بھاٹیہ: پاربتی۔۔۔ بند کرو اس بکو اس کو(غصے کوپی کر) تم۔۔۔ تم۔۔۔ اب میں تم سے کیا کہوں۔ میری زندگی تم نے اجیرن کر دی ہے۔
مسز بھاٹیہ: (طعن آمیز لہجے میں) میں تو بہت سکھی ہوں۔۔۔ میری زندگی تو بڑے آنند میں گزر رہی ہے۔
مسٹر بھاٹیہ: بھگوان کے لئے اب یہ موہنا ٹھی ٹھی بند کرو۔
مسز بھاٹیہ: زور صرف مجھی پر چلتا ہے۔ لیکن سن لو جب تک یہ عورت گھر میں موجود ہے میری زبان چلتی رہے گی۔ مجھے دیکھ دینے کے لئے جب تم یہ عورت یہاں لے آئے ہو تو میں تمہیں ایک لمحے کے لئے چین نہ لینے دوں گی اور اس عورت۔۔۔ اور اس عورت کو پرماتما سزا دے گا۔ جس نے میرے بسے بسائے گھر کو برباد کیا ہے۔ جس نے میرا پتی دن دہاڑے مجھ سے چھین لیا ہے۔
مسٹر بھاٹیہ: میں اب دفتر جا رہا ہوں زیادہ باتیں کرنے کے لئے میرے پاس وقت نہیں تم چا ہو تو دوسرے کمرے میں اپنے لڑکے کے پاس جا سکتی ہو۔
مسز بھاٹیہ: میں نہیں جاؤں گی۔
مسٹر بھاٹیہ: یہ اور بھی اچھا ہے۔
(دروازے کھولنے اور بند کرنے کی آواز۔ بھاٹیہ چلا جاتا ہے۔ مسز بھاٹیہ چند لمحات تک اضطراب کی حالت میں ٹہلتی ہے۔)
مسز بھاٹیہ: چپلا۔۔۔ چپلا۔
(دروازہ کھولنے کی آواز۔)
چپلا: میں نے آپ کی آواز سن لی تھی۔ آپ نے دوسری مرتبہ زور سے پکارا گوپو جاگ پڑا۔
مسز بھاٹیہ: پھر سو جائے گا۔ کوئی حرج نہیں!
چپلا: بڑی مشکل سے بیچارے کی آنکھ لگی تھی۔
مسز بھاٹیہ: گوپو سے تمہیں بہت پیار ہے؟
چپلا: جی ہاں۔
مسز بھاٹیہ: کیوں؟
چپلا: مجھے اس سے پیار ہے۔ میں دل سے اسے چاہتی ہوں۔۔۔ کیوں؟ اس کا میں آپ کو کیا جواب دوں۔
مسز بھاٹیہ: کیا مجھے اس سے محبت نہیں؟
چپلا: آپ کو مجھ سے زیادہ اس کا علم ہونا چاہئے۔
مسز بھاٹیہ: کیا میں اس کی ماں نہیں؟
چپلا: آپ یقیناً اس کی ماں ہیں۔
مسز بھاٹیہ: تم اس کی کیا ہوتی ہو؟
چپلا: استانی، جس کو آپ نے مقرر کیا ہے۔
مسز بھاٹیہ: میں نے تمہیں مقرر نہیں کیا۔ میرے پتی نے تجھے نوکر رکھا ہے۔
چپلا: میں بھاٹیہ صاحب اور آپ میں کوئی فرق نہیں سمجھتی۔ میں آپ کی بھاٹیہ صاحب اور گوپو تینوں کی خدمت گار ہوں۔ میرا کام خدمت کرنا ہے۔
مسز بھاٹیہ: جیسی خدمت تم میرے پتی کی کر رہی ہو۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ تم اپنے فن میں ضرورت سے زیادہ مہارت رکھتی ہو؟
چپلا: میں آپ کا مطلب نہیں سمجھی۔
مسز بھاٹیہ: میرے منہ میں بھاٹیہ صاحب کی زبان ہوتی تو میرا مطلب فوراً تمہاری سمجھ میں آ جاتا۔۔۔ تم۔۔۔
چپلا: فرمائیے۔
مسز بھاٹیہ: (لہجہ بدل کر) دیکھو چپلا۔ میں عورت ہوں۔ تم بھی عورت ہو۔۔۔ آؤ کھل کر باتیں کریں وہ پردہ اٹھا دیں جو ہمارے درمیان حائل ہے۔
چپلا: آقا اور نوکر کے درمیان پردہ ہی کیا ہو سکتا ہے۔
مسز بھاٹیہ: انجان بننے کی کوشش نہ کرو۔۔۔ میں تم سے ایک التجا کرنا چاہتی ہوں۔۔۔ میں تم سے کچھ مانگنا چاہتی ہوں۔ مجھے مانگنے دو۔ التجا کرنے دو۔۔۔ دیکھو جب سے تم اس گھر میں آئی ہو۔ میری زندگی بالکل اجیرن ہو گئی ہے۔ میرا پتی مجھ سے چھین گیا۔ میرا بچہ بھی میرا بچہ نہ رہا۔۔۔ یہ سب کچھ تم نے لے لیا۔۔۔ وہ تمام چیزیں جن کی ملکیت سے عورت بیوی بنتی ہے۔ ایک ایک کر کے تم مجھ سے چھین چکی ہو اس گھر میں جو کبھی میرا تھا۔ میں اجنبی مہمانوں کی سی زندگی بسر کر رہی ہوں۔۔۔ دیکھو تم عورت ہو۔۔۔ ایک مظلوم عورت تم سے بھیک مانگتی ہے۔ اس کو وہ تمام چیزیں بخش دو جو اتفاق سے تمہارے ہاتھ آ گئی ہیں۔
چپلا: (جذبات پر قابو پا کر) ۔۔۔ آپ۔۔۔ آپ۔۔۔ اب میں آپ سے کیا کہوں، آپ ایک شریف عورت کو بدنام کر رہی ہیں۔
مسز بھاٹیہ: (چڑ کر) شریف عورت۔۔۔ آہ تمہاری شرافت۔۔۔ تم عورت نہیں ڈائن ہو۔ لیکن میں پوچھتی ہوں، کب تک تم ان چیزوں کو اپنی ملکیت بنائے رکھو گی۔۔۔ جن پر تمہارا کوئی حق نہیں۔ کب تک تم اس گھر میں فساد برپا کئے رکھو گی۔۔۔ کب تک۔۔۔ کب تک۔۔۔ کب تک تم ان بجلیوں سے بچی رہو گی جو آکاش میں تم ایسی ناپاک عورتوں پر گرنے کے لئے تڑپتی رہتی ہیں۔
چپلا: (کوئی فیصلہ کرنے کے انداز میں) آپ کیا چاہتی ہیں۔ میں چاہتی۔۔۔
مسز بھاٹیہ: میں تمہارے منہ پر تھوکنا چاہتی ہوں۔۔۔ میں چاہتی ہوں کہ یہ دنیا تمہارے وجود سے پاک ہو جائے۔ میں چاہتی ہوں کہ جو دکھ تم نے مجھے دیئے ہیں۔ تمہارے حلق میں ہچکی بن کر اٹک جائیں۔۔۔ میں بہت کچھ چاہتی ہوں۔۔۔ میں چاہتی ہوں کہ گوپال مجھے ماں کہے۔ میری بے چارگی دیکھو کہ میں کیا چاہتی ہوں۔
چپلا: گوپال کی ماں آپ کے سوا کون ہو سکتی ہے؟
مسز بھاٹیہ: تم۔۔۔ تم۔۔۔ جس نے میری مامتا پر بھی قبضہ جما لیا۔
چپلا: (معنی خیز لہجے میں) مامتا چرائی نہیں جا سکتی۔ آپ نے خود کہیں کھو دی ہو گی۔
مسز بھاٹیہ: میں تم سے بحث کرنا نہیں چاہتی۔ ایک سودا کرنا چاہتی ہوں۔۔۔ مجھ سے کچھ زیورات لے لو اور یہاں سے چلی جاؤ۔ ان سے کہہ دینا۔۔۔ میں اپنی مرضی سے جا رہی ہوں۔
چپلا: کیا اس سے آپ کا اطمینان ہو جائے گا۔
مسز بھاٹیہ: (خوش ہو کر) تو میں تمہیں زیور اور روپے لا دوں۔
چپلا: جی نہیں، مجھے ان کی ضرورت نہیں۔ آپ نے مجھے نوکر رکھا اور اب نکال دیا اس میں سودا کرنے کی نوبت ہی کہاں آتی ہے میں آج ہی چلی جاؤں گی اور یہ افسوس ساتھ لیتی جاؤں گی کہ آپ نے مجھے شک کی نظروں سے دیکھا۔۔۔ گوپال آپ ہی کا ہے۔ پرماتما کرے کہ وہ تندرست ہو جائے اور آپ کی گود ہری رہے۔
(کلاک چھ بجاتا ہے۔)
مسٹر بھاٹیہ: (اپنی بیوی کو آواز دیتا ہے) پاربتی۔ پاربتی۔۔۔
مسز بھاٹیہ: (روکھے پن سے) کیا ہے؟
مسٹر بھاٹیہ: چپلا کہاں ہے۔ بچے کو اس نے دوا کیوں نہیں پلائی؟
مسز بھاٹیہ: مجھے کیا معلوم۔ اپنے کمرے میں ہو گی۔
مسٹر بھاٹیہ: کیا کر رہی ہے؟
مسز بھاٹیہ: اندر جا کے دیکھ لو۔
مسٹر بھاٹیہ: دیکھتا ہوں۔
(چلتا ہے اور دروازہ کھول کر دوسرے کمرے میں جاتا ہے۔)
بھاٹیہ: چپلا، تم کیا کر رہی ہو۔۔۔ یہ اسباب وغیرہ تم نے کیوں باندھا ہے؟
چپلا: میں جا رہی ہوں۔
بھاٹیہ: کہاں؟
چپلا: جہاں سے آئی تھی۔
بھاٹیہ: کوئٹے میں بھونچال کے بعد، تمہارا کون باقی رہا ہے۔
چپلا: کہیں اور چلی جاؤں گی۔
بھاٹیہ: تم نے تو وعدہ کیا تھا کہ گوپال کو چھوڑ کر کبھی نہ جاؤں گی۔ جانتی ہو۔ وہ تمہیں کتنا چاہتا ہے۔۔۔
چپلا: یہ اس کی غلطی ہے۔ اس کو اپنی ماں سے محبت کرنی چاہئے۔
بھاٹیہ: (تھوڑی دیر خاموش رہ کر) معلوم ہوتا ہے اس کی ماں سے تمہاری گفتگو ہوئی ہے لیکن اس سے تم نے یہ کہا ہوتا کہ ماں کو بھی اپنے بچے سے محبت کرنی چاہئے۔۔۔ تم نے اس سے پوچھا ہوتا کہ ماں بننے کا خیال اب ایکا ایکی اس کے دل میں کیوں پیدا ہو گیا ہے۔
چپلا: میں نوکر ہوں بھاٹیہ صاحب۔ ایسے گستاخانہ سوال میری زبان پر کبھی نہیں آ سکتے۔
بھاٹیہ: لیکن وہ عورت۔۔۔ لیکن وہ عورت۔۔۔ آہ۔ اس عورت نے مجھے کتنا تنگ کیا ہے۔ جب تم یہاں نہیں تھیں تو وہ سمجھتی تھی کہ میں نے باہر ہی باہر کئی عورتوں سے تعلقات قائم کر رکھے ہیں۔ اب تم یہاں ہو تو۔۔۔ تو اب میں تم سے کیا کہوں کہ وہ کیا سمجھتی ہے۔۔۔ میں بہت شرمندہ ہوں چپلا کہ میرے گھر میں تمہیں ایک بے وقوف عورت کے ہاتھوں دکھ پہنچا ہے۔
چپلا: انہیں شک ہے۔
بھاٹیہ: ہر چیز کو شک کی نظروں سے دیکھ دیکھ کراب وہ ناقابل برداشت حد تک شکی ہو گئی ہے۔ اس کی حالت قابل رحم ہے۔ وہ مریض ہے۔ وہم اس کو مرض بن کے چمٹ گیا ہے وہ لا علاج ہے۔ شادی کے بعد دوسرے ہی ہفتے اس نے مہندی لگے ہاتھوں سے میرا منہ نوچنا شروع کر دیا تھا۔ میں ایک مصروف آدمی ہوں سارا دن دفتر میں سر کھپاتا رہتا ہوں یقین مانو تمہارے یہاں آنے سے پہلے میں گھر آتے وقت ڈرتا تھا۔ بہت خوف کھاتا تھا۔ اس کی دیوانگی کا اثر صرف میری ذات ہی پر ختم ہو جاتا تو شاید میں برداشت کر لیتا۔ مگر اس کی بے وقوفیوں نے میرے بچے کا بھی ستیاناس کر دیا۔ اس کی عادات خراب ہو گئیں۔ میں نے پرماتما کا لاکھ لاکھ شکر ادا کیا کہ اس نے تم جیسی دیوی کو میرے گھر بھیج دیا۔ تمہارے آنے سے میری بہت سی پریشانیاں دور ہو گئیں بچے کو تم نے سنبھال لیا۔ اس کو پیار محبت کی ضرورت تھی اور تم نے دونوں ہی اپنا گرویدہ بنا لیا۔ مگر اب تم جا رہی ہو۔۔۔
چپلا: جی ہاں۔ جا رہی ہوں!
بھاٹیہ: ٹھیک ہے مگر میرے بچے کا کیا ہو گا۔ وہ عورت تو مجھے اور اسے دونوں کو اپنی حماقتوں سے ہلاک کر دے گی (وقفہ) تم نہیں جاؤ گی۔۔۔ تم یہیں رہو گی۔ آخر اس گھر پر تو کچھ میرا بھی حق ہے میرے منہ میں بھی تو زبان ہے۔ اب تک میں نے اپنے اختیارات سے کام نہیں لیا۔ لیکن اب مجھے لینا پڑے گا۔
چپلا: بھاٹیہ صاحب۔ آپ اس جھگڑے کو طول نہ دیجئے۔۔۔ میں نہیں چاہتی کہ آپ میں اور ان میں میری وجہ سے کشیدگی پیدا ہو۔
بھاٹیہ: یہ کشیدگی اب پیدا نہیں ہوئی تمہارے آنے سے پہلے ہی اس گھر میں موجود تھی۔۔۔ میں تم سے درخواست کرتا ہوں کہ ابھی کچھ دیر ٹھہر جاؤ گوپو اچھا ہو جائے تو کیا پتہ ہے کہ اس کی ماں بھی سمجھ جائے۔۔۔ میں جانتا ہوں کہ اس کی باتوں سے تمہیں بہت دکھ پہنچا ہو گا اور۔۔۔ اور تم کو زبردستی یہاں ٹھہرانے کا مطلب یہ ہے کہ مزید توہین برداشت کرنے کے لیے تمہیں مجبور کیا جائے۔ مگر۔۔۔ مگر۔۔۔ نہیں چپلا۔ تم نہیں جاؤ گی۔ تمہارے انکار سے ہمیں صدمہ ہو گا۔۔۔ کھول دو اپنا اسباب!
(دروازہ کھول کر دوسرے کمرے میں چلا جاتا ہے۔)
بھاٹیہ: پاربتی تمہیں یہ سن کر خوشی ہو گی کہ چپلا اب نہیں جائے گی۔ اس نے اپنا ارادہ ترک کر دیا ہے۔
مسز بھاٹیہ: (طنز بھرے لہجے میں) مجھے بہت خوشی ہوئی ہے۔
بھاٹیہ: اور دیکھو۔ اگر تم نے اس کی توہین کی یا اسے اپنی وہم پسند طبیعت کا نشانہ بنایا۔۔۔
مسز بھاٹیہ: (تیزی سے) تو۔۔۔ تو کیا ہو گا۔۔۔ تم مجھے دھمکاتے کیا ہو۔ کیا کرو گے تم۔۔۔ مجھے دھکے مارکر باہر نکال دو گے۔۔۔ مجھے مار ڈالو گے؟ کیا کرو گے؟
بھاٹیہ: میں ایک بار پھر تمہارے لیے دعا کروں گا۔
مسز بھاٹیہ: مگر تم اس عورت کو نہیں چھوڑو گے اس کو ہمیشہ اپنے ساتھ رکھو گے۔ جو تمہارا دل نہ جانے کن اداؤں سے موہ چکی ہے جو کوٹھے میں بھونچال لا کر اب اس گھر میں زلزلہ برپا کر رہی ہے۔ مگر یاد رکھو۔۔۔
بھاٹیہ: (بلند آواز میں غصے کے ساتھ) پاربتی۔ اس بے۔۔۔ بے ہودہ بکواس کو بند کرو۔ میں۔۔۔ میں۔ کچھ نہیں، پرماتما تمہاری حالت پر رحم کرے۔
(فرش پر اضطراب کے ساتھ ٹہلنے کی آواز)
بھاٹیہ: اب خوش ہو گئیں۔ کلیجہ ٹھنڈا ہو گیا۔۔۔ وہ عورت جس نے تمہارے خیال کے مطابق نہ جانے کن اداؤں سے میرا دل موہ لیا ہے۔ تمہارے بچے پر اپنی جان قریب قریب فنا کر چکی ہے۔ اس کی زندگی اور موت میں اتنا وقت بھی باقی نہیں کہ وہ تمہارے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کر سکے۔ تمہیں کوئی بددعا ہی دے سکے۔
مسز بھاٹیہ: میرا کیا قصور ہے؟
بھاٹیہ: تم نے ہر وقت اس کی توہین کی۔ اس کی ہر نیکی، ہر اچھائی کو تم نے اپنی لعنتی نظروں سے دیکھا۔ اف! جب میں اس کا تصور کرتا ہوں کہ تم نے ایک پاک اور معصوم عورت پر کیچڑ اچھالی ہے تو میری آتما کانپ کانپ اٹھتی ہے۔ مگر تمہاری آتما کہاں ہے؟ تمہارا ضمیر کہاں ہے۔۔۔ جاؤ، جاؤ، میری آنکھوں سے دور ہو جاؤ۔۔۔ تم قاتل ہو۔ تمہارے ہاتھ مجھے اس بے گناہ عورت کے خون میں آلود نظر آتے ہیں۔
مسز بھاٹیہ: کیا پتہ ہے بچ جائے۔
بھاٹیہ: اب وہ کیا بچے گی۔۔۔ ڈاکٹر جواب دے چکا ہے۔ تمہارے بچے کو موت سے بچا کر وہ خود اس کے منہ میں چلی گئی ہے۔۔۔ اب کچھ نہیں ہو سکتا۔ کاش! میں نے اسے اسی روز جانے دیا ہوتا۔ میرا اس پر کوئی زور تو تھاہی نہیں مگر وہ میرے کہنے پر رضا مند ہو گئی اس لیے گوپو سے اسے پیار تھا۔ وہ پیار جو تمہارے دل میں ہونا چاہئے تھا۔ گوپو کو اس کے دل میں نظر آیا۔ وہ بچ گیا اور وہ موت جو تجھے آنا چاہئے تھی۔ اسے آ گئی۔
گوپال: (روتا ہوا آتا ہے) پتا جی، پتا جی۔۔۔ استانی جی کہاں ہیں؟
بھاٹیہ: گوپال جاؤ۔ تم باہر کھیلو، تمہاری استانی بیمار ہے۔
گوپال: میں بیمار تھا تو میرے پاس بیٹھی رہتی تھیں۔ اب میں ان کے پاس بیٹھوں گا۔ پتا جی!
بھاٹیہ: ہاں، ہاں۔۔۔ لیکن تم اب باہر جاؤ۔
(گوپال چلا جاتا ہے۔۔۔ کچھ وقفے کے بعد)
مسز بھاٹیہ: مجھے اجازت ہو تو میں چپلا کو دیکھنا چاہتی ہوں۔
بھاٹیہ: اس اجازت کی ضرورت تمہیں کیوں محسوس ہوئی۔۔۔ جاؤ۔۔۔ دیکھ آؤ۔ مگر تمہارے دیکھے سے کیا اس کا دل تمہاری طرف سے صاف ہو جائے گا۔ وہ خراشیں جو تم اس کے دل و دماغ پر پیدا کر چکی ہو۔ یوں ایک بار دیکھنے سے مٹ تو نہیں جائیں گی۔۔۔ جاؤ ممکن ہے وہ تمہیں معاف کر دے۔ تم نے اسے بہت دکھ پہنچایا ہے۔ میں تو خیر تمہاری حماقتوں کا عادی ہو چکا تھا۔ مگر ایک آفت رسیدہ عورت کے لیے جو اچھے دن دیکھ چکی ہو تمہاری ہیسٹریا کے دورے ناقابل برداشت تھے۔
(وقفے کے بعد دروازہ کھولنے کی آواز۔۔۔ مسز بھاٹیہ دوسرے کمرے میں جاتی ہے۔)
مسز بھاٹیہ: چپلا۔۔۔ چپلا۔۔۔ میں آئی ہوں۔
چپلا: (مردہ آواز میں) آئیے۔۔۔ آئیے۔۔۔ مگر یہاں آپ کس جگہ پر بیٹھیں گی۔
مسز بھاٹیہ: میں یہاں تمہاری چارپائی پر بیٹھ جاؤ گی۔۔۔ تم اٹھنے کی کوشش نہ کرو۔۔۔ لیٹی رہو۔
چپلا: مگر۔۔۔ مگر۔۔۔ نہیں، نہیں، آپ کو میرے پاس نہیں بیٹھنا چاہئے۔ یہ بیماری چھوت ہے۔ نہیں، نہیں، آپ دور ہی کھڑی رہیں اور جلد ہی باہر چلی جائیں۔
مسز بھاٹیہ: مجھے کچھ نہیں ہو گا۔ اگر کچھ ہو بھی گیا تو مجھے افسوس نہ ہو گا۔ میں تم سے معافی مانگنے آئی ہوں۔
چپلا: معافی؟۔۔۔ کیسی معافی۔۔۔ آپ مجھے شرمندہ کر رہی ہیں۔
مسز بھاٹیہ: میں نے غلط فہمی میں تم سے کئی بار ایسی باتیں کی ہیں جن سے یقیناً تمہیں بہت دکھ پہنچا ہے۔ اب سوچتی ہوں اگر میں تمہاری جگہ پر ہوتی تو میرے دل کی کیا حالت ہوتی۔
چپلا: میری جگہ پر آپ ہوتیں تو۔۔۔ تو یہ حالات نہ ہوتے۔۔۔ لیکن آپ میری جگہ پرکیوں ہوتیں؟ ہر ایک آدمی کے لیے ایک جگہ مقرر ہے۔ میرے لیے یہی جگہ مقرر تھی جہاں آ کر مجھے اپنی زندگی کے سب سے بڑے پاپ کا پرایشچت کرنا تھا۔
مسز بھاٹیہ: پاپ۔۔۔ پرایشچت!
چپلا: میں اب سوچتی ہوں اگر یہاں سے میں اس روز چلی جاتی تو میرے من کی من ہی میں رہ جاتی۔ کوئی زمانہ تھا کہ میں بھی آپ ہی کی طرح تھی۔ میرا پتی تھا جو آپ کے پتی کی طرح بڑا شریف کاروباری آدمی تھا۔ مگر میری حاسد اور بات بات پر شک کرنے والی طبیعت کا برا ہو کہ میں نے اس کو ہمیشہ پریشان رکھا۔ وہ جی ہی میں کڑھتا تھا۔ میں ہر گھڑی اس کو جلی کٹی سناتی مگر وہ چپ رہتا۔ اس کو خاموش دیکھ کر میں سمجھتی۔ چونکہ یہ مجرم ہے اس لیے کوئی بات اس کی زبان پر نہیں آتی۔۔۔
مسز بھاٹیہ: یہ تو میری ہی کہانی ہے۔۔۔
چپلا: گوپال جیسا میرا بھی ایک بچہ تھا اور میری طرح اس کی بھی ایک استانی تھی جس پر میں شک کرتی۔ کئی جھگڑے ہوئے میں نے اپنے پتی اور اپنی دونوں کی زندگی کو نرک بنا دیا تھا۔۔۔ اور۔۔۔ اور اس کا انجام یہ ہوا کہ اس معصوم عورت نے جو میرے بچے کو مجھ سے زیادہ عزیز سمجھتی تھی کچھ کھا لیا اور مر گئی۔ اس کے بعد بھونچال آیا اور بچہ اور اس کا باپ دونوں ہمیشہ کے لیے مجھ سے جدا ہو گئے۔ لیکن اب۔ اب میں بھی ان کے پاس جا رہی ہوں۔
مسز بھاٹیہ: (اشک آلود آواز میں) نہیں، نہیں، تم زندہ رہو گی۔ میں تمہیں اپنی بہن بنا کے اپنے پاس رکھوں گی۔ عین اس وقت تک جب کہ میری آنکھیں کھلی ہیں تم ان سے اوجھل نہیں ہو سکتی ہو۔
چپلا: میں بہت خوش ہوں کہ اپنی آتما کا بوجھ ہلکا کرنے کے ساتھ میں نے ایک اچھا کام بھی کر دیا۔۔۔ بھاٹیہ صاحب اور آپ دونوں خوش رہیں۔ آپ کی زندگی پرماتما کرے سورگ بن جائے۔۔۔ لیکن آپ جائیے زیادہ دیر یہاں نہ ٹھہرئیے۔۔۔ ایسا نہ ہو۔۔۔
(آواز ڈوب جاتی ہے۔)
مسز بھاٹیہ: چپلا۔۔۔ چپلا۔۔۔
(درد ناک سروں میں ساز بجتا ہے۔ مسز بھاٹیہ کے رونے کی آواز آتی ہے۔)
(فیڈ آؤٹ)
***
قانون کی حفاظت
افراد
سالگ رام…..وکیل
سُروپ….. مُوکّل
چمپا…..وکیل کی لڑکی
ساوتری… وکیل کی بیوی
اور منشی
پہلا منظر
ایک بڑا کمرہ جیسا کہ عام طور پر کامیاب وکیلوں اور بیرسٹروں کا ہوتا ہے۔ اس کے وسط میں ایک بہت بڑی میز ہے جس پر بے شمار کاغذات پڑے ہیں : کچھ پلندو ں کی صورت میں، کچھ بکھرے ہوئے اور کچھ ٹریز میں۔ سامنے ریک میں بھاری بھر کم کتابیں رکھی ہیں۔ کمرے کی دیواروں کے ساتھ بڑی بڑی الماریاں ہیں جو قانونی کتابوں سے بھری ہوئی ہیں۔ میز کے ساتھ گھومنے والی کر سی پر وکیل صاحب بیٹھے ہیں۔ اُن کے ایک طرف فرش پر اُن کا منشی چشمہ چڑھائے ڈیسک کے پاس بیٹھا ہے اور کاغذات دیکھنے میں مصروف ہے۔ وکیل صاحب کے سامنے اُن کا مُوکّل بیٹھا ہے جو اپنی گفتگو ختم کر چکا ہے۔ اور جانے کے قریب ہے۔
وکیل : منشی جی!۔ اِن کے مقدمے کی تاریخ وغیرہ نوٹ کر لو اور دیکھو کل مجھے یاد سے یہ کاغذات دے دینا تاکہ میں اِن کا مطالعہ کر لوں … آج تاریخ کیا ہے؟
منشی : آٹھ!
وکیل: مہینہ؟
منشی : مارچ!
وکیل: سنہ؟
منشی : چالیس!
وکیل: (مُوکّل سے) معاف کیجیے گا۔ میرا حافظہ بہت کم زور ہے۔ کثرتِ کار کے باعث مجھے بہت سی باتیں بھول جاتی ہیں۔ کیا کہا تھا منشی جی، سنہ کیا ہے؟ چالیس…آٹھ مارچ سنہ چالیس… یہ لیجیے رسید (مُوکّل رسید لیتا ہے) آپ کا اسمِ گرامی، نہیں … نہیں … یہاں لکھا توہے … ہاں مسٹر نرائن اب آپ تشریف لے جا سکتے ہیں، پرماتما نے چاہا تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔
نرائن : (اٹھ کر) اچھا نمسکار وکیل صاحب!
وکیل : نمسکار!
(نرائن چلا جاتا ہے۔ وکیل میز پر کتابوں کو الٹ پلٹ کرتا ہے)
وکیل: (ایک کتاب ٹرے سے اٹھاتے ہوئے) ہاں منشی جی، اب کیا ہے؟
منشی: ایک اور موکّل باقی رہ گیا ہے۔ نوجوان چھوکرا ہے۔ کہتا ہے کہ آپ سے کوئی قانونی مشورہ کرنا ہے۔ معلوم ہوتا ہے کوئی ایسی ویسی بات کر بیٹھا ہے۔ (فرش پر سے اٹھتا ہے اور دروازے کی جانب چلتا ہے)
وکیل: یہاں جو بھی آتا ہے ایسی ویسی بات ہی کر کے آتا ہے۔ بھیج دو اُسے اندر۔
(منشی باہر جا کر ایک نوجوان آدمی کو ساتھ لاتا ہے)
سروپ : گڈ مارننگ
وکیل: گڈ مارننگ
(منشی اپنی جگہ بیٹھ جاتا ہے)
سروپ : (کرسی پر بیٹھ کر) میں نے اپنے ایک دوست سے آپ کی بہت تعریف سنی ہے۔ ویسے اخباروں میں بھی آپ کا نام پڑھتا رہا ہوں، مجھے دراصل آپ سے ایک قانونی مشورہ لینا ہے۔
وکیل : بڑے شوق سے۔ مگر آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ میری فیس بہت زیادہ ہے۔
سروپ : کچھ بھی زیادہ نہیں …میں دُگنی فیس دینے کے لیے تیار ہوں اگر آپ مجھے کوئی ایسا راستہ بتائیں …مگر ٹھیریے …پہلے آپ یہ بتائیے کہ کیا اچھّا قانون داں قانون توڑ سکتا ہے؟
وکیل : کیوں نہیں، قانون بنائے ہی اس لیے گئے ہیں کہ توڑے جائیں۔ اچھا قانون داں جب چاہے قانون کو توڑ مروڑ سکتا ہے۔
سروپ : تو میں عرض کروں، میں کیا چاہتا ہوں؟
وکیل : فرمائیے!
سروپ : میرا نام رام سروپ ہے …میں بی۔ اے میں پڑھتا ہوں …ایک لڑکی سے مجھے پریم ہو گیا ہے۔ جس کا نام…میں بتا دوں تو کوئی ہرج تو نہیں ہو گا؟ …یعنی وہ آپ ہی تک رہے گانا؟
وکیل : صاحب زادے! یہاں کُوئیں کے کُوئیں خالی کر دیے مگر آپ خشک رہے، کہو جو کچھ تمھیں کہنا ہے، بے خوف ہو کے کہو۔ ڈاکٹروں اور وکیلوں کو سب بھید بتانے پڑتے ہیں۔
سروپ : ہاں تو وکیل صاحب، بات یہ ہے کہ مجھے ایک لڑکی سے جس کا نام چمپا ہے، بے حد محبت ہو گئی ہے۔ اس کو بھی مجھ سے پریم ہے۔
وکیل : تو مشکل کیا ہے …کیا کہا…لڑکی کا نام کیا ہے؟
سروپ : چمپا…!
وکیل : ہوں … تو اب مشکل کیا آن پڑی ہے …تم کو…؟
سروپ : جی نہیں۔ میں اُس سے شادی کر نا چاہتا ہوں مگر مشکل یہ ہے کہ اُس کے والدین راضی نہیں ہوں گے۔ اس لیے کہ اُس کی بات کہیں اور پکّی کر دی گئی ہے۔ میں اب یہ چاہتا ہوں کہ اُس کو اغوا کر کے لے جاؤں اور کسی دوسرے شہر میں اس سے باقاعدہ شادی کر لوں … آپ کا کیا خیال ہے؟
وکیل : اُس کو اغوا کر کے لے جاؤ؟؟ جانتے ہو اِس جرم کی سزا کتنی زبردست ہے؟
سروپ : مجھے معلوم ہے۔ مگر لڑکی رضامند ہے یعنی جب میاں بیوی راضی تو کیا کر ے گا قاضی۔ جب اُس کو میری دھرم پتنی بننا منظور ہے تو سزا اور جرم کا سوال ہی کہاں باقی رہتا ہے۔
وکیل : اغوا کے بعد اگر لڑکی پر اُس کے ماں باپ نے اثر ڈالا اور اسے مجبور کیا کہ وہ تمھارے خلاف بیان دے تو سزا اور جرم کا سوال پیدا ہو سکتا ہے۔ ایسے معاملوں میں وثوق سے کچھ نہیں کہنا چاہیے کیونکہ لڑکیاں عام طور پر والدین کے دباؤ میں آ جایا کرتی ہیں۔
سروپ : بس بس۔ آپ نے میرا مطلب سمجھ لیا۔ اِسی غرض سے میں آپ کی خدمت میں حاضر ہو ا تھا کہ سانپ بھی مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے۔ کوئی ایسی ترکیب بتائیے کہ اِن جھگڑوں کا خوف ہی نہ رہے۔ یعنی کسی بات کا ڈر نہ ہو اور میں اپنا کام بڑے آرام سے کر دوں۔
وکیل : تم اِس اغوا میں مجھ سے مدد لینا چاہتے ہو؟
سروپ : بالکل نہیں …میں صرف قانونی حفاظت چاہتا ہوں۔ اوّل تو یہ اغوا، غیر قانونی نہیں ہے، اس لیے کہ چمپا میرے ساتھ بھاگنے کو بالکل تیار ہے۔ دوسرے ہم ایک دوسرے سے پریم کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہماری زندگی میں ایک آدھ رومانس تو ہو… وکیل صاحب آپ نے دنیا دیکھی ہے، آ پ کو اس بات کا ضرور احساس ہو گا کہ ایسے واقعات بڑھاپے میں بڑے مزے دیا کرتے ہیں۔ تو عرض یہ ہے کہ کوئی ایسا گُر بتائیے جس سے بے کھٹکے اپنا کام کر جاؤں …بس لطف آ جائے۔
وکیل : میں سمجھ گیا۔ دیکھو اِس کے لیے تمھیں تین چار چیزوں کی ضرورت ہے …لڑکی کا نام کیا ہے؟
سروپ : چمپا…!
وکیل : ہاں تو چمپا سے تم اغوا کے ایک روز پہلے ایک خط حاصل کر لو جس میں وہ تم سے شادی کی درخواست کرے۔ بس یہ لکھا ہو کہ وہ گھر والوں سے بالکل تنگ آ گئی ہے اس لیے وہ تم سے شادی کرنے کا عہد کر چکی ہے۔ چنانچہ اِس غرض سے وہ اپنا گھر بار چھوڑ کر تمھارے پاس آ رہی ہے۔ کیا وہ ایسا خط لکھ دے گی؟
سروپ : کیوں نہیں۔ میں اُس سے فوراً لکھوا لوں گا۔
وکیل : یہ تو ایک چیز ہوئی جو کہ بہت ضروری تھی۔ اب اگر لڑکی کے ماں باپ نے یہ کہا کہ وہ بہت سا روپیہ نقد اور ہزاروں روپے کا زیور بھی ساتھ لے گئی ہے جو اُس نے تمھاری تحویل میں دے دیا ہے تو اُس کا کیا جواب دیا جائے گا؟ ظاہر ہے کہ یہ بالکل جھوٹ ہو گا مگر تمھیں پریشان تو کیا جا سکتا ہے۔ اِس لیے اِس کا توڑ بھی پہلے ہی سوچنا ہو گا۔
سروپ : جی ہاں!…کیوں نہیں؟
(وکیل اٹھ کر کمرے میں ٹہلتا ہے)
وکیل : (کچھ سوچ کر) اغوا رات کو کرو گے یا دن کو؟
سروپ : دن کو۔ اس لیے کہ رات کو نو بجے کے بعد میں بالکل جاگ نہیں سکتا۔
وکیل : یہ بھی اچھا ہوا۔ اچھا تو وہ لڑکی اپنے ساتھ زیور وغیرہ تو نہیں لائے گی؟
سروپ : جی نہیں!
وکیل : (ٹہلتے ہوئے) تو ایسا کرو کہ اغوا کے فوراً بعد تم اپنے کسی دوست کو اُس علاقے کی پولیس چوکی میں، جہاں اُس لڑکی کا مکان ہو، بھیج دو۔ وہ تھانے میں یہ جھوٹی رپورٹ لکھوائے کہ چمپا کے گھر میں زبردست چوری ہو گئی ہے۔ اگر ہو سکے تو وہ تھانے دار کو اُس مکان تک بھی لے جائے اور آپ بھاگ جائے۔
سروپ : اس سے کیا ہو گا؟
وکیل : پولیس وہاں جائے گی اور اُسے یہ معلوم ہو گا کہ چوری کی اطلاع غلط تھی، گھر والے اپنی لاعلمی کا اظہار کریں گے اور رجسٹر میں یہ لکھا جائے گا کہ فلاں آدمی کے گھر میں چوری ہونے کی جو اطلاع مِلی تھی غلط ہے۔ تاریخ اور وقت وغیرہ سب رپورٹ میں درج ہو گا۔ جو اِس بات کا ثبوت ہو گا کہ چمپا اپنے ساتھ کچھ بھی نہیں لائی۔
سروپ : (خوشی سے اچھل کر) وہ مارا…کیا کہنے ہیں آپ کے وکیل صاحب… کیا نکتہ پیدا کیا ہے۔
وکیل : (کرسی پر بیٹھ کر) تم لڑکی کو کالج ہی سے بھگا کر لے جانے کا ارادہ رکھتے ہو نا؟
سروپ : جی ہاں! لیکن اگر آپ چاہیں …یعنی یہ کوئی ضروری نہیں کہ اُسے کالج ہی سے اغوا کیا جائے۔ آپ جیسا کہیں گے ویسا ہی کروں گا۔
وکیل : نہیں۔ نہیں کالج ہی اچھا ہے۔ تو ایک بات یہ کرنا کہ کالج سے نکل کر تم دونوں کسی فوٹوگرافر کے پاس چلے جانا اور اپنا فوٹو کھچوا لینا۔
سروپ : یہ فوٹو پاس رکھ لیا جائے۔
وکیل : نہیں۔ اس کی ضرورت نہیں۔ فوٹو گرافر کے پاس وہ بالکل محفوظ رہے گا۔ اگر ضرورت پڑی تو فوراً منگوا لیا جائے گا۔
سروپ : اُس کی کیا ضرورت ہو گی؟
وکیل : صاحب زادے! اُس سے یہ ثابت ہو گا کہ اُس روز لڑکی کے پاس چند زیور تھے جو اُس نے پہن رکھے تھے۔ اور اِس بات کا ضرور خیال رہے کہ لڑکی اپنی ماں کو یا باپ کو کسی ذریعے سے مطّلع کر دے کہ اب وہ گھر نہیں آئے گی۔ اس لیے کہ وہ تمھارے ساتھ جا رہی ہے اور دیکھو اگر تم شادی کے دعوتی رقعے چھپوا کر اپنے دوستوں میں تقسیم کر دو تو بڑا مزہ رہے گا۔ شادی تم اغوا ہی کے روز کرو گے نا؟
سروپ : جی ہاں۔
وکیل : (اٹھ کھڑا ہوتا ہے) تو ابھی جا کر رقعے چھپوا لو اور اپنے اُن دوستوں اور رشتے داروں کے نام پوسٹ کر دو جو دوسرے شہروں میں رہتے ہوں۔ شادی کا انتظام وغیرہ تو ہو چکا ہے نا؟
سروپ : (اٹھ کر) جی ہاں، سب انتظام مکمل ہے۔
وکیل : تو جاؤ، بے کھٹکے اپنا کام کرو۔ قانون تمھاری حفاظت کرے گا۔
سروپ : شکریہ وکیل صاحب، بہت بہت شکریہ …اب تو مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں لوہے کے جنگلے کے پیچھے کھڑا ہوں۔ کوئی ہاتھ مجھ تک نہیں پہنچ سکتا، یہ رہی آپ کی فیس۔ میں آپ کا بہت شکر گزار ہوں۔
(تین نوٹ دس دس کے، بٹوے سے نکال کر وکیل کو دیتا ہے۔ وکیل مسکرا کر
یہ نوٹ پکڑتا ہے اور میز پر ایک بلّوریں پیپر ویٹ کے نیچے رکھ دیتا ہے)
سروپ : اچھا! نمسکار وکیل صاحب۔
وکیل : (مسکراتے ہوئے) نمسکار!
(سروپ چلا جاتا ہے)
وکیل : (منشی سے مخاطب ہو کر) لوگ سمجھتے ہیں کہ افتاد آ پڑنے کے بعد ہی وکیلوں سے مشورہ لینا چاہیے۔ یہ غلط ہے۔ افتاد سے پہلے وکیل زیادہ فائدے مند ثابت ہو سکتے ہیں۔ اگر غلطی کرنے سے پہلے وکیل کی رائے طلب کر لی جائے تو جیل خانے اتنے آباد نہ ہوں اور نہ کچہریوں میں اتنی رونق ہو۔ وکیل کے پیشے کا صحیح مطلب آج اِس چھوکرے نے سمجھا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اب بالکل محفوظ ہے۔
منشی: جی ہاں، اِس میں کیا شک ہے۔
وکیل : (مسکراتا ہے اور پیپر ویٹ کے نیچے سے نوٹ نکال کر جیب میں رکھ لیتا ہے) بڑا محتاط لڑکا تھا۔
دوسرا منظر
سالگ رام وکیل کا گھر… ڈرائنگ روم… وکیل کی بیوی ایک صوفے پر بیٹھی اونی بنیان بُن رہی ہے۔ سامنے دیوار پرا یک خوب صورت لڑکی کے فوٹو کا انلارجمینٹ، خوب صورت فریم میں لٹکتا دکھائی دیتا ہے … پر دہ اٹھتا ہے تو چند لمحات کے توقّف کے بعد سالگ رام وکیل، ہاتھ میں ایک کارڈ لیے ہنستا ہنستا اندر داخل ہوتا ہے۔
وکیل کی بیوی: (بُنتے بُنتے اپنے شوہر کی طرف دیکھتی ہے) یہ آج اتنی ہنسی کیوں آ رہی ہے؟ (وکیل جواب نہیں دیتا۔ ہیٹ اتار کر ایک طرف رکھتا ہے لیکن اس دوران میں بھی اس کی ہنسی بند نہیں ہوتی)
وکیل کی بیوی: ضرور تم نے وہ بات سن لی ہو گی؟
وکیل: (ہنستے ہنستے) کون سی بات؟ میں تو شادی کا یہ کارڈ پڑھ کر ہنس رہا تھا (ہنستا ہے) اُس نے مجھے بھی ایک کارڈ بھیج دیا۔ آج کل کے یہ لونڈے کتنے شریر ہوتے ہیں۔
وکیل کی بیوی: جانے کیا کہہ رہے ہو، میری سمجھ میں تو کچھ بھی نہ آیا اور سنتے ہو آج کیا تماشا ہوا؟ پولیس کی چوکی سے ایک آدمی آیا۔
وکیل: (حیرت سے) پولیس کی چوکی سے؟ کیوں؟
بیوی: یہ پوچھنے آیا تھا کہ ہمارے گھر میں کتنے کی چوری ہوئی ہے۔ ہمارا کیا کچھ چرایا گیا ہے؟
وکیل : (جلدی جلدی) پوچھتا تھا کہ ہمارے گھر میں کتنے کی چوری ہوئی ہے اور… اور… تم… تم نے کہہ دیا کہ ہمارا کچھ بھی نہیں گیا… تم نے اُس سے کہہ دیا کہ ہماری کوئی چیز بھی نہیں چرائی گئی، او میرے بھگوان… چمپا کہاں ہے؟ … ارے ہاں … اُس نے بھی تو چمپا ہی کہا تھا۔
بیوی: چمپا چمپا کیا کہہ رہے ہو! چمپا ہو گی کالج میں … تو اور میں اُس سے کیا جھوٹ بولتی؟ یہ کہتی کہ ہمارا سب گھر بار لُٹ گیا ہے … جانے کس کے گھر چوری ہوئی اور وہ مُوا ہمارے پاس چلا آیا… میں نے اُس سے کہا: ’’ہمارے یہاں چور آ کے کیا کریں گے۔ ہمارا روپیہ بینک میں، زیور جو ہیں وہ بھی بینک میں … وہ سو روپے جو تم گھر کے خرچ کے لیے دے گئے تھے میز کی دراز میں محفوظ پڑے تھے۔
(وکیل کا سر چکراتا ہے۔ لڑ کھڑا کر ایک کرسی پر بیٹھ جاتا ہے۔ یہ دیکھ کر وہ اٹھتی ہے)
ہے ہے، تمھارے دشمنوں کو کیا ہو گیا ہے؟ چمپا کے پِتا!…چمپا کے پِتا!!
وکیل : (بوکھلا کر) چمپا گئی… چمپا گئی…!
بیوی: کہاں گئی؟ …بس ابھی آتی ہو گی… تم یہ بتاؤ کہ تمھارے دشمنوں کو تکلیف کیا ہے؟ اے راما… اے راما …ایک گلاس ٹھنڈے پانی کالا! بابوجی کے لیے …بھاگ کے لا… بھاگ کے … ہے ہے تمھارا رنگ تو ہلدی کی طرح پیلا پڑ گیا ہے۔
(ٹیلیفون کی گھنٹی بجتی ہے)
بیوی: (چونگا اٹھا کر) ہلو ہلو… ہلو… میں بول رہی ہوں۔ چمپا کیا کہا؟ نہیں، نہیں تم نہیں جا سکتیں۔ تمھارے پتاجی بیمار ہیں۔
وکیل: کون ہے؟ … کون ہے؟ … چمپا ہے؟ کیا کہتی ہے؟ …
بیوی: چپ بھی کرو۔ سننے تو دو… کیا کہا… (تھوڑا وقفہ) … تم شادی کرنے جا رہے ہو…میرے بھگوان (چیخ مار کر بیہوش ہو جاتی ہے)
وکیل : (بیہوش بیوی کے پاس جا کر) ساوتری… ساوتری…کیا کہا ہے چمپا نے؟
ساوتری۔ ساوتری بیہوش ہو گئی!…راما راما… او راما…کوئی بھی تو نہیں یہاں … ساوتری … ساوتری… چمپا گئی… وہ لونڈا لے گیا اُسے … اور میں نے … میں نے تیس روپے لے کر اُسے سارے ڈھنگ بتا دیے۔ مجھے موت کیوں نہیں آتی…میں …اب کیا کروں؟ ساوتری۔ ساوتری… (اس کی بیوی بیہوشی میں چمپا چمپا کہتی ہے) چمپا گئی اور میں نے سارا قانون اُس کے ہاتھ میں دے دیا… اب کچھ نہیں ہو سکتا۔ میں کتنا بیوقوف ہوں۔ وہ چمپا، چمپا کہتا رہا اور مجھے ذرا بھی شک نہ ہوا۔ شادی کے رقعے پرا پنا نام بھی دیکھا اور میرے دماغ میں یہ بات نہ آئی… اور راما… یہ کہاں مر گیا ہے آج… ساوتری … ساوتری… خط تو اُس نے لکھوا لیا ہو گا۔ اُس نے میرے کہے پر حرف بحرف عمل کیا ہو گا۔ (اٹھتا ہے اور ٹیلیفون کرنے لگتا ہے) ٹیلیفون کروں؟ … پر کسے کروں؟ (ٹیلیفون کی گھنٹی بجتی ہے) … یہ کون ہے … یہ کون ہے … ہلو…ہلو…ہاں …ہاں …مس چمپا سالگ رام…کسی نے فوٹو ووٹو نہیں کھنچایا یہاں سے (رِسیور رکھ دیتا ہے لیکن فوراً ہی کچھ یا د کر کے اسے اٹھا لیتا ہے) ارے ہاں فوٹو؟ چمپا اور اُس کا فوٹو… یہ کون فوٹو گرافر تھا؟ (غصّے سے رِسیور پٹک دیتا ہے اور بیہوش بیوی کی طرف جاتا ہے) ساوتری… ساوتری… پرماتما کے لیے ہوش میں آؤ۔ پر ماتما کے لیے ہوش میں آؤ… اب میں بیہوش ہونا چاہتا ہوں … ساوتری… ساوتری…(بیہوش ہو جاتا ہے)
٭٭٭
ایک مرد
پہلا منظر
زنانہ کالج کے ہوسٹل کا ایک کمرہ …مختصر ساز و سامان، لیکن ہر چیز سلیقے اور قرینے سے رکھی نظر آتی ہے۔ کمرے کے دو حصّے ہیں : ایک آگے دوسرا پیچھے، بیچ میں دیوار ہے۔ لیکن اس میں دو بڑے بڑے بغیر کواڑوں کے دروازے ہیں۔ اُن میں سے ایک سے، کمرے کا دوسرا حصّہ نظر آتا ہے اور وہ کھڑکی بھی دکھائی دیتی ہے جو دوسری طرف میدان میں کھلتی ہے۔ کمرے کے دوسرے حصّے میں پلنگ بچھا ہے۔ اُس کے پاس تپائی رکھی ہے۔ کھڑکی کے پاس آرام کرسی پڑی ہے۔ کمرے کے پچھلے حصّے یعنی پیش منظر میں سنتوش ایک کرسی پر بیٹھی اور دوسری کرسی پر ٹانگیں رکھے کتاب پڑھنے میں مصروف ہے …اُس دروازے پر جو ہوسٹل کی غلام گردش کی طرف کھلتا ہے، دستک ہوتی ہے۔
سنتوش : آ جاؤ…دروازہ کھلا ہے۔
(دروازہ کھلتا ہے۔ سنتوش کی سہیلی عذرا داخل ہوتی ہے)
عذرا : کیا پڑھ رہی ہو؟
سنتوش : کچھ کہنا ہو تو فوراً کہہ دیا کرو…تمہیدیں نہ باندھا کرو…بولو کیا چاہتی ہو؟
عذرا: نوج تم سے کوئی بات کرے …ہر وقت منہ سُجائے بیٹھی رہتی ہو۔
سنتوش: میں گھر سے یہاں پڑھنے آئی ہوں، تفریح کرنے نہیں آئی۔
عذرا : جی!
سنتوش: جی!!
عذرا: جی …ایک صرف آپ ہی گھر سے یہاں پڑھنے آئی ہیں، باقی سب تفریح کی غرض سے آئی ہیں …ایسی سڑی بُسی بات کرتی ہو کہ جی چاہتا ہے تم سے لڑنا شروع کر دوں … یہ تمھارے چہرے پر جو سنجیدگی اور متانت کا غلاف چڑھا رہتا ہے، ایک ہی جھٹکے میں اتار دوں۔
سنتوش ـ: تین برس گزر جانے پر بھی تمھارا یہ ارادہ مضبوط نہیں ہو سکا۔ اس کی وجہ؟
عذرا : تمھارا سر …اِس کی وجہ کیا ہے؟ اُس کی وجہ کیا ہے؟ یہ کیوں ہوتا ہے؟ وہ کیوں ہوتا ہے؟ … ہر بات میں قانون کی ایک پخ لگی رہتی ہے۔ وجہیں دریافت کی جا رہی ہیں۔ اسباب تلاش کیے جا رہے ہیں …جانے اُس شریف آدمی کا کیا حال ہو گاجو تم سے شادی کرنے کی حماقت کرے گا۔
سنتوش: وہی جو احمقوں کا ہوتا ہے۔
عذرا: سو وہ کوئی احمق ہی ہو گاجو تم سے شادی کرے گا…یہ میری بات اچھی طرح نوٹ کر لو…تم اتنی عقل مند ہو گئی ہو کہ کسی دوسرے کی عقل تم سے برداشت نہ ہو سکے گی۔
سنتوش : عذرا دیکھو، میرا وقت ضائع نہ کرو۔ مجھے یہ سارا چیپٹر زبانی یاد کرنا ہے، جو کہنا ہے کہہ ڈالو اور جاؤ۔
(کرسی پر سے ٹانگیں ہٹا لیتی ہے۔ عذرا اُس کرسی پر بیٹھ جاتی ہے)
عذرا: توبہ… تم تو یہ چاہتی ہو کہ اِدھر بٹن دباؤ اور اُدھر ساری بات نکل کر باہر آ جائے … بھئی مجھ سے یہ نہیں ہو سکتا۔ میں تو اپنی عادت کے مطابق آہستہ آہستہ ہی سب کچھ بتاؤں گی۔ تم بیٹھی پروٹیسٹ کرتی رہو۔
سنتوش : لے اب جو کہنا ہے کہہ بھی ڈالو۔
عذرا : ایک خط آیا ہے۔
سنتوش: گھر سے …شادی وادی کی بابت؟
عذرا : نہیں …ابّا جی دوسری شادی کر کے مجھے تو بالکل بھول ہی گئے ہیں، اب اگر میں انھیں لکھوں …’’ابّا جی میرا جی چاہتا ہے کہ لاماؤں کی سر زمین تبّت میں چلی جاؤں اور وہاں کسی خانقاہ میں راہبہ بن جاؤں تو وہ یقیناً خوش ہو کر جواب دیں گے۔ ’’بیٹا یہ تمھارا خیال بہت ہی مبارک ہے۔‘‘
سنتوش: (ہنستی ہے) اس قدر نا امّید نہیں ہونا چاہیے …ہاں تو خط اگر گھر سے نہیں آیا تو کہاں سے آیا ہے؟
عذرا : جانے کہاں سے آیا ہے پتا وتا تو درج نہیں …لفافے پر میرا نام ہے لیکن خطاب ہوسٹل کی تمام لڑکیوں سے کیا گیا ہے …میں بھوٗلی۔ صرف خوب صورت لڑکیوں کے نام۔
سنتوش: لکھنے والا کون ہے؟
عذرا : ایک مرد۔
سنتوش: بالغ یا نابالغ؟
عذر ا : معلوم نہیں لیکن تحریر سے کافی بلوغت ٹپکتی ہے۔
سنتوش: نام؟
عذرا: وہی ایک مرد۔
سنتوش: اور ہمارے ہوسٹل میں بارہ لڑکیاں ہیں۔
عذرا: بارہ نہیں، تیرہ۔
سنتوش: تیرہ کیسے؟
عذرا: ایسے کہ اتفاق سے تم بھی لڑکی ہو۔
سنتوش : تو ایک مرد نے ہم تیرہ لڑکیوں کے نام یہ خط بھیجا ہے۔
عذرا: غلط…صرف ان کے نام جو اپنے آپ کو خوب صورت سمجھتی ہوں۔
سنتوش : اِس کا مطلب؟
عذرا : (اپنے بلاؤز میں سے ایک خط انگلیوں کی مدد سے نکالتی ہے) تم یہ خط پڑھ لو۔
(خط سنتوش کو دے کر باہر جانے لگتی ہے)
سنتوش: تم کہاں چلیں؟
عذرا : صفیہ کو بلا لاؤں۔
سنتوش: صفیہ حسن کو؟
عذرا : نہیں دوسری صفیہ کو…صفیہ حسن تو بیاہی ہوئی ہے۔ (وقفہ) سنتوش! میں کہتی ہوں ہوسٹلوں میں صرف بیاہی ہوئی عورتیں داخل کرنی چاہییں۔
سنتوش: کیوں…؟
عذرا : اس لیے کہ ہوسٹل، ہسپتالوں سے زیادہ ملتے جلتے ہیں اور تم جانتی ہو کہ بیاہی ہوئی عورتیں اکثر بیمار رہتی ہیں (ہنستی ہے) اب ذرا تم بھی ہنس دو۔
سنتوش: کسی کے کہنے پر میں کبھی نہیں ہنس سکتی۔
عذرا : تو جہنم میں جاؤ…!
(چلی جاتی ہے)
سنتوش : (خط پڑھتے ہوئے) ہاں۔ جاؤ، پر جلدی واپس آ جانا۔
(کچھ دیر تک سنتوش خط پڑھنے میں مصروف رہتی ہے)
ورشا: (آواز باہر سے آتی ہے) میں اندر آ سکتی ہوں؟
(ورشا اور عذرا دونوں اندر داخل ہوتی ہیں)
عذرا : آؤ… آؤ… ورشا آؤ… دیکھو تم یہاں بیٹھو میں ابھی آتی ہوں۔
ورشا: کیا بات ہے؟ … بڑی گھبرائی ہوئی ہو۔
(کرسی پر بیٹھ جاتی ہے)
عذرا: سنتوش سے پوچھو وہ یہ تمھیں سب کچھ بتا دے گی۔
(چلی جاتی ہے)
ورشا: یہ خط بڑی دلچسپی سے پڑھا جا رہا ہے۔
سنتوش: (سرگوشی میں، دروازے کی طرف دیکھتے ہوئے) عذرا گئی؟
ورشا : گئی …کیا بات ہے؟
سنتوش: بتاتی ہوں …مجھے ایک شرارت سوجھی ہے۔
ورشا: شرارت!
سنتوش: ہاں شرارت۔ عذرا اور دوسری لڑکیاں ہمیشہ شکایت کرتی تھیں کہ میں بہت سنجیدہ اور متین ہوں۔ سو کل بیٹھے بیٹھے مجھے ایک شرارت سوجھی …کوئی سن تو نہیں رہا ہے …ہاں تو میں نے ایک شرارت کی اور یہ خط لکھ کر عذرا کے نام ڈال دیا …اب عذرا اس میں بڑی دلچسپی لے رہی ہے …میں تمھیں پوری بات سناتی پر کوئی آ جائے گا… یہ خط پڑھ لو (خط اس کے حوالے کر تی ہے … اور اٹھ کھڑی ہوتی ہے)
ورشا: میں تمھارا مطلب نہیں سمجھی۔
سنتوش : مجھے خود معلوم نہیں کہ خط لکھنے سے میرا مطلب کیا تھا۔ لیکن دیکھو ورشا! کسی سے کہنا نہیں ورنہ سارا لطف جاتا رہے گا۔
ورشا : (خط پڑھتے ہوئے) یہ تمھیں کیا سوجھی؟
سنتوش : دراصل ورشا، میں اپنی سنجیدگی اور متانت سے تنگ آ گئی ہوں۔ جی چاہتا ہے کہ اب کوئی ہنگامہ ہو۔
ورشا: (توقّف کے بعد) خط دلچسپ ہے۔
(غلام گردش سے تیز قدموں کی چاپ سنائی دیتی ہے اور فوراً ہی عذرا آٹھ دس لڑکیوں کے ہمراہ اندر داخل ہوتی ہے)
عذرا: ہے نا…میں ان سب سے ابھی ابھی یہی کہہ رہی تھی۔
عذرا : (لڑکیوں سے) آ جاؤ، سب کی سب اندر چلی آؤ…اختری! تمھارا یہ خَیلا پن مجھے اچھا نہیں لگتا…چلی آؤ …تمھیں اپنی ناک کی کیل سے جتنا پیار ہے اگر اتنا ہی مجھ سے ہوتا تو۔۔۔
اختری: تم ہر وقت میری اِس کیل کے پیچھے پڑی رہتی ہو۔
عذرا: میں پوچھتی ہوں کہ بھلا کوئی یہ بھی زیوروں میں زیور ہے …اچھی بھلی ناک میں کیل گاڑ دی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ کیا تصویر لٹکاؤ گی؟
(کئی لڑکیاں ہنستی ہیں)
عذرا: (ہنستے ہوئے) آؤ …بھئی آؤ…مذاق برطرف…اختری کی کیل سے یہ خط زیادہ اہم ہے۔
(کچھ لڑکیاں کھڑی رہتی ہیں، کچھ کرسیوں اور میزوں پر بیٹھ جاتی ہیں)
ورشا: اہم وہم تو خاک بھی نہیں …کوئی مرد ذرا سی بات کہہ دے تو تم اسے خواہ مخواہ اہمیت دینا شروع کر دیتی ہو…جانے نگوڑا کون ہے …کون نہیں ہے۔
عذرا : تو چھوڑو… خط میرے حوالے کرو۔ اتنی دلچسپی سے پڑھ کیوں رہی ہو…کتنی بھولی بنتی ہے۔ چہرے پر بالوں کی لٹیں ہر وقت یوں لٹکائے رکھتی ہے جیسے میری بنّو کو دنیا کا کچھ پتہ ہی نہیں …لاؤ خط مجھے دو۔ (خط چھین لیتی ہے)
صفیہ : (آگے بڑھ کر) یہ تم دونوں نے لڑنا کیوں شروع کر دیا۔ یہاں بلایا ہے تو کچھ ہمارے پلّے بھی پڑے۔
عزّت: تم اب اپنا تھرکنا بند کر دو…توبہ، چلتی ہے تو معلوم ہوتا ہے، توڑے لے رہی ہے … چلو اب خط سناؤ۔
عذرا: تمھیں سننے کی کیا ضرورت ہے۔ اِس عینک میں سے تم لفافوں کے اندر کا مضمون بھی پڑھ لیا کرتی ہو۔
(بہت سی لڑکیوں کا شور: خط سنایا جائے۔ خط سنایا جائے)
عذرا: (تقریر کے انداز میں) خاموش… خاموش …ورشا تم سنتوش سے کیا کھسر پھسر کر رہی ہو؟ خاموش رہو…بہنو! میں نے تمھیں سنتوش کے کمرے میں اس لیے بلایا ہے کہ مجھے آج ایک مرد کی طرف سے یہ خط وصول ہوا ہے۔
عزّت : (خوش ہو کر) ایک مرد کی طرف سے!
نرملا: اتنی خوش کیوں ہوتی ہو؟
عذرا: خاموش…اس میں خوشی کی کوئی بات نہیں ہے …جو خط وصول ہوا ہے میں آپ کو سنا دیتی ہوں، خوشی اور غمی کا فیصلہ بعد میں کیا جائے! سرلا اور بملا تم دونوں بہنیں مجھے یوں گھور گھور کے کیوں دیکھ رہی ہو؟
سرلا اور بملا: (دونوں) نہیں تو۔
عزّت: عذرا، تم خط سناؤ۔
عذرا: لو سنو…(خط کا کاغذ کھولتی ہے) ۔۔۔ ہوسٹل کی تمام خوب صورت لڑکیو!۔۔۔ (لڑکیوں کی سرگوشیاں)
عذرا: رشیدہ! تم غور سے سنو۔۔۔ ہوسٹل کی تمام خوب صورت لڑکیو!۔۔۔
(اضطراب کی آوازیں)
عذرا: یہ کیا ہو رہا ہے؟
خورشید: رشیدہ کہتی ہے، میں اب یہاں نہیں بیٹھوں گی۔
سنتوش: عذرا تم نے اِسے کیوں چھیڑا …کیا ہے بیچاری کی شکل میں …تم سے تو لاکھ درجے اچھی ہے۔
صفیہ: تم خط سناؤ جی۔ یہ بیکار کی باتیں کیا لے بیٹھی ہو۔
عذرا: ہوسٹل کی تمام خوب صورت لڑکیو!…میری دعا ہے کہ شادی کے بعد بھی تمھاری خوب صورتی برقرار رہے۔
عزّت: آدمی شریف معلوم ہوتا ہے۔
(چند لڑکیاں ہنستی ہیں)
عذرا: تم ضرور لفظ شادی سے گھبراؤ گی۔ تم میں سے بعض میں یہ گھبراہٹ اصلی ہو گی اور بعض میں مصنوعی۔ مرد مصنوعی اور اصلی گھبراہٹ پسند کرتے ہیں …ضرور گھبراؤ…لیکن کاش تم شادی کے بعد بھی گھبرا سکتیں۔
اختری: ہے ہے … یہ نگوڑا کس قسم کا آدمی ہے … کیا اوٹ پٹانگ لکھا ہے۔ گھبراؤ… ضرور گھبراؤ۔
خورشید : گھبرائے تمھاری بلا…تم تو اُس دن کے انتظار میں۔۔۔
اختری: چپ کر موٹی، زبان دراز۔
عذرا: خاموش۔۔۔ ہاں تو آگے لکھا ہے۔۔۔ یہ خط میں صرف خوب صورت لڑکیوں کو لکھ رہا ہوں۔
(سرگوشیاں)
صفیہ: کیوں خوب صورت لڑکیاں کیا اس مردوے کی خالہ کی بچّی لگتی ہیں۔
اختری: تم کیوں چڑتی ہو؟
عذرا: (خط پڑھتے ہوئے) یہ خط میں صرف خوب صورت لڑکیوں کو لکھ رہا ہوں۔ اس کا جواب اگر مجھ سے طلب کیا جائے تو میں کہوں گا۔
سورن لتا: کیا کہے گا؟
عذرا: کہ عورت میں جسے دنیا میں بڑے بڑے کام سر انجام دینا ہوتے ہیں، خوب صورتی کا ہونا اشد ضروری ہے۔ اگر عورت خوب صورت نہیں تو وہ ایسا کمرہ ہے جس میں کوئی روشن دان نہ ہو۔
سرلا: آگے کیا لکھا ہے؟
صفیہ: آگے کیا لکھا ہے تمھارا سر… ذرا اس کی طرف دیکھو۔ اختری کتنی دلچسپی لے رہی ہے۔ وہ مُوا گالیاں دے رہا ہے ہمیں …اور یہ مزے سے سن رہی ہے۔
عذرا: خوب صورتی ازدواجی زندگی کے تنفّس کے لیے اشد ضروری ہے۔ یہ خط پڑھنے کے بعد تم میں سے اکثر اپنے آپ سے سوال کریں گی: ’’کیا میں خوب صورت ہوں؟‘‘
اختری: صفیہ تو ضرور کرے گی۔
صفیہ : پہلے میں اِس یوسف کو نہ دیکھوں گی جو لوگوں کی خوب صورتی ناپتا پھرتا ہے۔
(تین چار لڑکیوں کی ہنسی)
عذرا: تم میں سے اکثر بیوقوف لڑکیاں آئینے کی گواہی طلب کریں گی۔
صفیہ: (غصّے میں اٹھ کھڑی ہوتی ہے)
عذرا: اس سے کہو کہ منہ سنبھال کر بولے۔
(عذرا اور تین چار لڑکیوں کی ہنسی)
سنتوش: آرڈر… آرڈر۔
عذرا: (خط پڑھتے ہوئے) اپنے حافظے پر زور دے کر ایسے واقعات تلاش کریں گی جنھوں نے کبھی ان کی خوب صورتی یا بد صورتی کا فیصلہ کیا ہو گا…سچ پوچھو تو عورت اپنی خوب صورتی یا بد صورتی کے متعلق کچھ بھی نہیں جانتی… اس کی خوب صورتی یا بد صورتی کا فیصلہ کرنے والے ہم ہیں یعنی مرد۔
صفیہ: گدھے کہیں کے۔
سنتوش: تم بہت جلد بگڑ جاتی ہو۔
ورشا: (ہنس کر) اِس قدر غصّہ۔
صفیہ: غصہ کیوں نہ آئے … بات ہی ایسی ہے … نامعقول کہیں کا… خیر بتاؤ آگے کیا لکھا ہے؟
عذرا: تمھارے گالوں پر زخم کا نشان جو بظاہر بد صورت معلوم ہوتا ہے، کسی مرد کی نگاہوں میں تمھاری خوب صورتی کا باعث ہو سکتا ہے (صفیہ اپنے گال کے داغ کو چھپا لیتی ہے) تمھارا تو تلا پن، تمھارا تھوڑا سا لنگڑا کر چلنا، تمھارا ضرورت سے زیادہ بھولا پن جس سے شاید تمھارے ماں باپ نالاں ہوں، تمھارا ٹوٹا ہوا دانت، تمھاری شکن آلود پیشانی، تمھارے موٹے ہونٹ جن کی بدصورتی کے متعلق دل ہی دل میں تم نے کئی بار سوچا ہو گا؛ تمھیں خوب صورت بنانے میں بیش از بیش حصّہ لے سکتے ہیں۔
رشیدہ: (طنز کے ساتھ) تمھارے مڑے ہوئے دانت، تمھاری تنگ پیشانی، تمھارا کٹا ہوا بازو، تمھاری پھولی ہوئی توند، تمھاری گاجر برابر چوٹی اور تمھارے سوجے ہوئے نتھنے ؛ تمھیں خوب صورت بنانے میں بیش از بیش حصّہ لے سکتے ہیں … مجھے تو یہ کوئی سِڑی دیوانہ معلوم ہوتا ہے۔
عذرا: آگے سنو… ہم آرٹسٹ ہیں یہی وجہ ہے کہ قدرت نے تمھیں صرف ہمارے پاس بھیجا ہے کہ ہم تمھاری نوک پلک نکالیں، تمھیں خوب صورت بنائیں، تمھارے اندر یہ احساس پیدا کریں کہ تم خوب صورت ہو۔ اگر ہم نہ ہوتے تو بہت ممکن ہے چاند اور تارے تم پر بازی لے جاتے مگر چونکہ ہم ہیں اس لیے آسمانوں اور زمینوں کی تمام خوب صورتیاں نوچ کر ہم نے تمھارے قدموں میں ڈال رکھی ہیں۔
صفیہ : محض بکواس ہے۔
نرملا: خاموش بھی رہو۔
سرلا: اس کی للّو تو بس چلتی رہتی ہے۔
عذرا: تم اِس ہوسٹل کی چار دیواری میں قید ہو۔ فلسفے، ہند سے اور معاشیات کی یہ موٹی موٹی کتابیں رٹتی رہتی ہو، تم میں سے کچھ فلسفے کی تیز شیشوں والی عینک ہر وقت اپنی ناک پر چڑھائے رکھتی ہیں … میں اُن سے کہنا چاہتا ہوں کہ فلسفہ محض ڈھکوسلا ہے۔ زمان و مکاں کی بحث بالکل لا یعنی ہے۔ معاشیات کے اصول کسی کام کے نہیں … دنیا کے نظام پر صرف ایک چیز حکومت کرتی ہے، صرف ایک چیز، اور وہ عورت اور مرد کی ازلی دوستی ہے۔
اختری: (بے خودی کے عالم میں) ازلی دوستی ہے۔
عذرا: تم مردوں سے دور کیوں رہتی ہو؟ … نہیں دور ہی رہو۔ اس لیے کہ تم دور رہنے پر زیادہ قریب آ جاتی ہو۔ تم دور رہ کر خود کو قریب محسوس نہ کیا کرو اس لیے کہ تمھارا یہ احساس اس قربت کا سارا لطف خراب کر دیتا ہے۔ اس احساس سے صرف مرد ہی لطف اندوز ہوں تو اچھا ہے۔
صفیہ: دوری اور نزدیکی کا یہ گورکھ دھندا خوب صورت ہے۔
عذرا: (شاعرانہ انداز میں) ۔۔۔ رات کو سو تے وقت جب تمھارے کنوارے دماغ فلسفے، معاشیات اور جبر و مقابلہ کی دھند سے آزاد ہوں تو اپنے کمرے کی لطیف فضا میں جو تمھارے وجود سے اور بھی لطیف ہو جاتی ہے، کچھ دیر کے لیے سوچنا کہ مرد کیا ہے … جب صبح کی ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں کالج جانے کے لیے زبردستی تمھاری مُندی ہوئی آنکھیں کھل جائیں گی اور تمھارا دل و دماغ نیند کی دھنکی ہوئی روئی میں لپٹا ہو گا تو اُس وقت بھی نیم غنودگی کی حالت میں سوچنا کہ مرد کیا ہے (خورشید انگڑائی لیتی ہے) ۔۔۔ اندھیری یا چاندنی راتوں میں جب تمھیں ہر شے پُر اسرار دکھائی دے گی اور ایک بے نام سا اضمحلال تم پر طاری ہو گا؛ اُس وقت بھی تم اپنے نرم سیر دماغ سے پوچھنا: رد کیا ہے؟
عزّت: (بے خود ہو کر تالی بجاتی ہے) بہت خوب… بہت خوب۔
ورشا: سنتوش بھئی کچھ بھی ہو… فقرہ بہت خوب صورت ہے …اندھیری یا چاندنی راتوں میں جب ہر شے پُر اسرار دکھائی دے گی اور ایک بے نام سا اضمحلال تم پر طاری ہو گا؛ اُس وقت بھی اپنے نرم سیر دماغ سے پوچھنا: مرد کیا ہے؟ … بہت اچھا فقرہ ہے۔
سنتوش: آہستہ ورشا … چُپ۔
عذرا: ہوسٹل کی خوب صورت لڑکیو!… وہ جو پھولوں میں نت نئے رنگ بھرتا ہے وہی تمھاری جوانیوں میں رنگ بھرے … اگر تم اِس خط کا جواب دینا چاہو تو لکھ کر اُس بڑے پتھّر کے نیچے رکھ دینا جو تمھارے ہوسٹل کی عمارت میں کام نہیں آ سکا تھا۔ اور جو اَب باہر سڑک کے پاس بیکار پڑا ہے …
راقم… ایک مرد
سرلا: (افسوس کے ساتھ) ختم ہو گیا!
صفیہ: کیا کوئی ناول پڑ ھ کے سنایا جا رہا تھا تمھیں۔
عذرا: خاموش… بہنو! خط آپ نے سن لیا۔ اب بتاؤ ہمیں کیا کرنا چاہیے؟ سنتوش! تمھاری کیا رائے ہے؟
بہت سی لڑکیاں : ہاں پہلے سنتوش اپنی رائے ظاہر کرے۔
سنتوش: رائے؟ … میں … میں کیا رائے دوں … تم جو فیصلہ کرو گی مجھے منظور ہو گا۔
عزّت: عذرا… میری رائے میں اس خط کا جواب ضرور دینا چاہیے۔ اندھیری یا چاندنی راتوں میں صبح اٹھتے وقت یا رات کو سوتے وقت اپنے آپ سے یہ پوچھنے کی ضرورت نہیں کہ مرد کیا ہے …میں سب جانتی ہوں کہ مرد کیا ہے؟
عذرا: بتاؤ، مرد کیا ہے؟
عزّت: مرد وہ جانور ہے جو کان رکھنے پر بھی دودھ نہیں دیتا۔ جیسا چمگاڈر۔
صفیہ حسن: مجھے تمھارا یہ مذاق پسند نہیں آیا۔
عزّت: اس لیے کہ تم اس قسم کی ایک چمگاڈر سے بیاہی ہو۔
(چند لڑکیاں ہنستی ہیں)
بملا: میرا اور سرلا کا خیال ہے کہ اس خط کا جواب ایسی ہی میٹھی زبان میں دینا چاہیے۔
اختری: تو اتنی شکر تم دونوں بہنوں کی زبان میں ہے۔
عذرا: کمل! تم خمیرے آٹے کی طرح پھیلی ہوئی کیا سوچ رہی ہو؟ کچھ تم بھی بولو۔
کمل: میرے سر میں درد ہو رہا ہے۔
عزّت: اسپرین کھاؤ۔
عذرا: (خورشید کے پاس جا کر) خورشید تم اِن معاملوں میں بڑی ماہر ہو۔ بتاؤ ہمیں کیا کرنا چاہیے۔
خورشید: (تنک کر) مجھے یہ چھیڑ خانی اچھی نہیں لگتی عذرا… (لہجہ بدل کر اختری سے) خدا کی قسم اختری! جب سے اِس نے یہ خط سنایا ہے میرا دل ڈر کے مارے دھک دھک کر رہا ہے … مجھے بڑی دہشت ہوتی ہے ایسی باتوں سے۔
اختری: (مصنوعی سنجیدگی کے ساتھ) میں تم سے کئی بار کہہ چکی ہوں کہ اپنے دل کا علاج کراؤ…ایسا نہ ہو کہ شادی کے روز مارے دہشت کے دل بند ہو جائے۔
(تین چار لڑکیوں کی ہنسی)
عذرا: نرملا! تمھارا کیا خیال ہے؟
نرملا: میں اس معاملے میں اپنی رائے محفوظ رکھنا چاہتی ہوں۔
عزّت : ریفریجریٹر میں رکھ چھوڑو۔
(چند لڑکیاں ہنستی ہیں)
عذرا: ورشا… میری بھولی بھالی ورشا! تمھارا کیا خیال ہے؟
ورشا: میرا خیال ہے کہ صفیہ سے پوچھا جائے۔
عذرا: بولو صفیہ تمھاری کیا رائے ہے؟
صفیہ : تم کہو گی کہ مجھے مردوں سے خدا واسطے کا بیر ہے مگر سچ پوچھو تو اس خدا واسطے کے بیر کے بغیر کام بھی نہیں چل سکتا۔ میری رائے ہے کہ ہم سب مل کر ایک محاذ بنا لیں۔ اس مرد کا کھوج لگائیں۔ جب کھوج لگ جائے تو سب مل کر اُس پر حملہ کر دیں … اگر آدمی اتفاق سے شریف نکل آیا تو ہم اُسے معاف کر دیں گے … معاف کر دینے میں اور ہی لطف ہے۔
عذرا: تمھارا مطلب ہے کہ ہم اُسے ماریں؟
صفیہ: یقیناً یہی میرا مطلب ہے۔
سرلا اور بملا: (دونوں بیک زبان) یہ صریحاً ظلم ہے۔
عزّت: مجھے بھی اس سے اتفاق نہیں … ممکن ہے بیچارے کے کہیں چوٹ آ جائے۔ تو تو بالکل ڈائن قسائن ہے۔
صفیہ: میں نے اپنی رائے ظاہر کر دی ہے۔ مانو نہ مانو تمھارا اختیار ہے۔ عذرا تمھارا کیا خیال ہے؟
سرلا: ہاں عذرا سے پوچھو اِس کا کیا خیال ہے؟
عذرا: تم سب کی رائے طلب کرنے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ خط کا جواب نہیں دینا چاہیے۔ لیکن دینا بھی چاہیے۔ اس لیے کہ یہ ضروری ہے۔ سو اس کے لیے ایک ہی راستہ ہے کہ یہی خط اس پتھّر کے نیچے رکھ دیا جائے … کیا خیال ہے تمھارا عزّت!… میں سمجھتی ہوں کہ یہ طریقہ سب سے بہتر رہے گا۔ یعنی اِس میں کوئی قطعی جواب نہیں ہے، ہاں بھی ہے اور نہیں بھی۔
عزّت: تمھارا خیال درست ہے۔
عذرا: جنھیں یہ بات پسند ہے وہ اپنا ہاتھ کھڑا کر دیں۔
(چند لمحات سرگوشیاں ہوتی ہیں پھر سب لڑکیاں اپنا اپنا ہاتھ کھڑا کر دیتی ہیں)
عذرا : سب راضی ہیں …سنتوش! …تم نے ہاتھ کھڑا نہیں کیا؟
سنتوش : میں سمجھتی تھی کہ میں نے کر دیا ہو گا…لو…(ہاتھ کھڑا کر دیتی ہے)
عذرا : تو یہ طے ہے …میرا پہلا پیریڈ خالی ہے میں ابھی جا کر یہ خط اُس پتھّر کے نیچے رکھ دیتی ہوں۔
سرلا: لیکن شام کے چھ بجے پھر جا کے دیکھنا۔ ممکن ہے کوئی نئی بات۔۔۔
(گھنٹے کی آواز)
بہت سی لڑکیاں : چلو…چلو…اب بھاگو…
(لڑکیاں دروازے کی طرف بھاگتی ہیں۔ صرف ورشا اور سنتوش کمرے میں رہ جاتی ہیں)
سنتوش: (جب ساری لڑکیاں باہر چلی جاتی ہیں تو آہستہ سے) ورشا! اب کیا ہو گا؟
ورشا: (ہنس کر) کیا ہو گا …کچھ بھی نہیں ہو گا…مجھے تو تمھاری اس شرارت میں کچھ مزا نہیں آیا۔
سنتوش: عذرا اُس پتھّر کے نیچے خط رکھ آئے گی۔
ورشا: تم ایک گھنٹے بعد وہاں جا کر نکال لینا… اس میں گھبرانے کی بات ہی کیا ہے؟ … چلو اب چلیں۔
سنتوش: چلو!
(دونوں چلی جاتی ہیں)
دوسرا منظر
ہوسٹل کا وہی کمرہ جو ہم پہلے منظر میں دِکھا چکے ہیں۔ کلاک چھ بجاتا ہے۔ آہستہ آہستہ پردہ اٹھتا ہے۔ اور سنتوش اضطراب کے ساتھ ٹہلتی دکھائی دیتی ہے۔ چند لمحات کے بعد ایک دم دروازہ کھلتا ہے۔
سنتوش : (پلٹ کر) کون؟
(ورشا اندر داخل ہوتی ہے)
ورشا : کیا بات ہے اس قدر پریشان کیوں ہو؟ خط لے آئی ہو وہاں سے؟
سنتوش: لے آئی ہوں … لو پڑھ لو۔
ورشا: صبح تو پڑھ لیا تھا۔
سنتوش: نہیں یہ دوسرا ہے۔
ورشا: کیا کوئی اور لکھا ہے؟
سنتوش: یہ سچ مچ کسی مرد کا لکھا ہوا ہے۔
ورشا: ہائیں یہ کیا ہوا؟
سنتوش: کیا معلوم… میں وہاں گئی تو پتھّر کے نیچے میرے خط کے بجائے یہ کاغذ پڑا تھا۔
(نیا خط ورشا کو دیتی ہے)
ورشا: (خط لے کر بیٹھ جاتی ہے) اُس عورت کے نام جس نے ایک مرد کی دلی کیفیات بڑی کامیابی سے بیان کیں (سنتوش سے) تو وہ بھانپ گیا، سنتوش!
سنتوش : ظاہر ہے۔
(پھر اضطراب کے ساتھ ٹہلنا شروع کر دیتی ہے)
ورشا: کیا لکھا ہے؟ (پڑھتے ہوئے) اتفاق ہاں اتفاق سے تمھارا لکھا ہوا خط جو دل سے کم نازک نہیں، پتھّر کے نیچے دبا ہوا ملا۔ میں نے اس کو نکالا اور پڑھا۔
سنتوش: آہستہ پڑھو!
ورشا: وہ مرد یقیناً خوش قسمت ہو گا جسے تمھاری رفاقت نصیب ہو گی… اگر میں عورت ہوتا اور یہ خط واقعی کسی مرد کی جانب سے مجھے ملتا تو کیا یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ میں کیا کرتا؟ (اپنی طرف سے) ’’کوئی ضرور ت نہیں‘‘ (پھر خط پڑھتی ہے) تمھارے خط کا ایک ایک لفظ ایک ایک پنکھڑی ہے جو مجھے تمھارے ہی سانس کے زیر و بم سے لرزاں نظر آئی … آدمی شاعر معلوم ہوتا ہے۔
سنتوش: آگے پڑھو!
ورشا: میں پہلے عورت کو ایک حل نہ ہو سکنے والا معمّا سمجھتا تھا۔ مگر تمھارے اس خط نے یہ مشکل آسان کر دی ہے۔ تمھارا خط، خط نہیں بلکہ عورت کی وہ انگڑائی ہے جس کے کھچاؤ نے نسوانیت کے سارے خطوط میرے سامنے نمایاں کر دیے ہیں۔ میں خوب صورت نہیں … اس بات کا احساس مجھے ہمیشہ دُکھ دیا کرتا تھا۔ پر اب تمھارا خط پڑھ کر مجھے ڈھارس ہوئی ہے کہ مجھے خوب صورت بنانے والی کوئی نہ کوئی ہستی اس دنیا میں ضرور موجود ہے اور وہ ہستی عورت کے سِوا اور کون ہو سکتی ہے؟ … میں اس خط کا جواب نہیں چاہتا، اس لیے کہ وہ بھی اس پتھّر کے نیچے رکھ دیا جائے گا …
راقم …ایک مرد
سنتوش: ادھر کونے پر کچھ اور بھی لکھا ہے (ورشا کو خط کا کونا دکھاتی ہے)
ورشا : (پڑھتی ہے) میں اپنے آپ کو چھپانا نہیں چاہتا۔ تم مجھے چھ بجے کے بعد پتھّر کے آس پاس ٹہلتا دیکھ لو گی … چھ تو بج چکے ہیں اور تمھاری اِس کھڑکی میں سے تو سب کچھ نظر آتا ہے۔ وہ… وہ پتھّر پڑا ہے۔
(کھڑکی میں سے باہر کوئی نظر نہیں آتا)
سنتوش: آہستہ بولو کوئی سن لے گا۔
ورشا: اگر اتنا ڈر تھا تو یہ خط وہاں سے اٹھایا ہی نہ ہوتا۔
سنتوش: اٹھا لیا تو بعد میں خیال آیا۔
ورشا: تمھارا کیا خیال ہے، یہ خط کون لکھ سکتا ہے؟
(اٹھ کھڑی ہوتی ہے اور کھڑکی کی طرف دیکھتی ہے)
سنتوش: کچھ سمجھ میں نہیں آتا … زیادہ حیران کرنے والی بات تو یہ ہے کہ اُس پتھّر کے نیچے اس کا ہاتھ کیسے پہنچ گیا … کیسی کیسی جگہ ان لوگوں کا ہاتھ پہنچ جاتا ہے۔
ورشا: خط اچھا ہے۔
سنتوش: ہاں برا نہیں ہے … پر ورشا کسی سے کہیو مت… اور دیکھو، میں کیا کہہ رہی تھی؟ … ہاں، تو ایسا نہ کریں کہ اس پتھّر ہی کو یہاں سے اُٹھوا دیں؟
ورشا: اس سے کیا ہو گا؟
سنتوش: ٹھیک ہے، اس سے کیا ہو سکتا ہے؟ … ورشا!
ورشا: کیا؟
سنتوش: اب کیا ہو گا… میرا خط اُس کے پاس ہے۔
ورشا: اور اُس کا تمھارے پاس۔
سنتوش: اِس سے کیا ہوتا ہے؟ … میں چاہتی ہوں کہ میرا خط مجھے واپس مل جائے … ورشا… دیکھو… اِدھر دیکھو۔ کھڑکی میں سے دور ایک مرد دکھائی دیتا ہے۔
ورشا: ہاں، ہاں ایک مرد۔ شاید وہی۔
(ورشا کمرے کے دوسرے حصّے کی طرف جانا چاہتی ہے)
سنتوش: کھڑکی کے پاس مت جاؤ۔ یہیں سے دیکھو (اُسے روک لیتی ہے اور آپ اُدھر کا رخ کرتی ہے)
ورشا: مجھے روکتی ہو او ر آپ جا رہی ہو۔
سنتوش: نہیں تو… لو میں بیٹھ جاتی ہوں (اُدھر سے ہٹ کر کرسی پر بیٹھ جاتی ہے۔ لیکن نظریں کھڑکی کی طرف لگی رہتی ہیں) … ورشا! اچھی طرح سے نظر نہیں آتا۔
ورشا: تمھاری نظر کمزور ہے۔
سنتوش: (اپنے آپ پر جھنجھلا کر) عینک نہ جانے کب لگواؤں گی؟
ورشا : صاف نظر آتا ہے یہاں سے۔
سنتوش: (اٹھ کر اشتیاق بھرے لہجے میں) کیسا؟
ورشا: ٹھیرو! مجھے اچھی طرح دیکھ لینے دو… ہیٹ پہنے ہے۔
سنتوش: یہ تو میں بھی دیکھ سکتی ہوں۔
ورشاـ: ہیٹ پہنے ہے، قد چھوٹا ہے۔
سنتوش: نہیں ورشا، اتنا چھوٹا نہیں۔
ورشا: بھئی … میں تو اِسے چھوٹا ہی کہوں گی۔ عورتوں کے لیے اتنا قد ٹھیک ہے۔ پر مرد تو کچھ اونچے ہی ہونے چاہییں۔
سنتوش: اتنی دھوپ میں کھڑا ہے۔
ورشا: پیٹھ ہماری طرف ہے۔
سنتوش: ہاں سوچنے کی بات ہے … اِدھر منہ کیوں نہیں کرتا۔
ورشا: اُسے کیا معلوم کہ تمھارا کمرہ اِس طرف ہے۔
سنتوش: ٹھیک ہے … پر ہوسٹل کی عمار ت تو اِدھر ہے۔ اسے اِدھر ہی دیکھنا چاہیے۔
ورشا: ممکن ہے شرماتا ہو۔
سنتوش: ورشا، اُسے یہاں نہیں آنا چاہیے تھا۔
ورشا: کیوں؟
سنتوش: بڑی بدنامی کی بات ہے … اگر کسی کو پتہ لگ جائے تو… بھئی میرا دل دھک دھک کر رہا ہے (ورشا کا ہاتھ اٹھا کر اپنے دل پر رکھتی ہے)
ورشا: اُس کو نہ دیکھو، کھڑکی بند کر دو۔
سنتوش: یہ بھی تو نہیں کر سکتی… ہوا… ہوا… ہوا… بند ہو جائے گی۔
ورشا: (شرارت کے ساتھ) ہاں ٹھیک کہتی ہو… سانس لینا دشوار ہو جائے گا۔
سنتوش: کب اِدھر منہ کرے گا… ورشا تم بھی مجھے کچھ نہیں بتاتی ہو۔
(مرد اُسی طرح پیٹھ کیے کھڑا رہتا ہے … دروازے میں سے، چپکے سے عذرا اندر داخل ہو کر سنتوش اور ورشا کے پیچھے کھڑی ہو جاتی ہے)
ورشا: کیا بتاؤں تمھیں؟
عذرا: (یک دم) یہ بتاؤ اُس کا رنگ کیسا ہے؟ (دفعتاً سنتوش اور ورشا دونوں چونکتی ہیں۔ اور کہتی ہیں) کون…؟
عذرا: ۔۔۔ ناک نقشہ کیسا ہے۔ ٹھوڑی کیسی؟ ہونٹ کیسے ہیں۔ لباس کیسا ہے، طبیعت کیسی ہے۔ تو یہ سب باتیں کوئی مجھ سے پوچھے۔
سنتوش: (کھسیانی ہنسی) کہ … کہ… کہ کیسی باتیں؟
عذرا: یہی معصوم باتیں کہ وہ کیسا ہے۔ کیا کرتا ہے … بھئی ایسی باتیں معلوم کرنی ہی پڑتی ہیں۔
سنتوش: میں تمھارا مطلب نہیں سمجھی۔ (ایک طرف ہٹ جاتی ہے)
عذرا: اس کی کیا ضرورت ہے؟
سنتوش: جانے کیا اوٹ پٹانگ بکتی ہو۔
عذرا: ایسے بُتّے کسی اور کو دو… خط لکھ کر مقرّرہ وقت پر جب کوئی مرد بڑے بڑے پتھّروں کے پاس ٹہلتا ہو تو کیسے معلوم نہیں ہو جاتا کہ بات پگھلنے والے موم کی ہے (ہنستی ہے) گھبرا کیوں گئیں؟
سنتوش: (گھبرا کر) کیسا خط… پتھّر… کون سا پتھّر … میں … میں، کہاں ہے وہ مرد؟ … دیکھ لو…
(مرد ایک طرف ہٹ جاتا ہے اور نظروں سے اوجھل ہو جاتا ہے)
عذرا: تمھاری کھڑکی کے پاس چلا آئے گا، گھبراتی کیوں ہو… میری بھولی بھالی ورشا، تمھارا کیا خیال ہے؟
ورشا: تم جانو اور یہ جانے، بھئی مجھے کچھ پتہ نہیں۔ (دیوار پر لٹکی ہوئی تصویر دیکھنا شروع کر دیتی ہے)
عذرا: تمھاری مرضی۔
(کھڑی پر دستک ہوتی ہے)
عذرا: لو وہ آ گیا۔
سنتوش: (سخت گھبرا کر) اب میں کیا کروں … عذرا پر ماتما کے لیے کچھ کرو… میں … میں ورشا… ورشا… یہ بیٹھے بٹھائے کیا ہو گیا؟
(پھر دستک ہوتی ہے)
عذرا: ورشا اور عذرا کیا کریں؟ … اب اُس سے ملو۔
سنتوش: مگر عذرا میں نے اُسے نہیں بلایا… پہلا خط میں نے شرارت کے طور پر لکھا تھا۔ لیکن مجھے پتہ نہیں تھا کہ سچ مچ کوئی مرد پتھّر سے نکل آئے گا… اب پرماتما کے لیے کچھ کرو۔
عذرا: بھئی میں کچھ نہیں کر سکتی۔
(دستک :ٹک۔ ٹک۔ ٹک)
آواز: (کھڑکی میں سے آتی ہے) کیا میں سامنے آ سکتا ہوں؟
عذرا: آ جاؤ۔
سنتوش: یہ تم نے کیا غضب کیا؟ (بھاگنے لگتی ہے۔ لیکن عذرا اُسے پکڑ لیتی ہے)
عذرا: خاموش رہو۔
(چند لمحات مکمل خاموشی میں گزرتے ہیں۔ پھر ایک دم
صفیہ کھڑکی میں سے نظر آتی ہے۔ مردانہ کپڑے پہنے)
صفیہ: (شرارت کے ساتھ) آداب عرض کرتا ہوں۔
سنتوش: کون؟ صفیہ!
عذرا: صفیہ نہیں … ایک مرد۔
صفیہ: بھئی سنتوش۔ اِس میں میرا کوئی قصور نہیں۔ یہ مجھے مردوں کا لباس پہنا کر پتھّر کے پاس کھڑا کرنے والی عذرا ہے۔
سنتوش: تو… تو… یہ خط۔۔۔؟
عذرا: میں نے لکھا تھا… جس طرح پہلا خط تم نے لکھا تھا۔
(سب قہقہے لگاتی ہیں)
(بہت سی لڑکیاں ایک دم اندر داخل ہوتی ہیں اور شور مچانا
شروع کر دیتی ہیں۔ سنتوش اُن میں گھِر جاتی ہے)
(پردہ)
٭٭٭
ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
٭٭٭
ڈاؤن لوڈ کریں

