ڈاؤن لوڈ کریں

 

پی ڈی ایف فائل

ورڈ فائل

ٹیکسٹ فائل

ای پب فائل

 

مکمل کتاب پڑھیں…..

 

اسماء الحسنیٰ

 

 

عثمان صفدر

 

جمع و ترتیب: اعجاز عبید

 

 

بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم

مقدمہ

 

اپنے مربی و محسن کی معرفت اور اس کے ساتھ اچھے تعلقات حقیقی وفاداری کی علامت ہے۔  وہ اللہ تعالیٰ ہی ہے جو اکیلا خالق و مالک ہے۔  وہی ہے جو مصور و رزاق ہے۔  انسان کے لئے اپنے خالق کی معرفت اور اس کا ادب و احترام انسان کی اپنی ضروریات سے بھی مقدم ہے ؛ کیونکہ یہی وفا ہے، اسی میں عزت ہے اور اسی میں حکم ربّانی کی تعمیل بھی ہے جس میں دنیا کی سعادت اور آخرت کی کامیابی بھی ہے۔  اللہ تعالیٰ پر ایمان، ایمان بالغیب میں سے ہے، اور عقل بھی ایک خالق کے وجود کا تقاضا کرتی ہے۔  یہ اللہ عز و جل کا احسان عظیم ہے کہ اس نے خود ہی اپنا تعارف اپنے پیارے ناموں کے ذریعہ بیان کیا ہے۔  لہٰذا اپنے خالق کو اسی کے بتائے ہوئے طریقہ سے جاننا اور اس کے ساتھ تعلق رکھنا شرعی فریضہ بھی ہے اور فطرتِ انسانی کا تقاضہ بھی ہے۔  ویسے تو اللہ تعالیٰ کے نام لا تعداد ہیں لیکن رب نے ہمیں محدود علم کی وجہ سے واقفیت بھی محدود ناموں سے ہی کروائی ہے جو قرآن و حدیث میں مذکور ہیں۔  جن میں سے کچھ ناموں کی مختصر وضاحت اس کتابچہ میں موجود ہے۔  یہ نام جہاں اللہ تعالیٰ کا تعارف ہیں وہیں خالق حقیقی سے تعلق کا سب سے مضبوط ذریعہ بھی ہیں۔  اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿وَلِلّٰہِ الْاَسْمَآءُ الْحُسْنیٰ فَادْعُوْہُ بھَا﴾(الاعراف:  180) اور اللہ کے اچھے اچھے نام ہیں، پس ان کے ذریعے سے اسے پکارو۔ لہٰذا ان ناموں کو جہاں سمجھنا ضروری ہے وہاں انہی ناموں کے وسیلہ سے اپنے رب سے مانگنا بھی ضروری ہے۔  ان ناموں پر صحیح کامل و مضبوط ایمان جہاں قلب مسلم میں رحمٰن کی محبت و انسیت پیدا کرتا ہے وہیں اس یکتا قادرِ مطلق پر اعتماد و بھروسہ بھی مضبوط کرتا ہے۔ اور پھر جو عبادت اس الواحد الاحد کی معرفت کے بعد ہو اس عبادت کا مزہ ہی کچھ اور ہوتا ہے۔  کیونکہ ایسی عبادت میں محبت بھی ہوتی ہے اور امید و خوف بھی۔  پھر ایک دائمی عبادت کا سلسلہ برقرار رہتا ہے۔  اللہ تعالیٰ کے پیارے ناموں کے حوالہ سے چند اہم باتیں جاننا ضروری ہیں:

1۔ اللہ تعالیٰ نے اپنا نام خود رکھا ہے

اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے اپنے نام خود رکھے ہیں۔  اللہ تعالیٰ کے تمام نام توقیفی ہیں (یعنی اس میں کسی کی رائے کی کوئی گنجائش نہیں) جو کہ قرآن و حدیث میں بیان کئے گئے ہیں۔  اللہ کے مبارک نام قرآن مجید کی آیات سے بھی ثابت ہوتے ہیں، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:  ﴿ہُوَ اللّٰہُ الْخَالِقُ الْبَارِیُِ الْمُصَوِّرُ﴾ (الحشر:  24) ترجمہ:  ’’ وہی ہے اللہ پیدا کرنے والا، وجود بخشنے والا، صورت بنانے والا‘‘۔  نیز اللہ تعالیٰ کے مبارک نام صحیح احادیث سے بہی ثابت ہوتے ہیں۔  جیسا کہ پیارے نبی صلی اللہ علیہ و سلم کا فرمان ہے:  ’إِنَّ اللّٰہَ جَمِیلٌ یُحِبُّ الْجَمَالَ‘۔ ترجمہ: اللہ تعالیٰ خوبصورت ہے اور خوبصورتی کو پسند کرتا ہے۔ (مسلم)

اللہ کا کوئی بھی ایسا نام جو قرآن مجید میں صرف کسی خاص موقعے پر کسی خاص وجہ سے استعمال ہوا ہو، وہ عمومی طور پر اللہ کا نام نہیں ہو سکتا، جیسا کہ قرآن میں ہے: ﴿اِنَّا مِنَ الْمُجْرِمِیْنَ مُنْتَقِمُوْنَ﴾۔ ترجمہ:  ’’ہم یقیناً ایسے مجرموں سے انتقام لے کر رہیں گے ‘‘۔ (السجدة: 22) ’المنتقم‘ جس کا معنی ہے انتقام لینے والا، یہ لفظ ایک خاص وجہ سے خاص موقعہ پر بولا گیا ہے۔

اسی طرح جو نام اسم فاعل کے وزن پر آیا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿فَالِقُ الْاِصْبَاحِ﴾۔  ترجمہ:  ’’ صبح کی روشنی کو نکالنے والا‘‘۔  (الانعام: 96)

بعض احادیث میں بھی کچھ الفاظ ذکر ہوئے ہیں، جیسے:  الزارع، الذارء۔  لہٰذا یہ الفاظ اللہ کے مبارک ناموں میں شمار نہیں کئے جاتے۔

ایک ہی صفت کے کئی ناموں کو ایک نام شمار نہیں کیا جاتا بلکہ انہیں الگ الگ نام شمار کیا جاتا ہے۔  جیسے:  القادر، القدیر، المقتدر۔  ان تینوں میں قدرت کی صفت ہے لیکن اس کے باوجود انہیں تین الگ الگ نام ہی شمار کیا جاتا ہے۔

اللہ تعالیٰ کے جو نام اکٹھے (ایک ساتھ) ذکر ہوئے ہیں انہیں ایک نام کی طرح ایک ساتھ ہی ذکر کرنا چاہئے، الگ الگ ذکر کرنا صحیح نہیں ہے۔  جیسے:  القابض، الباسط، المقدم المؤخر۔  یہ دو نام ایک ساتھ ہی ذکر ہوئے ہیں اس لئے انہیں ایک ساتھ ہی ذکر کرنا چاہئے۔  اور یہی اللہ تعالیٰ کی صفاتِ کمال کے لائق ہے۔

2۔ اسماء حسنیٰ پر ایمان تین بنیادی ارکان پر مشتمل ہے

وہ نام جو اللہ تعالیٰ نے اپنے لئے اپنی کتاب میں بیان کئے یا رسول اللہﷺ نے حدیث نبوی میں بیان کئے انہیں اللہ کیلئے تسلیم کرنا۔

اور ان ناموں کا تقاضا یہ ہے کہ دلائل کے ذریعہ انہیں ثابت کیا جائے، انہیں سمجھا جائے، اور ان کے مطابق عمل کیا جائے۔  ( یعنی جو نام رحمت سے متعلق ہیں ان کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے رحمت کی امید رکھی جائے، رحمت کا سوال کیا جائے، جو غیض و غضب سے متعلق ہیں ان کے ذریعے اللہ تعالیٰ کے غصہ و غضب سے ڈرا جائے، اور جو کرم و لطف سے متعلق ہیں ان کے ذریعے اللہ تعالیٰ کا کرم و لطف کا سوال کیا جائے۔)

اللہ تعالیٰ کو مخلوق میں کسی سے بھی مشابہت سے منزہ و پاک سمجھا جائے۔  فرمان باری تعالیٰ ہے: ﴿لَیْسَ کَمِثْلِہٖ شَیْءٌ وَہُوَالسَّمِیْعُ الْبَصِیْر﴾ (الشوری: ۱۱) ’’ اس جیسی کوئی چیز نہیں وہ سننے والا اور دیکھنے والا ہے ‘‘۔

یہ نام اللہ تعالیٰ کی صفاتِ کاملہ پر دلالت کرتے ہیں۔  ان کی کیفیات کا علم ہمیں نہیں ہے بلکہ ان کی کیفیت باری جل و علا کے سوا کوئی نہیں جانتا۔  کیونکہ یہ علم غیب ہے جس سے متعلق اللہ تعالیٰ نے ہمیں کوئی خبر نہیں دی۔ جب خبر نہیں دی گئی تو ان کیفیات کو جاننے کا کوئی اور راستہ نہیں جیسا کہ باری جل و علا نے ارشاد فرمایا: ﴿وَلَا یُحِیْطُوْنَ بِہٖ عِلْمًا﴾، ’’مخلوق کا علم اس کا احاطہ نہیں کر سکتا‘‘۔  (طہ:  110)

3۔ اللہ تعالیٰ کے تمام ’’حسنیٰ ‘‘ ہیں

اللہ تعالیٰ کے تمام نام الفاظ و معنی کے اعتبار سے "حسنیٰ” یعنی خوبصورت اور عمدہ ہیں۔  الفاظ کے اعتبار سے اس طرح کہ ان ناموں کے لئے اختیار کردہ الفاظ سے زیادہ مکمل لفظ کوئی اور نہیں، اور اسی طرح معنی کے اعتبار سے بھی خوبصورت معانی پر مشتمل ہیں، لہذا اپنے کمال و خوبصورتی کے ساتھ ان ناموں میں ذرہ برابر بھی کوئی نقص و عیب نہیں ہے۔  یہ نام اللہ تعالیٰ کی صفات کمال و جلال پر اس کی شان کے مطابق ہی دلالت کرتے ہیں۔  ان صفات کی کیفیت کا جاننا ممکن نہیں ہے لیکن ان ناموں کے معنی کا ادراک اور ان کے اثرات سے ایمان کو مزین کرنا اور ان ناموں کے ذریعہ سے اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنا ممکن ہے۔  لہذا کیفیت کا عدم علم اس عبادت میں رکاوٹ نہیں ہے۔

4۔  ’’اللہ تعالیٰ کے ناموں میں الحاد ‘‘کا معنی و مفہوم

ان سب یا کچھ ناموں کو اللہ تعالیٰ کے لئے ماننے سے انکار کر دینا، یا ناموں کا اقرار کرنا لیکن ان ناموں کو بے معنی سمجھنا یا ان ناموں سے وہ معنی مراد لینا جو ظاہری معنی کے خلاف ہو یا اللہ تعالیٰ کے ناموں میں مذکور صفات کو مخلوق کی صفات کے مشابہ یا مثل ماننا، یہ سب شکلیں الحاد کہلاتی ہیں۔  اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:

﴿وَذَرُوا الَّذِیْنَ یُلْحِدُوْنَ فِیْٓ اَسْمَاىِٕہٖ سَیُجْزَوْنَ مَا کَانُوْا یَعْمَلُوْنَ﴾ (سورۃ الأعراف 180)

اور ان لوگوں کو چھوڑ دو جو اس کے ناموں کے بارے میں سیدھے راستے سے ہٹتے ہیں، انہیں جلد ہی اس کا بدلہ دیا جائے گا جو وہ کیا کرتے تھے۔

5۔  ’’جو ان ناموں کا ’احصاء‘ کرے گا وہ جنت میں داخل ہو گا‘‘

اللہ تعالیٰ کے اسماء الحسنیٰ کسی تعداد میں منحصر نہیں ہیں، ان اسماء میں سے کچھ اللہ تعالیٰ نے بذریعہ وحی نازل فرما دیئے ہیں جو کہ قرآن و حدیث میں مذکور ہیں۔  اس کے علاوہ اللہ تعالیٰ کے جو بھی نام ہیں ان کا ہمیں علم نہیں، کیونکہ کچھ نام اس نے اپنے علمِ غیب میں ہی رکھے ہیں جن کی معرفت مخلوق کو عطا نہیں کی گئی۔  لہٰذا تعداد بھی مخلوق سے مخفی ہے۔

نبی صلی اللہ علیہ و سلم اپنی دعا میں اللہ تعالیٰ سے یوں مخاطب ہیں:  میں تجھ سے سوال کرتا ہوں تجھے تیرے ہر نام کا واسطہ دے کر جو نام تو نے خود اپنا رکھا ہے۔  اور وہ نام تو نے یا تو اپنی کتاب میں نازل فرمایا ہو یا پھر اپنے پاس ہی علم غیب میں اسے محفوظ رکھا ہو۔  ( احمد، طبرانی)

البتہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم کا یہ فرمان مبارک کہ:  "اللہ تعالیٰ کے ننانوے نام ہیں (ان کی فضیلت یہ ہے کہ) جو ان ناموں کا "احصاء” کرے گا وہ جنت میں داخل ہو گا”۔ (بخاری و مسلم) اس حدیث میں ان ننانوے ناموں کی فضیلت کا ذکر ہے جو کہ قرآن و حدیث میں بیان ہوئے ہیں، نہ کہ اللہ تعالیٰ کے ناموں کی تعداد ذکر کرنا مقصود ہے۔

حدیث میں مذکور لفظ ’’احصاء‘‘کا معنی

’’جو اللہ تعالیٰ کے ننانوے ناموں کا ’احصاء‘ کرے گا وہ جنت میں داخل ہو گا‘‘

احصاء کا معنی ان ناموں کو یاد (حفظ) کرنا اور ان پر ایمان رکھنا۔  اور پھر یہ ایمان اس بات کا متقاضی ہے کہ ان ناموں کے معنی و مفہوم کا صحیح علم ہو اور ان ناموں کے مطابق عمل بھی کیا جائے، ساتھ ساتھ ان ناموں سے حاصل ہونے والی تاثیر انسان کے دل، زبان اور بقیہ اعضائے جسم پر نظر بھی آئیں، جبکہ ان ناموں کے ساتھ ایسا تعلق رکھنے میں لوگ اپنی اپنی کوششوں کے حساب سے مختلف درجات رکھتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کا فضل بھی اسی حساب سے نصیب ہوتا ہے۔  اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں اپنی صحیح معرفت نصیب کرے، اور ہمیں توفیق دے کہ ہم اس کے پیارے ناموں اور عمدہ صفات کے ذریعہ سے اس کی پہچان حاصل کر کے ہمیشہ ہمیشہ صرف اسی کی عبادت کرتے رہیں۔

 

 

1۔ اللّٰہ

اللہ کا خاص نام جو اس کے معبودِ برحق ہونے پر دلالت کرتا ہے، اسی کے آگے تمام مخلوق محبت، تعظیم، انکساری کے ساتھ سر جھکاتی ہے، اپنی حاجت روائی اور مشکل کشائی کے لئے متوجہ ہوتی ہے، یہ نام اللہ تعالیٰ کے تمام اسماء کے معانی کا جامع ہے۔  قرآن کریم میں اس نام کا ذکر 2734 مرتبہ ہوا ہے۔

﴿إِنَّنِی أَنَا اللّٰہُ لَآ اِلٰہَ إِلَّا أَنَا فَاعْبُدْنِیْ وَأَقِمِ الصَّلٰوةَ لِذِکْرِیْ﴾

میں ہی اللہ ہوں، میرے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں ہے، پس تو میری بندگی کر اور میری یاد کے لئے نماز قائم کر۔  (طہ:  14)

2۔ الرحمٰن الرحیم

بے حد مہربان، رحم کرنے والا

یہ دونوں نام اللہ تعالیٰ کی ساری مخلوقات پر کامل رحمت کی علامت ہیں، کہ اسی نے انہیں پیدا کیا اور مکمل رہنمائی فرمائی، اسی طرح مؤمنوں کے لئے دنیا و آخرت میں خصوصی رحمتِ الٰہی پر بھی دلالت کرتے ہیں۔  قرآن مجید میں لفظ ’’الرحمٰن‘‘ 57 مرتبہ اور ’’الرحیم‘‘ 123 مرتبہ آیا ہے۔

﴿اَلرَّحْمٰنُOعَلَّمَ الْقُرْاٰنَ﴾

 اسی نے قرآن کی تعلیم دی۔  (الرحمٰن:  1۔ 2)

﴿اِنَّ اللّٰہَ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ﴾

بے شک اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔  (مزمل:  20)

3، 4، 5۔ الملک، الملیک، المالک

بادشاہ، مالک

جو آسمانوں زمینوں اور ان میں جو کچھ بھی ہے ان کا اکیلا مالک ہے۔  اس کے اوپر کسی کا حکم نہیں چلتا اور ہر چیز اس کے تابع ہے۔  وہ مالکِ کل ہے اور ہر چیز پر تصرف کا اختیار رکھتا ہے، اور "الملیک” کا مطلب ہے کہ اس کی بادشاہت عظیم اور بے پایاں ہے۔  قرآن میں اسم "الملک” 5 مرتبہ، "الملیک ” ایک مرتبہ اور "المالک ” 2 مرتبہ وارد ہوا ہے۔

﴿ہُوَ اَلْمَلِکُ الْقُدُّوْسُ﴾

(اللہ) حقیقی بادشاہ، انتہائی مقدس ہے (الحشر:  23)

﴿فِیْ مَقْعَدِ صِدْقٍ عِنْدَ مَلِیْکٍ مُّقْتَدِرٍ﴾

سچی عزت کی جگہ، مکمل قدرت والے بادشاہ کے قریب (القمر:  55)

﴿اللّٰہُمَّ مٰلِکَ الْمُلْکِ﴾

تمام جہاں کے مالک ! (آل عمران: 26)

6۔ القدوس

پاک ہر قسم کے عیوب و نقائص سے پاک۔  کیونکہ وہ جلال اور کمال کی صفات کا حامل ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام 2 مرتبہ آیا ہے۔

﴿الْمَلِکِ الْقُدُّوْسِ الْعَزِیْزِ الْحَکِیْمِ﴾

وہ بادشاہ، انتہائی مقدس، غالب اور حکمت والا ہے۔  (الجمعہ: 1)

7۔ السلام

سلامتی والا

وہ ذات جو ذاتی، صفاتی، عملی کمال کی وجہ سے ہر قسم کے عیوب و نقائص سے سلامتی والا ہے، وہ ساری مخلوقات کو سلامتی عطا فرماتا ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام ایک مرتبہ آیا ہے۔

﴿اَلْمَلِکُ الْقُدُّوْسُ السَّلٰمُ﴾

(اللہ ہی) بادشاہ، انتہائی مقدس، اور سلامتی والا ہے۔  (الحشر: 23)

8۔ المؤمن

امان دینے والا

وہ ذات جو اپنی وحدانیت کے دلائل سے اپنی صداقت بیان کرے، رسولوں اور ان کے پیرو کاروں کی تصدیق کرے، جو اپنے بندوں کو ظلم سے امان دے، وہ اپنے بندوں کو ایسے احکامات دیتا ہے، جن سے دلی اطمینان اور باہمی محبت وجود میں آتی ہے، وہی لوگوں کو دنیا و آخرت میں پیش آمدہ خوف سے امان دیتا ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام ایک بار آیا ہے۔

﴿الْقُدُّوْسُ السَّلٰمُ الْمُؤْمِنُ الْمُہَیْمِنُ الْعَزِیْزُ الْجَبَّارُ الْمُتَکَبِّرُ﴾

(اللہ) انتہائی مقدس، سراسر سلامتی، امان دینے والا، نگہبان، سب پر غالب اپنا حکم بزورِ طاقت نافذ کرنے والا، اور کبریائی والا ہے۔  (الحشر:  23)

9۔ المہیمن

نگہبان

جو اپنی مخلوقات کے افعال، رزق اور زندگی کا بندوبست فرماتا ہے، وہ اپنی مخلوق کے تمام احوال سے واقف ہے، وہی ان کی حفاظت و نگرانی اور نگہبانی کرتا ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام صرف ایک بار آیا ہے۔

﴿السَّلٰمُ الْمُؤْمِنُ الْمُہَیْمِنُ﴾

سراسر سلامتی، امن دینے والا، نگہبان(الحشر: 23)

10۔ العزیز

غالب

زور آور قوت، غلبہ اور بلند رتبہ والا۔ ساری مخلوقات اس کی قوت کے سامنے مغلوب اور سرنگوں ہیں۔ قرآن مجید میں یہ نام 92 مرتبہ آیا ہے۔

﴿وَاعْلَمْ اَنَّ اللّٰہَ عَزِیْزٌ حَکِیْمٌ﴾

خوب جان لے ! اللہ تعالیٰ غالب اور حکیم ہے۔ (البقرہ: 260)

11۔ الجبار

اپنا حکم بزور طاقت نافذ کرنے والا

بلند اعلیٰ اور اپنے حکم اور مشیت کو نافذ کرنے والا، مہربان، ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑنے والا۔ کمزور بے کس اور پناہ چاہنے والوں کو پناہ دینے والا۔  قرآن مجید میں یہ نام صرف ایک بار آیا ہے۔

﴿الْعَزِیْزُ الْجَبَّارُ الْمُتَکَبِّرُ﴾

(اللہ)سب پر غالب، اپنا حکم بزور طاقت نافذ کرنے والا، اور کبریائی والا ہے (الحشر: 23)

12۔ المتکبر

بڑائی والا

عظمت و کبریائی والا، اپنی مخلوقات کی صفات سے بلند تر، سرکشوں کو قابو کرنے والا، اللہ تعالیٰ کے علاوہ اس نام سے کسی اور کو موسوم کرنا صحیح نہیں۔  قرآن مجید میں یہ نام ایک مرتبہ آیا ہے۔

﴿الْعَزِیْزُ الْجَبَّارُ الْمُتَکَبِّرُ سُبْحٰنَ اللّٰہِ عَمَّا یُشْرِکُوْنَ﴾

(اللہ)سب پر غالب، اپنا حکم بزورِ طاقت نافذ کرنے والا، اور کبریائی والا ہے، اللہ تعالیٰ ان کے شریکوں سے بالکل پاک ہے۔ (الحشر:  23)

13، 14۔ الخالق، الخلاق

پیدا کرنے والا، خالق بغیر کسی سابق مثال کے خلقت کی ابتداء کرنے والا۔

’’الخلاق‘‘سے مراد کثرت سے اشیاء و مخلوقات کو وجود میں لانے والا۔  قرآن مجید میں اسم ’’الخالق‘‘ 8بار اور ’’الخلاق‘‘ 2مرتبہ وارد ہوا ہے۔

﴿ہُوَ اللّٰہُ الْخَالِقُ الْبَارِیُِ الْمُصَوِّرُ﴾

وہ اللہ ہی ہے پیدا کرنے والا، وجود بخشنے والا، صورت بنانے والا۔ (الحشر: 24)

﴿اِنَّ رَبَّکَ ہُوَ الْخَلّٰقُ الْعَلِیْمُ﴾

یقیناً تمہارا رب سب کا خالق ہے اور سب کچھ جانتا ہے۔ (الحجر: 86)

15۔ الباری

پیدا کرنے والا

عدم سے وجود میں لانے والا، اپنی بنائی ہوئی تقدیروں، اور فیصلوں کو اپنے طے کیے ہوئے طریقوں سے نافذ کرنے والا۔  قرآن مجید میں یہ نام 3 مرتبہ آیا ہے۔

﴿ہُوَ اللّٰہُ الْخَالِقُ الْبَارِیُِ الْمُصَوِّرُ لَہُ﴾

وہ اللہ ہی ہے پیدا کرنے والا عدم سے وجود بخشنے والا صورت بنانے والا۔ (الحشر: 24)

16۔ المصور

صورت گری کرنے والا

جو اپنی مرضی کے مطابق چیزوں کی تخلیق فرماتا ہے، اور ان چیزوں کو اپنی حکمت کے مطابق صورت دیتا ہے۔ قرآن مجید میں یہ نام ایک بار آیا ہے۔

﴿ہُوَ اللّٰہُ الْخَالِقُ الْبَارِیُِ الْمُصَوِّرُ﴾

وہ اللہ ہی ہے پیدا کرنے والا عدم سے وجود بخشنے والا صورت بنانے والا۔ (الحشر: 24)

17، 18، 19۔ الغفور، الغفار، غافر الذنوب

گناہ معاف کرنے والا

جو گناہوں کو معاف کرتا ہے اور ہر توبہ کرنے والے کی توبہ قبول کرتا ہے۔ اپنے بندوں کے گناہوں سے چشم پوشی کرتا ہے۔ اور ان کے اوپر اپنی الفت و رحمت کا سایہ کرتا ہے۔  ’’الغفار‘‘مبالغہ کا صیغہ ہے، بے انتہا مغفرت کرنے والا۔ قرآن میں ’’الغفور‘‘91 بار، ’’الغفار‘‘5 بار، ’’غافر الذنب‘‘ایک بار آیا ہے۔

﴿اِنَّ اللّٰہَ ہُوَ الْغَفُوْرُ الرَّحِیْمُ﴾

بے شک اللہ تعالیٰ بخشنے والا، اور نہایت رحم کرنے والا ہے۔ (الشوریٰ: 5)

﴿اَلَا ہُوَ الْعَزِیْزُ الْغَفَّارُ﴾

یقین مانو کہ وہی غالب اور بے حد بخشنے والا ہے (الزمر: 5)

﴿غَافِرِ الذَّنْبِ وَقَابِلِ التَّوْبِ﴾

گناہ معاف اور توبہ قبول کرنے والا ہے (غافر: 3)

20، 21۔ القاھر، القہار

غالب

جس کے آگے تمام مخلوقات اور سارے زور آور سرنگوں ہیں، ہر چیز پر اس کو مکمل غلبہ حاصل ہے، کائنات کی ہر چیز اس کی عظمت، جلال اور کبریائی کی وجہ سے اس کی اطاعت گزار ہے۔ قرآن مجید میں اسم ’’القاہر‘‘ دو مرتبہ اور اسم ’’القہار‘‘6 مرتبہ آیا ہے۔

﴿وَّہُوَ الْوَاحِدُ الْقَہَّارُ﴾

وہ یکتا ہے، سب پر غالب۔  (الرعد16)

﴿وَہُوَ الْقَاہِرُ فَوْقَ عِبَادِہِ﴾

وہ اپنے بندوں پر مکمل اختیار رکھتا ہے۔ (الانعام18)

22۔ الوہاب

داتا، فیاض

جس کی بے پناہ سخاوت تمام مخلوقات پر پھیلی ہوئی ہے، جس کو جو چاہتا ہے بے حد دیتا ہے:  ہدایت، رزق، شفا وغیرہ۔ قرآن مجید میں یہ نام3بار آیا ہے۔

﴿اَمْ عِنْدَہُمْ خَزَاىِٕنُ رَحْمَةِ رَبِّکَ الْعَزِیْزِ الْوَہَّابِ﴾

کیا تیرے داتا اور غالب پروردگار کی رحمت کے خزانے ان کے قبضے میں ہیں ؟(ص: 9)

23، 24۔ الرزاق، الرازق

بے حد رزق دینے والا

جو اپنی تمام مخلوقات کو رزق دیتا ہے اور اپنے مومن بندوں کے لیے اس کی خاص عنایتیں ہیں، مثلاً: ایمان کی نعمت عطا فرمانا، نفع دینے والا علم، رزق حلال عنایت کرنا، ’’رزّاق‘‘ سے مراد کثرت سے رزق عطا فرمانے والا۔ قرآن مجید میں اسم ’’الرازق‘‘5 بار، اور ’’الرزاق‘‘ایک بار آیا ہے۔

﴿وَارْزُقْنَا وَاَنْتَ خَیْرُ الرّٰزِقِیْنَ﴾

ہم کو رزق دے اور تو بہترین رازق ہے۔ (المائدہ: 114)

﴿اِنَّ اللّٰہَ ہُوَ الرَّزَّاقُ ذُو الْقُوَّةِ الْمَتِیْنُ﴾

بے شک اللہ ہی کثرت سے رزق دینے والا، طاقت والا اور بہت مضبوط ہے۔ (الذاریات: 58)

25۔ الفتاح

خوب فیصلہ کرنے والا

اپنے بندوں کے درمیان بہترین فیصلہ کرنے والا جو ان کے اوپر رزق اور رحمت اور آسانیوں کے دروازے کھولتا ہے، اور ان کے لیے اسباب پیدا کرتا ہے۔ قرآن مجید میں اس نام کا ذکر ایک بار آیا ہے۔

﴿وَہُوَ الْفَتَّاحُ الْعَلِیْمُ﴾

وہ زبردست فیصلہ کرنے والا اور سب کچھ جاننے والا ہے۔ (سبا: 26)

26، 27، 28۔ العلیم، العالم، علام الغیوب

عالم، غیب کا علم جاننے والا

جس کا علم اشیاء کے ظاہر و باطن نیز ان کی کھلی اور چھپی خصائص پر حاوی ہے، اس سے کوئی چیز پوشیدہ نہیں، جو ہو گیا یا ہونے والا ہے سب جانتا ہے۔  قرآن میں "العلیم” 157 مرتبہ، "العالم ” 13 مرتبہ اور ’’ علام الغیوب ‘‘ 4 مرتبہ وارد ہوا ہے۔

﴿اِنَّ اللّٰہَ وَاسِعٌ عَلِیْمٌ﴾

اللہ بڑی وسعت والا اور سب کچھ جاننے والا۔  (البقرہ:  115)

﴿عٰلِمُ الْغَیْبِ وَالشَّہَادَةِ﴾

وہ پوشیدہ اور ظاہر ہر چیز کا جاننے والا ہے (الانعام: 73)

﴿اِنَّکَ اَنْتَ عَلَّامُ الْغُیُوْبِ﴾

بے شک تو ہی تمام پوشیدہ چیزوں کو جانتا ہے (المائدۃ:  109)

29، 30۔ القابض، الباسط

روحیں قبض کرنے والا، رزق کو تنگ اور کشادہ کرنے والا رزق

روح اور جانوں کو قبض کرنے والا۔ رزق، رحمت اور دلوں کو کھولنے والا، وہ اپنے ہاتھوں کو پھیلاتا ہے تاکہ مومنین اس کی طرف رجوع کریں۔ ان دونوں ناموں کو الگ الگ کرنا درست نہیں ہے۔ قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے، البتہ حدیث میں ثابت ہے۔

حدیث

نبی صلی اللہ علیہ و سلم کا فرمان ہے:

إِنَّ اللہَ ہُوَ المُسَعِّرُ، القَابِضُ، البَاسِطُ۔

اللہ تعالیٰ ہی قیمتیں مقرر فرماتا ہے، وہی رزق تنگ اور کشادہ کرنے والا ہے۔ (ترمذی)

31۔ السمیع

سب کچھ سننے والا

جو تمام راز کی باتوں اور سرگوشیوں کو سنتا ہے۔  جو اپنے بندے کے اقوال اور اپنی مخلوقات کی تمام بولیوں کو سنتا ہے، اس سے کوئی بھی بات چھپی نہیں رہ سکتی، وہ مانگنے والوں کی دعائیں سنتا اور قبول فرماتا ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام 45 بار آیا ہے۔

﴿وَہُوَ السَّمِیْعُ الْبَصِیْرُ﴾

وہ سب کچھ سننے والا اور دیکھنے والا ہے۔ (الشوریٰ: 11)

32۔ البصیر

سب کچھ دیکھنے والا

وہ ہستی جس کی نظروں سے کائنات کی کوئی ادنیٰ ترین اور پوشیدہ ترین چیز بھی چھپی نہیں ہے، وہ ہر چیز سے باخبر ہے۔ قرآن مجید میں یہ نام 42بار آیا ہے۔

﴿اِنَّہٗ بِعِبَادِہٖ خَبِیْرٌ بَصِیْرٌ﴾

وہ یقیناً اپنے بندوں کے بارے میں باخبر، اور سب کچھ دیکھنے والا ہے۔ (الشوریٰ: 27)

33، 34۔ الحکم، خیر الحاکمین، حاکم

بہترین فیصلہ کرنے والا

وہ جو اپنے بندوں کے لیے دنیا و آخرت کے شرعی، تقدیری، اور جزائی فیصلے عدل و انصاف کے ساتھ کرتا ہے۔  قرآن مجید میں اسم ’’الحکم‘‘ ایک بار، ’’احکم الحاکمین‘‘ 5 بار آیا ہے۔

﴿اَفَغَیْرَ اللّٰہِ اَبْتَغِیْ حَکَمًا﴾

تو کیا میں اللہ کے سوا کوئی فیصلہ کرنے والا تلاش کروں ؟(الانعام: 114)

﴿وَھُوَ خَیْرُ الْحٰکِمِیْنَ﴾

اور وہی بہترین فیصلہ کرنے والا ہے۔ (یونس: 109)

35۔ اللطیف

مہربان، باریک بین

جس کو باریک ترین اور خفیہ ترین اشیاء کا بھی علم ہے، جو اپنے بندوں تک خفیہ طریقوں سے اپنی رحمتیں پہنچاتا ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام 7 بار آیا ہے۔

﴿وَہُوَ اللَّطِیْفُ الْخَبِیْرُ﴾

وہ نہایت باریک بین اور با خبر ہے۔  (الانعام:  103)

36۔ الخبیر

با خبر

اشیاء کے ظاہر و باطن سے یکساں اور کامل واقفیت رکھنے والا۔  قرآن میں یہ نام 45 بار آیا ہے۔

﴿قَالَ نَبَّاَنِیَ الْعَلِیْمُ الْخَبِیْرُ﴾

مجھے اس نے خبر دی جو سب کچھ جانتا اور خوب با خبر ہے۔  (التحریم:  3)

37۔ الحلیم

بے حد بردبار

اپنے بندوں کو سزا دینے میں جلدی نہیں کرتا، اور ان کو توبہ کرنے اور اس کی طرف واپس پلٹنے کی مہلت عطا کرتا ہے، جبکہ وہ عذاب دینے پر پوری طرح قادر ہے۔ قرآن مجید میں اس نام کا ذکر11 بار ہوا ہے۔

﴿اِنَّ اللّٰہَ غَفُوْرٌ حَلِیْمٌ﴾

بے شک اللہ بخشنے والا، اور بے حد برد بار ہے۔ (آل عمران: 155)

38۔ العظیم

عظمت والا

عظمت، بزرگی اور کبریائی کی صفات رکھنے والا، اپنی ذات، اور اسماء و صفات میں عظمت والا، دل، زبان، اور اعضاء سے اللہ تعالیٰ کی تعظیم کی طرح کسی اور کی تعظیم کرنا کسی صورت درست نہیں ہے۔ قرآن مجید میں یہ نام 9 مرتبہ وارد ہوا ہے۔

﴿وَلَا یَٔوْدُہٗ حِفْظُہُمَا ۚ وَ ھُوَ الْعَلِیُّ الْعَظِیْمُ﴾(البقرہ255)

آسمان و زمین کی نگہبانی اس کے لئے کوئی تھکا دینے والا کام نہیں ہے بس وہی بلند اور عظمت والا ہے۔

39، 40۔ الشاکر، الشکور

قدردان

وہ جو معمولی اطاعت کے کام کی بھی قدر کرتا ہے اور ان پر ثوابِ کثیر عطا فرماتا ہے، معمولی شکر کو بھی قبول فرما لیتا ہے۔  قرآن مجید میں ’’الشاکر‘‘ 2 مرتبہ، اور ’’الشکور‘‘ 4 مرتبہ آیا ہے۔

﴿وَاللّٰہُ شَکُوْرٌ حَلِیْمٌ﴾

اللہ بڑا قدر دان اور بردبار ہے۔ (التغابن: 17)

﴿فَاِنَّ اللّٰہَ شَاکِرٌ عَلِیْمٌ﴾

بے شک اللہ تعالیٰ قدر کرنے والا اور جاننے والا ہے۔ (البقرہ: 158)

41، 42، 43۔ العلیٰ، الا ٔ علیٰ، المتعال

بزرگ و برتر، بلند صفتوں والا

وہ جسے اپنی ذات، صفات اور قدر و منزلت کے تمام پہلوؤں سے ہمیشہ اور ہر طرح کی بزرگی و برتری حاصل ہو، وہ غالب اور قاہر ہے اپنی تمام مخلوقات پر اور کائنات کی ہر چیز اس کے تابع اور غلام ہے۔  قرآن مجید میں ’’العلیٰ‘‘ 8 بار، ’’الا ٔعلیٰ‘‘ 2 بار اور "المتعال‘‘ ایک بار وارد ہوا ہے۔

﴿وَ ھُوَ الْعَلِیُّ الْعَظِیْمُ﴾

وہی برتر اور عظمت والی ذات ہے۔ (البقرہ: 255)

﴿سَبِّحِ اسْمَ رَبِّکَ الْاَعْلَى﴾

(اے نبیﷺ) اپنے رب برتر کے نام کی تسبیح بیان کیجئے۔ (الأعلیٰ:  1)

﴿عٰلِمُ الْغَیْبِ وَالشَّہَادَةِ الْکَبِیْرُ الْمُتَعَال﴾

وہ پوشیدہ اور ظاہر ہر چیز کا عالم ہے، وہ بہت بڑا ہے اور ہر حال میں بالا تر رہنے والا ہے۔ (الرعد:  9)

44۔ الکبیر

بہت بڑا

عظمت، جلال و کبریائی سے متصف، اپنی ذات و صفات اور افعال میں عظیم ترین۔  قرآن مجید میں یہ نام 6 مرتبہ آیا ہے۔

﴿عٰلِمُ الْغَیْبِ وَالشَّہَادَةِ الْکَبِیْرُ الْمُتَعَالِ﴾

وہ پوشیدہ اور ظاہر ہر چیز کا عالم ہے، وہ بہت بڑا اور ہر حال میں بالاتر رہنے والا ہے۔ (الرعد: 9)

45، 46۔ الحافظ، الحفیظ

حفاظت کرنے والا

وہ زمینوں آسمانوں اور ان کے درمیان جو کچھ ہے ان کی حفاظت کرتا ہے، مخلوقات کے اعمال کا مکمل احاطہ کرتا ہے اور اپنے مومن بندوں کو تباہی، شیطانی کے شراور گناہوں میں پڑ جانے سے محفوظ رکھتا ہے۔ قرآن مجید میں دونوں نام تین تین بار آئے ہیں۔

﴿فَاللّٰہُ خَیْرٌ حٰفِظًا﴾

اللہ ہی بہتر محافظ ہے۔ (یوسف: 65)

﴿اِنَّ رَبِّیْ عَلیٰ کُلِّ شَیْءٍ حَفِیْظٌ﴾

یقیناً میرا رب ہر چیز پر نگراں ہے۔ (ہود: 57)

47۔ المقیت

قادر

روزی دینے والا مکمل قدرت رکھنے والا، اپنی تمام مخلوقات کو اپنے علم کی روشنی میں روزی دینے والا اور ان کی حفاظت کرنے والا۔ قرآن مجید میں یہ نام ایک بار آیا ہے۔

﴿وَ کَانَ اللّٰہُ عَلیٰ کُلِّ شَیْءٍ مُّقِیْتًا﴾

اور اللہ تعالیٰ ہر چیز کو روزی دینے والا ہے۔ (النساء: 85)

48۔ الحسیب

بھروسہ کرنے والوں کے لیے کافی ہے

اور حساب لینے والا بھروسہ کرنے والوں کے لیے کافی ہے، اپنے بندوں کے اقوال سے باخبر ہے اور اپنے علم و حکمت کے تقاضوں کے مطابق ان کو جزا دیتا ہے، اپنے مومن بندوں کے لیے کافی۔ قرآن مجید میں یہ نام 3 بار آیا ہے۔

﴿وَ کَفٰى بِاللّٰہِ حَسِیْبًا﴾

اور حساب لینے کے لیے اللہ ہی کافی ہے۔ (النساء: 6)

49، 50۔ الکریم، الأکرم

بے حد عطا کرنے والا

بے حد عطا کرنے والا اور نفع پہچانے والا، جو بغیر کسی بدلہ کے احسان کرتا ہے، ’’الأکرم‘‘ بہت سخاوت کرنے والا، جس کا کوئی مد مقابل نہ ہو۔  ’’الکریم‘‘ قرآن کریم میں 3 بار، اور ’’الأکرم‘‘ایک بار ذکر ہوا ہے۔

﴿یٰٓاَیُّہَا الْاِنْسَانُ مَا غَرَّکَ بِرَبِّکَ الْکَرِیْمِ﴾

اے انسان کس چیز نے تمہیں اپنے رب کریم کی طرف سے دھوکہ میں ڈال دیا۔ (الانفطار: 6)

﴿اِقْرَاْ وَرَبُّکَ الْاَکْرَمُ﴾

پڑھو اور تمہارا رب بڑا کریم ہے۔ (العلق: 6)

51۔ الرقیب

نگران و نگہبان

ایسا نگہبان جس کا علم ہر شے پر محیط ہے، اس کی سماعت ہر سنی جانے والی چیز پر، اس کی بصارت ہر دیکھی جانے والی چیز پر حاوی ہے، اس سے کوئی بھی شے پوشیدہ نہیں رہ سکتی۔ قرآن مجید میں یہ نام 3 بار آیا ہے۔

﴿وَ کَانَ اللّٰہُ عَلیٰ کُلِّ شَیْءٍ رَّقِیْبًا﴾

اور اللہ ہر چیز پر نگراں و نگہبان ہے۔ (الاحزاب: 52)

52۔ المجیب

دعائیں قبول کرنے والا

جو دعاؤں کو قبول کرتا ہے، مانگنے والوں کو عطا کرتا ہے۔ قرآن میں یہ نام ایک بار آیا ہے۔

﴿اِنَّ رَبِّیْ قَرِیْبٌ مُّجِیْبٌ﴾

بے شک میرا رب قریب اور دعائیں قبول کرنے والا ہے۔ (ہود: 61)

53۔ الواسع

وسعت والا

وہ جس کی رحمت اور علم ہر چیز پر حاوی ہے، اور جس کا رزق اس کی تمام مخلوقات کے لئے کافی ہے، کوئی اس کی ثناء شمار نہیں کر سکتا۔ قرآن میں یہ نام 9 مرتبہ آیا ہے۔

﴿اِنَّ اللّٰہَ وَاسِعٌ عَلِیْمٌ﴾

اللہ بڑی وسعت والا اور سب کچھ جاننے والا ہے۔  (البقرہ:  115)

54۔ الحکیم

بہت حکمت والا

جس کی کمالِ حکمت تقدیروں، احکامات، اور قیامت کے دن کے فیصلوں میں موجود ہے۔  اسی نے ہر چیز عمدہ انداز سے پیدا کی، وہ کسی چیز کو بیکار و بے مقصد پیدا نہیں کرتا، اور نہ ہی حکمت سے عاری کوئی بھی شرعی حکم اور فیصلہ صادر فرماتا ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام 91 مرتبہ آیا ہے۔

﴿وَ ہُوَ الْعَزِیْزُ الْحَکِیْمُO﴾

اور وہ غالب اور حکمت والا ہے۔  (الجمعہ:  3)

55۔ الودود

بے حد محبت کرنے والا

وہ جو اپنے نبیوں، رسولوں اور ان کی پیروی کرنے والوں سے محبت کرتا ہے، اور وہ اس سے محبت کرتے ہیں، وہ ایسا محبوب ہے کہ بندے کی اپنی جان، اولاد اور تمام محبوب چیزوں سے بڑھ کر محبت کا حقدار ہے۔ قرآن مجید میں اس لفظ کا ذکر2 مرتبہ ہوا ہے۔

﴿اِنَّ رَبِّیْ رَحِیْمٌ وَّدُوْدٌ﴾

بے شک میرا رب بے حد رحیم اور بہت زیادہ محبت کرنے والا ہے۔ (ہود: 90)

56۔ المجید

بڑا، بزرگ

بڑی شان والا جو تمام صفاتِ کمال سے متصف ہے، وہ خود بھی عظیم اور اس کے تمام افعال بھی عظیم، بے حد کرم کرنے والا، ساری مخلوقات اسی کی عظمت کے گن گاتی ہیں۔  قرآن میں یہ نام 2 مرتبہ آیا ہے۔

﴿اِنَّہٗ حَمِیْدٌ مَّجِیْدٌ﴾

بے شک اللہ نہایت قابلِ تعریف اور بڑی شان بزرگی والا ہے۔  (ہود:  73)

57۔ الشھید

گواہ

وہ جس سے ذرہ برابر بھی کوئی چیز زمین یا آسمان میں کہیں بھی پوشیدہ نہیں ہے، وہ ہر چیز سے باخبر ہے انہیں دیکھ رہا ہے اور ان کی تمام تفاصیل کا اسے علم ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام 18 بار آیا ہے۔

﴿وَ کَفیٰ بِاللّٰہِ شَہِیْدًا﴾

اور اللہ تعالیٰ بطور گواہ کافی ہے۔ (النساء: 166)

58۔ الحق

سچا

مالک جس کا وجود بر حق ہے، جو حقیقت میں معبودِ برحق ہے، وہی رب اور بادشاہ ہے۔  اپنے افعال و صفات میں صاحبِ کمال ہے، اس کا کلام، فیصلے، وعدے اور شریعت حق ہیں۔  قرآن مجید میں یہ نام 10 مرتبہ وارد ہوا ہے۔

﴿فَتَعٰلَى اللّٰہُ الْمَلِکُ الْحَقُّ﴾

چنانچہ اللہ تعالیٰ ہی بادشاہ اور حق ہے۔ (طہ: 114)

59، 60۔ الوکیل، الکفیل

کارساز، ضامن

اپنی تمام مخلوقات کے رزق اور تمام حاجات کا متولی و ضامن ہے اور جو اس کی پناہ چاہے اس کے لیے کافی ہے، اپنے اولیا کی مشکلوں کو آسان کرتا ہے، ’’الکفیل‘‘ گواہ کے معنی میں ہے، تاہم محافظ اور ضامن بھی کہا جا سکتا ہے۔ قرآن مجید میں اسم ’’الوکیل‘‘ 14 بار اور ’’الکفیل‘‘ ایک بار آیا ہے۔

﴿وَ کَفٰى بِاللّٰہِ وَکِیْلًا﴾

اللہ ہی کافی کارساز ہے۔ (النساء: 81)

﴿وَ قَدْ جَعَلْتُمُ اللّٰہَ عَلَیْکُمْ کَفِیْلًا﴾

اور تم اللہ کو اپنا گواہ اور ضامن بنا چکے ہو۔ (النحل: 91)

61۔ القوی

قوی، زور آور

جس کو مکمل قدرت اور طاقت حاصل ہے اس پر کوئی غالب نہیں آ سکتا اور جس کے فیصلے کو کوئی رد نہیں کر سکتا اس کے احکام اور فیصلے نافذ ہوتے ہیں، وہ اپنے مؤمن بندوں کی مدد کرتا ہے نیز اپنی وحدانیت اور آیات کا انکار کرنے والوں کو کڑی سزا دیگا۔  قرآن مجید میں یہ نام ۹ مرتبہ آیا ہے۔

﴿وَہُوَ الْقَوِیُّ الْعَزِیْزُ﴾

وہ بڑی قوت والا اور زبردست ہے (الشوریٰ:  19)

62۔ المتین

بہت طاقتور بے حد طاقت والا جس کی قوت دائمی ہے کبھی نہ ختم ہونے والی اور جس کو اپنے کاموں میں کوئی مشقت پیش آتی ہے نہ اسے تھکن محسوس ہوتی ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام ایک بار آیا ہے۔

﴿اِنَّ اللّٰہَ ہُوَ الرَّزَّاقُ ذُو الْقُوَّةِ الْمَتِیْنُ﴾

اللہ سب کو بہت رزق دینے و الا اور بڑی قوت والا اور بہت مضبوط ہے۔ (الذاریات: 58)

63، 64۔ الولی المولیٰ

مددگار، مالک

مددگار، تمام امور کا متولی اور سرپرست، وہی تمام مخلوقات کا مالک حقیقی ہے، وہی خالق و رازق ہے اور وہی سب کا معبود برحق ہے اپنے مومن بندوں سے خصوصی محبت کرتا ہے۔ اور ان کا حقیقی کارساز ہے۔ اسم ’’الولی‘‘ قرآن مجید میں 15 مرتبہ اور ’’المولیٰ‘‘ 12 مرتبہ آیا ہے۔

﴿وَ ہُوَ الْوَلِیُّ الْحَمِیْدُ﴾

وہی کارساز اور تعریف کے لائق ولی ہے۔ (الشوریٰ: 28)

﴿نِعْمَ الْمَوْلٰى وَ نِعْمَ النَّصِیْرُ﴾

اور وہ بہترین حامی و بہترین مدد گار ہے۔ (الانفال: 40)

65۔ الحمید

تعریف کے لائق

جس کے تمام افعال، اقوال، اسماء و صفات، شریعت و تقدیر سب قابل تعریف ہیں، ہر حالت میں اس کی تعریف کی جاتی ہے، وہ اپنی صفاتِ کمال، اور مخلوقات پر احسانات کی وجہ سے تعریفوں کا مستحق ہے۔ قرآن مجید میں یہ نام 17 بار آیا ہے۔

﴿اِنَّہٗ حَمِیْدٌ مَّجِیْدٌ﴾

بے شک اللہ نہایت قابلِ تعریف اور بڑی شان والا ہے۔  (ہود:  73)

66۔ الحی

زندہ رہنے والا وہ جسے موت نہیں آتی، اور جس کی زندگی کامل زندگی ہے، جس میں کمال کی تمام صفات موجود ہیں، اور ہر قسم کے نقص سے پاک ہے، اور اس کی کامل زندگی کا تقاضا ہے کہ اسے نیند تو کیا اونگھ بھی نہ آئے۔ قرآن مجید میں یہ نام 5 مرتبہ آیا ہے۔

﴿اَللّٰہُ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ اَلْحَیُّ الْقَیُّوْمُ﴾

اللہ، اس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، زندہ ہمیشہ رہنے والا۔  (البقرہ:  255)

67۔ القیوم

قائم رہنے والا

وہ ذات جو اپنے آپ قائم ہے، اور کسی کی محتاج نہیں، اور جس نے ہر چیز قائم کی، اور اس کے سوا ہر ایک اس کا محتاج ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام 3 مرتبہ آیا ہے۔

﴿اَللّٰہُ آ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ اَلْحَیُّ الْقَیُّوْمُ﴾

اللہ کے سوا کوئی معبود بر حق نہیں، وہی زندہ اور قائم رہنے والی ذات ہے۔  (البقرہ: 255)

68، 69۔ الاحد، الواحد

ایک، لا ثانی

تنہا جس کا کوئی ساتھ نہیں، اپنی ذات، صفات، افعال، ربوبیت اور الوہیت میں منفرد، یکتا عبادت کا حق دار۔  ’’الواحد‘‘ کا ذکر قرآن مجید میں 22 مرتبہ اور ’’الاحد‘‘ کا ذکر ایک بار ہوا ہے۔

﴿وَ ہُوَ الْوَاحِدُ الْقَہَّارُ﴾

اور وہ یکتا ہے، سب پر غالب (الرعد: 16)

﴿قُلْ ہُوَ اللّٰہُ أَحَدٌ﴾

کہو اللہ یکتا ہے (الاخلاص: 1)

70۔ الصمد

بے نیاز

مالکِ کل، تمام مخلوقات جس کی طرف رجوع کرتی ہیں، وہی انہیں درپیش مسائل میں ان کی حاجت روائی کرتا ہے وہ ذات جس کی طرف تمام دل محبت اور خشیت کے ساتھ رجوع کرتے ہیں۔ قرآن مجید میں یہ نام ایک بار آیا ہے۔

﴿اَللّٰہُ الصَّمَدُ﴾

اللہ بے نیاز ہے۔ (الاخلاص: 2)

71، 72، 73۔ القادر، القدیر، المقتدر

بے انتہا مکمل قدرت والا

جو ہر چیز پر قادر ہے، زمین و آسمان میں کوئی اس کو بے بس نہیں کر سکتا، ’’المقتدر‘‘ صفت قدرت میں مبالغہ (زیادتی) کا معنیٰ رکھتا ہے۔  ’’القدیر‘‘ یعنی: کامل قدرت والا۔ قرآن مجید میں اسم ’’القادر‘‘ 12 مرتبہ، ’’القدیر‘‘ 45 بار، اور ’’المقتدر‘‘ 4 بار ذکر ہوا ہے۔

﴿قُلْ ہُوَ الْقَادِرُ عَلٰٓی اَنْ یَّبْعَثَ عَلَیْکُمْ عَذَابًا مِّنْ فَوْقِکُمْ اَوْ مِنْ تَحْتِ اَرْجُلِکُمْ﴾

کہہ دیجئے وہ اس پر قادر ہے کہ تم پر کوئی عذاب اوپر سے نازل کر دے یا تمہارے قدموں کے نیچے سے برپا کر دے۔ (الانعام: 65)

﴿وَ ہُوَ عَلیٰ کُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ﴾

اور وہ ہر چیز پر قادر ہے (الروم: 50)

﴿فِیْ مَقْعَدِ صِدْقٍ عِنْدَ مَلِیْکٍ مُّقْتَدِرٍ﴾

سچی عزت کی جگہ، مکمل قدرت والے بادشاہ کے قریب (القمر: 55)

74، 75۔ المقدم المؤخر

آگے بڑھانے والا، پیچھے ہٹانے والا

جو چیزوں کے درجات طے کرتا ہے، پھر اپنے علم و حکمت اور عدل کے تقاضوں کے مطابق جسے چاہتا ہے آگے بڑھاتا اور جسے چاہتا ہے پیچھے ہٹا دیتا ہے، مخلوق کی پیدائش سے پہلے ان کی قسمتیں طے فرماتا ہے، وہ جسے آگے بڑھا دے اس کو کوئی پیچھے نہیں کر سکتا، اور جسے وہ پیچھے کر دے اسے کوئی آگے نہیں کر سکتا۔  قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے، البتہ حدیث میں ثابت ہے۔

حدیث

اَنْتَ المُقَدِّمُ، وَ أَنْتَ المُؤَخِّرُ

تو ہی آگے بڑھانے والا اور پیچھے ہٹانے والا ہے۔ (بخاری: 1120)

76، 77۔ الأٔول، الآخر

اول و آخر

اول: وہ جس سے قبل کچھ نہ تھا اور اس کے علاوہ سب عدم سے وجود میں آیا۔ آخر:  باقی رہنے والا، جس کے وجود کی کوئی انتہا نہیں، اور اس کے بعد کچھ نہیں۔ قرآن مجید میں یہ دونوں نام ایک ایک مرتبہ آئے ہیں۔

﴿ہُوَ الْاَوَّلُ وَ الْاٰخِرُ وَ الظَّاہِرُ وَ الْبَاطِنُ وَ ہُوَ بِکُلِّ شَیْءٍ عَلِیْمٌ﴾

وہی اول بھی ہے اور آخر بھی، ظاہر بھی ہے اور مخفی بھی اور وہ ہر چیز کا علم رکھتا ہے۔  (الحدید: 3)

78، 79۔ الظاہر، الباطن

ظاہر و مخفی

یعنی ہر چیز پر غالب، کوئی اس سے بلند نہیں، چنانچہ وہی سب سے بلند ہے۔  الباطن:  مخفی، تمام چیزوں سے قریب ترین اور تمام نیتوں اور ارادوں سے آگاہ، اس سے زیادہ قریب کوئی نہیں۔  قرآن مجید میں یہ دونوں نام ایک مرتبہ آئے ہیں۔

﴿ہُوَ الْاَوَّلُ وَالْاٰخِرُ وَالظَّاہِرُ وَالْبَاطِنُ وَہُوَ بِکُلِّ شَیْءٍ عَلِیْمٌO﴾

وہی اول بھی ہے اور آخر بھی، ظاہر بھی ہے اور مخفی بھی اور وہ ہر چیز کا علم رکھتا ہے۔  (الحدید: 3)

80۔ البر

محسن

ظاہری اور باطنی نعمتوں میں ڈھانپ دینے والا، جس کے احسانات سے اس کی مخلوق ایک لمحہ کے لیے بھی بے نیاز نہیں ہو سکتی، وہ نیکی کرنے والے مسلمانوں کو کئی گنا زیادہ ثواب و جزا سے نوازتا ہے، ان کے گناہوں کو معاف کرتا ہے اور وعدوں کو پورا کرتا ہے۔  قرآن مجید میں اس نام کا ذکر ایک بار ہوا ہے۔

﴿اِنَّہٗ ہُوَ الْبَرُّ الرَّحِیْمُ﴾

وہ واقعی بڑا ہی محسن اور رحیم ہے۔ (طور: 28)

81۔ التواب

بے حد توبہ قبول کرنے والا

جو اپنے بندوں میں جسے چاہتا ہے اپنی طرف رجوع و توبہ کرنے کی توفیق عطا فرماتا ہے اور ان کی توبہ قبول کرتا ہے۔ اور گناہوں کو معاف کر دیتا ہے۔ قرآن مجید میں یہ نام 11 بار آیا ہے۔

﴿اِنَّ اللّٰہَ تَوَّابٌ رَّحِیْمٌ﴾

یقیناً اللہ توبہ قبول کرنے والا اور مہربان ہے۔ (الحجرات: 12)

82۔ العفو

گناہوں سے درگزر اور انہیں ختم کرنے والا

وہ جو اپنے بندوں کے گناہوں سے چشم پوشی کرتا ہے اور درگزر کر دیتا ہے۔  جس کی مغفرت بندوں کے گناہوں سے بھی وسیع ہے، اور خصوصاً ایسے لمحات میں جب معافی کا سبب بننے والے اعمال کریں۔ مثلاً توحید خالص، توبہ استغفار، یا عمل صالح بجا لائیں۔ قرآن مجید میں یہ نام 5 بار آیا ہے۔

﴿اِنَّ اللّٰہَ کَانَ عَفُوًّا غَفُوْرًا﴾

یقیناً اللہ نرمی سے کام لینے والا اور بخشنے والا ہے۔ (النساء: 23)

83۔ الرؤف

بے حد مہربان، شفیق

شفیق، شفقت و رحمت کا اعلیٰ درجہ ہے، اس کی رحمت دنیا میں تمام مخلوقات کے لیے اور آخرت میں صرف اس کے فرمانبرداروں کے لیے ہو گی۔  قرآن مجید میں اس نام کا ذکر 10 مرتبہ ہوا ہے۔

﴿اِنَّ اللّٰہَ بِالنَّاسِ لَرَءُوْفٌ رَّحِیْمٌ﴾

بے شک اللہ لوگوں کے حق میں نہایت شفیق ورحیم ہے۔ (البقرہ: 143)

84۔ ذو الجلال و الاکرام

بزرگی اور عظمت والا تمام بزرگی اور عزت اللہ ہی کے لیے ہے، اللہ ہی جسے چاہتا ہے عزت سے نوازتا ہے۔  اللہ تعالیٰ کا یہ نام قرآن مجید میں مذکور ہے، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:

﴿تَبَارَکَ اسْمُ رَبِّکَ ذِی الْجَلَالِ وَالْإِکْرَامِ﴾

بہت ہی بابرکت ہے آپ کے اس رب کا نام جو جلائی اور عزت والا ہے۔ (الرحمٰن: 78)

اس نام سے دعا کرنے کی فضیلت بھی حدیث میں مذکور ہے، سیدنا ربیعہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:  "کثرت سے "یا ذالجلال والکرام” کا ورد کرتے رہا کرو۔  مسند احمد: 17596، اس حدیث کو امام البانی رحمہ اللہ نے صحیح قرار دیا ہے۔ (سلسلہ صحیحہ:  1536)

85۔ الغنی

بے نیاز

جو ذاتی طور پر بے نیاز، وہ کسی کا محتاج نہیں، باقی سب اس کے محتاج ہیں۔  قرآن مجید میں یہ نام 8 1بار آیا ہے۔

﴿سُبْحٰنَہٗ ھُوَ الْغَنِیُّ﴾

اللہ پاک ہے، وہی بے نیاز ہے (یونس: 68)

86۔ الھادی

ہدایت دینے والا

جس نے اپنی مخلوقات پر اپنی معرفت اور ربوبیت الہام کی، نیز ان کے فائدے اور حصولِ رزق کے ذرائع کے لیے رہنمائی فرمائی، اسی نے خیر و شر کی راہیں واضح کیں، اور ان میں سے جسے چاہا صراط مستقیم کی ہدایت عطا فرمائی۔ قرآن مجید میں یہ نام 2 بار آیا ہے۔

﴿وَ کَفٰى بِرَبِّکَ ہَادِیًا وَّنَصِیْرًا﴾

اور تمہارے لیے تمہارا رب ہی ہدایت اور مدد کرنے کے لیے کافی ہے۔ (الفرقان: 31)

87۔ الوارث

وارث، مالک حقیقی

تمام مخلوقات کے فنا ہونے کے بعد بھی باقی رہنے والا، مخلوقات کے مرنے کے بعد بھی حقیقی مالک وہی ہے، اللہ تعالیٰ اب بھی تمام چیزوں کا مالک ہے، وہ جسے چاہتا ہے وارث بناتا ہے، اور جسے چاہتا ہے ملکیت دیتا ہے۔ قرآن مجید میں یہ نام 3 مرتبہ آیا ہے۔

﴿وَ اِنَّا لَنَحْنُ نُحْیٖ وَ نُمِیْتُ وَ نَحْنُ الْوٰرِثُوْنَ﴾

ہم ہی حیات بخشتے ہیں اور ہم ہی موت دیتے ہیں اور ہم ہی سب کے وارث (حقیقی مالک) ہیں۔  (الحجر: 23)

88۔ الرب

مالک، پالنے والا

رب، مدبّر خالق، مالک اور تدبیریں کرنے والا، تمام مخلوقات کو اپنی نعمتوں کے ذریعہ پالنے والا، اپنے خاص بندوں کے دلوں کی اصلاح کرنے والا۔  "رب” کا لفظ غیر اللہ کے لئے استعمال کرنا صحیح نہیں ہے، البتہ اگر اضافت (نسبت) کے ساتھ ہو تو جائز ہے۔  مثلاً:  ’’رب الأسرۃ‘‘ یعنی خاندان کا سربراہ۔ قرآن میں اس نام کا ذکر 900 بار ہوا ہے۔

﴿اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ﴾

ساری تعریفیں اللہ ہی کے لئے ہیں جو سارے جہانوں کا پروردگار ہے۔  (الفاتحہ: 1)

89۔ السبوح

جس کی پاکی بیان کی جائے

ہر قسم کے نقائص، شراکت داری، اور الوہیت سے متصادم ہر چیز سے مبرّا، تمام مخلوقات اس کی تسبیح اور تقدیس کرتی ہیں، اور اس کے اسماء حسنیٰ و پیاری صفات کے باعث اس کو ہر عیب سے مبرّا قرار دیتی ہیں۔  یہ نام قرآن مجید میں نہیں ہے، البتہ حدیث میں ذکر ہوا ہے۔

حدیث

’’سُبُّوحٌ قُدُّوسٌ، رَبُّ الْمَلَائِکَةِ وَالرُّوحِ‘‘

وہ بہت ہی پاکیزہ، انتہائی مقدس اور تمام فرشتوں سمیت جبرائیل کا پروردگار ہے۔  (صحیح مسلم)

90، 91۔ النصیر، خیر الناصرین

مدد کرنے والا، بہترین مدد گار

وہ جو اپنے مومن بندوں میں سے جس کی چاہتا ہے مدد کرتا ہے، وہ جس کی مدد کرے اس پر کوئی غالب نہیں آ سکتا ہے اور وہ جس کو چھوڑ دے کوئی اس کی مدد نہیں کر سکتا۔  قرآن مجید میں اسم ’’النصیر‘‘ 4 مرتبہ اور ’’خیر الناصرین‘‘ ایک بار آیا ہے۔

﴿نِعْمَ الْمَوْلٰى وَ نِعْمَ النَّصِیْرُ﴾

اور وہ بہترین حامی و بہترین مدد گار ہے۔ (الانفال: 40)

﴿وَ ھُوَ خَیْرُ النّٰصِرِیْنَ﴾

اور وہ سب سے بہترین مدد کرنے والا ہے۔ (آل عمران: 150)

92۔ الکافی

کافی

اللہ پاک اپنے تمام بندوں کے رزق کی تمام ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے، وہی سب کے کاموں کی تدبیر کرتا ہے اور ان کے احوال کو درست کرتا ہے، اپنے مومن بندوں کی تائید و سرپرستی کرتا ہے۔ قرآن مجید میں یہ اسم ایک بار آیا ہے۔

﴿اَلَیْسَ اللّٰہُ بِکَافٍ عَبْدَہٗ﴾

کیا اللہ اپنے بندے کے لیے کافی نہیں ہے؟ (الزمر: 36)

93۔ المبین

ظاہر کرنے والا

جس کا وجود اور وحدانیت بالکل ظاہر ہو، وہ حق کو اپنے بندوں پر واضح اور آشکار اکرتا ہے۔  قرآن مجید میں اس نام کا ذکر ایک بار آیا ہے۔

﴿وَ یَعْلَمُوْنَ اَنَّ اللّٰہَ ہُوَ الْحَقُّ الْمُبِیْنُ﴾

وہ جانتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہی حق ہے، اور سچ کر دکھانے والا ہے۔ (نور: 25)

94۔ القریب

قریب

اپنے علم و قدرت کے ذریعے ہر ایک سے قریب، اپنی عبادت کرنے، والوں سے قریب، ان کی دعاؤں کو سننے والا، اور ان کو قبول کرنے والا، اور ان کو اپنی نصرت اور تائید سے نوازنے والا۔ قرآن مجید میں یہ نام 3 بار آیا ہے۔

﴿وَ اِذَا سَاَلَکَ عِبَادِیْ عَنِّىْ فَاِنِّىْ قَرِیْبٌ﴾

اور جب میرے بندے آپ سے میرے بارے میں پوچھیں تو (انہیں بتا دیجئے کہ) میں قریب ہی ہوں۔ (البقرہ: 186)

95۔ المحیط

احاطہ کرنے والا

جس کے علم سے کوئی بھی شئے پوشیدہ نہیں ہے، اور اس نے ہر شئے کو شمار کر رکھا ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام 8 بار آیا ہے۔

﴿اَلَآ اِنَّہٗ بِکُلِّ شَیْءٍ مُّحِیْطٌ﴾

آگاہ رہو یہ لوگ اپنے رب سے ملاقات میں شک رکھتے ہیں، سن رکھو کہ وہ ہر چیز کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ (فصلت: 54)

96۔ الرفیق

نرم خو

جو اپنی مخلوقات کے لیے قوانین بناتے ہوئے، اور انہیں جزا و سزا دیتے ہوئے نرمی کرتا ہے، اس نے مخلوقات کو پیدا کیا اور بندوں کے لیے آسانی و سہولت کی غرض سے بتدریج احکامات لاگو کیے، وہ اپنے بندوں کے ساتھ خصوصی نرمی برتتا ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے، البتہ حدیث میں ثابت ہے۔ ارشادِ نبویﷺ ہے:

إِنَّ اللہَ رَفِیقٌ یُحِبُّ الرِّفْقَ، وَیُعْطِی عَلَى الرِّفْقِ مَا لَا یُعْطِی عَلَى الْعُنْفِ

’’اللہ نرم خو ہے اور نرمی برتنے والوں کو پسند کرتا ہے، اور نرمی پر جو کچھ عطا کرتا ہے سختی پر نہیں دیتا‘‘ (احمد: 902)

97۔ المنان

بے حد احسان کرنے والا

جو مانگنے والے کو سوال کرنے سے پہلے عطا کر دیتا ہے، وہ اپنے بندوں کو انعامات و احسانات سے، اور اولیاء اللہ کو ہدایت، کامیابی اور ایمان سے نوازتا ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے، البتہ حدیث میں ثابت ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ و سلم کی موجودگی میں ایک صحابی کی دعا:

اَللّٰہُمَّ إِنِّی أَسْأَلُکَ بِأَنَّ لَکَ الْحَمْدُ، لَا إِلَہَ إِلَّا أَنْتَ الْمَنَّانُ

’’یا اللہ !میں تیرا سوالی ہوں، کیونکہ سب تعریفیں تیرے لیے ہی ہیں، تیرے سوا کوئی معبود برحق نہیں، تو ہی احسان کرنے والا ہے‘‘۔ (ابو داود:  1495)

98۔ الجواد

بے حد سخی

جس کے انعامات تمام مخلوق کے لیے عام ہیں، جس نے سب کو اپنے فضل و کرم سے ڈھانپ رکھا ہے، اس کے خاص بندوں پر اس کی نوازشیں دنیا و آخرت میں دو چند ہیں۔  قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے، البتہ حدیث میں ثابت ہے۔

إِنَّ اللہَ جَوَّادٌ یُحِبُّ الْجُودَ

بے شک اللہ تعالیٰ بہت سخی ہے، سخاوت کو پسند کرتا ہے۔ (البزار: 1114)

99۔ المحسن

احسان کرنے والا

ایسا فضل کرنے والا جس کی نعمتوں کا شمار ممکن نہیں، اس نے جو چیز بھی بنائی بہترین بنائی، اور پھر ان کی کامل رہنمائی بھی فرمائی۔ قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے، البتہ حدیث میں ثابت ہے۔

إِنَّ اللہَ مُحْسِنٌ یُحِبُّ الْإِحْسَانَ

’’بے شک اللہ تعالیٰ محسن ہے احسان کو پسند کرتا ہے‘‘۔ (مصنف عبد الرزاق:  8603)

100۔ الوتر

منفرد، اکیلا

اکیلا، لاثانی، جس کا کوئی ہمسر نہیں بے مثال قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں، البتہ حدیث میں ثابت ہے۔ ارشاد نبویﷺ ہے:

إِنَّ اللہَ وِتْرٌ، یُحِبُّ الْوِتْرَ

’’اللہ تعالیٰ اکیلا ہے اور عددِ طاق کو پسند کرتا ہے ‘‘( مسلم:  2677)

101۔ الستیر

عیب پوشی کرنے والا

جو اپنے بندے کے عیوب کو چھپاتا ہے، انہیں رسوا نہیں کرتا، اسی طرح وہ اپنے بندوں سے توقع رکھتا ہے کہ وہ بھی اپنے عیوب کو پوشیدہ رکھیں گے اور برائیوں سے اجتناب کریں گے۔ قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے، البتہ حدیث میں ثابت ہے۔  ارشادِ نبویﷺ:

إِنَّ اللہَ عَزَّ وَجَلَّ حَیِیٌّ سِتِّیرٌ

’’اللہ عز و جل بے حد حیا دار، عیب پوشی کرنے والا ہے ‘‘۔  (ابوداؤد:  4012)

102۔ السید

سردار، مالک

ساری مخلوقات کا مالک اور سردار، سب اس کے غلام ہیں، اسی سے مانگتے ہیں اور اس کا حکم بجا لاتے ہیں۔ قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے، البتہ حدیث میں ثابت ہے۔ ارشاد نبویﷺ:

السَّیِّدُ اللہُ

اللہ ہی ’’سید‘‘ ہے۔ (احمد:  16307)

103۔ الدیان

حاکم، قاضی

اللہ حاکم اور قاضی ہے جو لوگوں کو ان کے اعمال کے مطابق جزادیتا ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے، البتہ حدیث میں ثابت ہے۔  ارشاد نبویﷺ:

’’…….فَیُنَادِیھمْ بِصَوْتٍ یَسْمَعُہُ مَنْ بَعُدَ کَمَا یَسْمَعُہُ مَنْ قَرُبَ:  أَنَا المَلِکُ، أَنَا الدَّیَّانُ‘‘

’’۔۔۔ پھر وہ ان کو آواز دے گا جسے دور والے بھی قریب والوں کی طرح سنیں گے کہ میں ہی بادشاہ ہو، میں ہی فیصلہ کرنے والا۔‘‘ (حاکم: 2؍475)

104۔ الشافی

شفا دینے والا

جو لوگوں کے جسمانی اور قلبی امراض کا حقیقی عالم اور ان امراض کی شفا پر مکمل قدرت رکھتا ہے، شفا صرف وہی دیتا ہے، بیماریوں کو اس کے علاوہ کوئی اور دور نہیں کر سکتا۔ اس کی شریعت میں ساری انسانیت کے لیے شفا ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے، البتہ حدیث میں ثابت ہے۔  ارشاد نبویﷺ:

اللَّہُمَّ رَبَّ النَّاسِ أَذْہِبِ البَاسَ، اشْفِہِ وَأَنْتَ الشَّافِی لَا شِفَآءَ إِلاَّ شِفَاؤُکَ،

اے لوگوں کے رب، بیماری کو دور فرما دے اور شفا دے دے بے شک تو ہی شفا دینے والا ہے۔ (بخاری:  5743)

105۔ الحیی

بے حد حیا دار

اللہ تعالیٰ کی حیا مخلوق کی حیا سے مختلف اور اس کی ذات کے شایانِ شان ہے، جو کہ جود و سخا اور کرم نوازی کی صورت میں ہے۔ قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے، البتہ حدیث میں ثابت ہے۔

ارشاد نبویﷺ:

إِنَّ اللہَ عَزَّ وَجَلَّ حَیِیٌّ سِتِّیرٌ

اللہ عز و جل حیا دار اور عیب پوشی کرنے والا ہے، حیا اور عیب پوشی کو پسند کرتا ہے۔ (ابوداؤد:  4012)

106۔ الطیب

اچھا، پاک

ہر قسم کے عیوب و نقائص سے پاک، وہ خود بھی اچھا ہے اور اس کے سارے کام بھی اچھے ہیں، اس کی صفات بہترین صفات ہیں، اس کے نام بہترین نام ہیں، پاک لوگوں کو پسند کرتا ہے اور پاک چیزیں ہی قبول کرتا ہے۔  قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے، البتہ حدیث میں ثابت ہے۔

إِنَّ اللہَ طَیِّبٌ لَا یَقْبَلُ إِلَّا طَیِّبًا

اے لوگو اللہ تعالیٰ پاک ہے اور پاک چیزیں ہی قبول کرتا ہے۔ (مسلم: 1015)

107۔ المعطی

عطا کرنے والا

اللہ ہی عطا کرنے والا ہے، وہ جسے دینا چاہے اس سے کوئی نہیں روک سکتا اور وہ جس کو محروم کرنا چاہے اسے کوئی دے نہیں سکتا، اس کی عطا و نوازش کی کوئی حد نہیں۔  قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں ہے، البتہ حدیث میں ثابت ہے۔

حدیث

وَ اللہَ المُعْطِی وَ أَنَا القَاسِمُ

اللہ تعالیٰ دینے والا اور میں تقسیم کرنے والا ہوں۔ (بخاری: 3116)

108۔ الجمیل

خوبصورت

خوش نما جس کے لیے اچھی اور احسان والی صفات ہیں، اس کی ذات، نام اور اس کی صفات سبھی حسین و خوبصورت ہیں۔  قرآن مجید میں یہ نام موجود نہیں، البتہ حدیث میں ثابت ہے۔

حدیث:

إِنَّ اللہَ جَمِیلٌ یُحِبُّ الْجَمَالَ

اللہ تعالیٰ خوبصورت ہے اور خوبصورتی کو پسند کرتا ہے۔ (مسلم)

109۔ الالہ

معبود برحق

وہ معبود برحق جو عبادت کے لائق ہے، جس کے سوا پوری کائنات میں کوئی عبادت کے لائق نہیں۔  اللہ تعالیٰ کا یہ نام قرآن مجید میں مذکور ہے:

﴿وَ إِلَہُکُمْ إِلَہٌ وَاحِدٌ لَا إِلَہَ إِلَّا ہُوَ الرَّحْمَنُ الرَّحِیمُ﴾

ترجمہ:  "تم سب کا معبود ایک ہی معبود ہے، اس کے سوا کوئی معبود برحق نہیں وہ بہت رحم کرنے والا اور بڑا مہربان ہے "۔(البقرہ:  163)

٭٭٭

ماخذ:

https://hidayah24.com/library/urdu-books?book=su-asma-ul-husna-usman-safder

تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں

پی ڈی ایف فائل

ورڈ فائل

ٹیکسٹ فائل

ای پب فائل