فہرست مضامین
- تفسیر قرآن کی مبادیات
- نا معلوم
- تفسیر کی تعریف
- تفسیر کے اصول
- تفسیری مآخذ
- تفسیرالقرآن بالقرآن
- تفسیرالقرآن بالحدیث والسیرۃ
- تفسیرالقرآن باقوال الصحابۃ رضی اللہ عنہم
- تفسیر القرآن باقوال التابعین
- تفسیر القرآن بلغۃ العرب
- تفسیر القرآن بعقل سلیم
- تفسیر کے لیے ضروری علوم
- اہم مفسرین کے نام مع تاریخ وفات
- تابعین
- تفاسیر کی اہم کتابیں
- تفسیر بالماثور میں اہم تفاسیر
- تفسیر بالرائے
- صوفیانہ تفاسیر
- فقہی تفاسیر
- اہل کتاب کی روایات نقل کرنے والے حضرات
- اہل کتاب کی روایات پر مشتمل کتب تفاسیر
- عربی تفسیر مع اسمائے مفسرین
- اردو کتب تفسیر مع اسمائے مفسرین
- نا معلوم
تفسیر قرآن کی مبادیات
نا معلوم
قرآن کریم اللہ تعالی کی جانب سے نازل کردہ ہدایت نامہ ہے،جس میں ساری انسانیت کے لیے رہنمائی ہے،جیسا کہ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:
إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَإِنَّا لَهُ لَحَافِظُونَ
(الحجر:۹)
حقیقت یہ ہے کہ یہ ذکر(یعنی قرآن)ہم نے ہی اتارا ہے اور ہم ہی اس کی حفاظت کرنے والے ہیں۔
إِنَّ هَذَا الْقُرْآنَ يَهْدِي لِلَّتِي هِيَ أَقْوَمُ
(بنی اسرائیل:۹)
حقیقت یہ ہے کہ یہ قرآن وہ راستہ دِکھاتا ہے جو سب سے زیادہ سیدھا ہے۔
لہذا جو شخص بھی اس کو اپنائے گا اس کو اللہ کی جانب سے صحیح راستہ دکھایا جائے گا اور جو اس سے اعراض کرے گا تو اس کے لیے دنیاوی زندگی بھی تنگ کر دی جائے گی اور آخرت میں تو سخت عذاب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اللہ رب العزت کا ارشاد ہے:
فَمَنِ اتَّبَعَ ہُدَایَ فَلَایَضِلُّ وَلَا یَشْقَیo وَمَنْ أَعْرَضَ عَن ذِکْرِیْ فَإِنَّ لَہُ مَعِیْشَۃً ضَنکاً وَنَحْشُرُہُ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ أَعْمَی”۔
(طٰہٰ:۱۲۴،۱۲۳)
جو کوئی میری ہدایت کی پیروی کرے گا وہ نہ گمراہ ہو گا اور نہ مشکل میں گرفتار ہو گا اور جو میری نصیحت سے منہ موڑے گا تو اس کو بڑی تنگ زندگی ملے گی اور قیامت کے دن ہم اسے اندھا کر کے اٹھائیں گے۔
الغرض رب کائنات کی جانب سے انسان کی رہبری کے لیے قرآن ایک مکمل دستوراور ضابطۂ حیات ہے اور اس کتاب کے بغیر انسانیت نامکمل ہے۔
تفسیرقرآن کریم
جب یہ کتاب رہبری کے لیے نازل کی گئی تو اس کو آسان کرنا بھی ضروری ہے، جیسا کہ حق تعالیٰ کا فرمان ہے:
"وَلَقَدْ یَسَّرْنَا الْقُرْاٰنَ لِلذِّکْرِ فَہَلْ مِنْ مُّدَّکِرٍ "۔
(القمر:۱۷)
اور حقیقت یہ ہے کہ ہم نے قرآن کو نصیحت حاصل کرنے کے لیے آسان بنا دیا ہے ،اب کیا کوئی ہے جو نصیحت حاصل کرے۔
اِسی سورت میں یہ آیت چار جگہ پر آئی ہے، نیز اس کو آسان کرنے کی مختلف شکلیں حق تعالیٰ نے واضح فرمائی ہیں، مثلاً سورۂ قیامہ میں فرمایا:
” اِنَّ عَلَیْنَا جَمْعَہٗ وَقُرْاٰنَہٗoفَاِذَا قَرَاْنٰہُ فَاتَّبِعْ قُرْاٰنَہٗoثُمَّ اِنَّ عَلَیْنَا بَیَانَہ”۔
(القیامۃ:۱۷۔۱۹)
یقین رکھو کہ اس کو یاد کروانا اور پڑھوانا ہماری ذمہ داری ہے،پھر جب ہم اسے(جبرئیل کے واسطے سے) گویا اس کوپڑھ رہے ہوں تو تم اس کے پڑھنے کی پیروی کرو۔
تفسیر کا اولین حق اللہ سبحانہ و تعالیٰ کو ہی حاصل ہے اور اس کو اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی برحق (فداہ ابی وامی)ﷺ کے ذریعہ واضح کیا، چنانچہ فرمایا:
"وَاَنْزَلْنَآ اِلَیْکَ الذِّکْرَ لِتُبَیِّنَ لِلنَّاسِ مَا نُزِّلَ اِلَیْہِمْ وَلَعَلَّہُمْ یَتَفَکَّرُوْنَ”۔
(النحل:۴۴)
اور (اے پیغمبر!)ہم نے تم پر بھی یہ قرآن اس لیے نازل کیا ہے تاکہ تم لوگوں کے سامنے ان باتوں کی واضح تشریح کر دو جو ان کے لیے اتاری گئی ہیں اور تاکہ وہ غور و فکر سے کام لیں۔
آیت شریفہ میں "الذکر” سے مراد قرآن کریم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس کی تبیین وتفسیر کی ذمہ داری آپ ﷺ پر ہے اور پھر اس کے بعد عوام پر یہ ذمہ داری ہے کہ اس پر غور و فکر سے کام لیں، الغرض یہ ہے تفسیر و تاویل و تبیین۔
تفسیر کی تعریف
یہ لفظ "فسر” سے مشتق ہے جس کے معنی کھولنے کے آتے ہیں، چونکہ اس کے ذریعہ قرآن کے معانی و مفاہیم کھول کر بیان کئے جاتے ہیں اس لیے اس کو علم تفسیر سے تعبیر کیا جاتا ہے، قرآن مجید میں اس کے لیے دوسرے الفاظ بھی آتے ہیں، تفسیر، تاویل بیان تبیان، تبیین، جو تقریباً ہم معنی ہیں، لیکن بعض اہل علم کے مابین ان الفاظ میں کچھ جزوی فرق بھی ہے، جس کی تفصیل ایک مستقل مضمون کے ذیل میں آئے گی۔
تفسیر کی اصطلاحی تعریفیں بھی بیان کی گئی ہیں، چنانچہ علامہ زرکشی رحمہ اللہ نے اس کی مختصر تعریف یوں نقل کی ہے:
"ھُوَعِلْمٌ یُعْرَفُ بِہٖ فَھْمُ کِتَابِ اللہِ الْمُنَزَّلِ عَلیٰ نَبِیِّہَ مُحَمَّدٍ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَبَیَانُ مَعَانِیْہِ وَاسْتَخْرَاج أَحْکَامِہٖ وَحِکَمِہٖ”۔
(البرھان فی علوم القرآن:۱۳۱)
وہ ایسا علم ہے جس سے قرآن کریم کی سمجھ حاصل ہو اور اس کے معانی کی وضاحت اور اس کے احکام اور حکمتوں کو نکالا جا سکے اور علامہ آلوسی رحمۃ اللہ علیہ تعریف میں مزید عموم پیدا کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
"ھُوَعِلْمٌ يُبْحَثُ فِيْهِ عَنْ كَيْفِيَّةِ النُّطْقِ بِأَلْفَاظِ الْقُرْآنِ، وَمَدْلُوْلَاتِهَا، وَأَحْكَامِهَا الْإِفْرَادِيَّةِ وَالتَّرْكِيْبِيَّةِ، وَمَعَانِيْهَا الَّتِيْ تُحْمَلُ عَلَيْهَا حَالَۃِ التَّرْكِيْبِ، وَتَتِمَّاتُ لِذَلِك”۔
(روح المعانی:۴/۱)
وہ علم ہے کہ جس میں قرآن کریم کے الفاظ کی ادائیگی کے طریقے اور ان کے مفہوم اور ان کے افرادی اور ترکیبی احکام اور اُن معانی سے بحث کی جاتی ہو جو کہ ان الفاظ سے جوڑنے کی حالت میں مراد لیے جاتے ہیں اور ان معانی کا تکملہ جو ناسخ ومنسوخ اور شان نزول اور غیر واضح مضمون کی وضاحت میں بیان کیا جائے۔
تفسیر کے اصول
چونکہ ہرکام کی ایک اصل ہوتی ہے اور اصول کے ساتھ ہونے والے کام کو کام کہا جاتا ہے ،بے اصولی تو کسی بھی شعبہ میں اچھی نہیں سمجھی جاتی، اسی اصول پر تفسیر کے اصول بھی ہیں، تاکہ اس میں دلچسپی پیدا ہو، اب ایک بات ضروری طور پر یہ رہ جاتی ہے کہ وہ کیا ذرائع اور طریقے ہیں جن کی بنیاد پر قرآن کریم کی تفسیر کی جا سکے، یقیناً ہم کو اس کے لیے حق سبحانہ و تعالیٰ کی طرف سے رہبری کی گئی ہے، چنانچہ فرمایا:
"ھُوَالَّذِیْٓ اَنْزَلَ عَلَیْکَ الْکِتٰبَ مِنْہُ اٰیٰتٌ مُّحْکَمٰتٌ ھُنَّ اُمُّ الْکِتٰبِ وَاُخَرُ مُتَشٰبِہٰتٌ”۔
(آل عمران:۷)
اے رسول !وہی اللہ ہے جس نے تم پر کتاب نازل کی ہےجس کی کچھ آیتیں تو محکم ہیں جن پر کتاب کی اصل بنیاد ہے اور کچھ دوسری آیتیں متشابہ ہیں۔
گویا اس آیت کی رو سے آیات کی اولین تقسیم دو طرح پر کی گئی ہے۔
(۱)آیات محکمات (۲)آیات متشابہات، پھر متشابہات دوقسم پر ہیں:
(۱)جو لفظ بھی سمجھ سے باہر ہو جیسے حروف مقطعات
(۲) لفظ تو سمجھ میں آتے ہوں، لیکن مفہوم ان کا قابل فہم نہ ہو۔
پھر آیاتِ محکمات کو مفسرین نے دو طرح پر تقسیم کیا ہے:
(۱)وہ آیتیں جن کے سمجھنے میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو جو بالکل واضح ہوں یعنی جس زبان میں بھی ان کا ترجمہ کیا جائے سمجھنے والے کو مشکل معلوم نہ ہوں اور بظاہر مفسرین کے پاس کوئی اختلاف رائے نہ ہو، جیسے پچھلی قوموں سے متعلق واقعات اور جنت و جہنم سے متعلق آیات۔
(۲)دوسری وہ آیتیں ہیں جن کے سمجھنے میں کوئی ابہام یا اجمال یا اور کوئی دشواری پائی جائے یا اُن آیتوں کو سمجھنے کے لیے ان کے منظر وپس منظر کو سمجھنا ضروری ہو جیسے وہ آیتیں جن سے دقیق مسائل اور احکام نکلتے ہوں یا اسرار و معارف اُن سے نکلتے ہوں، ایسی آیات کو سمجھنے کے لیے انسان کو صرف زبان اور اس کی باریکیوں کو جاننا کافی نہیں ہوتا، بلکہ اور بھی بہت سی معلومات کی ضرورت پڑتی ہے، انہیں معلومات میں سے ایک "ماخذِ” تفسیر کہلاتا ہے۔
تفسیری مآخذ
یعنی وہ ذرائع جن سے قرآن کریم کی تفسیر معلوم ہو سکتی ہے، یہ تقریباً چھ قسم کی بتلائی گئی ہیں:
(۱)تفسیر القرآن بالقرآن۔(قرآن کریم کی کسی آیت یا لفظ کی تشریح قرآن ہی کی کسی دوسری آیت یا لفظ سے کی جائے)
(۲)تفسیر القرآن بالاحادیث النبویہ صلی اللہ علیہ وسلم۔(قرآن مجید کے کسی آیت کی وضاحت آنحضرت ﷺ کے کسی قول یا فعل سے کی جائے)
(۳)تفسیر القرآن باقوال الصحابۃ رضی اللہ عنہم اجمعین۔(قرآن پاک کے کسی آیت کی تشریح حضرات صحابہ کرام میں سے کسی صحابی کے قول سے کی جائے،تفسیری شرائط کے ساتھ)
(۴)تفسیر القرآن باقوال التابعین رحمہم اللہ۔(قرآن مجید کے کسی آیت کی وضاحت حضرات تابعین میں سے کسی تابعی کے قول سے کی جائے،تفسیری شرائط کے ساتھ)
(۵)تفسیر القرآن بلغۃ العرب۔(قرآن مجید کے کسی آیت یا کسی لفظ کی تشریح اہل عرب کے اشعار اور عربی محاورات کے مطابق کی جائے،تفسیری شرائط کے ساتھ)
(۶)تفسیرالقرآن بعقل السلیم۔(قرآن مجید کی تشریح و توضیح اپنی صحیح سمجھ بوجھ اور منشائے خداوندی کو ملحوظ رکھ کر علوم اسلامیہ کی روشنی میں،حالات و واقعات،مواقع ومسائل پر اس کا صحیح انطباق کرنا اور اس کے اسرار و رموز کو کھولنا اور بیان کرنا تفسیرالقرآن بعقل سلیم کہلاتا ہے)
ہرایک کی تھوڑی سی تفصیل ضروری مثالوں سے ذیل میں ذکر کی جاتی ہے:
تفسیرالقرآن بالقرآن
اختصار کی غرض سے اس کی صرف تین مثالیں پیش کی جاتی ہیں:
پہلی مثال
سورۃ الفاتحہ کو ہی لیجئے، اِس کی دونوں آیتیں اس طرح ہیں:
"اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ، صِرَاطَ الَّذِينَ أَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ غَيْرِالْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلَا الضَّالِّينَ”۔
(الفاتحۃ:۶،۷)
ہمیں سیدھے راستے کی ہدایت فرما،ان لوگوں کے راستے کی جن پر تو نے انعام کیا ہے۔
جن پر انعام کیا گیا ہے اس کی تفسیر”سورۃالنساء” کی درجِ ذیل آیت میں کی گئی ہے:
"وَمَنْ يُطِعِ اللَّهَ وَالرَّسُولَ فَأُولَئِكَ مَعَ الَّذِينَ أَنْعَمَ اللَّهُ عَلَيْهِمْ مِنَ النَّبِيِّينَ وَالصِّدِّيقِينَ وَالشُّهَدَاءِ وَالصَّالِحِينَ وَحَسُنَ أُولَئِكَ رَفِيقًا”۔
(النساء:۹۶)
اور جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کریں گے تو وہ ان کے ساتھ ہوں گے جن پر اللہ نے انعام فرمایا ہے،یعنی انبیاء،صدیقین،شہداء اور صالحین اور وہ کتنے اچھے ساتھی ہیں۔
دوسری مثال
"فَتَلَـقّٰٓی اٰدَمُ مِنْ رَّبِّہٖ کَلِمٰتٍ فَتَابَ عَلَیْہِoاِنَّہٗ ھُوَالتَّوَّابُ الرَّحِیْمُ”۔
(البقرۃ:۳۷)
پھر آدمؑ نے اپنے پروردگار سے(توبہ کے)کچھ الفاظ سیکھ لیے(جن کے ذریعہ انہوں نے توبہ مانگی)چنانچہ اللہ نے ان کی توبہ قبول کر لی،بے شک وہ بہت معاف کرنے والا،بڑا مہربان ہے۔
اس آیت میں کلمات کا تذکرہ ہے مگر وہ کلمات کیا تھے؟ دوسری آیت میں اس کی تفسیرموجود ہے:
"قَالَا رَبَّنَا ظَلَمْنَآ اَنْفُسَـنَا،وَاِنْ لَّمْ تَغْفِرْ لَنَا وَتَرْحَمْنَا لَنَکُوْنَنَّ مِنَ الْخٰسِرِیْنَ”۔
(الاعراف:۲۳)
دونوں بول اٹھے کہ:اے ہمارے پروردگار!ہم اپنی جانوں پر ظلم کر گزرے ہیں اور اگر آپ نے ہمیں معاف نہ فرمایا اور ہم پر رحم نہ کیا تو یقیناً ہم نامراد لوگوں میں شامل ہو جائیں گے۔
تیسری مثال
"سورۃ الانعام” کی آیت نازل ہوئی:
"الَّذِينَ آمَنُوا وَلَمْ يَلْبِسُوا إِيمَانَهُمْ بِظُلْمٍ اُولِٰئکَ لَہُمُ الْاَمْنُ وَہُمْ مُّہْتَدُوْنَ”۔
(الانعام:۸۲)
جو لوگ ایمان لے آئے ہیں اور انہوں نے اپنے ایمان کے ساتھ کسی ظلم کا شائبہ بھی آنے نہ دیا،امن و چین تو بس ان ہی کا حق ہے اور وہی ہیں جو صحیح راستے پر پہنچ چکے ہیں۔
تو صحابہ کرام نے عرض کیا کہ ہم میں سے کون ایسا ہے کہ جس سے( کسی نہ کسی طرح کا) ظلم صادر نہ ہوا ہو،تو اللہ نے ظلم کی تفسیر و مراد کو واضح کرنے کے لیے یہ آیت نازل فرمائی:
” إِنَّ الشِّرْكَ لَظُلْمٌ عَظِيمٌ”۔
(لقمان:۱۳)
کہ شرک ظلم عظیم ہے۔
یعنی آیت بالا میں ایمان کے ساتھ جس ظلم کا تذکرہ آیا ہے وہاں ظلم سے مراد شرک ہے۔
(بخاری،باب ظلم دون ظلم،حدیث نمبر:۳۱)
تفسیر القرآن بالقرآن کے موضوع پر ایک گرانقدر کتاب مدینہ منورہ کے ایک عالم شیخ محمد امین بن محمد مختار کی تالیف ہے جو "اضواء البیان فی ایضاح القرآن بالقرآن” کے نام سے شائع ہو چکی ہے۔
تفسیرالقرآن بالحدیث والسیرۃ
قرآن پاک کی تفسیررسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال و افعال کی روشنی میں کرنا تفسیر القرآن بالحدیث والسیرۃ کہلاتا ہے، خود قرآن کریم کی متعدد آیات میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دنیا میں بھیجے جانے کا مقصد ہی یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اقوال و افعال اور عملی زندگی سے آیات قرآنیہ کی تفسیر و تشریح فرمائیں۔
(النحل:۴۴)
تو جس طرح اللہ تعالی نے انسانی زندگی کو بندگی بنانے کے لیے اپنے احکامات کو قرآن حکیم کی شکل میں نازل فرمایا ،اسی طرح ان احکامات پر عمل آوری کے لیے آپ ﷺ کے پوری عملی زندگی کو در حقیقت قرآن پاک کی عملی تفسیر بنا کر مبعوث فرمایا، جو کچھ احکامات قرآن کریم کی شکل میں نازل کیے گئے ان پر سب سے پہلے آپ ہی نے عمل کر کے دکھلایا اور ان احکامات خداوندی کو عملی جامہ پہنا کر دنیا کے سامنے پیش کرنا یہ آپ کی خصوصیات میں سےایک نمایا خصوصیت ہے ،خواہ وہ حکم ایمان ،توحید، نماز، روزہ ،زکوۃ ،حج، صدقہ و خیرات ،جنگ و جدال، ایثار و قربانی، عزم واستقلال، صبر و شکر سے تعلق رکھتا ہو یا حسن معاشرت وحسن اخلاق سے ،ان سب میں قرآن مجید کی سب سے پہلی و عمدہ عملی تفسیر نمونہ و آئیڈیل کے طور پر آنحضرت ﷺ ہی کی ذات اقدس میں ملے گی، اس میں بھی دو قسم کی تفسیر ہے ایک تفسیرتو وہ قرآن پاک کے مجمل الفاظ و آیات کی تفسیر و توضیح ہے جن کی مراد خداوندی واضح نہیں تو ان کی مراد و اجمال کی تفصیل کو زبان رسالت مآب ﷺ نے واضح فرما دیا اور دوسری قسم عملی تفسیر کی ہے،یعنی قرآن حکیم کی وہ آیات جن میں واضح احکامات دئے گئے ہیں جن کا تعلق عملی زندگی کے پورے شعبۂ حیات سے ہے،خواہ وہ عقائد، عبادات، معاملات کی رو سے ہوں یا حسن معاشرت وحسن اخلاق کی رو سے اس میں بھی آپ نہ وہ کمال درجہ کی عبدیت اور اطاعت و فرمانبرداری کی ایسی بے مثال و بے نظیر عملی تفسیر و تصویر امت کے سامنے پیش فرمائی کہ جس طرح کلام اللہ تمام انسانی کلاموں پر اعجاز و فوقیت رکھتا ہے اسی طرح آپ کی عملی زندگی کا ہر قول و فعل بھی تمام انسانی زندگیوں پر اعجاز و فوقیت رکھتا ہے،دوسری قسم کی مثالیں کتب سیر، کتب مغازی، کتب تاریخ، کتب دلائل اور کتب شمائل میں بکثرت ملیں گے، بلکہ یہ کتابیں تو آپ ہی کی عملی تفسیر پیش کرنے کے لیے لکھی گئی ہیں جن کی مثالوں کو یہاں ذکر نہیں کیا جا رہا ہے اگر دیکھنا چاہیں تو ہمارے ہوم پیج کے عنوان”سیرت طیبہ” میں ملاحظہ فرما سکتے ہیں اور پہلی قسم کی مثالیں کتب احادیث وتفسیر میں بکثرت ملیں گی ان میں سے بغرض اختصار صرف تین مثالیں پیش کی جا رہی ہیں:
پہلی مثال
سورۂ بقرہ کی آیت شریفہ:
"وَکُلُوْا وَاشْرَبُوْا حَتّٰى یَتَبَیَّنَ لَکُمُ الْخَیْطُ الْاَبْیَضُ مِنَ الْخَیْطِ الْاَسْوَدِ مِنَ الْفَجْرِ”۔
(البقرۃ:۱۸۷)
اور اس وقت تک کھاؤ پیو جب تک صبح کی سفید دھاری سیاہ دھاری سے ممتاز ہو کر تم پر واضح (نہ) ہو جائے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خیط ابیض اور خیط اسود کی مراد کو اپنے ارشاد مبارک سے واضح فرمایا :
” إِنَّمَا ذَلِكَ سَوَادُ اللَّيْلِ وَبَيَاضُ النَّهَار”۔
(بخاری، بَاب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى، وَكُلُوا وَاشْرَبُوا،حدیث نمبر:۱۷۸۳، شاملہ، موقع الإسلام)
کہ خیط ابیض سے مراد صبح صادق اور خیط اسود سے مراد صبح کاذب ہے۔
دوسری مثال
سورہ نور کی آیت:
"اَلزَّانِیَۃُ وَالزَّانِیْ فَاجْلِدُوْا کُلَّ وَاحِدٍ مِّنْہُمَا مِائَۃَ جَلْدَۃٍ، وَّلَا تَاْخُذْکُمْ بِہِمَا رَاْفَۃٌ فِیْ دِیْنِ اللہِ اِنْ کُنْتُمْ تُؤْمِنُوْنَ بِاللہِ وَالْیَوْمِ الْاٰخِرِ،وَلْیَشْہَدْ عَذَابَہُمَا طَائِفَۃٌ مِّنَ الْمُؤْمِنِیْنَ”۔
(النور:۲)
زنا کرنے والی عورت اور زنا کرنے والے مرد دونوں کو سوسو کوڑے لگاؤ اور اگر تم اللہ اوراس کے رسول پر ایمان رکھتے ہو تو اللہ کے دین کے معاملہ میں ان پر ترس کھانے کا کوئی جذبہ تم پر غالب نہ آئے اور یہ بھی چاہیے کہ مؤمنوں کا ایک مجمع ان کی سزا کو کھلی آنکھوں دیکھے۔
ظاہر ہے کہ اس آیت سے زانیہ اور زانی کی سزامیں سو کوڑے مارنے کا ذکر ہے، اس میں شادی شدہ اور غیر شادی شدہ کا کوئی فرق نہیں کیا گیا،اس کی تفسیر احادیثِ پاک سے واضح ہوتی ہے کہ غیر شادی شدہ کو کوڑوں کی سزا دی جائے گی جیسا کے بخاری شریف میں ہے:
"عَنْ زَيْدِ بْنِ خَالِدٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنَّهُ أَمَرَ فِيمَنْ زَنَى وَلَمْ يُحْصَنْ بِجَلْدِ مِائَةٍ وَتَغْرِيبِ عَامٍ”۔
(بخاری،بَاب شَهَادَةِ الْقَاذِفِ وَالسَّارِقِ وَالزَّانِي،حدیث نمبر:۲۴۵۵، شاملہ، موقع الإسلام)
زید بن خالد رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے غیر شادی شدہ زنا کرنے والوں کو سو کوڑے مارنے کا اور ایک سال کے لیے وطن سے نکالنے کاح کم دیا۔
اور شادی شدہ مرد و عورت کو سنگسار کیا جائے گا:
"الشَّيْخُ وَالشَّيْخَةُ إِذَازَنَيَا فَارُجُمُوهُمَا أَلْبَتَّةَ، رَجَمَ رَسُوْلُ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَرَجَمْنَا بَعْدَهٗ”۔
(ابن ماجہ، باب الجرم، حدیث نمبر:۲۵۴۳، شاملہ، موقع الإسلام)
شادی شدہ مرد و عورت جب زنا کے مرتکب ہوں تو ان کو رجم کرو، یعنی سنگسار کر دو ،راوی کہتے ہیں کہ خود حضور ﷺ نے اپنی زندگی میں ایسی سزادی ہے اور بعد میں ہم نے بھی ایسی سزا دی ہے۔
تیسری مثال
قرآن کی تفسیر حدیث سے کرنے کی مثال میں یہ آیت پیش کی جا سکتی ہے:
"غَیْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَیْہِمْ وَلَا الضَّالِّیْنَ”۔
(الفاتحۃ:۷)
نہ کہ ان لوگوں کے راستے پر جن پر غضب نازل ہوا ہے اور نہ ان کے راستے کی جو بھٹکے ہوئے ہیں۔
قرآن پاک میں المغضوب اور الضال کا مصداق متعین نہیں کیا گیا ہے ،لیکن ان دونوں کا مصداق متعین کرتے ہوئے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
"إِنَّ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ أَلْيَهُوْدُ وَإِنَّ الضَّالِّيْنَ النَّصَارَىٰ”۔
(مسند احمد بن حنبل،بقیۃ حدیث بن حاتم،حدیث نمبر:۹۴۰۰، شاملہ، موقع الإسلام)
جن پر غضب نازل ہوا اس سے مراد یہود ہیں اور جو راستے سے بھٹکے ہوئے ہیں اس سے مراد نصاریٰ ہیں۔
اس طرح کی بے شمار مثالیں کتب احادیث میں بکثرت موجود ہیں اور اس نقطۂ نظر سے بھی کئی تفاسیر لکھی گئی ہیں ،اُن میں سے چند تفاسیر یہ ہیں ۔
۱۔قاضی بیضاوی رحمہ اللہ کی انوار التنزیل والتاویل۔
۲۔علامہ خازن کی لباب التاویل فی معانی التنزیل۔
۳۔ علامہ ابن کثیر کی تفسیر ابن کثیر۔
۴۔اردو زبان میں تفسیر حقانی(فتح المنان)مولانا عبدالحق حقانی دہلوی کی ہے۔
(۳)تیسرا ماخذ،
تفسیرالقرآن باقوال الصحابۃ رضی اللہ عنہم
حضرات صحابہ رضی اللہ عنہم چونکہ بجا طور پر خیر امت کہلانے کے مستحق ہیں جنہوں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے براہ راست قرآن کریم کی تعلیم و تربیت حاصل کی ،ان میں سے بعض وہ ہیں جو اپنی پوری زندگی اس کام کے لیے وقف کر دیں کہ قرآن کریم اوراس کی تفسیر و تاویل کو بلاواسطہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے حاصل کریں ،اہل زبان ہونے کے باوجود ان کو صرف زبان دانی پر بھروسہ نہ تھا، چنانچہ بعضے صحابہؓ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے سبقاً سبقاً قرآن کریم کو پڑھا، مشہور تابعی ابوعبدالرحمن سلمی فرماتے ہیں:
"حَدَّثَنَا الَّذِيْنَ كَانُوْا يَقْرَؤَوْنَ الْقُرَآنَ كَعُثْمَانَ بْنِ عَفَّانَ وَعَبْدِ اللّٰهِ بْنِ مَسْعُوْدٍ وَغَيْرِهِمَا أَنَّهُمْ كَانُوْا إِذَا تَعَلَّمُوْا مِنَ النَّبِيِّﷺ عَشَرَ آيَاتِ لَمْ يَتَجَاوَزُوْهَا حَتَّى يَعْلَمُوْا مَافِيْهَا مِنَ الْعِلْمِ وَالْعَمَلِ”۔
(الاتقان فی علوم لقرآن،الفصل فی شرف التفاسیر، النوع الثامن والسبعون:۲/۴۶۸، شاملہ،المؤلف:عبد الرحمن بن الكمال جلال الدين السيوطي)
صحابہ رضی اللہ عنہم میں سے جو قرآن کی تعلیم آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے حاصل کیا کرتے تھے،مثلاً حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ، عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ وغیرہ انہوں نے ہمیں یہ بتایا کہ وہ لوگ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے دس آیتیں سیکھتے تو ان آیتوں سے آگے نہ بڑھتے جب تک ان آیتوں کی تمام علمی و عملی باتوں کو نہ جان لیتے۔
یہ ہے حضرات صحابہ رضی اللہ عنہم کا براہ راست آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے تعلیم و تربیت کا سیکھنا کہ جتنا سیکھتے اتنا عمل کا بھی اہتمام فرماتے شاید اسی وجہ سے مسند احمد میں حضرت انس رضی اللہ عنہ کا یہ اثر منقول ہے:
"كَانَ الرَّجُلُ إِذَاقَرَأ الْبَقَرَةَ وَآلَ عِمْرَانَ جَدَّ فِيْنَا”۔
(مسند احمد،مسند انس بن مالک،حدیث نمبر:۱۱۷۶۹)
یعنی جب کوئی شخص سورۃ بقرہ و آل عمران کو پڑھ لیتا تووہ ہماری نظروں میں بہت ہی عزت والا سمجھا جاتا اور موطا مالک کی روایت میں ہے:
"أَنَّ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ عُمَرَ مَكَثَ عَلَى سُورَةِ الْبَقَرَةِ ثَمَانِيَ سِنِينَ يَتَعَلَّمُهَا”۔
(مؤطا مالک، کِتَابُالنِّداءِ لِلصّلاةِ،بَاب مَاجَاءَ فِي الْقُرْآنِ ،حدیث نمبر:۴۲۸، شاملہ، موقع الإسلام)
حضرت عبداللہ ابنِ عمر رضی اللہ عنہ کو سورۂ بقرہ یاد کرنے میں آٹھ سال لگے۔
یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ اتنے کمزور ذہن والے تھے کہ سورۂ بقرہ یاد کرنے میں آٹھ سال لگے،جبکہ موجودہ دور میں کمزور سے کمزور طالب علم اتنے عرصہ سے کم میں پورا قرآن کریم حفظ کر لیتا ہے،دراصل بات یہ تھی کہ آٹھ سال کی مدت حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ کو سورۂ بقرہ کے الفاظ اور اس کی تفسیر و تاویل اور اس کے متعلقات کے ساتھ حاصل کرنے میں لگی،اس کی تائید حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ کے اس اثر سے ہوتی ہے جسکو ابن کثیر رحمہ اللہ نے نقل کیا ہے:
"والذي لا إله غيره، ما نزلت آية من ، كتاب الله إلا وأنا أعلم فيمن نزلت؟ وأين نزلت؟ ولو أعلم أحد اأعلم بکتاب اللہ منی تنالہ المطایا لاتیتہ”۔
(ابن کثیر:۱/۳)
قسم ہے اس ذات کی جس کے علاوہ کوئی معبود نہیں کہ قرآن کریم کی کوئی آیت ایسی نازل نہیں ہوئی جسکے بارے میں مجھے یہ معلوم نہ ہو کہ وہ کس بارے میں اور کہاں نازل ہوئی اور اگر مجھے معلوم ہوتا کہ کوئی شخص ایسی معلومات مجھ سے زیادہ رکھتا ہے اور سواریاں اس شخص تک پہونچا سکتی ہیں تو میں اس کے پاس ضرور جاؤں گا۔
یہ چند نمونے ہیں حضرات صحابہ کی جانفشانی اور ان کی محنت کے جو تفسیر قرآن کے سلسلہ میں پیش کئے گئے ،یوں تو بہت سی آیات کی تفسیر حضرات صحابہ رضی اللہ عنہم کے اقوال سے ثابت ہیں ان میں سے کچھ برائے نمونہ پیش ہیں۔
پہلی مثال:
ایک دفعہ حضرت بن عمرؓ کی خدمت میں ایک شخص حاضر ہوا اور درج ذیل آیت کی تفسیر دریافت کی:
"أَوَلَمْ يَرَ الَّذِينَ كَفَرُوا أَنَّ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ كَانَتَا رَتْقًا فَفَتَقْنَاهُمَا”۔
(الانبیاء:۳۰)
کیا کفار نے دیکھا نہیں کہ آسمان و زمین بند تھے پھر ہم نے ان کو کھول دیا۔
حضرت بن عمرؓ نے اس سے فرمایا کہ تم ابن عباس ؓ کے پاس جاؤ اور ان سے اس کی تفسیر معلوم کرو اور وہ جو تفسیر بتائیں وہ مجھے بھی بتاتے جانا،وہ شخص ابن عباسؓ کے پاس پہنچا اور درج بالا آیت کی تفسیر پوچھی تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ:
آسمان خشک تھے ان سے بارش نہیں ہوتی تھی اور زمین بانجھ تھی اس سے کچھ اُگتا نہیں تھا،بارش کے طفیل یہ پودے اگانے لگی،گویا آسمان کا فتق(پھٹنا)بارش کے ساتھ ہے اور زمین کا پھل پودے اگانے سے ۔
اس شخص نے حضرت ابن عمرؓ کو جب یہ تفسیر بتائی تو انہوں نے فرمایا کہ اللہ تعالی کی جانب سے ان کو خصوصی علم عطا ہوا ہے۔
(روح المعانی،۱۲/۳۶۹ش،املہ)
دوسری مثال
” وَاَنْفِقُوْا فِیْ سَبِیْلِ اللہِ وَلَا تُلْقُوْا بِاَیْدِیْکُمْ اِلَى التَّہْلُکَۃِ،وَاَحْسِنُوْا،اِنَّ اللہَ یُحِبُّ الْمُحْسِـنِیْنَ”۔
(البقرۃ:۱۹۵)
اور خرچ کرو اللہ کی راہ میں اور نہ ڈالو اپنی جان کو ہلاکت میں اور نیکی کرو،بیشک اللہ تعالی دوست رکھتا ہے نیکی کرنے والوں کو۔
اس آیت کی تشریح میں مفسرین نے حضرت ابو ایوب انصاریؓ کا ارشاد نقل کیا ہے کہ:
"التھلکۃ الاقامۃ فی الاھل والمال وترک الجھاد”۔
(تفسیر بن کثیر،تحت قولہ وَلَا تُلْقُوْا بِاَیْدِیْکُمْ اِلَى التَّہْلُکَۃِ)
"التھلکۃ "سے مراد گھر اور مال کی مصروفیات میں لگا رہنا اور جہاد کو چھوڑ بیٹھنا ہے ۔
عام مفسرین نے اپنی اپنی تفاسیر میں اس تفسیر کو خاص طور سے نقل کیا ہے۔
تیسری مثال
علامہ طبری روایت کرتے ہیں کہ حضرت عمرؓ نے صحابہ ؓ سے درج ذیل آیت کے متعلق دریافت کیا :
"أَيَوَدُّ أَحَدُكُمْ أَنْ تَكُونَ لَهُ جَنَّةٌ مِنْ نَخِيلٍ وَأَعْنَابٍ تَجْرِي مِنْ تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ لَهُ فِيهَا مِنْ كُلِّ الثَّمَرَاتِ وَأَصَابَهُ الْكِبَرُ وَلَهُ ذُرِّيَّةٌ ضُعَفَاءُ فَأَصَابَهَا إِعْصَارٌ فِيهِ نَارٌ فَاحْتَرَقَتْ”۔
(البقرۃ:۲۶۶)
کیا تم میں سے کوئی یہ پسند کرے گا کہ اس کا کھجوروں اور انگوروں کا ایک باغ ہو جس کے نیچے نہریں بہتی ہوں (اور)اس کو اس باغ میں اور بھی ہر طرح کے پھل حاصل ہوں اور بڑھاپے نے اسے آ پکڑا ہو اور اس کے بچے ابھی کمزور ہوں، اتنے میں ایک آگ سے بھرا بگولا آ کر اس کو اپنی زد میں لے لے اور پورا باغ جل کر رہ جائے۔
کوئی بھی اس کا شافی جواب نہ دے سکے،حضرت ابن عباسؓ نے عرض کیا کہ میرے دل میں ایک بات آ رہی ہے ،حضرت عمر نے فرمایا کہ آپ بلا جھجک برملا بیان کیجیے،ابن عباس ؓ نے فرمایا:
"اللہ تعالی نے اس آیت میں ایک مثال بیان کی ہے فرمایا :کیا تم میں سے کوئی شخص اس بات کو پسند کرتا ہے کہ عمر بھر نیکی کا کام کرتا رہے اور جب اس کا آخری وقت آئے جب کے نیکیوں کی اسے زیادہ ضرورت ہو تو بُرا کام کر کے سب نیکیوں کو برباد کر دے”۔
(تفسیر طبری،۵/۵۴۵،شاملہ)
ایک اہم بات اس بارے میں اہل اصول نے بتلائی ہے کہ جن صحابہ رضی اللہ عنہم کے تفسیری اقوال میں صحیح وسقیم ہر طرح کی روایتیں ملتی ہیں تو ان اقوال کی بنیاد پر کوئی فیصلہ کئے جانے سے پہلے اصولِ حدیث کے اعتبار سے انکی جانچ ضروری ہے۔
۲۔ نیز دوسرے یہ کہ حضرات صحابہ رضی اللہ عنہم کے اقوال تفسیر اسی وقت حجت ،دلیل سمجھے جائیں گے جبکہ آپﷺ سے آیت شریفہ کی کوئی صریح تفسیر مستند طور پر ثابت نہ ہو،چنانچہ اگر آپ ﷺ سے تفسیر منقول ہو تو پھر صحابہ رضی اللہ عنہ سے اقوال محض اس تفسیر کی تائید شمار کئے جائیں گے اور اگر آپ ﷺ کے معارض کوئی قول صحابی رضی اللہ عنہ ہو تو اس کو قبول نہ کیا جائے گا۔
۳۔تیسرے یہ کہ صحابہ رضی اللہ عنہم کے اقوال تفسیر میں اگر تعارض اور ٹکراؤ ہو تو جہاں تک ہو سکے انکے اقوال میں مطابقت پیدا کی جائے گی اگر مطابقت نہ ہو سکے تو پھر مجتہد کو اس بات کا اختیار ہو گا کہ دلائل کی روشنی میں جس صحابی رضی اللہ عنہ کا قول مضبوط ہے اس کو اختیار کر لے۔
(تفصیل کے لیے دیکھیے مقدمہ تفسیر ابن کثیر۱/۳)۔ (واللہ تعالی اعلم)
اس موضوع پر مستقل کتاب،تنویرالمقیاس فی تفسیر ابن عباس”ہے اور اس کے علاوہ دیگر کتب تفاسیر میں صحابہ کی تفسیری روایات مذکور ہیں۔
(۴)چوتھا ماخذ:
تفسیر القرآن باقوال التابعین
واضح ہونا چاہئے کہ تابعین سے مراد تمام ہی تابعین نہیں ہیں، بلکہ وہ حضرات تابعین جنہوں نے حضرات صحابہ رضی اللہ عنہ کی صحبت اٹھائی ہو اور ان کی صحبت سے علمی استفادہ کیا ہو، اہل علم میں اس بات پربھی اختلاف ہے کہ تفسیر قرآن کے بارے میں اقوال تابعین حجت ہیں یا نہیں،اس معاملہ میں علامہ ابن کثیر رحمہ اللہ نے بہت ہی معتدل بات لکھی ہے کہ اگر کوئی تابعی کسی صحابی رضی اللہ عنہ سے تفسیر نقل کر رہے ہوں تو اس کا حکم صحابی کی تفسیر جیسا ہو گا اور اگر خود تابعی اپنا قول بیان کریں تو دیکھا جائے گا کہ دوسرے کسی تابعی کا قول ان کے خلاف تو نہیں اگر خلاف میں کوئی قول ہو تو پھر اس تابعی کے قول کو حجت نہیں قرار دیا جائے گا، بلکہ ایسی آیات کی تفسیر کے لیے قرآن کی دوسری آیتیں احادیث نبویہ آثار صحابہ رضی اللہ عنہم اور لغت عرب جیسے دوسرے دلائل پر غور کر کے فیصلہ کیا جائے گا،ہاں اگر تابعین کے درمیان کوئی اختلاف نہ ہو تو ان کے تفسیری اقوال کو بلاشبہ حجت اور واجب الاتباع قرار دیا جائے گا۔
(بحوالہ تفسیر ابن کثیر،ا-۵،مطبوعہ المکتبہ التجاریۃ الکبری)
جب تابعین کے اقوال پر تفسیر کی جا سکتی ہے تو اس کے کچھ نمونے بھی ذیل میں پیش کیے جاتے ہیں :
پہلی مثال
ارشاد باری تعالی ہے:
"وَالسّٰبِقُوْنَ الْاَوَّلُوْنَ مِنَ الْمُہٰجِرِیْنَ وَالْاَنْصَارِ وَالَّذِیْنَ اتَّبَعُوْھُمْ بِـاِحْسَانٍ، رَّضِیَ اللہُ عَنْھُمْ وَرَضُوْا عَنْہُ وَاَعَدَّ لَھُمْ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ تَحْتَہَا الْاَنْہٰرُ خٰلِدِیْنَ فِیْہَآ اَبَدًا، ذٰلِکَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمُ”۔
(التوبہ:۱۰۰)
اور جو لوگ قدیم ہیں سب سے پہلے ہجرت کرنے والے اور مدد کرنے والے اور جو ان کے پیرو ہوئے نیکی کے ساتھ اللہ تعالی راضی ہوا ان سے اور وہ راضی ہوئے اس سے اور اللہ نے تیار کر رکھا ہے ان کے واسطے ایسے باغات کہ بہتی ہیں ان کے نیچے نہریں رہا کریں ان میں وہ ہمیشہ یہی ہے بڑی کامیابی۔
اس آیت شریفہ میں حضرات صحابہ رضی اللہ عنہ کے مختلف درجاتِ فضیلت بیان کئے گئے ہیں ایک سابقین اولین کا،دوسرے انکے بعد والوں کا ،اب سابقین اولین کون ہیں ،اس میں مفسرین کے مختلف اقوال نقل کئے جاتے ہیں،کبار تابعین حضرت سعید بن المسیب رحمہ اللہ،ابن سیرین رحمہ اللہ اور قتادہ رحمہ اللہ کا یہ قول ہے کہ اس سے مراد وہ صحابہ ہیں جنہوں نے دونوں قبلوں کی طرف منہ کر کے نماز پڑھی اور عطاء بن ابی رباح کا یہ قول ہے کہ سابقین اولین سے مراد بدر میں شریک ہونے والے صحابہ ہیں اور شعبی نے فرمایا کہ وہ جو کہ حدیبیہ کے موقع پر بیعت رضوان میں شامل رہے۔
(تفسیرروح المعانی، تفسیر سورۂ توبہ،آیت نمبر۱۰۰)
اس آیت میں تابعین رحمہ اللہ کے مختلف اقوال سامنے آئے ،مفسرین نے کسی قول کو رد نہیں کیا اور ان کے درمیان تطبیق دینے کی کوشش کی ہے۔
دوسری مثال
ارشاد باری تعالی ہے:
” اَلتَّائِبُوْنَ الْعٰبِدُوْنَ الْحٰمِدُوْنَ السَّائِحُوْنَ الرّٰکِعُوْنَ السّٰجِدُوْنَ الْاٰمِرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَالنَّاہُوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِ وَالْحٰفِظُوْنَ لِحُدُوْدِ اللہِ، وَبَشِّرِ الْمُؤْمِنِیْنََ”۔
(التوبہ:۱۱۲)
توبہ کرنے والے،اللہ کی بندگی کرنے والے،اس کی حمد کرنے والے ،روزے رکھنے والے،رکوع میں جھکنے والے،سجدہ گزارنے والے،نیکی کی تلقین کرنے والے، برائی سے روکنے والے اور اللہ کی قائم کی ہوئی حدوں کی حفاظت کرنے والے(اے پیغمبر )ایسے مؤمنوں کو خوشخبری دے دو۔
آیت میں ایک لفظ "أَلسَّائِحُوْنَ” آیا ہے، جس کا مطلب جمہور مفسرین کے ہاں”صَائِمُوْنَ” یعنی روزہ دار مراد ہیں اور حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ قرآن میں جہاں کہیں بھی سائحین کا لفظ آیا ہے وہاں صائمین مراد ہیں،حضرت عکرمہؒ جو کبارِ تابعین میں سے ہیں انہوں نے کہا سیاحت کرنے والوں سے مراد طالب علم ہیں جو علم کی طلب میں ملکوں میں پھرتے ہیں۔
(تفسیر روح المعانی،تفسیر سورۂ توبہ،آیت نمبر:۱۱۲)
اس تفسیر کو مفسرین نے رد نہیں کیا ہے اگرچیکہ حضرت عکرمہ رحمہ اللہ اس تفسیر میں منفرد ہیں۔
تیسری مثال
ارشاد باری تعالی ہے: "اِنَّمَا الصَّدَقٰتُ لِلْفُقَرَاءِ
(التوبہ:۶۰)
صدقات تو صرف غریبوں کے لیے ہیں..الخ۔
اس آیت کی تفسیر میں مفسرین نے غنی اور فقیر کے درمیان فرق کو واضح کیا ہے،غنی سے متعلق امام ابو حنیفہ ؒ نے فرمایا کہ غنی وہ شخص ہے جس کے پاس اصلی ضرورتوں کو پورا کرنے کے بعد بقدر نصاب زکوۃ مال باقی رہے۔
(تفسیر روح المعانی،سورۂ توبہ:آیت نمبر:۶۰)
عام مفسرین نے امام ابو حنیفہؒ کے ذکر کردہ تعریف غنی کو اپنی تفاسیر میں بلا کسی نکیر کے ذکر فرمایا ہے۔
اس موضوع پر بھی بہت سی تفاسیرلکھی گئی ہیں، چنانچہ علامہ نیشاپوری رحمہ اللہ کی تفسیر”غرائب القرآن اور رغائب الفرقان” قابل ذکر ہے اور علامہ نسفیؒ کی مدارک التزیل بھی قابل ذکر ہے اور علامہ آلوسی کی روح المعانی بھی ایک وقیع تفسیر ہے۔
نیز اردو تفاسیر میں مفتی محمد شفیع صاحب کی تفسیرمعارف القرآن بھی اہم تفاسیر میں سے ایک ہے۔
(۵)پانچواں ماخذ:
تفسیر القرآن بلغۃ العرب
لغت عرب کو تفسیر کا ماخذ ماننے میں اگرچیکہ اہل علم کے یہاں اختلاف ہے، جیسے کہ امام محمد رحمہ اللہ نے لغۃ عرب سے قرآن کی تفسیر کو مکروہ قرار دیا ہے(حوالہ البرھان ۲/۱۶۰ نوع ۴۱) کیونکہ، عربی زبان ایک وسیع زبان ہے اور بعض اوقات ایک لفظ کئی معانی پر مشتمل ہوتا ہے اور ایک جملے کے بھی متعدد اور کئی مفہوم ہو سکتے ہیں تو ایسے مواقع پر صرف لغت عرب کو بنیاد بنا کر ان میں سے کوئی ایک مفہوم متعین کرنا تفسیر میں مغالطہ کا سبب بن سکتا ہے اور اسی وجہ سے اس کو مکروہ بھی کہا گیا ہے مگر محققین کا کہنا ہے کہ مغالطہ اسی وقت ہوتا ہے جبکہ لغت کے کثیر الاستعمال معانی کو چھوڑ کر انتہائی قلیل الاستعمال معنی مراد لیے جائیں اس لیے ایسی جگہ جہاں قرآن وسنت و آثار صحابہ و تابعین میں سے کوئی صراحت نہ ملے تو آیت کی تفسیر لغت عرب کے عام محاورات(جن کا چل چلاؤ ہو) کے مطابق کی جائے گی۔
پہلی مثال
ایک مرتبہ حضرت عمر فاروق ؓ نے صحابہ کرامؓ سے درج ذیل آیت کے معنی دریافت کیے:
"أَوْ يَأْخُذَهُمْ عَلَى تَخَوُّفٍ”۔
(النحل:۴۷)
یا انہیں اس طرح گرفت میں لے کہ وہ دھیرے دھیرے گھٹتے چلے جائیں۔
یہ سن کر قبیلہ بنو ھذیل کا ایک شخص کھڑا ہو کر کہنے لگا کہ ہماری زبان میں "تخوف”کمی اور نقصان کو کہتے ہیں،حضرت عمرؓ نے پوچھا عربی اشعار میں یہ لفظ اس معنی میں استعمال ہوا ہے؟اس نے کہا جی ہاں اور فوراً یہ شعر پڑھ دیا:
*تَخَوَّفَ الرَّحُلُ منها تامِكاً قَرِداً * كما تَخَوَّفَ عُودَ النبعةِ السَّفِنُ*
ترجمہ:کجاوہ کی رسی اونٹنی کے کوہان کے بال کو کم کرتی رہتی ہے، جیسا کہ لوہا کشتی کی لکڑی کو کم کرتا رہتا ہے۔
یہ سن کر حضرت عمرؓ نے حاضرین کو مخاطب کر کے فرمایا اپنے دیوان کو تھامے رکھو،صحابہ نے عرض کیا دیوان سے کیا مراد ہے تو آپ ﷺ نے فرمایا جاہلی شاعری،اس میں قرآن کی تفسیر اور تمہاری زبان کے معانی موجود ہیں۔
(روح المعانی۱۰/۱۷۹، شاملہ )
دوسری مثال
علامہ سیوطی لکھتے ہیں کہ حضرت ابن عباس ؓ صحن کعبہ میں تشریف فرما تھے سوال کرنے والوں کا ایک ہجوم تھا دو آدمی آپ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ ہم آپ سے تفسیر قرآن کے متعلق کچھ سوالات کرنا چاہتے ہیں، حضرت ابن عباس نے فرمایا دل کھول کر پوچھئے،انہوں نے پوچھا کہ آپ اس آیت باری تعالی کی تفسیر بتائیے:
"عَنِ الْيَمِينِ وَعَنِ الشِّمَالِ عِزِينَ”۔
(المعارج:۳۷)
دائیں بائیں حلقے باندھے ہوں گے۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ نے فرمایا عزین کے معنی ہیں ساتھیوں کے حلقے،انہوں نے پھر سوال کیا کہ کیا اہل عرب اس معنی سے واقف ہیں؟حضرت ابن عباسؓ نے فرمایا :جی ہاں پھر آپ نے عبید بن الابرص کا شعر پڑھا ؎
فَجَاؤُا يُهْرَعُوْنَ إِلَيْهِ حَتً
يَكُوْنُوْا حَوْلَ مِنْبَرِهِ عِزِيْنًا
وہ لوگ اس کی طرف بھاگتے ہوئے آتے ہیں
اس کے منبر کے گرد حلقہ باندھ لیتے ہیں
(الاتقان،۲/۶۸،شاملہ)
دیکھیے یہاں حضرت ابن عباس ؓ نے آیت بالا کی تفسیر لغت عرب کی مدد سے کی ہے۔
تیسری مثال
اُسی صاحب نے آپ رضی اللہ عنہ سے درج ذیل آیت کی تفسیردریافت کی:
"وَابْتَغُوا إِلَيْهِ الْوَسِيلَةَ”۔
(المائدۃ:۳۵)
اور اس تک پہنچنے کے لیے وسیلہ تلاش کرو۔
حضرت ابن عباسؓ نے فرمایا کہ وسیلہ حاجت اور ضرورت کو کہتے ہیں اس نے پوچھا کہ اہل عرب اس معنی سے واقف ہیں:آپ ﷺ نے فرمایا کیا آپ نے عنترۃ نامی شاعر کا شعر نہیں سناہے؟پھر شعر پڑھا:
إنَّ الرِّجَالَ لَهُمْ إِلَيْكِ وَسِيلَةٌ إِنْ يَأْخُذُوكِ، تكَحَّلِي وتَخَضَّبي
(الاتقان:۲/۶۹)
اس شعر میں وسیلہ کا لفظ حاجت و ضرورت کے معنی میں استعمال ہوا ہے اور ظاہر ہے کہ ابن عباسؓ نے آیت بالا کی تفسیر لغت عرب سے کی ہے۔
اس نقطۂ نظر سے بہت سی تفاسیر لکھی گئی ہیں،ان میں تفسیر خازن جس کا اصل نام "لباب التاویل فی معانی التنزیل(۲)السراج المنیر فی الاعانۃ علی معرفۃ بعض معانی کلام ربنا الحکیم الخبیر ،للخطیب شربینی”قابل ذکر ہیں۔
چھٹا ماخذ
تفسیر القرآن بعقل سلیم
عقل سلیم جس کی اہمیت و ضرورت سے کسی کو انکار نہیں ،دنیا کے ہر کام میں اس کی اہمیت ہوتی ہے اور پچھلے مآخذ سے فائدہ اٹھانا بغیر عقل سلیم کے معتبر نہیں اس ماخذ کو علاحدہ لکھنے کی ضرورت محض اس لیے پڑتی ہے کہ قرآن کریم کے معارف ومسائل ، اسرارورموز یقیناً ایک بحر بیکراں ہیں اور پچھلے مآخذ سے ان کو ایک حد تک سمجھا جا سکتا ہے ،لیکن کسی نے بھی یہ کہنے کی جرأت نہیں کی کہ قرآن کریم کے اسرار و معارف کی انتہاء ہو گئی اور مزید کچھ کہنے کی گنجائش نہیں رہی، یہ بات خود قرآن کریم کی صریح آیتوں کے خلاف ہو گی ، فرمان خداوندی ہے:
"قُلْ لَّوْکَانَ الْبَحْرُ مِدَادًا لِّکَلِمٰتِ رَبِّیْ لَنَفِدَ الْبَحْرُ،الخ”۔
(الکہف:۱۰۹)
کہہ دو کہ اگر میرے رب کی باتیں لکھنے کے لیےسمندر روشنائی بن جائے،تو میرے رب کی باتیں ختم نہیں ہوں گی کہ اس سے پہلے سمندر ختم ہو چکا ہو گا،چاہے اس سمندر کی کمی پوری کرنے کے لیے ہم ویسا ہی ایک سمندر کیوں نہ لے آئیں۔
گویا اس آیت میں وضاحت ہے کہ ساری مخلوق مل کر بھی کلمات الہی کا احاطہ کرنا چاہے تو ممکن نہیں سارا سامان تسوید ختم ہو جائے گا اور لامتناہی کسی طرح بھی متناہیوں کی گرفت میں نہ آسکے گا ،متناہی صفات والے لا متنا ہی صفات والی ہستی کو کیونکر اپنی گرفت میں لا سکتے ہیں اور یقیناً قرآن کریم بھی صفات باری میں سے ایک ہے لہذا عقل سلیم کے ذریعہ ان حقائق اور اسرار پر غور و فکر کا دروازہ قیامت تک کھلا ہوا رہے گا اور جس شخص کو بھی اللہ تعالی نے علم و عقل اور خشیت و تقوی اور رجوع الی اللہ کی صفات سے مالا مال کیا وہ تدبیر کے ذریعہ نئے نئے حقائق تک رسائی حاصل کرسکتا ہے،چنانچہ ہر دور کے مفسرین کی تفسریں اس بات کی واضح دلیل ہیں ۔
اور نبی اکرمﷺ کی دعا جو حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کے لیے تھی:
"اَللّٰھُمَّ عِلْمُہٗ الْکِتَابَ وَفقہُ فِی الدِّیْنِ”۔
(کنزالعمال فی سنن الأقول والأفعال:۱۳/۴۵۸، شاملہ،المؤلف:علي بن حسام الدين المتقي الهندي۔ بخاری، كِتَاب الْوُضُوءِ،بَاب وَضْعِ الْمَاءِ عِنْدَ الْخَلَاءِ، حدیث نمبر:۱۴۰، شاملہ، موقع الإسلام)
ترجمہ: اے اللہ ان کو تاویل یعنی تفسیر قرآن اور دین کی سمجھ عطا فرما۔
یہ دعا بھی اشارہ کرتی ہے کہ اس باب میں راہیں کھلی ہیں البتہ اہل علم نے اس معاملہ میں یہ اصول ضرور بتلایا ہے کہ عقل سلیم کے ذریعہ مستنبط ہونے والے وہی مسائل اور معارف معتبر ہوں گے جو سابق مآخذ سے متصادم نہ ہوں، یعنی ان سے نہ ٹکراتے ہوں، اصول شرعیہ کے خلاف کوئی نکتہ آفرینی کی جائے تو اس کی کوئی قدر و قیمت نہ ہو گی۔
ہم کو ایمان رکھنا چاہئے کہ کل کائنات خدا کی بنائی ہوئی اور اس کے قبضۂ قدرت میں ہے،لہذا قرآن کریم کی بعض آیتوں سے اگر کوئی ڈاکٹر ا سائنس داں معلومات کو اخذ کرتا ہے اور وہ معلومات مذکورہ اصولوں سے متصادم نہ ہوں توایسی تفسیر بھی قابل اعتبار ہو گی ۔
پہلی مثال
"لِلَّهِ مُلْكُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ يَخْلُقُ مَايَشَاءُ يَهَبُ لِمَنْ يَشَاءُ إِنَاثاً وَيَهَبُ لِمَنْ يَشَاءُ الذُّكُورَo أَوْيُزَوِّجُهُمْ ذُكْرَاناً وَإِنَاثاً وَيَجْعَلُ مَنْ يَشَاءُ عَقِيماً إِنَّهُ عَلِيمٌ قَدِيرٌo”۔
(الشوری:۴۹،۵۰)
سارے آسمانوں اور زمین کی سلطنت اللہ ہی کی ہے،وہ جو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے،وہ جس کو چاہتا ہے لڑکیاں دیتا ہے اور جس کو چاہتا ہے لڑکے دیتا ہے یا پھر ان کو ملا کر لڑکے بھی دیتا ہے اور لڑکیاں بھی اور جس کو چاہتا ہے بانجھ بنا دیتا ہے،یقیناً وہ علم کا بھی مالک ہے قدرت کا بھی مالک۔
بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ اس آیت میں خنثیٰ(ایسا شخص جو نہ مرد ہو نہ عورت) کا تذکرہ نہیں کیا ہے اور اس سے یہ نتیجہ نکالا کہ ان کا کوئی وجود ہی نہیں ہے،لیکن ابن العربیؒ نے اس کا جواب دیا ہے کہ ایسا کہنا عقل کے خلاف بات ہے اس لیے کہ اللہ نے آیت کے ابتداء ہی میں فرما دیا”يَخْلُقُ مَا يَشَاءُ”وہ جو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے،لہذا اس میں خنثیٰ بھی شامل ہے۔
(الجامع لاحکام القرآن:۱۶/۵۲، شاملہ)
دوسری مثال
حضرت موسی جب کوہ طور پر تیس دن کے لیے تشریف لے گئے تھے اور انہیں چالیس یوم تک وہاں رہنا پڑا تھا تو ان کے غائبانہ ان کی قوم نے بچھڑے کی پرستش شروع کر دی تھی اس واقعہ سے متعلق ایک حصہ کو قرآن پاک نے یوں بیان کیا ہے :
"وَاتَّخَذَ قَوْمُ مُوسَى مِنْ بَعْدِهِ مِنْ حُلِيِّهِمْ عِجْلًا”۔
(الاعراف:۱۴۸)
موسیٰ علیہ السلام کی قوم نے ان کے بعد زیورات سے ایک بچھڑا بنا لیا۔
اس آیت کی تفسیر میں علامہ تستری رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ بچھڑے سے مراد ہر وہ چیز ہے جس کی محبت میں گرفتار ہو کر انسان اللہ سے منہ موڑ لے ،مثلاً اہل و اولاد اور مال وغیرہ انسان تمام خواہشات کو ختم کر دے جس طرح بچھڑے کے پجاری اس سے اسی حالت میں چھٹکارا پا سکتے ہیں جب وہ اپنی جانوں کو تلف کر دیں۔
(التفسیر التستری:۱/۱۶۹،شاملہ)
یہ تفسیر بھی عقل سلیم کی روشنی میں کی جانے والی تفسیر کے قبیل سے ہے اور یہ اصول شرعیہ کے مخالف بھی نہیں ہے۔
تیسری مثال
قرآن پاک نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کا واقعہ ذکر کیا ہے جس میں اللہ تعالی نے ان کو اپنے لخت جگر حضرت اسماعیل علیہ السلام کو ذبح کرنے کا حکم دیا تھا قرآن پاک میں یوں ہے:
"وَفَدَيْنَاهُ بِذِبْحٍ عَظِيمٍ "۔
(الصافات:۱۰۷)
اور اس کے عوض ہم نے ایک بڑا جانور دے دیا۔
اس کی تفسیر میں علامہ تستری لکھتے ہیں کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام چونکہ بتقاضائے بشریت اپنے بیٹے سے محبت کرتے تھے اس لیے اللہ تعالی نے آزمائش کے طور پر اس کو ذبح کرنے کا حکم دیا، منشأ خداوندی دراصل یہ نہ تھا کہ ابراھیمؑ بیٹے کو ذبح کر ڈالیں، بلکہ مقصود یہ تھا کہ غیراللہ کی محبت کو دل سے نکال دیا جائے ،جب ی ہ بات پوری ہو گئی اور حضرت ابراہیم علیہ السلام اپنی عادت سے باز آ گئے تو اسماعیل کے عوض ذبح عظیم عطا ہوئی۔
(التفسیر التستری:۱/۴۳۹، شاملہ)
یہ تفسیر بھی اسی قبیل سے ہے اور اصول شرعیہ کے معارض بھی نہیں ہے اس لیے اس کو قبول کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
اس عنوان پر تفسیر یں بھی لکھی گئی ہیں ، علامہ ابوالسعودکی”ارشاد العقل السلیم الی مزایا الکتاب الکریم” اور” تفسیر التستری”قابل ذکر ہیں۔
تفسیر کے لیے ضروری علوم
قرآن کریم کی آیات دو قسم کی ہیں ،ایک تو وہ آیتیں ہیں جن میں عام نصیحت کی باتیں،جنت و دوزخ کا تذکرہ اور فکر آخرت پیدا کرنے والی باتیں وغیرہ جس کو ہر عربی داں شخص سمجھ سکتا ہے،بلکہ مستند ترجمہ کی مدد سے اپنی مادری زبان میں بھی ان آیات کو سمجھ سکتا ہے،ان آیات کے متعلق اللہ تعالی کا ارشاد ہے:
"وَلَقَدْ يَسَّرْنَا الْقُرْآنَ لِلذِّكْرِ فَهَلْ مِنْ مُدَّكِر”۔ٍ
(القمر:۱۷)
اور حقیقت یہ ہے کہ ہم نے قرآن کو نصیحت حاصل کرنے کے لیے آسان بنا دیا ہے، اب کیا کوئی ہے جو نصیحت حاصل کرے؟۔
دوسری قسم کی آیتیں وہ ہیں جو احکام و قوانین،عقائد اور علمی مضامین پر مشتمل ہیں ،اس قسم کی آیتوں کو پوری طرح سمجھنے اور ان سے احکام ومسائل مستنبط کرنے کے لیے علم تفسیرکاجانناضروری ہے ،صرف عربی زبان کا سمجھنا اس کے لیے کافی نہیں ہے، صحابہ کرامؓ اہل عرب ہونے کے باوجودایسی آیتوں کی تفسیر اللہ کے رسولﷺسے معلوم کیا کرتے تھے،اس کی تفصیلی مثالیں اس مقالہ میں آ چکی ہیں،یہاں سمجھنے کے لیے ایک مثال پر اکتفا کیا جا رہا ہے،روزوں سے متعلق جب یہ آیت کریمہ نازل ہوئی:
"وَكُلُوا وَاشْرَبُوا حَتَّى يَتَبَيَّنَ لَكُمُ الْخَيْطُ الْأَبْيَضُ مِنَ الْخَيْطِ الْأَسْوَدِ”۔
(البقرۃ:۱۸۷)
اور کھاتے پیتے رہو یہاں تک کہ سفید اور سیاہ دھاگے میں تمہیں فرق معلوم ہونے لگے۔
اس آیت کو سننے کے بعد حضرت عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ(۶۷ھ) نے سفید اورسیاہ دھاگے اپنے تکئے کے نیچے رکھ لیے، تاکہ جب دونوں ایک دوسرے سے ممتاز ہونے لگیں تو اس سے وہ اپنے روزے کی ابتداء کر لیا کریں،اسی طرح اور ایک روایت میں حضرت سہل بن سعدؓ (۹۸۱ھ) کہتے ہیں:کچھ لوگ جنہوں نے روزے کی نیت کی ہوتی وہ اپنے دونوں پاؤں سے سفید اورسیاہ دھاگے باندھ رہتے اور برابر سحری کھاتے رہتے،یہاں تک کہ وہ دونوں دھاگے آپس میں ممتاز نہ ہو جائیں،آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام کو سمجھا یا کہ یہاں سفید اورسیاہ دھاگے سے مراد دن کی سفیدی اور شب کی سیاہی ہے۔
(بخاری،بَاب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى، وَكُلُوا وَاشْرَبُوا،حدیث نمبر:۱۷۸۳، شاملہ، موقع الإسلام)
الغرض !قرآن کریم کی تفسیر کرنے کے لیے علم تفسیر کا جاننا ضروری ہے،کسی بھی آیت کی تفسیر اپنی رائے سے کرنے والا غلطی پر ہے،خود بھی گمراہ ہو گا اور دوسروں کو بھی گمراہ کرے گا،قرآن کریم کی تفسیرسمجھنے کے لیے مستند تفاسیر کا مطالعہ کرنا چاہیے اور علماء سے استفادہ کرنا چاہیے،اس مضمون کے آخر میں مستنداردو تفاسیر کے نام ذکر کیے گئے ہیں ،درج ذیل احادیث میں تفسیر قرآن کی باریکی کا اندازہ ہوتا ہے :
"مَنْ قَالَ فِي الْقُرْآنِ بِغَيْرِ عِلْمٍ فَلْيَتَبَوَّأْ مَقْعَدَهُ مِنْ النَّارِ”۔
جو شخص قرآن میں بغیر علم کے گفتگو کرے وہ اپنا ٹھکانا جہنم میں بنالے۔
"مَنْ قَالَ فِي كِتَابِ اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ بِرَأْيِهِ فَأَصَابَ فَقَدْ أَخْطَأ”۔
جو شخص قرآن کے معاملے میں (محض) اپنی رائے سے گفتگو کرے اور اس میں کوئی صحیح بات بھی کہہ دے تب بھی اس نے غلطی کی۔
(ترمذی،باب ماجاء فی یفسر القرآن ،حدیث نمبر:۲۸۷۴۔ ابو داؤد،الکلام فی کتاب اللہ بغیر علم،حدیث نمبر:۳۱۶۷)
سابقہ تمام تفصیل سے یہ ثابت ہوا کہ تفسیر قرآن مجید کے لیے کچھ ضروری علوم ہوتے ہیں جن کے بغیر تفسیر کرنا ایسا ہے جیسے بغیر آلات کے صناعی کرنا، کہ جیسے کوئی بھی فن بغیر آلاتِ ضروریہ کے نہیں آتا ایسے ہی ہر علم کا بھی یہی مسئلہ ہے، چنانچہ مفسرین اور اہل علم نے ضروری علوم کی تفصیل یوں بتلائی ہے:علم لغت،صرف و نحو، معانی ،بیان، بدیع ،عربی ادب، علم کلام،منطق ،حکمت وفلسفہ،علم عقائد،علم تفسیر،پھر اس میں درجات اہل علم کے ہاں مانے گئے ہیں،چنانچہ ابتدائی لغت و صرف نحو ادب یہ عربی زبان سیکھنے اور اس کی باریکیوں کو جاننے کے لیے ہیں، کیونکہ قرآن مجید عربی زبان میں نازل کیا گیا نیز معانی بیان و بدیع وغیرہ اس کی رعنائیوں کو سمجھنے کے لیے اور منطق حکمت وفلسفہ کلام،دوسری زبانوں سے مستعار علوم کے ذریعہ جو گمراہیاں آ سکتی ہیں اس کے دفع کے لیے، پھر علم تفسیر کے اندر بھی کئی تفصیلات بتلائی گئی ہے، مثلاً وحی اوراس کی ضرورت کو سمجھنا پھر وحی کی اقسام مثلاً، وحی قلبی، وحی ملکی، پھر وحی کی مختلف شکلیں جیسے صلصلۃ الجرس اور فرشتے کا انسانی شکل میں آنا،رویائے صادقہ ،نفث فی الروع، پھر وحی متلو و غیر متلو، پھر قرآن کریم کے نزول کے متعلق تفصیلات اورسورتوں کی تدوین مکی و مدنی ہونے کے اعتبار سے نیز بعض مدنی سورتوں میں مکی آیتیں اور بعض مکی سورتوں میں مدنی آیتیں کونسی ہیں اس کا استقصاء پھر قرآن کریم سات حروف پر نازل ہونے کا کیا مطلب ہے، پھر ناسخ و منسوخ آیتوں کی تفصیلات ،سبعہ احرف سے کیا مراد ہے اور حفاظت قرآن اور جمع قرآن کی تفصیلات پھر اس کے اندر دیئے ہوئے علامات وقف کی تفصیلات اوراسی میں پاروں کی تقسیم اوراس کے اعراب و حرکات سے متعلق تفصیلات پھر قرآن کریم میں جو مضامین ذکر کئے گئے ہیں،مثلاً عقائد،واقعات اور ایام اللہ وانعم اللہ،پھر آیات مقطعات و متشابھات و محکمات وغیرہ کی تفصیلات،بہرحال یہ تو چند ضروری علوم کی طرف اشارہ کیا گیا ہے، ان کی تفصیل میں جائیں تو بہت وقت لگ جائے ۔
اہم مفسرین کے نام مع تاریخ وفات
جب اہم مفسرین کا ذکر آتا ہے تو سب سے پہلے قرن اول یعنی صحابہ و تابعین کا ذکر ضروری ہوتا ہے۔
لہٰذا سب سے پہلے صحابہ رضی اللہ عنہم میں سے اہم مفسرین کے نام آتے ہیں اور ان میں سے بھی پہلے حضرت عبداللہ بن عباسؓ ہیں جو مفسر اول کے نام سے جانے جاتے ہیں اور حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کے نام سے جو تفسیر فی زمانہ منظر عام پر آئی ہے تنویر المقیاس فی تفسیر ابن عباس رضی اللہ عنہ حتی کہ اس کا اردو ترجمہ بھی شائع ہو گیا، لیکن حضرت ابن عبا س رضی اللہ عنہ کی طرف اس کی نسبت درست نہیں مانی گئی ہے ،کیونکہ یہ کتاب "محمد بن مروان السّدّی عن محمد بن السائب الکلبی عن ابی صالح عن ابن عباسؓ”
کی سند سے مروی ہے اوراس سلسلہ سند کو محدثین نے سلسلۃ الکذب قرار دیا ہے۔
(دیکھئے الاتقان:۱۸۸/۲)
بہرحال قرن اول کے مفسرین میں پہلا نام حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کا ہے تاریخ وفات سنہ۶۸ھ۔
دوسرانام حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ وفات سنہ۴۰ھ۔
پہلے تین خلفاء کی نسبت حضرت علی سے تفسیری روایات زیادہ مروی ہیں ،چنانچہ علامہ ابوالطفیل رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ حضرت علیؓ اپنے خطبے میں یوں فرمایا کہ لوگو!مجھ سے کتاب اللہ کے بارے میں سوالات کیا کرو، کیونکہ قسم خدا کی قرآن کریم کی کوئی آیت ایسی نہیں ہے جس کے بارے میں مجھے معلوم نہ ہو کہ یہ آیت رات کو نازل ہوئی یا دن میں میدان میں اتری یا پہاڑ پر۔
( الاتقان:۱۸۷/۲)
تیسرا نام حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ متوفی سنہ۳۲ھ۔
ان کی بھی کئی روایات تفسیر میں منقول ہیں، بلکہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے مقابلہ میں زیادہ منقول ہیں۔
چوتھا نام حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ متوفی سنہ۳۹ھ۔
حضرت ابی بن کعب اُن صحابہ میں سے ہیں جو تفسیر اور علم قرأت میں مشہور ہیں، چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے ان کے بارے میں ارشاد فرمایا ، اَقْرَأُ کُمْ اُبَیْ ابْنُ کَعْبٍ، تم میں سب سے بڑے قاری ابی بن کعب ہیں۔
(تذکرۃ الحفاظ للذھبی:۳۸/۲)
حضرت ابی بن کعب کی علمی وقعت کا اندازہ اس سے بھی کیا جا سکتا ہے کہ حضرت معمر رحمہ اللہ نے فرمایا کہ:
"عَامَّۃُ عِلْمِ ابنِ عَبَّاسٍ مِنْ ثَلٰثَہٍ،عُمَر وَعَلِی وَاُبَیْ بنُ کَعبٍ رَضِیَ اللہُ عَنْہُمْ”۔
(تذکرۃ الحفاظ للذھبی:۳۸/۲)
ترجمہ:حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کے بیشتر علوم تین حضرات سے ماخوذ ہیں،حضرت عمر و علی و ابی بن کعب رضی اللہ عنہم۔ٍ
ان حضرات صحابہ رضی اللہ عنہم کے علاوہ اور بھی کچھ نام تفسیر کے سلسلہ میں منقول ہیں مثلاً زید بن ثابتؓ، معاذ بن جبلؓ، عبداللہ بن عمروؓ، عبداللہ بن عمرؓ، حضرت عائشہؓ ، جابرؓ ، ابو موسیٰ اشعری ؓ،انس ؓ اورحضرت ابوھریرہ رضی اللہ عنہم۔
تابعین
حضرات صحابہ رضی اللہ عنہم نے چونکہ مختلف علاقوں اور مقامات میں پھیل کر قرآن کریم کی خدمت کا سلسلہ شروع کیا ،جس کی وجہ سے تابعین کی ایک بڑی جماعت اس کام کے لیے تیار ہوئی، جس نے علم تفسیر کو محفوظ رکھنے میں نمایاں خدمات انجام دیں، ان میں سے کچھ برائے تعارف پیش کئے جاتے ہیں:
(۱)حضرت مجاہدؒ یہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کے شاگرد ہیں پورا نام ہے ابوالحجاج مجاہد بن جبر المخزومی، ولادت سنہ۲۱ ھ اوروفات سنہ۱۰۳ھ۔
(۲)حضرت سعید بن جبیرؒ،وفات۹۴ھ
(۳)حضرت عکرمہؒ
(۴) حضرت طاؤسؒ ،وفات۱۰۵ھ
(۵)حضرت عطاء بن ابی رباح،وفات۱۱۴ھ
(۶)حضرت سعید بن المسیبؒ،وفات۹۱ھ یا ۱۰۵ھ
(۷)محمد بن سیرینؒ،وفات۱۱۰ھ
(۸)حضرت زید بن اسلمؒ،وغیرہ۔
(منقول از علوم القرآن:۴۶۱)
تفاسیر کی اہم کتابیں
مفسرین نے اپنے اپنے ذوق کے لحاظ سے کئی نقطۂ نظر سے تفسیریں لکھی ہیں،مثلاً ادبی،عقلی اور کلامی وغیرہ،بعض نے تفسیر بالماثور بھی لکھی،بعض نے تفسیر اشاری یعنی صوفیانہ انداز پر تفسیرلکھی،غرض مختلف نقاط نظر سے قرآن کی خدمت کی گئی ہے۔
تفسیر بالماثور میں اہم تفاسیر
تفسیر طبری،تفسیر بحر العلوم ازسمر قندی،الکشف والبیان عن تفسیر القرآن از ثعالبی، معالم التنزیل ازبغوی، المحرر الوجیز فی تفسیر الکتاب لابن عطیہ،تفسیر ابن کثیر،الدر المنثور فی تفسیر الماثور ازسیوطی،الجواہر الحسان فی تفسیر القرآن ازثعالبی- خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔
تفسیر بالرائے
تفسیر بالرائے کے نقطۂ نظر سے لکھی جانے والی کتابوں میں
مفاتیح الغیب ازرازی،انوارالتنزیل واسرار التاویل ازبیضاوی،مدارک التنزیل وحقائق التاویل فی معانی التنزیل از خازن، غرائب القرآن و رغائب الفرقان از نیسا پوری،تفسیر جلالین، السراج المنیراز خطیب شربینی،روح المعانی از آلوسی۔وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
صوفیانہ تفاسیر
صوفیانہ نقطۂ نظر سے لکھی جانے والی تفاسیر میں
تفسیر ابن عربی، تفسیر فیضی،تفسیر القرآن العظیم از تستری، حقائق التفسیر ازسلمی، عرائس البیان فی حقائق القرآن وغیرہ ہیں۔
فقہی تفاسیر
فقہی نقطہ نظر سے لکھی جانے والی کتابوں میں:
احکام القرآن ازکیاہراسی، احکام القرآن ازابن العربی،الجامع لاحکام القرآن از قرطبی،کنزا لعرفان فی فقہ القرآن، احکام القرآن للجصاص،احکام القرآن للتھانوی اور اردو میں ایک مختصر سی کتاب مولانا عبدالمالک صاحب کاندھلوی کی فقہ القرآن کے نام سے آئی ہے۔
اہل کتاب کی روایات نقل کرنے والے حضرات
عہد صحابہ اوراس کے بعد کے ادوار میں بھی تفسیر قرآن کے ماخذ کے طور پر یہود و نصاریٰ رہے ہیں، کیونکہ قرآن کریم بعض مسائل میں عموماً اور قصص انبیاء اور اقوام سابقہ کے کوائف و احوال میں خصوصاً تورات کے ساتھ ہم آہنگ ہے، اسی طرح قرآن کریم کے بعض بیانات انجیل سے بھی ملتے ہیں، مثلاً حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کا واقعہ اور ان کے معجزات وغیرہ۔
البتہ قرآن کریم نے جو طرز و منہاج اختیار کیا ہے وہ تورات و انجیل کے اسلوب بیان سے بڑی حد تک مختلف ہے،قرآن کریم کسی واقعہ کی جزئیات و تفصیلات بیان نہیں کرتا، بلکہ واقعہ کے صرف اسی جز پر اکتفاء کرتا ہے جو عبرت و موعظت کے نقطۂ نظر سے ضروری ہوتا ہے، یہ انسانی فطرت ہے کہ تفصیلی واقعہ کو پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، اسی کا نتیجہ تھا کہ صحابہ کرام اور بعد کے ادوار میں تابعین اور تبع تابعین حضرات اہل کتاب کے ان اہل علم سے جو حلقہ بگوش اسلام ہو چکے تھے قرآن میں ذکر کردہ واقعات کی تفصیل کے واسطے رجوع کیا کرتے تھے، اسرائیلی روایات کا مدار و انحصار زیادہ تر حسب ذیل چار راویوں پر ہے:
عبداللہ بن سلامؓ، کعب احبار، وھب بن منبہ، عبدالملک بن عبدالعزیزابن جریج، جہاں تک عبداللہ بن سلامؓ کی بات ہے تو آپ کے علم وفضل میں کسی شبہ کی گنجائش نہیں ہے اور ثقاہت و عدالت میں آپ اہل علم صحابہ میں شمار ہوتے ہیں، آپ ؓ کے بارے میں قرآن کریم کی آیات نازل ہوئیں، امام بخاری ؒ اور امام مسلمؒ اور دیگر محدثین نے آپ کی روایات پر اعتماد کیا ہے۔
حضرت کعب احبار بھی ثقہ راویوں میں سے ہیں،انہوں نے زمانہ جاہلیت کا زمانہ پایا اور خلافت صدیقی یا فاروقی میں حلقہ بگوش اسلام ہوئے، حافظ ابن حجر فرماتے ہیں کہ خلافت فاروقی میں آپ کے اسلام لانے کی بات مشہور تر ہے۔
(فتح الباری ،۱۵۸/۱ حدیث نمبر:۹۵)
آپ کے ثقہ اور عادل ہونے کا واضح ثبوت یہ ہے کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ و حضرت ابوھریرہ رضی اللہ عنہ اپنی جلالت قدر اور علمی عظمت کے باوجود آپ سے استفادہ کرتے تھے، امام مسلمؒ نے صحیح مسلم میں کتاب الایمان کے آخر میں کعب سے متعدد روایات نقل کی ہیں، اسی طرح ابوداؤد،ترمذی اورنسائی نے بھی آپ سے روایت کی ہیں، اس سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت کعب احبار ان سب محدثین کے نزدیک ثقہ راوی ہیں۔
اسی طرح وھب بن منبہ کی جمہور محدثین اور خصوصاً امام بخاری ؒ نے توثیق و تعدیل کی ہے،ان کے زہد و تقویٰ کے بارے میں بڑے بلند کلمات ذکر کئے ہیں، فی نفسہ یہ بڑے مضبوط راوی ہیں ،البتہ بہت سے لوگوں نے ان کی علمی شہرت و عظمت سے غلط فائدہ اٹھایا کہ بہت سی غلط باتوں کو ان کی طرف منسوب کر کے اپنے قد کو اونچا کیا اور لوگوں نے ان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ابن جریج اصلاً رومی تھے،مکہ کے محدثین میں سے تھے ،عہد تابعین میں اسرائیلی روایات کے مرکز و محور تھے،تفسیر طبری میں نصاری سے متعلق آیات کی تفسیر کا مدار انہی پر ہے، ان کے بارے میں علماء کے خیالات مختلف ہیں، بعض نے توثیق کی ہے تو بعض نے تضعیف بھی کی ہے ،بکثرت علماء آپ کو مدلس قرار دیتے ہیں اور آپ کی مرویات پر اعتماد نہیں کرتے، مگر بایں ہمہ امام احمد بن حنبلؒ ان کو علم کا خزانہ قرار دیتے ہیں، بہرحال ابن جریج سے منقول تفسیری روایات کو حزم و احتیاط کی نگاہ سے دیکھنا چاہئے۔
اہل کتاب کی روایات پر مشتمل کتب تفاسیر
کوئی ایسی کتاب جس میں خاص اسرائیلی(اہل کتاب کی) روایات کے جمع کرنے پر توجہ دی گئی ہوایسی تو کوئی تفسیر نہیں ہے، البتہ آیات کی تفسیر میں عموماً کتب تفاسیر میں اسرائیلی روایات بھی ذکر کی گئی ہیں، جس کا علم راوی کو دیکھ کر یا پھر ان کی بیان کردہ باتوں کو اصول شرعیہ کی روشنی میں پرکھ کر معلوم کیا جا سکتا ہے، مولانا اسیر ادروی صاحب کی ایک کتاب اردو میں” تفسیروں میں اسرائیلی روایات” کے نام سے آ چکی ہے ،جس کے مقدمہ میں اسرائیلی روایات سے متعلق عمدہ بحث اکٹھا کر دی ہے اور پھر جو اسرائیلی روایات ان کو معلوم ہو سکیں ان پر الگ الگ کلام کیا ہے اور معتبر تفاسیر سے ان کا اسرائیلی روایات کے قبیل سے ہونا بھی ظاہر کیا ہے، تفصیل کے لیے اسی کتاب کی طرف رجوع کیا جائے۔
یہاں پر چند عربی اور اردو تفاسیرکے نام لکھے جا رہے ہیں اور اردو میں صرف مستند تفاسیر کے نام لکھے گئے ہیں۔
عربی تفسیر مع اسمائے مفسرین
نمبر شمار | اسمائے مفسرین | اسمائے کتب تفسیر | سنِ وفات |
۱ | (منسوب)حضرت ابن عباسؓ | تنویر المقیاس من تفسیر ابن عباس | ۶۸ھ |
۲ | امام فخر الدین الرازیؒ | مفاتیح الغیب (المعروف) تفسیر کبیر | ۶۰۶ |
۳ | ابوعبداللہ محمد بن احمد بن ابوبکر بن فرح القرطبیؒ | الجامع الاحکام القرآن(المعروف) تفسیر قرطبی | ۶۷۱ھ |
۴ | حافظ عماد الدین ابوالفدا اسماعیل بن خطیب ابوحفص عمر بن کثیر الشافعیؒ | تفسیر ابن کثیر | ۷۷۴ھ |
۵ | قاضی ابوالسعود محمد بن محمد العمادی الحنفیؒ | ارشاد العقل السلیم الی مزایا القرآن الکریم (معروف) تفسیر ابی السعود | ۹۸۲ھ |
۶ | علامہ محمودآلوسی البغدادیؒ | روح المعانی فی تفسیر القرآن العظیم والسبع المثانی | ۱۲۷۰ھ |
۷ | ابومحمد حسین بن مسعود الفراء البغویؒ | معالم التنزیل | ۵۱۶ھ |
۸ | علامہ جلال الدین سیوطیؒ | الدارالمنثورفی التفسیربالماثور | ۹۱۱ ھ |
۹ | محمدبن جریر الطبری | جامع البیان فی تفسیر القرآن | ۳۱۰ھ |
۱۰ | ابوعبداللہ بن احمد النسفی | مدارک التنزیل | ۷۱۰ھ |
۱۱ | ابوحیان اندلسی | البحر المحیط | ۷۴۰ھ |
۱۲ | قاضی ناصر الدین بیضاوی | تفسیر بیضاوی | ۶۹۱ھ |
۱۳ | ابوالحسن علی بن محمد | لباب التاویل فی معانی التنزیل (تفسیر خازن) | ۷۴۱ھ |
۱۴ | ابوالقاسم محمود بن عمروبن احمد الزمخشری | الکشاف | ۵۳۸ھ |
۱۵ | ابو الفزج ابن الجوزی | زاد المسیر | ۵۹۷ھ |
۱۶ | ابوالفیض فیضی | سواطع الالہام | ۱۰۰۴ھ |
۱۷ | قاضی محمد بن علی بن محمد بن عبداللہ شوکانی | فتح القدیر | ۱۲۵۰ھ |
۱۸ | ملاجیونؒ | تفسیرات احمدی | ۱۱۳۰ھ |
۱۹ | قاضی ثناء اللہ پانی پتیؒ | تفسیر مظہری | ۱۲۴۰ھ |
۲۰ | علامہ جلال الدین محلی | جلالین | ۸۹۱ھ |
۲۱ | علامہ جلال الدین سیوطی | جلالین | ۹۱۱ھ |
۲۲ | شیخ طنطاوی بن جوہری | تفسیر الجواھر | ۱۳۵۸ھ |
۲۳ | سید قطب شہید | فی ظلال القرآن | ۱۳۸۵ھ |
۲۴ | الدکتوروھبۃ الزحیلی | التفسیر المنیر | باحیات |
اردو کتب تفسیر مع اسمائے مفسرین
نمبر شمار | اسمائے مفسرین | اسمائے کتب تفسیر | سنِ وفات |
۱ | حضرت شاہ عبدالعزیز دہلویؒ | تفسیر عزیزی | ۱۲۳۹ھ |
۲ | حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانویؒ | بیان القرآن | ۱۳۶۳ھ |
۳ | علامہ شبیر احمد عثمانیؒ | تفسیر عثمانی | ۱۳۶۹ھ |
۴ | حضرت مفتی محمد شفیع عثمانیؒ | معارف القرآن | ۱۳۹۶ھ |
۵ | حضرت مولانا عبدالماجد دریابادیؒ | تفسیر ماجدی | ۱۳۹۸ھ |
۶ | حضرت مولانا محمود حسن دیوبندیؒ | ترجمہ شیخ الہند | ۱۳۳۹ھ |
۷ | مولانا عبدالحق حقانیؒ | تفسیر حقانی | ۱۲۴۷ھ |
۸ | حضرت مولانا ادریس کاندھلوی | معارف القرآن ادریسی | |
۹ | مولانا عاشق الہی بلندشہری | انوار البیان فی کشف اسرار القرآن | |
۱۰ | مولانا ابوالکلام آزادؒ | ترجمان القرآن | ۱۳۷۷ھ |
۱۱ | مولانا عبدالقدیر حسرت صدیقی | تفسیر صدیقی | ۱۳۸۲ھ |
۱۲ | حضرت مولانا محمد نعیم صاحبؒ | انوار القرآن | ۱۴۲۹ھ |
۱۳ | مولانا احمد عثمان کاشف الہاشمیؒ | ہدایت القرآن | |
۱۴ | حضرت مولانا مفتی سعید احمد پالنپوری | تکمیل ہدایت القرآن(جاری) | باحیات |
۱۵ | حضرت مفتی محمد تقی عثمانی | توضیح القرآن | باحیات |
۱۶ | مولانا عبدالکریم پاریکھ | تشریح القرآن |
٭٭٭
ماخذ:
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید