ڈاؤن لوڈ کریں
مکمل کتاب پڑھیں…..
تماشا اور تماشائی
(غالبؔ پر ایک اسٹیج ڈرامہ)
ڈاکٹر محمد حسن
ترتیب و تدوین: اعجاز عبید
(۱)
(غالب کی غزلوں کے مختلف ٹکڑے گاتے ہوئے مختلف لوگ اسٹیج سے گزرتے ہیں ان میں کوئی ٹکڑا کتھک کے رقص کا ہے تو کوئی فلمی موسیقی کا۔ کوئی قوالی کا ہے تو کوئی کسی ڈرامے کا۔)
(دروازے پر دستک۔ غالب دروازے کے قریب جاتے ہیں۔ غالب دروازہ کھولنے لگتے ہیں۔)
مرزا : (اسٹیج کے بازو سے آواز دیتے ہیں نظر نہیں آتے) دروازہ مت کھولو۔
غالب : آخر کیوں؟ دیکھتا ہوں کون لوگ ہیں؟
مرزا : (آواز) مجھے معلوم ہے۔
(دستک پھر ہوتی ہے۔)
غالب : تو بتاتے کیوں نہیں؟ یہ سلسلہ کیا ہے؟
مرزا : (آواز) یہ لوگ برسی منا رہے ہیں۔
غالب : (پھر دروازے کی طرف بڑھتا ہے) تو پھر کیا حرج ہے؟
مرزا : (entry) (پھر ٹوک لیتے ہیں) پہلے یہ معلوم ہونا چاہئے کہ یہ لوگ کس کی برسی منا رہے ہیں۔ میری یا تمہاری؟
غالب : ظاہر ہے برسی غالب کی منائی جا رہی ہے شاعر غالب کی۔
مرزا : نہیں۔ برسی مرزا اسد اللہ خاں عرف مرزا نوشہ کی ہے، ۱۰۵ سال پہلے میری موت ہوئی تھی۔
غالب : تم سے کسی کو کیا دلچسپی ہے۔ تم تو محض ایک امیر زادے تھے۔
مرزا : اور تم؟
غالب : میں شاعر غالب۔ میرا ایک ایک شعر آج بھی زندہ ہے۔
مرزا : کس کی بدولت؟ میری اور صرف میری۔
غالب : یہ جھوٹ ہے۔ شاعر امیر زادے کے محتاج نہیں۔ تم فقط میرا جسم تھے۔ میری روح میری شاعری تھی۔
مرزا : مت بھولو، میں نے تمہیں نام دیا، ہستی دی، ہنستے ہوئے ہونٹ، روتی ہوئی آنکھیں دیں۔ ترستا ہوا دل اور آسمانوں سے بھی زیادہ بلند پرواز کرنے والا دماغ دیا۔
غالب : سارے امیر زادے اسی طرح بول بولا کرتے ہیں۔ یہ صحیح ہے مرزا نوشہ مرے تم تھے زندگی بھر مرے، کبھی کسی کو مار رکھا، کبھی خود مر گئے۔
مرزا : تمہاری قسمت میں موت کہاں؟
غالب : میں بے چارا اپنا آپ تماشائی تھا، لے دے کے زندگی میں کوئی آرزو کی بھی تو صرف اتنی:
تھالے دے کے زندگی میں کوئی آرزو کی بھی تو
مرزا : تو گویا میرے بغیر تمہاری ہستی، تمہاری حسرتیں اور ارمان تمہاری شاعری باقی رہتی؟
غالب : نہیں۔ لیکن تمہارے گناہ میرے نام کیوں لکھے جائیں۔
مرزا : ٹھیک کہتے ہو، لوگ آج کل میرے پیچھے پڑے ہیں۔ مرزا نوشہ کہاں پیدا ہوا اس نے اپنے سالے کی موت پر خوشی کاکیوں اظہار کیا، اس مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر کا قصیدہ کیوں لکھا۔ انگریزوں کی مدح سرائی کیوں کی اس نے اپنے دوست صدر الدین آرزدؔ کی بیوی کی پنشن رکوا کر نواب رام پور سے اپنے لئے پنشن حاصل کرنے کی کوشش کیوں کی؟
غالب : یہی نہیں اور سنو۔ مولوی ذکاء اللہ نے لکھا:
’’غالب کا حال یہ ہے کہ سوائے شاعر ہونے کے کوئی خوبی اس میں نہ تھی۔ حسد اس قدر تھا کہ کسی کی عزت کو دیکھ نہ سکتا۔ تنگ دل ایسا کہ سارے بھائی بندوں کا حق مارنے میں اس کی عار نہ تھا۔ ذوقؔ مرگیا تو خوش ہو کر کہتا تھا آج بھٹیاروں کی بولی بولنے والا مرا۔ شرابی ایسا کہ کہا کرتا تھا صہبائیؔ شعر کہنا کیا جانے، نہ اس نے شراب پی، نہ معشوقوں کے ہاتھ سے جوتیاں کھائیں، نہ جیل خانے میں پڑا۔ لالچی ایسا کہ ایک ایسا قصیدہ دس دس جگہ بیچتا تھا۔‘‘
مرزا : (دروازے سے لگ کر کھڑا ہو جاتا ہے اور دستک ہونے پربھی غالب کو دروازہ کھولنے نہیں دیتا)نہیں دروازہ مت کھولو۔ پہلے یہ طے ہو جائے کہ وہ کس کی برسی منانا چاہتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ مرزا نوشہ خودغرض تھا۔ لالچی تھا تنگ دل تھا۔
غالب : کیا غلط کہتے ہیں۔
مرزا : لو وہ بھی کہہ رہے ہیں کہ بے ننگ و نام ہے:
یہ جانتا تو آگ لگاتا نہ گھر کو میں
غالب : گھر، میرا کوئی گھر نہیں۔
مرزا : نہیں، غالب بھولتے ہو۔ غالب کے نام سے پہچانے جانے سے پہلے صرف میں تھا مرزا اسداللہ بیگ اور میں نے آگرے میں آنکھیں کھولی ہیں ۱۷۹۸ء کا آگرہ۔ یہاں نظیر اکبر آبادی کے ’’شہر آشوب‘‘ کا آگرہ۔ جہاں میری خاندانی حویلی تھی اور دیوان خانے میں راجہ بنسی دھر کے ساتھ شطرنج کی بازی جمتی تھی۔
FLASH BACK – I
(۲)
بنسی : چال چلو مرزا۔
مرزا : چلتا ہوں بنسی دھر۔
بنسی : جی ہاں شطرنج ہے، بچوں کا کھیل نہیں ہے۔
مرزا : ہمارے لئے تو بچوں کا کھیل ہی ہے۔ لیجئے فرزیں تو گیا۔
بنسی : میاں صاحبزادے ہوا بھی، کچھ خاندان کی پرانی رسم و راہ کا پاس کرتا ہوں۔ ورنہ مات پلا کر نوشیرواں بنا دیتا۔ سوچتا ہوں تمہارے نانا ہمارے نانا ایک ساتھ فوج میں نوکر ہوئے۔ ایک ساتھ نوکری چھوڑی، ایک ساتھ زندگی گزاری۔ اگر دوچار مات پلا دی تو کہو گے کہ پشتوں پرانی دوستی کا پاس نہ کیا۔
مرزا : واہ۔۔۔ واہ۔۔۔ میاں بنسی دھر کیا کہنے ہیں عمر میں مجھ سے دو ایک برس بڑے یا چھوٹے ہی ہو گے باتیں کرتے ہو تو نانا دادا سے کم نوالہ نہیں توڑتے۔
بنسی : خیر جی مرزا۔ یہ بازی تمہیں اٹھا لو۔ ہمیں مانے لیتے ہیں اچھا چلو دوسرے بازی لگاتے ہیں۔
مرزا : بس جناب۔ دوسری بازی نہیں۔ آج بلوان سنگھ سے پتنگ کے پیچ لڑانا ہے۔
بنسی : کون؟ راجہ بلوان سنگھ وہی گڈریوں کے کٹرے والا وہ بھی عمر بھر بچہ رہے گا اور تمہارا بھی یہی حال ہے۔
مرزا : جی بس شطرنج کے سوا تو سارے کھیل گویا لڑکپن ٹھہرے تم بھی ذرا پیچ لڑاؤ تو جانیں۔
بنسی : اماں توبہ کرو۔ میری سنو تو لعنت بھیجو پتنگ بازی پر۔ راجہ بلاس رائے کی حویلی میں مشاعرہ ہے، چلے چلتے ہیں۔ بھئی میری تو جان جاتی ہے ان مشاعروں پر۔ اکبر آباد کے شاعر ایران کے شاعروں کو شرماتے ہیں اور اپنے میاں نظیرؔ کا کلام بچہ بچہ کی زبان پر ہے۔
مرزا : کہو گے خودستائی کر رہا ہے۔ بخدا دو چار شعر تو ریختے میں ہم نے بھی کہنے شروع کر دئیے ہیں۔
بنسی : سچ۔
مرزا : پتنگ پر ایک قطعہ لکھا ہے۔ بخدا داد دینے میں کنجوسی نہ کرنا۔ عرض کیا ہے:
ایک دن مثل پتنگ کاغذی
لے گے دل سر رشتہ آزادگی
خود بخود کچھ ہم سے کنیانے لگا
اس قدر بگڑا کہ سر کھانے لگا
میں کہا اے دل ہوائے دل براں
بسکہ تیرے حق میں رکھتی ہے زیاں
دل یہ سن کر کانپ کر کہا پیچ و تاب
غوطے میں جا کر دیا کٹ کر جواب
(شعر کے بیچ ہی میں بول اٹھتے ہیں۔)
غالب : یہی لمحہ میری پیدائش کا تھا مرزا نوشہ سے غالب بننے کا لمحہ جب پہلی بار شاعر بیدار ہوا تھا۔
مرزا : مگر اس لمحے کی سالگرہ کوئی نہیں مناتا۔ میری برسی سب مناتے ہیں۔
غالب : شاید اس کی ضرورت بھی نہیں۔ شمع روشنی دیتی ہے اور جل بجھتی ہے اس کی سالگرہ کون مناتا ہے۔
مرزا : احساس فراموش ہو۔
غالب : میں۔
مرزا : ہاں تم، میرا احسان نہیں مانتے کہ غالب کے لئے مرزا نوشہ نے کیا کیا نہیں کیا، ذلتیں سہیں، ہر کس و ناکس کے آگے دامن پسارا، خوشامدیں کیں دست طلب دراز کیا، اپنوں کو اپنا نہیں سمجھا، تا کہ شاعر غالب کو فرصت کا ایک سانس میسر آ جائے، تم فکر سخن کے لئے ذرا سی آسودگی پا سکو۔
غالب : آسودگی اور چین اور تم سے؟ تم نے مجھے زندگی بھر بے قرار رکھا۔ وہ دن یاد نہیں تمہیں۔
مرزا : کون سادن۔
غالب : جب مدتوں بعد میرے بچپن کا یار بنسی دھر گلی قاسم جان کے چورا ہے پر پتہ پوچھتے پوچھتے میرے گھر پہنچا تھا۔
FLASH BACK – II
(۳)
(گلی قاسم جان کے قریب ایک چوراہا، رات کا وقت مشعلیں روشن ہیں، بنسی دھرکی عمر اب ۳۵۔ ۳۰ برس کی ہے۔ غالب ان سے پانچ سات سال بڑے ہیں۔ داستان گو داستان سنا رہا ہے۔)
داستان گو : جب شہر کے دروازے پر آیا ایک نعرہ لگایا قفل کو تبر سے توڑا اور نگہبانوں کو ڈپٹ کر للکارا کہ اپنے خاوند کو جا کر کہو کہ بہزاد خان ملکہ مہر نگار اور شہزادہ کامگار کو جو تمہارا داماد ہے، ہانکے پکارے کے لئے جاتا ہے اگر مردمی کا کچھ نشہ ہے تو باہر نکلو اور ملکہ کو چھین لو۔ یہ نہ کہو کہ چپ چاپ لے گیا نہیں تو قلعے میں بیٹھے آرام کیا کرو۔
(چاوش اور چوب دار اور کچھ سپاہی آگے آگے دوڑے آتے ہیں۔ برقندازوں کے ہاتھوں میں مشعلیں ہیں ’’ہٹو بچو۔ دور باش فرنگی ریزیڈنٹ بہادر کی سواری آتی ہے۔ ‘‘ کئی آوازیں لگاتے ہیں۔ بگھی گزرنے کی آواز آتی ہے۔ داستان کا سلسلہ ٹوٹ جاتا ہے۔)
مجمع سے ایک مولانا: صاحبو ملاحظہ فرمایا آپ نے۔ فرنگی نے جو اشقلہ اٹھایا اور اقلیم میں جو غضب ڈھایا ہے آپ حضرات نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ دن رات نہ جانے کتنے ہندو مسلمان بے دین ہو رہے ہیں۔ مدرسے تباہ، خانقاہیں ویران، دہلی کالج میں علم دین کی جگہ گٹ پٹ سکھائی جا رہی ہے۔
بنسی دھر : (ایک تماشائی سے)مجھے نواب اسداللہ بیگ کا مکان پوچھنا ہے۔
ایک اور تماشائی: اماں یہ اسداللہ بیگ کون ہوئے۔
داستان گو : اماں وہی، مرزا الٰہی بخش معروف کے داماد اسداللہ خاں۔ گلی میں سیدھے جا کر الٹے ہاتھ کو مڑ جانا، وہیں سب پتہ و نشان معلوم ہو جائے گا۔ وہی تو ہیں جن کا ایک بھائی یوسف مرزا پاگل ہو گیا ہے۔ آگرے سے دہلی آئے ہیں۔
(دہلی کے لفظ پر مجمع سے اچانک یوسف مرزا اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔)
یوسف مرزا : دلی مر گئی، مر گئی دلی۔ اب صرف میرا بھائی اسداللہ دلی ہے۔ تم سب باطل ہو۔ کاغذی تصویر و زمانہ تم سب کو مٹا ڈالے۔ (بنسی دھر کو شاید پہچان کران کو کندھوں سے پکڑ لیتا ہے۔)تم کون ہو؟
بنسی : میرا نام بنسی دھر ہے۔
یوسف مرزا : پھر تمہاری بنسی کہاں ہے؟ برادرم، یہ دلی ہے۔ دلی جو ایک شہر تھا عالم میں انتخاب۔ یہاں دن رات کٹھ پتلی کا تماشہ ہوتا ہے۔ سب ناچتے ہیں۔ لال قلعہ بھی ناچتا ہے اس کے اندر بیٹھا ہوا عالم پناہ بھی ناچتا ہے فرنگی فرنگن بھی ناچتے ہیں۔ کون نچاتا ہے؟ خاموش یہ مت پوچھو۔ آؤ ہم تم بھی ناچیں۔
(اتنے میں چوبدار یوسف مرزا کو تلاش کرتے ہوئے نکل آتے ہیں۔)
چوبدار : چھوٹے مرزا، چھوٹے مرزا چلئے گھر چلئے۔
یوسف : ہمیں چھوڑ دو۔ ہم جا رہے ہیں۔
(چلے جاتے ہیں۔)
بنسی دھر : اسداللہ کہاں ہیں؟
چوبدار : لمبی کہانی ہے۔ سب بتاؤں گا۔ دوپہر رات گئی۔ انگریزی عملداری ہے دلی کی حالت خراب ہے، گھر چلئے۔
بنسی : میں اس طرح گھر نہیں جانے کا۔ مجھے بتاؤ اسداللہ کہاں ہے؟ کس حال میں ہے؟
چوبدار : کیا عرض کروں بندہ پرور، دلی اس خاندان کو راس نہ آئی۔ پورا خاندان تباہی میں آ گیا۔ سوچا تو یہ تھا کہ مرزا نوشہ رسالداری پائیں گے شادی کے بعد آل اولاد کا سکھ ملے گا تو باپ اور چچا کا غم بھی جی سے دھل جائے گا۔
بنسی : کیا ہوا جلد بیان کرو۔ مرزا نوشہ خیریت سے تو ہیں؟
چوبدار : پہلے سرکار فرنگی سے حکم ہوا دس ہزار سالانہ مرحوم رسالدار نصراللہ بیگ کے عزیزوں کو ملا کر لے۔ پھر حکم ہوا فقط پانچ ہزار سالانہ ملے اور اس میں سب وارث شریک ہوں۔ اتنا بڑا خاندان اور اتنی تھوڑی رقم کیسے پورا ہوتا۔ پھر ایک نہیں دو نہیں سات اولادیں ہوئیں مگر کوئی ڈیڑھ سال سے زیادہ نہ جیا۔ بہو بیگم کیا کیا تڑپی ہیں کہ دیکھا نہ جاتا تھا۔ پھر چھوٹے بھائی نواب یوسف مرزا کی شادی ہوئی مگر سکھ دیکھنا نصیب نہ ہوا۔ بچارے مصیبتیں جھیلتے جھیلتے پاگل ہو گئے۔
بنسی : اور مرزا نوشہ کیسے ہیں؟
چوبدار : نہ پوچھو سرکار۔ شاعری ہے اور وہ ہیں۔ مشاعرے پڑھتے ہیں۔ غزلیں کہتے ہیں۔ گلی گلی کوچے کوچے شاعر مشہور ہیں اور بس۔ اب کیا کہوں۔ آخر سرکار کا پرانا نمک خوار ہوں۔
بنسی : کہو۔ تمہیں قسم دیتا ہوں، مجھ سے کچھ نہ چھپانا۔
چوبدار : دکھ سہا نہیں گیا ان سے۔ بس اب شراب منہ کو لگی ہے اور سنتا ہوں کہ ایک ڈومنی بچی پر فریفتہ ہو گئے ہیں۔ اب دیکھو دوپہر رات گئی ابھی واپس گھر نہیں پہنچے ہیں۔
(اسی اثنا میں غالب ہوا دار میں سوار نشے کی حالت میں گنگناتے ہوئے گزرتے ہیں۔ کہاروں کے ہاتھ میں مشعلیں ہیں۔ غالب چوبدار کی آواز کو پہچان لیتے ہیں۔)
غالب : ہوادار یہیں رکھ دو۔ (چوبدار سے) اتنی رات گئے یہاں کیا کر رہے ہو۔
چوبدار : ناظر بنسی دھر بھیا اکبر آباد سے آئے ہیں۔
غالب : بنسی دھر تم ہو تو پھر آؤ میرے ساتھ ہوا دار میں بیٹھ جاؤ(کہاروں کو اشارہ کرتے ہیں۔ بنسی دھر بیٹھ جاتے ہیں)بنسی دھر دلی لٹ گئی۔ اب یہاں مرزا نوشہ کا کلام سمجھنے والا کوئی نہیں۔ بڑے بڑے سخن سنج طرہ و دستار والے کہتے ہیں مرزا نوشہ مہمل بکتا ہے کس کے دل میں اپنا دل ڈالوں کہ میری دھڑکنیں سمجھے۔ میرے لفظوں کی تہہ تک پہنچے۔ میرے خون جگر کی تراوش پاوے۔ چلو گھر چلیں۔ تم بھی ان باتوں کو نہیں سمجھو گے۔ میری جان انھیں سمجھنے کے لئے پتھر کا کلیجہ چاہئے۔ زندگی بڑی ظالم ہے دوست اور اس سے نکل بھاگنے کے لئے کوئی نہ کوئی پناہ، کوئی نہ کوئی چور دروازہ تو چاہئے:
کچھ تو دے اے فلک نا انصاف
آہ و فریاد کی فرصت ہی سہی
FLASH BACK – III
(نسوانی آواز ابھرتی ہے۔)
رہئے اب ایسی جگہ چل کر جہاں کوئی نہ ہو
ہم سخن کوئی نہ ہو اور ہم زباں کوئی نہ ہو
بے در و دیوار سا اک گھر بنایا چاہئے
کوئی ہم سایہ نہ ہو اور پاسباں کوئی نہ ہو
پڑئیے گر بیمار تو کوئی ہو تیمار دار
اور اگر مر جائیے تو نوحہ خواں کوئی نہ ہو
(نو وارد دروازہ کھٹکھٹاتا ہے۔ گانا بند ہو جاتا ہے۔ آداب تسلیم کے بعد نو وارد ایک دم ماں سے مخاطب ہو جاتا ہے اور لڑکی کو نظر انداز کر دیتا ہے۔)
نو وارد : میں کہتا ہوں اب انتہا ہو چکی۔ بات گھر سے نکلی کوٹھوں چڑھی۔ شہر میں بدنامی ہو رہی ہے۔ بچے بچے کی زبان پر تمہاری بیٹی اور مرزا نوشہ کے قصے ہیں۔ توبہ توبہ، اب میری بات مانو اس کے ہاتھ پیلے کر دو۔)
ماں : کیا کروں بیرن؟ کچھ بس نہیں چلتا، تم جانو پھوٹی آنکھ کا دیدہ ایک ہی تو بچی ہے، اس کا دل بھی نہیں توڑا جاتا۔ اتی بڑی ہو گئی ہیں، میں نے کبھی جواس کا جی میلا کیا ہو۔ اچھے سے اچھا کھلایا، اچھے سے اچھا پہنایا۔ کبھی اس کا کہا نہ ٹالا۔ اس بڑھاپے میں چونڈے میں کالک لگتی تھی۔
نو وارد : ہر گھر میں ایسے قصے ہو جاتے ہیں بہن مگر آخر بزرگ کس دن کے لئے ہوتے ہیں۔ بچی ناسمجھ ہے۔ جوانی دیوانی ہوتی ہے۔ ذرا خبر کرنا پڑے گا۔ سب ٹھیک ہو جائے گی۔
ماں : اور جو میری چاند سی بیٹی کو کچھ ہو گیا؟
نو وارد : بہن کیسی باتیں ارے شادی بیاہ کے بعد ارمانوں میں لگ جائے گی۔ یاد بھی نہیں رہے گا کہ تھے کوئی مرزا نوشہ بھی۔ اپنی آنکھوں کے سامنے ایسے ہزاروں نہیں تو سینکڑوں تماشے دیکھ لئے اور پھر ذرا دل میں سوچو ڈومنی ذات ہمیشہ سے عزت دار، غیرت والی مشہور ہے۔ ہم کوئی نیچ ذات ہیں کہ جس نے چاہا ہاتھ ڈال دیا۔ یہ قصہ ہو گیا تو ہمیشہ کے لئے ڈومنی ذات بھی کسی باجنے لگے گی۔
ماں : تم میری بٹیا کو نہیں جانتے۔ وہ بڑی ہٹیلی ہے وہ چاند کے لئے بھی مچلے گی تو اسے لے کر چھوڑے گی یا اپنا جی کھو دے گی۔
نو وارد : بالک ہٹ ہے مگر ہٹ کے آگے ہار گئیں تو سر پکڑ کر روؤ گی، بچی ہاتھ سے نکل جائے گی۔ ذرا سوچو مرزا نوشہ اچھے گھرانے کا نواب زادہ، جیب میں کوڑی نہیں، خرچ لمبا، بیوی ہے، گھربار ہے، شاعری سے تو پیٹ پلتا نہیں۔ اول تو وہ گھر ڈالے گا کیسے اور گھر ڈال بھی لے تو یہ ننھے والی بات نہیں۔ آخر اس کی بیوی بھی نواب الٰہی بخش کی بیٹی، نواب لوہارو کی بھتیجی ہے، ناک چنے چبوا دے گی۔
ماں : میری تو کچھ سمجھ میں نہیں آتا۔
نو وارد : میرا کہا مانو تو اس جوکھم سے نکلو گی(جیب سے سونے کی مہریں نکال کر رکھتا ہے)یہ دو توڑے سونے رکھ لو۔ بڑی قسمت والی ہے تمہاری بیٹی۔ کوتوال کی نظروں میں ایسی جچی ہے کہ نہ پوچھو، بولو منظور ہے؟ باقی میں نمٹ لوں گا۔ تم ایک ذرا حامی بھر لو اور پھر دیکھو چٹکی بجاتے ہی سب تصفیہ ہو جائے گا۔ شام ہوتے ہوتے منگنی کا جوڑا آ جائے گا۔
ماں : میں اتنی جلدی کیسے حامی بھروں۔
(لڑکی کی سب کچھ سن لیتی ہے، غصے میں بھری ہوئی جالی تک آئی ہے۔)
لڑکی : اماں! ان سے کہئے یہاں سے چلے جائیں۔
ماں : بیٹی! تیرے ماموں ہیں، ان کی اس طرح توہین نہیں کرتے۔
لڑکی : میں کوئی کارچوب کی گڑیا نہیں ہوں کہ دو توڑے سونے میں بک جاؤں گی۔ یہ کون ہیں میرا مول لگانے والے، مجھے نیلام پر چڑھانے والے۔
نو وارد : بیٹی! میری بات سنو۔ تمہاری بھلائی کے لئے کہتے ہیں۔
لڑکی : خبردار جو مجھے بیٹی کہا۔ میں آپ کے کوتوال صاحب کو تلووں سے مسل کر پھینک دوں ان سے کہہ دیجئے گا۔
نو وارد : میں کچھ نہیں کہوں گا۔ بڑھاپے نے کبھی جوانی سے قول نہیں ہارا۔ تم غصے میں ہو، جوش ٹھنڈا ہو جائے۔ ذرا معاملے پر غور کر لو، میں تھوڑی دیر بعد آؤں گا۔ سوچ لو، اچھی طرح سوچ لو۔
لڑکی : مجھے نہیں سوچنا۔ آپ کو تکلیف کرنے کی ضرورت نہیں۔
نو وارد : (ہنستا ہے) بچی نادان ہو۔ میں ان باتوں کا برا نہیں مانتا۔ سوچنے سے کبھی کسی کا کچھ نہیں بگڑا۔
(چلا جاتا ہے۔)
لڑکی : (جالی کے دوسری طرف آ کر) یہ آپ کیا کھچڑی پکایا کرتی ہیں اماں؟ ہر وقت شادی، ہر وقت منگنی بیاہ۔ آپ کے نزدیک دنیا میں اس کے سوا اور کچھ ہے ہی نہیں۔ آپ سمجھتی کیوں نہیں؟ آپ مجھے جان بوجھ کر کیوں تڑپاتی ہیں۔ (رونے لگتی ہے) جائیے میں آپ سے نہیں بولوں گی۔
ماں : (گلے لگا کر) بوڑھی ہو گئی ہوں سٹھیا گئی ہوں بھول جاتی ہوں، تو کچھ خیال مت کیا کرو۔
لڑکی : بہت بڑی بھول ہے اماں۔ تم نے سوچا یہ بات انھیں معلوم ہو گئی تو ان کا دل ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا شاعر کا دل ہے اماں۔ صدیوں میں ایسا انمول دل کسی کو ملتا ہے۔ دولت نہیں، حکومت نہیں، مشاعرے کی واہ واہ تک نہیں شیشے سے زیادہ نازک اور ہیرے سے زیادہ انمول دل کو تم چاہتی ہو کہ میں بھی ٹکڑے کر ڈالوں۔ یہ بہت بڑا پاپ ہے ماں۔
بنسی دھر : اس طرح بے اطلاع اندر چلا آیا، معاف کیجئے گا۔ مجھے دو باتیں کرنی ہیں میرا نام بنسی دھر ہے اکبر آباد سے آیا ہوں۔ مرزا نوشہ کا بچپن کا دوست ہوں۔
لڑکی : (بے قرار ہو کر جالی کی دوسری طرف آ جاتی ہے ماں اٹھ کر چلی جاتی ہے) فرمائیے، کیا مرزا صاحب نے کوئی پیغام بھیجا ہے؟ کیا کہا ہے انھوں نے؟ کیسے ہیں وہ؟ خود ہی کیوں نہ چلے آئے۔
بنسی : آتے ہوں گے۔
لڑکی : تشریف رکھئے۔
بنسی : بہن! مرزا کے بچپن کے دوست ہوں۔ ساتھ شطرنج کھیلنے میں راتیں سیاہ کی ہیں، باہم قصے کہانیاں کہی سنی ہیں۔ پتنگیں لڑائیں اور بازیاں ہاری جیتی ہیں۔ اس خاندان کو اپنی نظروں کے سامنے پامال ہوتے دیکھا ہے اکبر آباد میں آج بھی عبد اللہ بیگ خاں اور مرزا کے چچا نصر اللہ بیگ خاں اور مرزا کے نانا غلام حسین خاں کا نام باجتا ہے۔ کوئی رسالدار، کوئی میدان میں نے اس خاندان کا وقار اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے ان کی آن بان کا سورج میرے سامنے ڈوبا ہے۔
لڑکی : میں کچھ سمجھی نہیں۔
بنسی : آپ کو ایک نظر دیکھا تو مرزا کے حسن نظر کی داد دی۔ بخدا خالق نے اپنے ہاتھ سے نور کے پتلے میں جان ڈال دی ہے اور جادو بھری آواز بخشی ہے پھر مرزا نوشہ نے جان نچھاور کر دی تو کیا تعجب۔ اس کی جگہ کوئی اور ہوتا تو کئی جانیں نچھاور کر ڈالتا۔ مجھے یہ بھی بھروسہ ہے کہ اس نورانی پیکر میں ایسا ہی نازک، لطیف اور ہمدرد دل بھی ہے جو دوسروں کے درد سے تڑپ اٹھتا ہو گا۔
لڑکی : میں کچھ نہیں سمجھی۔ آپ کہنا کیا چاہتے ہیں؟
بنسی : میں نہیں مانتا۔ مرزا نوشہ کے شعر سمجھنے والی اتنی سیدھی سی بات نہ سمجھے میں نہ مانوں گا۔
لڑکی : خدارا پہیلیاں نہ پوچھئے۔
بنسی : لے دے کے اس گھرانے کے پاس تھوڑی سی آن بان بچی ہے آپ چاہیں تو یہ آن بان قائم رہ جائے۔
لڑکی : میں چاہوں؟ میرے چاہنے سے کیا ہوتا ہے بھائی صاحب۔ دنیا میری مرضی پر چلتی تو مرزا صاحب کا نام آفتاب و ماہتاب کی طرح رات دن عالم پر چمکتا۔ انھیں اپنے کلام کی داد ملتی، ان کی صداؤں پر لوگ سر دھنتے میرے بس میں تو کچھ بھی نہیں۔
بنسی : میں آپ ہی سے کچھ مانگنے آیا ہوں۔ آپ اس گھرانے کی آبرو بچا سکتی ہیں آپ نے مرزا نوشہ کو دیکھا مگر اس گھرکی خوشی، اس خاندان کی آبرو مندی، اس کے گھربار کی ذمہ داریوں کا خیال نہیں کیا۔ مرزا نوشہ نے اپنا سب کچھ آپ پر وار دیا مگر آپ نے کبھی یہ بھی سوچا ہے کہ کوئی اور عورت آپ ہی کی طرح نازک، آپ ہی کی طرح دردمند عورت اپنا سب کچھ مرزا پر وار چکی ہے اور اسے وہ پیار بھی نہیں ملا جو خوش قسمتی سے آپ کومل گیا۔
لڑکی : میں بھی انسان ہوں، میرے سینے میں بھی دل ہے، پتھر نہیں ہے بھائی صاحب۔ مجھے بھی جینے کا حق ہے۔
بنسی : میں نے سنا تھا محبت قربانی دیتی ہے قربانی لیتی نہیں۔
لڑکی : (غصے سے) آپ نے غلط سنا تھا، بالکل غلط سنا تھا آپ نے۔ عورت بھی انسان ہوتی ہے ہم گانے والیاں بھی انسان کا دل رکھتی ہیں۔
بنسی : آپ ٹھیک فرماتی ہیں مگر بڑی بیگم بھی عورت ہیں اور ان کا دل بھی انسان کا دل ہے۔
لڑکی : میں کچھ نہیں جانتی۔ میں نے صرف اتنا سوچا تھا کہ درد سے چور شاعر کے دل کو اپنے پیار سے بھر دوں۔ پھر دل سوچا سمجھا کہاں مانتا ہے اس کی تو اپنی ڈگر ہے اپنی راہ ہے۔ پھر میں اسے سمجھانے والی کون؟ یہ سب مقدر کا پھیر ہے بھلا کبھی خواب میں بھی سوچا تھا کہ جس شاعر کے کلام کو اس طرح جی جان سے گاتی رہی ہوں کبھی اسے دیکھ بھی پاؤں گی، کبھی اس سے بات بھی کرپاؤں گی۔ ہائے کیسے اچنبھے کی بات ہے۔
بنسی : ذرا سوچئے، ایک گھر تباہ ہو جائے گا۔ آپ پسند کریں گی یہ تباہی آپ کے نام لکھی جائے۔ ایک نامور گھرانا تاراج ہو جائے اور اس تباہی کی لپٹوں میں ایک عورت کا دل، اس کا سہاگ ہی نہیں اجڑے گا بلکہ ایک ہونہار شاعر کا مستقبل بھی جل جائے گا۔
لڑکی : یہ سب مجھ سے کیوں کہتے ہیں آپ اپنے دوست کو سمجھائیے۔
بنسی : وہ نہیں سمجھے گا اسی لئے تو آپ کو زحمت دینے حاضر ہوا ہوں، ذرا سوچئے پورے خاندان کا دار و مدار مرزا نوشہ پر ہے۔ وہ جوانی دیوانی کے نذر ہو گئے تو یہ با عزت خاندان بھیک مانگے گا۔ سرکار انگریزی میں پینشن کے کاغذات پیش ہیں وہاں اس قصبے کی سن گن پہنچی تو کیا ہو گا سرکار بھی یہی سوچے گی کہ نصراللہ بیگ کی پنشن الللے تللوں میں اڑائی جاتی ہے اب میں اس میں اضافہ بے محل ہے جسے آپ حافظ و خیام کے مرثیے پر دیکھنا چاہتی ہیں۔ وہ ایک انسان بھی توہے ایک مفلوک الحال امیرزادہ بھی توہے۔ میں آپ سے اس کے وقار، اس کی زندگی کی بھیک مانگتا ہوں۔
(دامن پھیلا دیتا ہے۔ تھوڑی دیر خاموشی رہتی ہے لڑکی چلی جاتی ہے اسٹیج پر ذرا دیر تاریکی۔ جب دوبارہ روشنی ہوتی ہے تو بنسی دھر جا چکے ہیں اور لڑکی ستار لئے خاموش سوچ میں گم سم بیٹھی ہے۔)
(بہت دیر تک خاموش بیٹھی کچھ سوچ رہی ہے اسی عالم میں ماں پکارتی ہے تو چونک پڑتی ہے۔)
ماں : بیٹی! اب ستار رکھ دو چلو کھانا کھا لیں۔ دیر ہو رہی ہے۔
لڑکی : (ایک دم چونک کر) اماں۔
ماں : ہاں بیٹی! ڈر گئی۔
لڑکی : اماں میں نے شادی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ماں : بیٹی!!
(خوشی سے)
لڑکی : ماموں ٹھیک کہتے ہیں۔ انھیں بلاؤ ان سے کہو کہ منگنی کا جوڑا لائیں میں اس جوڑے میں کیسی لگوں گی۔ اماں تم نے میری شادی کے جوڑے تو سیئے ہیں میری بات مانوں گی؟
ماں : کہو بیٹی۔
لڑکی : مجھے دلہن بنا دو۔ مجھے شادی کا جوڑا پہناؤ، میرے ہاتھ چوڑیوں سے بھر دو، میری مانگ میں افشاں چن دو، آج سے میں نئی زندگی شروع کروں گی۔ چلو اماں چلو۔
(ماں کو گھسیٹتی ہوئی لے جاتی ہے۔)
ماں : پاگل ہوئی ہے۔ ذرا دم لے۔
لڑکی : میری اچھی اماں اب دیر نہ کر۔ میری اچھی اماں۔
(دونوں چلی جاتی ہے۔)
ماں : ارے دوڑو۔۔۔ لوگو میں لٹ گئی۔ ارے لوگو میری بچی۔۔۔ ارے کوئی آؤ دیکھو میری چاند سی بٹیا کو کیا ہوا۔ ارے لوگو! میں لٹ گئی۔۔۔ ارے لوگو میں لٹ گئی۔ میں کیا جانتی تھی کہ میری بچی اس لئے دلہن بن رہی ہے۔ میں رنڈیا باتوں میں آ گئی۔۔۔ ہائے میں کیا کروں، کہاں جاؤں۔ ہیرے کی انگوٹھی میں زہر چھپا رکھا تھا۔ زہر کھا لیا میری بلو نے۔۔۔ ہائے، تیرے وارے جاؤں میری لاڈلی۔ تیرے بدلے مجھے کیوں نہ موت آئی۔
غالب : تم امیر زادے تھے۔ عورت کی محبت کو بھی کھیل جانتے تھے۔
مرزا : نہیں، تم محض شاعر تھے اور شعر میں گرمی اور سوز پیدا کرنے کے لئے تم نے ایک عورت کی جان لے لی۔
غالب : یہ غلط ہے۔
مرزا : یہ بالکل صحیح ہے۔
خواہش کو احمقوں نے پرستش دیا قرار
کیا پوجتا ہوں اس بت بیداد گر کو میں
غالب : چلو، اس بہانے تمہیں شعر تو یاد آنے لگے۔
مرزا : تمہارے شعروں میں کیا؟ میری زندگی ہی تو ہے۔ مجھے یاد نہ ہوں گے تو کسے یاد ہوں گے۔
غالب : تو سنو، تم نے اس عورت کو چاہا امیر زادے کے دل سے۔ تم نے اسے داشتہ کی نظر سے دیکھا یا نہیں یہ میں نہیں جانتا مگر تم جیسے امیر زادے فقط آج کے نہیں بلکہ ابھی کے لمحے میں زندہ رہتے ہیں۔ زخم نہیں کھاتے فقط پھول چنتے ہیں۔
مرزا : اور آپ؟
(انتہائی طنز سے۔)
غالب : شاعر کے دل نے اس سے درد کی دوا پائی، درد لا دوا پایا۔ میں نے اسے چاہا اور اس میں زندگی کا ایک نیا روپ دیکھا۔ میں نے اسے نہ چاہا ہوتا اس کا سہارا نہ ڈھونڈا ہوتا تو میں پاگل ہو جاتا۔
مرزا : معلوم ہے ان دنوں سخت پریشانی تھی۔ پنشن تھوڑی رہ گئی تھی۔ ایک دو نہیں سات بچے پے درپے مر چکے تھے۔ چھوٹے بھائی یوسف پاگل ہو چکے تھے اور ان کے گھربار کا بوجھ بھی میرے سر تھا۔
غالب : اس وقت اس لڑکی نے مجھے سہارا دیا میری غزلوں کو گنگنایا اور میرے شاعرانہ وجود کو ہلا ڈالا۔
مرزا : اسی زمانے سے شراب منہ کو لگی اور انہی دنوں جوئے کی عادت ہوئی۔
(لڑکی کی قریب آ جاتی ہے اور ان دونوں کو الزام دینے کی نظر سے دیکھتی ہے جیسے گریبان پکڑنا چاہتی ہو۔)
لڑکی : تم دونوں میں سے مرزا نوشہ کون ہے؟
غالب :
پوچھتے ہیں وہ کہ غالب کون ہے
کوئی بتلاؤ کہ ہم بتلائیں کیا
مرزا : اچھا ہوا تم خود آ گئیں، ہم تمہارے پاس آ رہے تھے۔
لڑکی : کیوں؟
مرزا : کچھ پوچھنا تھا۔
لڑکی :۔۔۔ آپ دونوں میں سے مرزا نوشہ کون ہیں؟
مرزا : جی فرمائیے مجھے مرزا نوشہ کہتے ہیں۔
غالب : تم غلط آدمی کو پوچھ رہی ہو، شاید تم غالب سے ملنا چاہتی ہو۔ شاعر غالب جس کی غزلیں تم نے گنگنائیں۔ جس کی زندگی میں تم نے تھوڑی دیر کے لئے سکون کی چاندنی فراہم کر دی۔
لڑکی : بولو۔ میرے قتل کا ذمہ دار کون ہے۔ میرا خون کس کی گردن پر ہے؟
غالب : شاید وہ شاعر جس کا قتل زمانے کی گردن پر ہے۔
لڑکی : میں کہتی ہوں تم دونوں میرے قاتل ہو۔۔۔ میرے قاتل! ایک نے میری آواز کا سودا کیا دوسرے نے میری خوب صورتی کا اور تم سے کسی نے بھی اس عورت کو نہیں دیکھا جو قربانی دے کر صرف محبت کی طلب گار تھی۔ میں کہتی ہوں تم نے مجھے کیا دیا؟
غالب : محبت سودا نہیں۔
لڑکی : تمہارے لئے سودا ہی تو تھی۔ شاعر، تم کو پناہ چاہئے تھی۔ کٹھور زندگی سے اپنے خیالوں میں پناہ چاہئے تھی وہ تم نے ڈھونڈ نکالی اور تم یہ نہ دیکھ پائے کہ میرے سینے میں بھی دل تھا، میں بھی آرزوؤں کی جھولی پھیلائے کھڑی تھی۔ مگر تم کو میری نہیں اپنے تصور کی ضرورت تھی اور اپنے تصور کی چاہت میں تم نے مجھے روند ڈالا۔
غالب : یہ جھوٹ ہے۔
لڑکی : شاعروں کو اکثر جھوٹ سے پیار ہوتا ہے مگر عورت ایسی سچائی ہے جسے شاعروں نے اپنی شاعری کے ذریعے جھوٹ بنا دیا ہے۔ میں بھی عورت ہوں۔ میں آج تم سے انصاف مانگنے آئی ہوں۔
غالب : انصاف اور مجھ سے؟ جو زندگی بھر بے انصافی کا شکار رہا۔
لڑکی : ہاں تم سے، میرے شاعر۔ آج جب دنیا تمہاری شہرت سے گونج رہی ہے۔ کیا کوئی ایک لمحے کے لئے بھی مجھے یاد کرتا ہے، جس کی پوری ہستی ایک کسک بن کر تمہاری شاعری کو جاوداں بنا گئی۔۔۔ بتاؤ میری فریاد کون سنے گا؟
مرزا : تم دونوں مجھے الزام دو۔ سب مجھے الزام دیتے ہیں۔ تم میں سے کوئی مجھے نہیں جانتا۔ دس بارہ سال کی عمر میں ایک امیرزادہ دہلی آیا اور اس کے اوپر آسمان ٹوٹ پڑا۔ ایک دم پورے خاندان کا بوجھ سرپر، پھر ایک نہیں دو نہیں سات بچوں کا انتقال، چھوٹے بھائی پران حالات نے وہ ستم توڑا کہ پاگل ہو گیا۔ میں بھی خوان اور خوبصورت آدمی تھا۔ اگر شاعری، عشق و قمار بازی میں پناہ ڈھونڈی تو کیا گناہ ہو گیا اور اسی بے قراری میں تمہارا دامن پکڑا اور نتیجہ رسوائی، بے عزتی اور بے اندازہ غم۔
لڑکی : میں جانتی تھی۔
غالب : تم شرم اور رسوائی سے خاک میں جا چھپیں، جس کا آسرا میں نے ڈھونڈا وہ موت کے پردے میں چھپ گیا۔ تم نے موت کی پناہ ڈھونڈ لی، مجھے یہ پناہ بھی نہ ملی۔ تم میری شاعری میں درد بن کر زندہ رہیں اور اس درد کو مجھ سے کوئی نہ چھین سکا۔
لڑکی : میں نے بھی کبھی کبھی یہی سوچا ہے کہ میں شاعری کا ایک تصور تھی۔ محض ایک تصور جس سے تم نے پیار کیا وہ تمہارا تصور، تمہارا تخیل، تمہاری اپنی تصویر تھی اسی لئے تم نے مجھے کوئی نام دیا اور وہ درد شاعری بن کر بکھر گیا۔ یاد رکھنا میں حشر میں دامن گیر ہوں گی۔ میرا خون فریادی ہو گا اور یہ فریاد زمین و آسمان کو نہیں عرش معلیٰ کو ہلا ڈالے گی۔ انصاف کی پکار تمہاری شہرت کے سارے فانوس گل کر دے گی۔
(ایک لمحے کے لئے اسٹیج کی ساری روشنیاں گل ہو جاتی ہیں۔)
مرزا : سنا تم نے؟
غالب : سن تومیں نے بھی لیا، لیکن وہ یہ سب کچھ تم سے کہہ رہی تھی۔
مرزا : میں اس کا قاتل نہیں ہوں۔
غالب : ہاں، تم صرف اسی کے نہیں ہم دونوں کے قاتل ہو۔ امیر زادے کے ہاتھوں وہ نازک سی لڑکی بھی قتل ہوئی اور شاعر غالب بھی۔
مرزا : اپنے سارے الزام میرے سر منڈھ دو۔
غالب : تم کس کس سے انکار کرو گے۔ تمہیں وہ دن یاد ہے جب شاعر نے مالی مشکلات کا حل نکال لیا تھا اور تم نے مجھے روک دیا۔
مرزا : میں نے روک دیا!
غالب : ہاں، امیر زادے۔ تمہیں نے مجھے روکا تھا!
(۴)
(پردہ اٹھتا ہے غالب دیوان خانے میں مسہری پر نیم دراز ہیں جیسے غم و اندوہ سے بے حال ہو گئے ہیں اچانک یوسف مرزا سرہانے جا پہنچتے ہیں۔)
یوسف مرزا : جہان آباد کا شاعر اعظم اسد اللہ غالب۔ سرکاری بولی باسٹھ روپئے، ہے کوئی لینے والا۔ باسٹھ روپئے ایک، باسٹھ روپئے دو۔۔۔
غالب : (چونک کر) یوسف مرزا، تم کب آئے، آؤ بیٹھو۔
یوسف مرزا : بہت تکلیف ہے کیا؟
غالب : تکلیف! کیسی تکلیف؟
یوسف مرزا : ہم سب جانتے ہیں۔ جو جانتے ہیں وہ بولتے نہیں، جو بولتے ہیں وہ جانتے نہیں۔
(پس منظر سے ایک فقیر کی آواز ابھرتی ہے آہستہ آہستہ یہ فقیر کھڑکی کے پاس آ جاتا ہے۔ ہاتھ پھیلاتا ہے مرزا خالی صندوقچے سے دوچار پیسے نکال کراس کی ہتھیلی پر رکھ دیتے ہیں۔ فقیر یہ غزل گا رہا ہے:)
دل ہی تو ہے نہ سنگ و خشت درد سے بھر نہ آئے کیوں
روئیں گے ہم ہزار بار، کوئی ہمیں سنائے کیوں
دیر نہیں، حرم نہیں، در نہیں، آستاں نہیں
بیٹھے ہیں رہ گزر پہ ہم غیر ہمیں اٹھائے کیوں
قید حیات و بند غم اصل میں دونوں ایک ہیں
موت سے پہلے آدمی غم سے نجات پائے کیوں
(مرزا فقیر کے ہاتھ پر پیسے رکھ دیتے ہیں۔)
فقیر : (دعا دیتے ہوئے)بابا۔ اقبال بلند، دولت زیادہ!!
(مرزا کھڑکی بند کر دیتے ہیں۔ یوسف مرزا جو ابھی تک پھٹی پھٹی آنکھوں سے یہ منظر دیکھ رہے تھے اچانک قہقہہ مارکر ہنس پڑتے ہیں اور طنز سے دہراتے ہیں اور باہر نکل جاتے ہیں۔)
یوسف مرزا : اقبال بلند، دولت زیادہ!! اقبال بلند، دولت زیادہ!!
غالب : (خود کلامی)اقبال بلند، دولت زیادہ، خوب!! اقبال اتنا بلند کہ بھکاری غزلیں گائیں اور عالم، فاضل، امیر، بادشاہ ہمت افزائی سے باز رہیں۔ رہی دولت تو اس کا یہ حال کہ ساری دنیا کا قرضدار متھرا داس درباری مل، خوب چند جین، سب تمسک مہری لے کر چاٹیں۔ ایک دن قرض خواہوں کا ہاتھ ہے اور یہ گردن۔ انجام موت ہے یا بھیک مانگنا کسی دکان سے دھتکارے گئے۔ کسی دروازے سے کوڑی پیسہ مل گیا۔ (اچانک نظر بیگم پر پڑتی ہے جو دیوان خانے میں آ گئی ہیں) بیگم، تم! دیوان خانے میں!!
بیگم : آپ کو محل سرا میں آنے کی فرصت کہاں! مجھی کو آنا پڑا۔
غالب : کہو۔
بیگم : کیا کہوں؟
غالب : کہو گھر میں خرچ کی تکلیف ہے۔
بیگم : ہاں۔
غالب : کہو کہ قرض خواہوں کے تقاضوں سے تنگ آ گئی ہوں کہ پنشن کے باسٹھ روپیوں میں مہینے کا خرچ پورا نہیں ہوتا۔ اس طرح کب تک کام چلے گا گھرکا۔
بیگم : پھر اس کا کچھ انتظام؟
غالب : مجبوری۔
بیگم : تو پھر اس امیر الامرائی کو سلام کیجئے، آن بان ختم کیجئے، محنت مزدوری ہی سہی گزر بسر تو ہو۔
غالب : اسی لئے پنشن کی وا گزاری کے لئے کلکتے کا سفر کیا۔ کمپنی کو درخواست دی، سرکار دربار میں صدا لگائی مگر نتیجہ کچھ نہیں۔
بیگم : آخر کام کیسے چلے گا؟ قرضہ دار سود جدا، چوبدار، نوکرانی، یوسف مرزا کی دوا دارو، کھانا پینا، مکان کا کرایہ۔ یہ سب کہاں سے آئے گا۔
غالب : کہاں سے گنجائش نکالوں۔ سنو صبح کی تبرید موقوف، رات کی شراب گلاب موقوف، چاشت کا گوشت آدھا۔
بیگم : اس طرح پیٹ کاٹ کر کیا ملے گا؟
غالب : جو ملے غنیمت ہے۔
بیگم : خدا جانے میرے نصیبوں کا سکھ چین کہاں چلا گیا۔ گھر میں نہ اچھا پہننے کو نہ اچھا کھانے کو۔ نہ اولاد کا سکھ نہ دل کا چین۔
غالب : کوئی تدبیر بن نہیں پڑتی۔ میں نے خود کو اپنا غیر تصور کر لیا ہے جو دکھ مجھے پہنچتا ہے کہتا ہوں لو غالب کے ایک جوتی اور لگی۔ بہت اتراتا تھا کہ میں بڑا شاعر اور فارسی داں ہوں۔ آج دور تک میرا جواب نہیں۔ لے اب قرض داروں کو جواب دے۔ ایک قرض خواہ کا گریبان ہاتھ میں ایک بھوک سنا رہا ہے میں اس سے پوچھ رہا ہوں اجی حضرت نواب صاحب آپ سلجوقی اور افراسیابی ہیں یہ کیا بے حرمتی ہو رہی ہے کچھ تو اکسو کچھ تو بولو۔
بیگم : تم اپنے کو غیر تصور کر لو میں تم کو غیر تصور نہیں کر سکتی۔
غالب : میں تمہارا مطلب نہیں سمجھا۔
بیگم : کوئی مطلب نہیں ہے۔ کبھی تم نے یہ بھی سوچا ہے کہ تمہاری زندگی میں میں بھی شریک ہوں۔
غالب : کیا کہہ رہی ہو بیگم؟
بیگم : میں بھی انسان ہوں، تمہارے دکھ سکھ کی ساتھی ہوں۔ کیا میرا صرف اتنا ہی حق ہے کہ تم سے روٹی روزی، نان نفقہ چاہوں اور بس اس کے سوا میرا کوئی حق نہیں؟
غالب ۔: کون ساحق چاہتی ہو تم؟
بیگم : تمہیں کیا بتاؤں۔ کبھی تم نے یہ بھی سوچا ہے کہ تمہاری شاعری میں کوئی ایک شعر ایسا بھی ہے جو میرے لئے کہا گیا ہو۔ اصلی اور فرضی محبوباؤں کے ذکر ہیں، ہجر اور فراق کے چرچے ہیں۔ میں پوچھتی ہوں کہ وہ عورت ان شعروں میں کہاں ہے جس نے ہر دکھ سکھ میں تمہارا ساتھ دیا اور کچھ نہیں مانگا۔ کیا اس کا تمہاری شاعری پر کچھ حق نہیں ہے۔
غالب : یہ اشعار کس کام کے؟ یہ شہرت کس گون کی۔ عاشقوں میں کوئی مجنوں اور فرہاد کی سی شہرت پالے تو کیا۔ شاعروں میں کوئی حافظ اور خیام سے زیادہ مشہور ہو جائے تو کیا۔ آخر کو تو مسئلہ وہی دو سانس چین سے گزار لینے کا ہے۔
یوسف مرزا : (ایک دم داخل ہوتے ہیں۔ دیوانہ وار قہقہہ) جمشید کی میراث جمشید کی اولاد کو۔ آدم کی میراث رسوائی، اندوہ اور بہشت اور گناہ۔ ہم سب نیلام پر چڑھاتے ہیں اور گیہوں کا ایک دانا چاہتے ہیں۔ کوئی ہے جو اس ایک دانے کا سودا کر لے؟
غالب : یوسف مرزا خدا کے لئے خاموش ہو جاؤ۔
یوسف مرزا : (بہت آہستہ سے)میں خاموش ہوں۔ لو میں خاموش ہو جاتا ہوں۔ اب چراغوں کا خدا حافظ۔
(چلے جاتے ہیں۔)
غالب : گھبراؤ نہیں بیگم! جلد کوئی صورت نکلے گی۔ کوئی صورت نکالنی پڑے گی۔
کاظم علی : قبلہ حاضر ہو سکتا ہوں؟ (آواز سن کر بیگم اندر محل سرا کی طرف جاتی ہیں انتظام الدولہ کا داخلہ۔)غلام کاظم علی کورنش بجا لاتا ہے، مرزا صاحب۔ نصیب دشمنان مزاج تو بخیر ہے کہ حضور نیم دراز ہیں۔
غالب : آؤ کاظم علی، کیسے آنا ہوا؟
کاظم : غلام کا کیا آنا جانا۔ حضور کو سلام کرنے کبھی کبھار چلا آتا ہوں اور جائیں بھی کہاں۔ اب تو دہلی وہ اندھیر نگری ہے کہ خدا کی پناہ۔ اپنی قسم کھا کر عرض کرتا ہوں مرزا صاحب کہ قدم قدم پر تو جاسوس ہیں۔ فرنگیوں کے جاسوس، مرہٹوں کے جاسوس، روہیلوں کے جاسوس اور خدا معلوم کہاں کہاں کے کس کس کے جاسوس۔ پھر وہابیوں نے غدر مچا رکھا ہے۔ ذرا ملاحظہ فرمائیے حکیم مومن خاں جیسا رند با صفا جہاد کی باتیں کرنے لگا۔ اب آپ سے بھی کیا چوری ہے مرزا صاحب قبلہ، میں نے تو یہاں تک سنا ہے کہ وہابیوں سے فرنگی حکومت تک پریشان ہے۔ خفیہ خفیہ کمپنی بہادر کو پرچہ لگا ہے کہ یہ لوگ انگریزوں کے خلاف جہاد بولنے والے ہیں۔ حکم ہوا ہے کہ ان کی نگرانی رکھی جائے۔
غالب : باتیں کرتے کرتے کبھی دم بھی لے لیا کرو۔
کاظم : آپ تو ناچیز کو شرمندہ کرتے ہیں مرزا صاحب۔
غالب : اپنی کہو، کیسی گزر رہی ہے؟
کاظم : کچھ نہ پوچھئے مرزا صاحب قبلہ، حال پتلا ہے۔ ہمارا دھندا تو آپ جانتے ہیں امیر زادوں کے ساتھ بندھا ہوا اترا ہے۔ کچھ سیر و تفریح، کچھ عیش و نشاط کا چرچا ہو تو بندۂ درگاہ کے ہاتھ بھی کچھ لگ جاتا ہے۔ ادھر اس کم بخت کوتوال شہر نے وہ ناک میں دم کر رکھا ہے کہ توبہ بھلی۔ دہلی کے شریفوں کودو چار پانسے پھینکنے اور دوچار بازیاں تک لگانا محال ہو گیا ہے پھر اپنی پتی کہاں؟
غالب : تمہیں بھلا اس کاروبار میں کیا مل جاتا ہے؟
کاظم : ہم بھی پچھ لگوؤں میں ہیں حضور والا۔ مگر اصل حصہ تو اس کا ہے جس کے گھر پر جمے اس کی چاندی ہے۔ آپ کا محلہ ماشاء اللہ کوتوال کی نظروں سے بچا ہوا ہے اگر یہاں کوئی ٹھکانہ مل جائے تو بگڑی بن جائے۔
غالب : (ڈر کر) کیسی باتیں کرتے ہو کاظم علی۔
کاظم : ڈرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔ آخر اپنی عمر بھی اسی کاروبار میں گزری ہے اگر کسی کو کانوں کان خبر ہو جائے تو قبلہ کاظم علی انتظام الدولہ کا سر قلم کرا دیجئے گا۔ بس ایک بار ہاں، کر دیجئے۔ سب انتظامات چٹکی بجاتے میں مکمل کرا دوں گا۔ سچ پوچھئے تو مرزا صاحب، اب دھندا ہی کونسا رہ گیا ہے۔ دربار سے خلعت اور منصب بند ہیں جاگیریں ختم ہو چکیں، نوکری ملتی نہیں۔ اب آخر گزارا چلے تو کیسے چلے۔ آپ ذرا اشارہ کیجئے واللہ سارے قرضے ایک ہی مرتبہ ادا ہو جائیں گے، پھر آپ دوسروں کے قصیدے نہیں لکھیں گے دوسرے آپ کے قصیدے پڑھتے پھریں گے۔
غالب : انتظام الدولہ!!
کاظم : بس میری خاطر، ایک بار!
غالب : نہیں۔۔۔ اب تم جاؤ، مجھے بھی ایک جگہ جانا ہے۔
کاظم : بہت بہتر، حضور۔ بندہ پھر حاضر ہو گا۔ آداب بجا لاتا ہوں۔
غالب : (چوبدار کو آواز دیتے ہیں)ارے کوئی ہے، ہوا دار تیار کراؤ۔
چوبدار : کہاں جانا ہے؟
غالب : دلی کالج۔
(۵)
مرزا : (قہقہہ لگاتا ہے۔)
غالب : ہنستے ہو۔
مرزا : آگے کی داستان مجھے معلوم ہے۔
غالب : کیا جانتے ہو تم؟
مرزا : یہی کہ تم ہوا دار میں سوار ہو کر دلی کالج پہنچے۔ تمہیں نوکری کا پروانہ مل چکا تھا۔ دلی کالج میں فارسی پڑھانے کی خدمت تمہارے سپرد ہو چکی تھی۔ تم نوکری کرنے گئے تھے اور اس امید پر ہوادار میں بیٹھے رہے کہ کالج کا سربراہ تمہارے استقبال کو آئے گا۔ تمہارے استقبال کو کوئی نہیں آیا اور تم واپس چلے آئے۔
(ہنستا ہے۔)
غالب : جانتے ہو کیوں؟
مرزا : تم نے یہی کہا تھا کہ نا کہ ’’نوکری اس لئے کرنا چاہی تھی کہ عزت بڑھے۔ اس لئے نہیں کہ عزت اور کم ہو جائے۔ ‘‘
غالب : جانتے ہو یہ لفظ کس کے ہیں؟
مرزا : کہو۔
غالب : یہ لفظ تمہارے تھے۔ شاعر قصیدے لکھ کر پیٹ پال سکتا ہے۔ بہت آگے بڑھے تو مدرسی کر کے پڑھا لکھا کر جی سکتا ہے میں نے نوکری کرنی چاہی اور امیر زادے نے میرے پاؤں میں بیڑیاں ڈال دیں۔ تم نے مجھے عزت کا واسطہ دیا جھوٹی عزت کا واسطہ، تم نے خاندانی شان کی قسمیں دلائیں۔ جھوٹی شان کی جھوٹی قسمیں۔ امیر زادے تم نے مجھے دلی کالج کے دروازے سے واپس لوٹا دیا۔
مرزا : میں نے روکا تھا تمہیں۔ تم نے دلی کالج کے سربراہ انگریز کی شان میں زوردار قصیدہ پڑھا ہوتا۔
غالب : تم میرے ہمزاد تھے میری ذات کا حصہ تھا تمہیں کس طرح اپنے وجود سے کاٹ پھینکتا۔ تم نے میرے دل پروہ گھونسا مارا کہ میں جھوٹی عزت کی خاطر دلی کالج کی نوکری کا خیال چھوڑ کر گھر لوٹ آیا۔ پھر وہی کنج قفس۔
(۶)
غالب : (چغہ اتار کر چوبدار کو دیتے ہیں۔ نظر انتظام الدولہ کاظم علی پر پڑتی ہے۔)
کاظم : قبلہ، آداب بجا لاتا ہوں۔ کب سے آپ کے انتظار میں بیٹھا ہوں؟
غالب : کیوں؟ میں نے تم سے انتظار کرنے کوکب کہا تھا؟
کاظم : آپ نے تو نہیں فرمایا تھا مگر میرا دل کہتا تھا کہ مجھے انتظار کرنا چاہئے۔
غالب : کیا کہنا چاہتے ہو؟
کاظم : وہی پرانی بات ہے قبلہ، اپنا نہیں تو میرا خیال کیجئے آخر ایک مدت سے آپ کا نیاز مند ہوں۔ ایک بار ’ہاں ‘ کر دیجئے۔ وارا نیارا ہو جائے گا۔ کوتوال شہر کی کیا مجال ہے کہ آپ کی حویلی کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھ لے۔ اس کے فرشتوں کو خبر تک نہ ہو گی۔
غالب : میں مجبور ہوں کاظم علی۔ مجھے منظور ہے۔
کاظم : (خوشی سے اچھل پڑتا ہے۔) مبارک ہو۔ مرزا صاحب، بس اب آپ کے سارے قرضے بے باق ہو جائیں گے۔ بس اب تو چاندی ہے چاندی۔ آج شام تک پانسہ پلٹ جائے گا۔
شرابی : اپنا میر کاظم علی بھی خدا کی قسم۔ برق ہے۔ کیا جگہ ڈھونڈ نکالی ہے۔ کوتوال شہر کے خواب و خیال میں بھی نہیں گزر سکتی۔
دوسرا جواری : بس اب بات چیت موقوف، نقدی نکالو اور بازی سنبھالو۔
تیسرا جواری : نال کی رقم مرزا صاحب کی۔
کاظم علی : مرزا صاحب قبلہ، گستاخی معاف۔ سنتا ہوں آپ بھی بے نظیر کھیلتے ہیں اجازت ہو تو دو بازیاں ذرا بد کے ہو جائیں۔
غالب : اچھا، یوں ہی سہی۔
دوسرا جواری : اچھا تو بازی شروع، نقدی نکالو یارو نقدی!
شرابی : نقدی، یہ لو نقدی، ہر جگہ نقدی کی پکا رہے۔ نقدی نہ ہوئی نعوذ باللہ خدا ہو گئی۔
جواری : اجی حضرت، اسی کی دھن پر خدائی ناچتی ہے۔
شرابی : ناچتی ہے تو ناچے ہم ایسی کو ٹھوکر مارتے ہیں۔
(دستک)
غالب : کون، اس وقت کون ہے؟
باہر سے آواز : سواریاں آئی ہیں۔
کاظم : کوئی بات نہیں آپ اطمینان سے دروازہ کھول دیں اور کھیل جاری رکھیں۔
(دروازہ کھلتا ہے۔)
کوتوال : خبردار میں کوتوال شہر کی حیثیت سے تم سب کو قمار بازی کے جرم میں گرفتار کرتا ہوں۔ مرزا صاحب قبلہ مجھے افسوس ہے۔ سپاہیو سب کو حراست میں لے (ڈانٹتا ہے۔) لے چلو۔
یوسف مرزا : (اچانک داخلہ) خبردار! جو کسی نے آگے قدم بڑھایا۔ میرے بھائی کو چھوڑ دو۔ نہیں تو ایک ایک کو قتل کر دوں گا۔ (لوگ ان کا ہاتھ پکڑ لیتے ہیں۔)تم سب دیوانے ہو۔ میرا ہاتھ روکتے ہو۔ انھیں کچھ نہیں کہتے جو ہاتھ قلم کرتے ہیں اور منصف کہلاتے ہیں۔ جو گلے میں پھانسی کا پھندا ڈالتے ہیں اور خداوند کہے جاتے ہیں۔ میرا کیا ہے۔ آفتاب کو قتل کر دو، ماہتاب کو زنجیریں پہنا دو، پھولوں کو شاخوں سے نوچ لو۔ نسیم سحر کو پاؤں میں گھنگھرو پہنا کر نچاؤ، شاہراہوں پر خون دل کا چھڑکاؤ کرو، لبوں پر مہریں لگا دو، آنکھوں میں دہکتی ہوئی سلاخیں ڈال دو۔ میرا کیا ہے میں اپنے رستے جاتا ہوں۔
(چلے جاتے ہیں۔)
غالب : تمہارے ہاتھوں مجھے پہلی شکست ہوئی۔ ایک امیر زادے نے شاعر کو ہرا دیا۔
مرزا : امیر زادے ہمیشہ شاعروں کو ہراتے ہیں۔
غالب : اور آج۔ جب میرا جشن منایا جا رہا ہے امیرزادہ کہاں ہے، آج نجم الدولہ دبیر الملک مرزا اسداللہ خان بیگ سب مر گئے ہیں، ان کی ہڈیاں گل سڑ کر خاک میں مل گئیں۔ صرف غالب زندہ ہے۔ صرف غالب۔
مرزا : چلو جیل خانے کا تجربہ بھی اچھا تھا۔
غالب : ہاں تمہارے کپڑے میلے کچیلے تھے کھانے میں مٹی اور کنکر تھے مگر میرے ہونٹوں پر شعر تھے تمہاری روح زخمی تھی اور میرے لبوں پر نغمہ تھا۔
مرزا : اور وہاں سے واپسی پر تم نے مجھ سے انتقام لے لیا۔
غالب : یعنی آخر مغل بادشاہ بہادر شاہ نے مجھے اپنا استاد مقرر کر کے تمہیں زک دے دی۔
مرزا : یوں پوچھتے ہو جیسے تمہیں اس کی خبر ہی نہیں؟
غالب : مجھے خبر ہے میں نے ہی تو کہا تھا:
غالب وظیفہ خوار ہو دو بادشاہ کو دعا
وہ دن گئے کہ کہتے تھے نوکر نہیں ہوں میں
مرزا : مٹتی ہوئی دلی میں مٹتے ہوئے شہنشاہ کے استاد۔
(طنزیہ ہنسی)
غالب : امیرزادہ ہار گیا، شاعر جیت گیا۔
مرزا : میرے اوپر طنز کرتے ہو۔
غالب : لوگوں کو زمین کے کونے، کھنڈروں میں خزانے ملتے ہیں۔ مجھے یہ خزانہ قید خانے کے ایک گوشے میں ملا۔
مرزا : خزانہ؟
غالب : ہاں خزانہ یہ تھا کہ سرشاری اور سرخوشی وہ ہے جو دکھ درد سے ڈر کر نہیں اس کے باوجود حاصل ہو نسان، وہ غم ساری تلخی اور ترشی کو زندگی کا حصہ سمجھ کر اسے نشاط و کیف کا جزو بنا لے میں نے اپنا ساغر سرشار صبح محشر کی ہل چل سے ڈھال لیا۔ میں نے اپنی محرومیوں پر ہنسنے کا حوصلہ پایا اس کے بعد سب کچھ ہیچ تھا۔
مرزا : پھر یہ قصیدہ نگاری؟
غالب : یہ بھی ہیچ تھی قصیدہ بھی اک طرح کا جوا تھا محض بھیک کا پیالہ۔
مرزا : اور اسی لئے ایک نام کاٹ کر دوسرے ممدوح کا نام لکھتے رہے۔
غالب : (طنزیہ ہنسی) مٹتی ہوئی دلی کے ایک مفلس شاعر کو اتنی آزادی بھی نہ دو گے۔ میں نے اسی خزانے کے پا لینے کے بعد ہنسنا سیکھ لیا۔
مرزا : تم بہادر شاہ کے مورخ بنے۔ ۱۸۵۷ء کے ہنگامے میں تم نے اپنا روزنامچہ لکھا۔ دستنبو نام اچھا تھا مگر تم نے اپنے بھائی کے ساتھ نا انصافی کی۔
غالب : کیسی بے انصافی؟
مرزا : کیا تمہیں معلوم نہ تھا کہ تمہارا بھائی بخار میں مبتلا ہو کر نہیں مرا فرنگی سپاہیوں نے اسے گولی کا نشانہ بنایا۔
غالب : معلوم ہے۔
مرزا : تو پھر؟
غالب : جو کچھ ہوا تم دیکھو گے سنو گے۔
مرزا : ضرور۔
(غالب دیوان خانے میں بیٹھے ہیں کہ یکایک شور و غوغا سنائی دیتا ہے۔ توپوں کی گھن گرج، شور، نالہ و فریاد رونے چیخنے کی آوازیں۔ غالب کا چوبدار گھبرایا ہوا داخل ہوتا ہے اور دروازہ بند کرنا چاہتا ہے۔)
غالب : کیا ہوا؟
چوبدار : غضب ہو گیا حضور، فرنگی سپاہی شہر میں گھس آئے ہیں۔ شہر میں فرنگیوں اور باغیوں کے بیچ ہنگامہ مچا ہوا ہے، مکان لوٹے جا رہے ہیں، لوگ مارے جا رہے ہیں۔
(شور پھر بڑھتا ہے۔ دین دین۔ دھرم دھرم کی آوازیں، ایک انگریز کی آواز Fire گولیوں کی آوازیں۔)
یوسف مرزا : (ایک دم آگے بڑھتے ہیں اور دروازہ کھول کر باہر جانا چاہتے ہیں۔)
غالب : یوسف مرزا کیا کرتے ہو، باہر جانے میں خطرہ ہے۔
یوسف مرزا : اب آئے ہیں کھیلن ہوری (گاتے ہوئے) اب آئے ہیں کھیلن ہوری۔۔۔
غالب : (دوبارہ روکتے ہوئے) یوسف مرزا۔
یوسف مرزا : وہ سب بلا رہے ہیں دلی مجھے بلا رہی ہے، کب سے چلا چلا کر بلا رہی ہے، دلی کی فریاد کوئی نہیں سنتا۔ کوئی بھی نہیں سنتا۔ (یہ کہتے ہوئے ایک دم دروازہ کھول کر باہر چلے جاتے ہیں۔) ملک خدا کا، خلق غالب کی، حکیم یوسف مرزا بہادر کا فرنگی مرگیا، دلی جاگ گئی۔
(Fire) کی آواز کے ساتھ یوسف مرزا کی بھیانک چیخ اور شور)
غالب : (دروازہ کھول کر دیکھتے ہیں۔ چوبدار یوسف مرزا کی لاش کو اندر لاتا ہے خون بہہ رہا ہے۔) گولی ماردی۔ اسے کیوں گولی ماردی؟ وہ کون سے ملک کا بادشاہ تھا۔ کیا کیا تھا اس نے۔ میرے دیوانے بھائی نے ان ظالموں کا کیا بگاڑا تھا۔ (بیگم لاش پر آہ و بکا کرنے لگتی ہیں۔ غالب انھیں روکتے ہیں۔) نہ روؤ بیگم۔ اب رونے سے کیا ہو گا۔ میرا دیوانہ بھائی اب اس دنیا میں نہیں۔ سب کچھ لٹ گیا۔ خدا نے اسے ایک زندگی دی تھی وہ بھی لوٹ لی۔ ایک بار اس دنیا میں آنا اور اس قدر ناکامی و نامرادی سے رخصت ہونا، زندگی کا ایسا انمول تحفہ اور اتنی بڑی سزا۔ ایسا بیش بہا موتی اور اس طرح کیچڑ میں بہا دیا جائے۔
مرزا : مگر پھر تم نے ۱۸۵۸ء کے اپنے فارسی روزنامچے میں یہ سب کیوں نہیں لکھا۔
غالب : تم نے مجھے کہاں لکھنے دیا امیر زادے نے میرے ہاتھ سے قلم چھین لیا۔ شاعر تو مجاہد بھی بن سکتا تھا مگر امیر زادہ بزدل ہوتا ہے اسے تو اپنے حلوے مانڈے سے کام تھا اسے تو انگریزوں کے دربار کی اگلی صف میں جگہ چاہئے تھی خطاب درکار تھا جھوٹی عزت چاہئے تھی تم میری کمزوری تھے اور میں نے جھوٹ لکھ دیا کہ میرا دیوانہ بھائی بخار میں مبتلا ہو کر مرگیا۔ میں یہ نہ دیکھ سکا کہ انگریز سپاہیوں نے اسے گولی ماردی تھی۔ یہ بھی نہ لکھ سکا کہ میں نے بہادر شاہ کی حکومت دوبارہ قائم ہو جانے پر ’’سکہ‘‘ کہہ کر دیا تھا۔
مرزا : الزام میرے سر رکھتے ہو تمہیں اندازہ نہیں تھا کہ حالات اس طرح پلٹا کھائیں گے۔
غالب : امیر زادے کو ان حالات کا پتہ ہونا چاہئے تھا۔ شاعر تو اپنی دنیا آپ ہے میں صرف شعر گنگنا کر خاموش ہو گیا:
دل ہی تو ہے نہ سنگ و خشت درد سے بھر نہ آئے کیوں
روئیں گے ہم ہزار بار کوئی ہمیں ستائے کیوں
دیر نہیں حرم نہیں در نہیں آستاں نہیں
بیٹھے ہیں رہ گزر پہ ہم، کوئی ہمیں اٹھائے کیوں
قید حیات و بند غم اصل میں دونوں ایک ہیں
موت سے پہلے آدمی غم سے نجات پائے کیوں
مرزا : شاعر اچھے ہو غالب۔
غالب : قدر افزائی کا شکریہ ظل سبحانی نے بھی ایک بار غزل سن کر فرمایا، مرزا پڑھتے خوب ہو۔
مرزا : یہ بتاؤ کہ زندگی ایسی بے دردی سے گزارنے کے بعد ایسے بے پناہ شعر کیسے کہہ لئے تم نے مجھے خبر بھی نہیں دی۔
غالب : امیر زادوں کوکس کی خبر ہوتی ہے، تم جانتے نہیں یا جان بوجھ کر انجان بنتے ہو میں اگر کامیاب ہو جاتا پنشن پا لیتا، خلعت اور منصب مجھے مل جاتا میں بھی اپنے باپ چچا کی طرح رسالدار ہو جاتا۔۔۔۔۔۔ تومیں امیر زادوں ہی کی باتیں کرتا کھوکھلی بے سر و پا سطحی، مگر درد نے مجھے اس دلدل سے نکال کر پورے زمانے کے انسانوں کی صف میں لا کھڑا کیا میں نے اپنے زمانے کا درد لے لیا میں اپنے دور کے سبھی انسانوں کو عبرت اور عظمت کا مرقع بن گیا میں نے کہا ہے۔
مرزا : پھر شعر سناؤ گے۔
غالب : نہیں، شعر فہمی تم میں کہاں، تمہیں ترجمہ سناتا ہوں۔ ’’اس نے چہرہ بے نقاب کر دیا۔ میرے بے ہودہ بکنے والے ہونٹوں پر مہر لگا دی ہے میرا دل لے لیا اور دیکھنے والی دو آنکھیں دے دیں میرے ہاتھ سے بادشاہان عجم کا نشان لے لیا گیا اور اس کے بدلے میں خزانے بخشنے والا قلم دے دیا۔ ‘‘یہ شاعری جس کی تم کبھی کبھی تعریف کرتے ہو اور سمجھتے ہو کہ اس کا حق ادا ہو گیا ہے یہ شاعری میری پوری زندگی کے دکھ درد کا مول ہے۔
مرزا : دکھ درد کی بات نہ کرو۔ مزے سے شراب پیتے ہو، چین سے خط لکھتے ہو، بڑھاپے میں بھی تمہارے اوپر جان چھڑکنے والے دوست اور شاگرد سبھی موجود ہیں۔
غالب : اور قاطع برہان کے ہنگامے پر گالیاں دینے والے؟
مرزا : اس ہنگامے میں تم خواہ مخواہ پڑ گئے اپنا علم و فضل جتانے کے لئے۔
غالب : شاعر کو لفظ اور لغت پر اظہار خیال کی آزادی نہیں دو گے۔
مرزا : تمہاری اکثر رائیں غلط تھیں۔
غالب : کیا مجھے غلط رائے رکھنے کا حق نہیں تھا۔
مرزا : ہو گا، میں کہہ رہا تھا کہ بڑھاپے میں تمہیں سبھی عیش مل گئے تھے شہرت بچوں کا سکھ، عارف کے بچے کیا کیا مزے کرتے تھے۔ پلنگ کی صاف چادروں پر میلے میلے پاؤں لے کر چڑھتے، کیا کیا تنگ کرتے تھے۔
غالب : ہاں انھیں کو تو میں نے اپنے خطوں میں ہتھکڑیاں کہا ہے۔ انھوں نے زندگی کا موہ پیدا کر دیا۔
مرزا : پھر نواب رام پور جیسے قدردان جو برابر سے ملتے تھے اور سلوک کرتے تھے۔
غالب : میری مسرتوں کو روپے پیسے، دوستوں اور خاندان کے دکھ سکھ سے ناپتے ہو، بڑے نادان ہو۔
مرزا : احسان فراموش ہو، امیر زادے نہ ہوتے تو زندگی سے پیار کرنا سیکھتے، عیش کا مطلب نہ سمجھتے، عزت کی تڑپ سے واقف نہ ہوتے۔
غالب : اور ان نعمتوں کے لئے جب تڑپتا ہوں تو تم ہنستے ہو، زندگی بھرمیں روتا رہا اور تم ہنستے رہے۔۔۔ تم نے زندگی سے بے پناہ پیار سکھایا مگر فقط اس کا لالچ دیا، اس کا عرفان نہیں دیا۔ شاعری کیا ہے مرزا، صرف زندگی اور حسن سے بے پناہ پیار۔ اس کی لذت، اس کی بے پناہ خوبصورتی سے لگاؤ۔ پھر اپنی تنگ دامنی کو دیکھتا ہوں تو تڑپتا ہوں، اپنی مجبوری پر روتا ہوں، اپنی نارسائی پر اگر کوئی مستی اور محرومی کا شاعری ہو سکتا ہے تو میں ہوں، مرزا۔ اور محرومی کے اس دورا ہے پر بانکپن سے اپنی ٹوپی ٹیڑھی کرتا ہوں اور غم پر قہقہہ لگاتا ہوں، درد کے زہر کو مسکراتے مسکراتے شراب ناب کی طرح پی جاتا ہوں۔ میں نے آبگینے کے ٹکڑے گلا کر شراب میں ڈال لئے ہیں کہ سینہ زخمی ہوا اور لب مسکراتے رہیں۔
مرزا : یہ ہمت!
غالب : یہ ہمت ہی میرے اور تمہارے درمیان مشترک ہے۔ یہ ہمت ہی میرے اور آج کے زمانے کے درمیان ہے۔ یہ ہمت ہی مجھے زندہ رکھتی ہے میں دیکھتا ہوں آج کے نوجوان کے چہرے مرجھائے ہوئے اور اداس ہیں مگر میں نے دیکھا ہے کہ جب میرا دیوان پڑھتے ہیں۔
مرزا : وہی چھوٹا سا رد دیوان!
غالب : جی ہاں وہ پڑھتے ہیں تو ان کے چہروں پراک حوصلہ ابھرتا ہے یہ کہ وہ زندگی سے ہاریں گے نہیں، یہ کہ وہ آرزومندی کی تڑپ سے دامن نہیں بچائیں گے، وہ پھر چاہیں گے دل کی گہرائیوں سے، پھر تمنا کریں گے اور پھر ٹوٹتی آرزوؤں کی جہنموں سے گزریں گے۔
مرزا : تمہارا شکوہ پورا ہوا مگر میں۔
غالب : تمہارا کیا ہے تم ہزاروں لاکھوں امیر زادوں کی طرح ایک امیر زادے تھے عیش کئے یا عیش کی تمنا کی اور واپس چلے گئے۔
مرزا : ہر وجود ایک سوال ہے، میرا وجود ایک ایسے زمانے میں جب تمام چیزیں جو مجھے عزیز تھیں مٹ رہی تھیں۔ بہت بڑا سوال تھا۔ تمہیں کیا حق تھا کہ اس طرح مجھ سے کھیلو، جو مجھے عزیز تھا وہ مجھ سے چھین لیا اور جو کچھ آنے والا ہے اسے قبول کرنے پر مجھے مجبور کرو۔ صبح کے وقت تم نے کبھی چراغوں کی بے بسی دیکھی ہے۔ تم تو شاعر ہو۔۔۔ کیا تم بھی اس ادھورے پن کو محسوس نہ کر سکے اور آج اس ادھورے انسان پر رونے والا بھی کوئی نہیں ہے۔ تمہارے سب پجاری ہیں شاعر غالب کے سب شیدائی ہیں لیکن مرزا نوشہ کا کوئی ہمدم، کوئی دوست، کوئی آشنا نہیں۔
(دروازے پر دستک ہوتی ہے۔ غالب کھولنے جاتے ہیں۔ اس بار مرزا نوشہ نہیں روکتے۔ دروازہ کھولنا چاہتے ہیں پھر کچھ سوچ کر خود ہی دروازہ کھولنے کا ارادہ ملتوی کر دیتے ہیں۔)
(پس منظر سے غزل کے اشعار ابھرتے ہیں۔)
آہ کو چاہئے اک عمر اثر ہونے تک
کون جیتا ہے تری زلف کے سر ہونے تک
عاشقی صبر طلب اور تمنا بے تاب
دل کا کیا رنگ کروں خون جگر ہونے تک
غم ہستی کا اسدؔ کس سے ہو جز مرگ علاج
شمع ہر رنگ میں جلتی ہے سحر ہونے تک
***
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
٭٭٭
ڈاؤن لوڈ کریں

